Tag: Khawaja saad rafiq

  • ائیرپورٹس آؤٹ سورسنگ : ملازمین سراپا احتجاج، اہم پیشرفت

    ائیرپورٹس آؤٹ سورسنگ : ملازمین سراپا احتجاج، اہم پیشرفت

    لاہور : سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ملازمین کے ائیرپورٹس آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہونے والے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے وزیر ہوا بازی اور یونینز نمائندوں کے مابین اجلاس میں جزوی پیش رفت ہوئی ہے۔

    مذکورہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں آؤٹ سورسنگ کے لئے قائم کابینہ کمیٹی سے نمائندوں کی یکم اگست کو ملاقات طے کی جائے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے باوجود یونینز نمائندوں کی جانب سے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر تحفظات اور خدشات برقرار ہیں۔

    اجلاس میں وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن اور ڈی جی سی اے اے شریک تھے۔

    وزیر ہوا بازی نے کراچی ایئرپورٹ پر ملازمین کی احتجاجی ریلی کے بعد آج کے لئے یونینز نمائندوں کو لاہور میں ملاقات کی دعوت دی تھی۔

    یونینز نمائندوں میں سیکرٹری جنرل اکائی سمیع اللہ و دیگر شریک تھے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منگل کو کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    کابینہ اجلاس سے پہلے وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے سول ایوی ایشن ملازمین سے لاہور میں ملاقات کی اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

    میو گارڈن لاہور میں ہونے والی ملاقات میں خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضی بھی شریک تھے

    سی اے اے کی اکاٸی اور جیکا یونینز کے وفد نے ملاقات میں ایک بار پھر ائیرپورٹس کی آوٹ سورسنگ کو مسترد کردیا۔

    ملاقات میں وزیر ہوابازی اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یونینز کو بریفنگ دی۔ خواجہ سعد رفیق نے یونینز کو اپنے تحفظات تحریری طور پر آوٹ سورسنگ کی کابینہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    اسلام آباد میں آوٹ سورسنگ کی کابینہ کمیٹی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں یونینز کے تحفظات سنے گی۔

    کابینہ کمیٹی میں وفاقی وزیر نوید قمر، وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کے علاوہ تین وفاقی وزراء اور ورلڈ بنک کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کمپنی کے نماٸندے شامل ہوں گے۔

    خواجہ سعد رفیق سے ملاقات میں یونینز نے تحفظات تحریری طور پر دور نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    خواجہ سعد رفیق نے ملازمین کے دیگر اہم مساٸل کے حل کے لٸے سیکرٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں کمیٹی بھی بنادی۔

  • پی آئی اے کی فروخت کا معاملہ : وفاقی وزیر نے حقیقت بیان کردی

    پی آئی اے کی فروخت کا معاملہ : وفاقی وزیر نے حقیقت بیان کردی

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے مسائلستان بن چکا ہے اس کو فروخت کرنے کی کسی کو آفر نہیں کی، جھوٹی خبریں پھیلانے والے باز آجائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ائیرپورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری اور دھینگا مشتی کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں اس سے تباہی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی مداخلت کے بغیر پی آئی اے کو دو سے تین سال میں پاؤں پر کھڑا کرسکتے ہیں رواں سال پی آئی اے کا ریونیو ہدف 165ارب ہے اور اس سال اب تک پی آئی اے نے پچاس ارب روپے کمائے ہیں۔

    وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے کسی کو آفر کی گئی نہ فروخت کی جارہی ہے، اور نیویارک ہوٹل بھی کسی کو فروخت نہیں کیا جارہا، کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹ کو بہترین اور ماڈل ایئرپورٹ بنائیں گے لیکن ملکیت حکومت کی ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کی خواہش پر الیکشن نہیں کروائے جاسکتے اگر ان کی مرضی کا نتیجہ نہ آیا تو پھر شور کریں گے، آپ اسمبلی آئے اور چلے گئے، مقدمہ بازی اور گھسیٹنے سے کچھ نہیں ہوگا، پاکستان میں اس وقت جو سیاست ہو رہی ہے وہ ملکی مفاد میں نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ منفی باتیں ترک کر کے مثبت بات کرنی چاہئیے،یہ وقت لڑنے یا سیلاب زدگان کی مدد کا تھا، چڑھائی کی باتوں سے کچھ نہیں نکلے گا،اس سے حکومت کی توجہ اصل مسائل سے ہٹ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لانگ مارچ کرنا آتا ہے لیکن سمجھ آ گئی کہ لانگ مارچ سے نقصان ہوگا، گزارش کروں گا کہ تمام اسٹیک ہولڈر صبر کا دامن تھا میں، ملک کو کہاں لے جارہے ہیں ،سیلاب سے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔

  • پیراگون سوساٸٹی کیس : ملزمان کی تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    پیراگون سوساٸٹی کیس : ملزمان کی تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    لاہور : احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ سوساٸٹی میں شامل تفتیش ہونے والے نٸے ملزمان سے انکواٸری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    احتساب عدالت لاہور نمبر نو نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کی، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔

    ملزم ندیم ضیاء کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ندیم ضیاء اور فرحان علی شامل تفتیش ہوچکے ہیں، کیا نیب حکام نیا چالان پیش کریں گے یا اس کے ساتھ دو ملزمان کا الگ چالان جمع کروایا جائے گا۔

    نیب تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان سے تفتیش میں چند روز لگ جائیں گے، ملزمان نے اپنے حلفی بیان میں کہا ہے کہ ان کے متاثرین سے معاملات طے پا گئے ہیں۔

    عدالت نے تفتیشی آفیسر کو تفتیش مکمل کرکے نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

    میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور ایک لیڈر حکومت پر حملے کر رہا ہے تاکہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے کام نہ کرسکے۔

    کیا ایسے حالات میں یہ نوٹنکی ٹھیک ہے، انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کروانے کی سازش کی، سندھ میں ریلوے کو بحال کرنا ہے اس کے لیے آج سندھ جا رہا ہوں۔

  • نیا پاکستان بنانے والے، پرانے کا کباڑا کر گئے، خواجہ سعد رفیق

    نیا پاکستان بنانے والے، پرانے کا کباڑا کر گئے، خواجہ سعد رفیق

    فیصل آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈویژنل افسران نے وفاقی وزیر کو عوام کی سہولیات کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

    وفاقی وزیر نے قراقرم ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافروں سے ٹرین میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی پوچھا۔

    وفاقی وزیر نے ڈی ایس ریلوے لاہور کو ہدایات دیں کہ پلیٹ فارم نمبر 2 اور 3 کے درمیان مسافروں کی سہولت کے لیے شیڈ تعمیر کیا جائے اور اسٹیشن کے باہر پارکنگ سٹینڈ کو بحال کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارمز کی مرمت اور اس کو لیول کیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر وہاں موجود قلیوں سے گھل مل گئے اور ان سے ان کے مسائل سنے۔

    وزیر ریلوے نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ ماضی میں قلیوں کو دی جانے والی سہولیات کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے اسٹیشن کے مین انٹری پوائنٹ کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

    وزیر ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر وینڈنگ سٹالز کی لوکیشن کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسافر آسانی سے ٹرین میں سوار ہو سکیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے لیے آنے والے، پرانے پاکستان کا کباڑا کر گئے۔ سب کچھ نئے سرے سے کرنا پڑ رہا ہے، ریلوے کو پٹڑی پر چڑھا دیا ہے جلد بہتری نظر آئے گی۔

  • عدالت نے سعد رفیق کو قومی اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی

    عدالت نے سعد رفیق کو قومی اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی

    لاہور : عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، مقدمے کے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

    اس موقع پر دلائل دینے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کی صحت ٹھیک نہیں ہے، جس پر احتساب عدالت نے سعد رفیق کو قومی اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی۔

    اپنے ریمارکس میں جج کا کہنا تھا کہ صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کی مرضی ہے جانا چاہیں یا نہ جانا چاہیں۔

    سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ جج صاحب رات کو میری بیرک میں آگ لگی جس سے زخمی ہوا، گھبراہٹ مین میرا سر لوہے کے راڈ سے لگا، چوٹ کی وجہ سے کچھ دیر تک مجھے نظر نہیں آیا۔

    جس پر عدالت نے خواجہ سعد رفیق سے مخاطب ہوتے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے آپ کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے گئے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ جیل حکام مجھے اسلام آباد لے کر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں، میں ہر اجلاس کے موقع پر8گھنٹوں کا سفر نہیں کرسکتا۔

    اسلام آباد میں ہی سب جیل قرار دے کر مجھے وہی رکھا جائے، میں نے حکومت سے بھی اپیل کی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔

  • رفیق برادران ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں، قیصرامین بٹ کا عدالت میں بیان

    رفیق برادران ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں، قیصرامین بٹ کا عدالت میں بیان

    اسلام باد : قیصرامین بٹ نے عدالت کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں نیب کی زیرحراست ملزم قیصرامین بٹ کا عدالت کو دیا گیا بیان سامنے آگیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ میں پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہوں اور خواجہ سعد رفیق کو گزشتہ35سال سے جانتا ہوں۔

    خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق نے1997میں میرا پارٹنر بننے کی خواہش ظاہر کی، سعد رفیق نے ندیم ضیا کو مجھ سے ملوا کر کہا کہ یہ کام کا بندہ ہے۔

    قیصرامین بٹ نے بتایا کہ سعد رفیق، سلمان رفیق، ندیم ضیا اور میں نے مل کر ڈیبونیئر کمپنی بنائی، ہم نے مل کرہاؤسنگ سوسائٹی کامنصوبہ بنایا جس کانام ایئر ایونیو رکھا گیا، بعد ازاں خواجہ برادران نے اپنےنام کاغذات میں سے نکلوا دیے، خواجہ برادران کے نام نکلنےسے میں اور ندیم ضیا برابرکے پارٹنربن گئے۔

    قیصرامین بٹ کا مزید کہنا ہے کہ سال2003میں کمپنی کا نام تبدیل کرکے پیراگون سوسائٹی رکھ لیا گیا، ہم نے پیراگون سوسائٹی کے کمرشل پلاٹوں کو فروخت کر کے14ارب روپے کمائے، سال2003میں پیراگون کو ٹی ایم اے سے سعد رفیق نے دباؤ ڈال کر رجسٹرڈ کرالیا۔

    قیصرامین بٹ کے مطابق سعد رفیق سیاسی اثرو رسوخ رکھتے ہیں لہٰذا سارے معاملات ان سے ہی ٹھیک کرائے، بعد ازاں خواجہ سعد رفیق نے کمپنی میں میرے شیئرز کم کرکے ندیم ضیا کے بڑھادیئے، جس کے بعد ندیم ضیا92فیصد کمپنی کے مالک بن گئے، کاغذات میں میں اور ندیم ضیا مالک ہیں مگر خواجہ برادران ہی پیراگون سوسائٹی کےاصل مالکان ہیں۔

    مزید پڑھیں: نیب نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو حراست میں لے لیا

    واضح رہے کہ نیب کاالزام ہے کہ خواجہ برادران نے اپنےساتھیوں سے مل کرعوام کو دھوکا دیا اور رقم بٹوری، سعد رفیق اور سلمان رفیق پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40کنال اراضی موجود ہے۔

    نیب کا مزید کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نےاپنےاختیارات کاغلط استعمال کیا اور شواہد کو ٹمپرکرنے کی کوشش بھی کی جبکہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کرکے عوام سےاربوں روپے بھی بٹورے۔

  • گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، خواجہ سعد رفیق

    گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، حکومت کو ضمنی انتخابات میں شکست نظرآ رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہبازشریف کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر آج خوشیاں منانے والے وزراء کل روتے نظر آئیں گے، چند نشستیں حاصل کرنے کے لیے ہم پر گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

    ن لیگ ملک کا دفاع کرنے والی جماعت ہے، ہم نےملک کی بےلوث خدمت کی ہے، تخریبی سوچ رکھنے والوں کو ضمنی الیکشن میں شکست برداشت نہیں ہورہی، یہ انتقام زیادہ دیر نہیں چلے گا اور بہت جلد مکافات عمل کا شکار ہوگا۔

    انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو احتساب کے نام پر انتقام بہت مہنگا پڑے گا، افسوس ہے سیاست کو پھرانتقام کے راستےپر ڈال دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں حکومت کو شکست واضح طور پر نظرآ رہی ہے، ان کو ووٹ ملتے نہیں اور نوٹوں سے جیتا نہیں جارہا، لوٹوں کو کوئی ووٹ دینے کو تیار نہیں ہے۔

    خواجہ سعدرفیق کا مزید کہنا تھا کہ سنا ہے نوٹس بھیجے جارہے ہیں، ہمیں کاٹ کھانے کی تیاری کی جارہی ہے، ایسا پہلی بارنہیں ہوا،ایسے ادوار ہم بہت دیکھے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان افسوس آپ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ندامت ہو، ہم ملک بنانے والوں کی اولاد ہیں، ملکی دفاع کرنے والی جماعت ہیں، الزامات لگانے والوں کو ضمنی الیکشن میں شکست برداشت نہیں ہو رہی۔

    سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والے صورتحال کا جائزہ لیں، نفرت وتلخی کی جنگ کو روکنےکی کوشش کریں، ایسانہ کیا گیا تو نفرت کی آگ پورے گھر کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، انتقام کا جواب ہم نے ووٹ کی طاقت سے دینا ہے۔

    مزید پڑھیں : ایک کروڑ نوکریاں، 50لاکھ گھر اور اربوں درخت کہاں ہیں؟ سعد رفیق

    جس شخص کی عزت چین سے لے کرترکی تک کی جاتی ہےاسے گرفتارکیا گیا، ملک کی خدمت کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانا ملک میں نیا نہیں۔

  • پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی : خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو نیب نے طلب کرلیا

    پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی : خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو نیب نے طلب کرلیا

    لاہور : قومی احتساب بیورو لاہور نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو طلب کرلیا، دونوں افراد کو پیراگون سٹی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کو نیب لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو نے دونوں بھائیوں کو15اگست کو خود پیش ہونے کا حکم جاری کردیا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکم نامے میں دونوں شخصیات کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے ساتھ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ لے کرآئیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سعد رفیق اور ان کے بھائی مشیر صحت سلمان رفیق محکمہ صحت میں ہونے والی کرپشن سے متعلق نیب میں پیشی بھگت چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پنجاب کمپنیز اسکینڈل، نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو نے ایک بار پھر طلب کر لیا، شہباز شریف کو بیس اگست کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

  • عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی آوازیں آرہی ہیں لیکن ملک میں عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، نگراں وزیراعظم اورچیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات میں تاخیر کی آوازیں نہیں آنی چاہئیں۔

    اپنی گفتگو میں انہوں نے پی ٹی آئی اور خیبر پختونخوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں دھرنے، گالیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوام انہیں مسترد کردیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھرنے، سازشیں اور  نااہلی جیسے فیصلے نہ آتے تو ملک  بھر سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجاتی، جمہوریت کو عمران خان کے رویےنے نقصان پہنچایا جبکہ ہم نے بڑھکیں نہیں ماریں، کام کرکے دکھایا۔

    سعد رفیق نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نالائقوں تم نے کیا کیا؟ ڈینگی سے ڈر کر نتھیا گلی بھاگ گئے تھے، تم نے جو عوام سے وعدہ کیا تھا خیبر پختونخوا میں وہ350ڈیم کہاں گئے؟

    سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، ملک کو آگےلے کر جانے کیلئے گالی اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا، نوازشریف نےجمہوریت کیلئےبہت جدوجہدکی، نواز شریف کے نااہل ہونے سے ملک کو نقصان ہوا، وزرائےاعظم کی تذلیل نہیں ہونی چاہئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں،  خواجہ سعد رفیق

    عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تمام حدیں پار ہوگئیں مگر ہم صبر کریں گے، گالی نہیں دینگے، عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آپ نے ہمیں ووٹ دئیے اور ہم نے وہ ووٹ ضائع نہیں کئے، میرے ذمے ریلوے تھا اور اللہ کی مدد سے ریلوے کو واپس ٹریک پرلایا، حد کراس ہو گئی مگر ہم صبر کریں گے، گالی نہیں دینگے۔

    ایک اور ٹوئٹ میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم لڑائی نہیں کریں گے، ہمیں ڈنڈے سوٹے پکڑ کے مخالفین سے لڑنا نہیں ہے، فیصلہ اوپر اللہ نے اور نیچے عوام نے کرنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سے ڈریں کہ اللہ کا فیصلہ بہت سخت ہوتا ہے، ہمیں کوئی ڈر ور نہیں ہے ہم نے ماں باپ کی قربانی دی ہے، بہت جیلیں کاٹی ہیں، اب اور بھی کاٹ لیں گے مگر ملک کا تماشا لگ جائے گا،۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم بدلے والے لوگ نہیں ہیں، معاف کرنے والے ہیں، ہمیں تو مار مار کے ہمارے بدن کالے کر دیئے گئے مگر ہم نے بدلہ نہیں لیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان تبدیلی سے پہلے پشاور کے چوہے مار لیں، اب لوگ اوئے طوئے کی سیاست پسند نہیں کرتے اور زرداری کلین سوئپ کی باتیں کرنے سے پہلے کراچی سے کچرا ہی اٹھا لیں, ہمارا نظریہ ہے کہ سیاست کی طاقت سے اور ووٹ کی قوت سے اپنے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔