Tag: khasara

  • پاک چائنا تجارت : پاکستان کو دس ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا

    پاک چائنا تجارت : پاکستان کو دس ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا

    اسلام آباد : گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں چینی مصنوعات کا حجم پاکستانی مصنوعات سے کہیں زیادہ ہے، سال 2014 اور 2015 کے مالی سال کے دوران چین کے ساتھ باہمی تجارت کا مجموعی حجم 12.29 ارب ڈالر رہا جس میں پاکستان کی برآمدات صرف 2.16 ارب ڈالر تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وقفۂ سوالات میں پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں متعلقہ وزیر نے حکومت کی طرف سے پیش کردہ معلومات میں بتایا کہ مالی سال 2014 اور 2015 کے دوران چین کے ساتھ باہمی تجارت کا مجموعی حجم 12.29 ارب ڈالر رہا جس میں پاکستان کی برآمدات صرف 2.16 ارب ڈالر تھیں۔

    متعلقہ وزیر نے ایوان کو بتایا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کا حجم سب سے زیادہ ہے۔ چین کے ساتھ گذشتہ پانچ برس میں ہونے والی تجارت کے بارے میں اعداد و شمارسے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ چینی اشیاء کی پاکستان میں درآمد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جب کہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔

    ان اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سال 2011 اور سال 2012 کے مالی سال میں پاکستان چین سے چھ ارب ڈالر کی مصنوعات درآمد کر رہا تھا اور پاکستان کی برآمدات ایک ارب ڈالر سے زیادہ تھیں۔

    چار سال گزرنے کے بعد چینی مصنوعات کی درآمد چھ ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں لیکن پاکستان کی مصنوعات 1.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر صرف 2.1 ارب ڈالر ہوئی ہیں۔

     

  • خسارے کے باوجود پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    خسارے کے باوجود پی آئی اے افسران کی شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی : اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن پی آئی اے باکمال لوگوں کی لاجواب سروس بن گئی،قومی ایئر لائن کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں، مالی خسارے کے باعث پی آئی اے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو واجبات ادا کرنے سے بھی قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے اربوں روپے کے خسارے میں چلنے والی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں۔

    افسران کے بیرون ملک دوروں پر پی آئی اے کے کروڑوں روپے کے اخراجات کے باوجود محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران مہینے کے 24 دن بیرون ملک دوروں پر رہتے ہیں۔

    بیرون ملک دوروں پر رہنے سے فی افسر 10ہزار ڈالر وصول کر رہا ہے جو ادارے پر مزید مالی بوجھ بن کا باعث بن رہے ہیں۔ چیف انفارمیشن آفیسراظہر نواز کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی واضح ہدایت کے باوجود اب تک معطل نہیں کیا گیا۔

    مذکورہ افسر کو بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے ادارہ ہر ماہ 10ہزار ڈالر باقاعدگی سے ادا کر رہا ہے۔ جبکہ چیف انفارمیشن آفیسر پہلے ہی 11لاکھ روپے ادارے سے تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے : پانچ لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران کی تفصیلات طلب

     پی آئی اے کے دیگر محکمہ کے افسران بھی بیرون ملک دوروں پر ہیں جن پر لاکھوں ڈالر کے اخراجات آرہے ہیں، مالی خسارے کے باعث پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی ،مختلف ممالک کے ایئرپورٹ اور فیول کمپنیوں کوکروڑوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے میں کروڑوں پاونڈ کی کرپشن ،انتظامیہ کا تعاون سےگریز

    واضح رہے کہ  قائمہ کمیٹی نے ایئرپورٹ پر سسٹم نہ چلنے مسافروں کو وقت پر بورڈنگ جاری نہ ہونے اور دفاتر میں انٹرنیٹ نہ چلنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

  • ملکی کھاتوں کے خسارے میں نو فیصد کی کمی ریکارڈ

    ملکی کھاتوں کے خسارے میں نو فیصد کی کمی ریکارڈ

    اسلام آباد : رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک کے جاری کھاتوں کے خسارے میں نو فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران جاری کھاتوں میں دو ارب تیس کروڑ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ مالی سال دو ارب تریپن کروڑ ڈالر تھا۔

    صرف جنوری میں نو کروڑ پچاس لاکھ کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دسمبر میں کرنٹ اکاونٹ بائیس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر سر پلس تھا۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں ہوتی مسلسل کمی کے باعث رواں مالی سال کے اختتام پر ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہنےکی توقع ہے۔