کراچی (02 اگست 2025): وکیل شمس الاسلام کے قاتل عمران آفریدی نے اعتراف جرم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل کے معاملے میں ملزم عمران آفریدی نے ویڈیو بیان میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔
ملزم عمران آفریدی نے مقتول پر والد کو قتل کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ شمس الاسلام اور میرے والد میں 35 لاکھ روپے کا لین دین تھا۔ ملزم کا دعویٰ ہے کہ معروف وکیل نے ان کے ہیڈ کانسٹیبل والد کو اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، اور جیل میں بھی بند کروایا۔
عمران آفریدی نے ویڈیو اعترافی بیان میں بتایا کہ جیل سے رہائی کے بعد شمس الاسلام نے ان کے والد کو پھر اغوا کیا اور تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کر دیا، عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے لیکن کہیں سے کوئی انصاف نہیں ملا کیوں کہ مقابل ایک طاقت ور وکیل تھا۔
وکیل خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج
ملزم کا کہنا تھا کہ خواجہ شمس الاسلام کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوا تو اس نے ان کے چھوٹے بھائیوں کو بھی دہشت گردی کے مقدمے میں جیل بھیج دیا جو ابھی بھی جیل میں ہیں، انصاف نہ ملنے کی وجہ سے آج وہ مجرم بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس قتل کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو حاصل ہو گئی ہے، فوٹیج میں مسجد کی سیڑھیوں سے نمازیوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے، شمس الاسلام اپنے بیٹے کے ساتھ نیچے آ رہے تھے، جب کہ حملہ آور عمران آفریدی نمازی بن کر نیچے صف میں بیٹھا ہوا تھا۔