Tag: khawateen

  • دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہوگی، چوہدری نثار

    دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہوگی، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکاکہناہےکہ جن مدرسوں کےخلاف ثبوت ملےصرف ان کےخلاف کاروائی ہوگی،تمام مدرسوں نےیقین دہانی کرادی کہ کالی بھیڑوں کی نشاندھی کریں گے۔

    اسلام آباد میں مدارس اصلاحات اور میڈیا ضابطہ اخلاق کے حوالے سے دو اجلاسوں کی صدارت کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا اس مرتبہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ایک غیرت مند اور خودمختار ملک کی حیثیت سے دوٹوک انداز میں بات کی گئی ہے اور بھارت کی جانب امریکا کی واضح جھکاوٴ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جان کیری سے سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ پر بات چیت ہوئی۔

     انہوں نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن پر مکمل اتفاق پایا گیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کچھ مدارس جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں یا ہوں گے تو ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

    چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وہ میڈیا مالکان کے شکر گزار ہیں، میڈیا نے واضح کردیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف جانبدار ہے اور ملک کے مفاد میں کام کرے گا۔

     انہوں نے میڈیا سے رابطے کے لیے ایک حکومتی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا،وزیرداخلہ نے فرانسیسی میگزین میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی اور حکومت پاکستان کی جانب سے پاپ فرانسس کے بیان کا خیرمقدم کیا۔

  • خبردار :  بیوٹی کریم نقصان پہنچا سکتی ہے

    خبردار : بیوٹی کریم نقصان پہنچا سکتی ہے

    اے آر وائی (ویب ڈیسک ) خواتین خوبصورت اوردل کش نظرآنے کے لئے مختلف کریموں کا استعمال کرتی ہیں ۔ لیکن اکثر ان کے غلط انتخاب سے جلد کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں ا س کے متعلق تحقیق بھی کی جارہی ہے۔ ان کریموں کے اثرات کے حوالے سے ایک ریسرچ کی گئی ۔

    ڈاکٹر جان مک فیڈن لندن کے مشہور ڈرما ٹولوجسٹ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ موسچرائزر ‘ ماسک ‘ شیمپو اوریہاں تک کہ کنڈیشنر بھی اسکن الرجی کا باعث ہوسکتے ہیں ۔

    ڈاکٹر ڈیوڈ اورٹن برطانیہ کے ماہر ڈاکٹر ہیں وہ کہتے ہیں کہ کسی ایسے پروڈکٹ کے استعمال کے بعد جس میں شامل ہونے والے اجزاءکوبرداشت کرنے کی طاقت اس شخص میں نہ ہو وہ فوری طورپر الرجی کا شکار ہو سکتا ہے ۔ ایسی صورت میں پورے جسم پر خارش شروع ہوجاتی ہے اور جسم پر لال دھبے پڑنا شروع ہوجاتے ہیں ۔

    ڈاکٹر ڈیوٹ نے اپنی ایک تحقیق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آج سے چند سال پہلے سو میں سے دو یا تین افراد کا کاسمیٹک الرجی کا شکار ہوتے تھے ۔

    لیکن اب کاسمیٹک الرجی کا شکار ہونے والے افراد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ دس سال پہلے تک لوگ الرجی نامی کسی بیماری سے واقف نہیں تھے آج ہر دس میں سے ایک فرد کو الرجی کا مرض لاحق ہے ۔ اس لیے الرجی موجودہ دور کاایک اہم مسئلہ بن چکی ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے مارکیٹ میں رنگ گورا کرنے‘ داغ دھبوں کو دور کرنے والی دانوں اورپھنسیوں سے نجات دلانے والی بہت سی ایسی کریمیں دستیاب ہیں جنہیں کاسمیٹک پروڈکٹ کی جانب سے پڑتال کرنے والے ادارے کو چیک نہیں کروایا جاتا ۔

    ایسی تمام کریمیں جو چھوٹی‘ بڑی کاسمیٹک کی دکانوں اورپارلر میں فروخت ہو رہی ہیں اسکن الرجی کا سبب بنتی ہیں ان کریموں کو فروخت کا لیبل بھی لگادیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کریمیں خرید سکیں۔ اگر ہم اس حوالے سے کی جانے والی ریسرچ کا مطالعہ کریں تو یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ قدرتی اجزاءیا ہربل پروڈکٹ بھی اسکن الرجی یا دوسری بیماریوں کی وجہ بن سکتے ہیں۔

    اس لیے جب کبھی آپ یہ محسوس کریں کہ آپ کے استعمال میں کوئی ایسی پروڈکٹ یا کریم ہے جس سے آپ کوخارش ہوتی ہے تو اسے معمولی جان کر نظر انداز نہ کریں بلکہ ایسے کیمیکل والے پروڈکٹ کااستعمال فوری طورپر ترک کردیں۔ خریداری سے پہلے لیبل کو اچھی طرح پڑھیں اور یہ تصدیق کریں کہ اس کی تیاری میں کوئی ایسے اجزاء شامل تو نہیں کیے گئے جس سے جلد کی بیماریوں کاخطرہ ہو۔

    اس بات کوہمیشہ یاد رکھیں کہ قدرتی اجزاءسے بنائے جانے والے کاسمیٹک آپ کی جلد کے لیے اتنے ہی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جتنے کہ کیمیکل اجزاءسے بنائے گئے کریم ‘ لوشن اوردیگر میک اپ کا سامان۔ خواتین اکثر وبیش تر جھریاں‘جھائیاں اور کیل مہاسوں سے پریشان دکھائی دیتی ہیں اور ان سے نجات حاصل کرنے کے لیے ہر روز نئی نئی کریمیں بھی آزماتی رہتی ہیں ایسی تمام غیر معیاری کریمیں جلد کی بے شمار بیماریوں کا سبب بنتی ہیں ۔

    جن میں سے ایک الرجی ہے اس لیے کسی بھی کریم کو استعمال کرنے سے پہلے اس کے معیارکے بارے میں ضرور معلومات حاصل کریں ۔ اکثر کریموں کی خوشبو بھی الرجی کا سبب ہوتی ہے جس کا اندازہ عموماً خواتین کو نہیں ہوپاتا۔ وہ کریم استعمال کرنے کے بعد مسلسل خارش‘ جلن اوردیگر پریشانیوں میں گرفتار ہوجاتی ہیں اور یہ سمجھ ہی نہیں پاتیں کہ ان کی اس تکلیف کی وجہ کریم کی خوشبو بھی ہوسکتی ہے ۔

    خواتین اکثر یہ غلطی بھی کرتی ہیں کہ اپنی جلد کی پریشانیوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے مختلف گھریلو ٹوٹکے بھی اپناتی ہیں وہ بنا سوچے سمجھے ہر ٹوٹکا آزمالیتی ہیں ۔ یہ ٹوٹکے بہرحال اثر دکھاتے ہیں مگر چونکہ ہر جسم ایک علیحدہ ساخت رکھتا ہے اوراس کی ضروریات بھی مختلف ہوتی ہیں یوں ہر ٹوٹکا آزمانے سے بیماری مزید بگڑ سکتی ہے ۔

    اگرگھریلو ٹوٹکوں سے ہی علاج کرنا مقصود ہو تو پہلے ان ٹوٹکوں میں استعمال ہونے والے اجزاءکا اچھی طرح جائزہ لیں اوراس بات کا یقین کرلیں کہ ٹوٹکے میں استعمال ہونے ولے اجزاءکو برداشت کرنے کی طاقت آپ کے جسم میں موجود ہے ۔

    بہتر یہ ہے کہ کسی بھی جلد کی بیماری کا خود علاج کرنے کے بجائے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرلیاجائے تاکہ کسی نقصان کااندیشہ باقی نہ رہے۔ غیر معیاری اورسستی کریمیں استعمال کرنے کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے چہرہ جھلس گیا ہو یہ کریمیں چہرے کی اندرونی جلد کو بری طرح متاثر کرتی ہیں ۔

    کچھ کریمیں چہرے کی اندرونی جلد کو بری طرح متاثر کرتی ہیں کچھ کریمیں تو اس حد تک خطرناک ہوتی ہیں کہ ان سے جلد کے کینسر کا خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔ خواتین سب سے زیادہ ان کریموں سے متاثر ہوتی ہیں جو کم وقت میں رنگ گورا کرنے کا دعویٰ کریں۔

    اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق کامطالعہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ مصنوعی طورپر کسی کی رنگت میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی ۔ اگر کوئی کریم یہ دعویٰ کرے کہ وہ کم وقت میں رنگ گورا کرسکتی ہے تو یہ ایک فریب کے سوا کچھ نہیں ۔ بالفرض ایسا ہو بھی جائے تو یہ وقتی ثابت ہوگا۔

    جیسے ہی کریم کا استعمال بند ہوگا ۔ رنگت دوبارہ سے اپنی پرانی ڈگر پرآجائے گی اورمختلف بیماریاں بھی سراٹھانے لگیں گی ۔ رنگ گورا کرنے والی کریموں میں فارمولا کریمیں بے حد مشہور ہیں۔ یہ کریمیں کس فارمولا کے تحت بنائی جاتی ہیں ۔یہ تو کوئی نہیں جانتا لیکن ان کریموں کے استعمال سے ہونے والے نقصان سے اکثرخواتین واقف ہوں گی ۔

    فارمولا کریم سے چہرے کی کھال اترنا شروع ہوجاتی ہے۔ یہ کریمیں نشے کی طرح ہیں جب تک ان کا استعمال جاری ہے یہ آپ کے حق میں بہتر ہیں لیکن جیسے ہی آپ نے ان کو استعمال کرنا بند کیاآپ کے چہرے پردانے نکلنا شروع ہو جائیں گے یا پھر اس سے دوسری بیماری کا خدشہ بھی رہتا ہے ۔

    موجودہ دور میں بے شک کاسمیٹک پروڈکٹ کااستعمال ترک نہیں کیاجاسکتا۔ لیکن ان کی خریداری میں احتیاط بہت سے جلدی مسائل سے بچا جا سکتی ہے۔

  • حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنا کرتی ہیں، چوہدری نثار

    حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنا کرتی ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ کسی کے ذہن میں بھی نہیں ہوگا کہ فوجی عدالتوں پرقانون سازی ہوگی۔

    اسلام آباد میں اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کےاجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان  کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، بچے بچے کو جنگ کی صورتحال کا سامنا ہے، حالت جنگ میں فوجی عدالتیں بنتی ہیں، قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے ۔

    ان کا کہناتھا کہ فوجی عدالتوں کا مطلب یہ نہیں کہ  ہم ہر کسی لٹکانا چاہتے ہیں، فوجی عدالتیں محدود وقت اور غیر معمولی حالات کے لئے ہیں، عدالت میں آنے والے ہر شخص کو صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا، فوجی عدالتیں آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والوں کے لئے ہیں ۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کے گلی محلوں ، بازار ، مساجد میں اعلانیہ حملے ہوئے، چالیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کا خون ہوا، 2009 پشاور میں خواتین اور بچوں کا نشانہ بنایا گیا، کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا گیا، شہید افراد کے جنازوں پر بھی حملے کئے گئے ۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج سے بہادر دنیا کی کوئی فوج نہیں ہے، فوج آئینی حقوق کی جنگ لڑھ رہی ہے، شفقت حسین کا کیس فی الحال معطل کردیا گیا ہے، عام شہریوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہیں ہوگا، فوجی عدالتیں اس لڑائی اور جدوجہد کا ایک عنصر ہیں، کوئی عالم دین دہشتگردوں کے نکتہ اسلام سے اتفاق نہیں کرتا، ہم فساد برپا کرنے والوں کے خلاف ہیں ۔

    چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ مدارس کوبطور مدارس ٹارگٹ ناانصافی ہوگا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم فوج کے پیچھےکھڑی ہے،انتہاپسندوں کیخلاف سب کومتحرک ہوناپڑے گا۔

  • جن  قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں انہیں فوری سزا دی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: حکومت نے سزائےموت کےتمام قیدیوں کوفوری پھانسی دینے کی ہدایت کردی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارنےچاروں صوبوں سےکہا ہے کہ جن قیدیوں کی اپیلیں مسترد ہوگئیں ان کی سزائےموت پرعمل درآمد کیا جائے۔

    اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت نیکٹا کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔۔اجلاس میں ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت نیکٹا کے دیگرارکان شریک ہوئے اور دہشتگردی کی خاتمے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار نے چاروں صوبوں میں قید سزائے موت کے وہ قیدی جن کی اپیلیں مسترد ہوئی ہیں ان کو فوری پھانسی دینے کی ہدایت کی، انہوں نے دہشتگری کی روک تھام کیلئے چاروں صوبوں میں انٹیلی جنس شئیرنگ کے نظام کو مزید مربوط بنانے کا اعلان کیا ۔

     وزیرداخلہ کا کہناتھا کہ نیکٹا کو موثر بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیکٹا فعال ہونا ناگزیر ہے۔

  • کوئی تین گنا کرایہ دےیاپچاس روٹیاں لےتواطلاع دیں، چوہدری نثار

    کوئی تین گنا کرایہ دےیاپچاس روٹیاں لےتواطلاع دیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: چوہدری نثارنے ہدایت کی ہے کہ کوئی تین گنا کرایہ دے یاپچاس روٹیاں لے توپولیس کواطلاع دیں،مالک مکان نےدہشت گرد کوکرایہ دار رکھا تو وہ بھی ذمہ دار ہوگا، مسجدوں کے امام کسی مشتبہ شخص کودیکھیں تو اطلاع دیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فوج جمہوری حکومت کی نمائندگی کرتی ہے۔ افواج پاکستان نے کبھی بھی خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کبھی بناتی ہے۔ اگر خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچانا ہوتا تو دہشتگردوں کے خاندان آرام سے نہ رہ رہے ہوتے، پاکستان سے اسامہ بن لادن کے بیوی بچوں کو بھی بحفاظت بیرون ملک بھجوایا گیا تھا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کو کام کرنے کیلئے سات دنوں کا وقت دیا گیا، ہم اپنا کام تیزی سے کر رہے ہیں اور دن رات مصروف عمل ہیں، کل شام یا پرسوں قوم کے سامنے اپنی سفارشات رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ایکشن پلان کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کا آزاد میڈیا بھی اپنی ذمہ داریاں پہچان لے، نہ صرف دہشتگردوں بلکہ ان کے حمایتیوں کو میڈیا پر اپنا پرچار کرنے سے روکنا ہو گا کیونکہ جس کے گھر میں کوئی نہیں سنتا وہ میڈیا پر آ کر عوام کو گمراہ کر رہا ہے، ضرورت ہے کہ میڈیا اب قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوے فیصد مدرسے دہشتگردی سے منسلک نہیں ہیں بلکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے دست راست ہیں. ایسا بالکل نہیں کہنا چاہیے کہ مدرسوں میں پڑھنے والے تمام دہشتگرد ہیں۔ لیکن جو بھی پاکستان کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    انہوں نے آپریشن ضرب عضب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میران شاہ میں عام شہری اور دہشتگرد ایک ہی جگہ پر رہ رہے تھے، مگر ہم نے وہاں کاروائی کرنے کیلئے پہلے وارننگ جاری کی تا کہ عام لوگ وہاں سے امدادی کیمپوں میں چلے جائیں، جب وزیر اعظم نے آپریشن کا فیصلہ کیا تو یہ تمام معاملات اسی وقت طے کر لئے گئے تھے۔

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کی۔

    اسلام آباد پنجاب ہاوس میں وزیر داخلہچوہدری نثار اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماوں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے سیاسی جرگے کی کاوشوں سے چوہدری نثار کو آگاہ کیا، اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے ملک کی سیاسی صورتحال پر قابو پانا چاہتی ہے۔

  • ملک میں گزشتہ سال 1600 خواتین کو قتل کیا گیا

    ملک میں گزشتہ سال 1600 خواتین کو قتل کیا گیا

    لاہور: پاکستان میں گذشتہ برس سولہ سو خواتین کو تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا جن میں 370ذیادتی کا نشانہ بننے کے بعد دم توڑ گئیں۔ ماہرین خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے قانون سازی پر زور دے رہے ہیں۔

    عورتوں پر تشدد کے خاتمہ کے لئے عالمی دن کے موقع پرساﺅتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان کے زیر اہتمام مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں عورتوں پر گھریلو تشدد، جبری اور کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لئے صوبائی سطح پر قانون سازی پر زور دیا گیا۔

    اجلاس میں شریک خواتین رکن پنجاب اسمبلی نسرین نواز اور فرزانہ بٹ نے کہا کہ خواتین پارلیمنٹیرئنز خواتین کے تشدد کے خلاف پہلے ہی بہت کام کر رہی ہیں۔

    اب دیہی علاقوں میں عوام کی تربیت کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ عالمی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں 35فیصد عورتیں جسمانی اور جنسی تشدد کا شکار ہوتی ہیں۔ پاکستان میں اس حوالے سے صورتحال دیگر ممالک کی نسبت ذیادہ خراب ہے۔

    +

  • خواتین کو بلاسود قرضے دینگے،سراج الحق

    خواتین کو بلاسود قرضے دینگے،سراج الحق

    لاہور: مینار پاکستان کےسائے تلےجماعت اسلامی کا تین روزہ اجتماع جاری ہے، اجتماع کےدوسرےروز شرکا سےخطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہاہے کہ انہیں حکومت کا موقع ملا توعام آدمی کی بنیادی ضروریات کی اشیاء پر موثر سبسڈی دیں گے ۔

    لاہور میں جماعت اسلامی کےتین روزہ اجتماع عام کےدوسرےروز بھی مقررین کی تقاریر کا سلسلہ جاری ہے۔ آج اجتماع میں خواتین کے سیشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کاکہنا تھا کہ ان کی حکومت قائم ہوئی تو ان والدین سے باز پرس ہوگی جو اپنی بیٹیوں کو اسکول نہیں بھیجتے۔

    خواتین کو بنکوں سے بلا سود قرضے بھی دیئے جائیں گے۔ سراج الحق اس سے پہلے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نےاجتماع کےشرکاءسےخطاب میں کہا کہ حق کےراستے پر جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہےگی۔

    جماعت اسلامی کےدیگر رہنماؤں فرید پراچہ،طارق نسیم، صاحبزادہ طارق اللہ نےبھی اجتماع سے خطاب کیا۔ اجتماع کاکل آخری روز ہوگا۔

  • سندھ پولیس میں ایک ہزارخواتین بھرتی کرینگے،آئی جی سندھ

    کراچی: سندھ پولیس میں ایک ہزار خواتین بھرتی کی جائیں گی یہ بات آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پریس کانفرنس میں بتائی ،انہوں نے یہ بھی کہہ دیاکہ کس کے کہنے پر یہ کام کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں خواتین اب پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اپنے فرائض انجام دیں گی۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیاہے  کہ سندھ پولیس میں ایک ہزار خواتین کو بھرتی کیا جائے گا۔

    خواتین کی اہمیت اور پولیس میں ان کی افادیت پر بات کرتے ہوئے وہ سادگی میں یہ بھی کہہ گئے کہ خواتین کی بھرتی کے لئے خاص طورپر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے تاکید کی ہے۔ کہنےکو تو آئی جی سندھ اندرکی بات کہہ گئے جس کا جواب بلاول بھٹو نے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹرپردیا۔

  • تحریک انصاف کا جلسہ:عوام میں زبردست جوش وخروش

    تحریک انصاف کا جلسہ:عوام میں زبردست جوش وخروش

    کراچی:عمران خان کا آج کراچی میں ہونے والا جلسہ کامیاب بنانے کے لئے پی ٹی آئی کی خواتین بہت پُرجوش ہیں۔ صبح سے پنڈال میں موجود خواتین کا جوش وجذبہ ہے قابلِ دید ہے۔ پارٹی پرچم،بینرزاوررنگ برنگے ملبوسات پہنی خواتین کوعمران خان کی کراچی آمد کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    رنگ برنگےاورپارٹی پرچم کے رنگ میں رنگے ملبوسات پہنے خواتین نے جلسہ گاہ کی رونق بھی بڑھارکھی ہے۔بینرزاٹھائےان خواتین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے قائد کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

    کسی کے ہاتھوں میں پارٹی پرچم ہے تو کوئی چہرے پر منفرد ڈیزائنز بنوارہا ہے۔ ہاتھ بھی چوڑیوں کے بجائے پارٹی بینڈزسے سجے ہیں۔ اپنے قائدعمران خان کو ویلکم کہنے کے لئے موجود ان زندہ دل خواتین کا جذبہ دُھوپ نے بھی ماند نہیں پڑنے دیا۔ یہ خواتین نیا پاکستان بنانے کا عزم لئے اپنے گھروں سے نکلی ہیں ۔

    ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان ساڑھے6بجےجلسہ عام سے خطاب کریں گے، کپتان رات دس بجےواپس  اسلام آباددھرنےکیلئے روانہ ہوجائیں گے۔