Tag: Khi Airport

  • کراچی ایئر پورٹ کے قرنطینہ سے کورونا زدہ مسافر فرار، انتظامیہ پریشان

    کراچی ایئر پورٹ کے قرنطینہ سے کورونا زدہ مسافر فرار، انتظامیہ پریشان

    کراچی : سعودی عرب سے پاکستان آنے والا کورونا زدہ مسافر کراچی پہنچنے پر قرنطینہ سے فرار ہوگیا، خبر ملتے ہی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والا کورونا متاثرہ مسافر ائیرپورٹ پر قرنطینہ مرکز سے فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوات کا رہائشی متاثرہ شخص نیاز علی سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 708کے ذریعے ریاض سے کراچی پہنچا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والی ایک پرواز کے مسافر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کورونا مثبت آنے والے مسافر کو ایئرپورٹ کے قریب ایک ہوٹل میں بنائے گئے قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مسافر نیاز علی کا ائیرپورٹ پر ہی ریپڈ ٹیسٹ کیا گیا تو کورونا مثبت آیا، ایف آئی اے کی مبینہ غفلت کے سبب مسافر ائیرپورٹ کے قرنطینہ ایریا سے فرار ہوا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مدد لی گئی لیکن مسافر کو ڈھونڈا نہ جاسکا۔

  • سول ایوی ایشن افسرنے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    سول ایوی ایشن افسرنے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسر نے مسافر کا قیمتی سامان واپس کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

    کراچی ایئرپورٹ پر ملنے والی ملکی وغیر ملکی کرنسی سمیت اہم دستاویزات اصل مالک تک پہنچا دیئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چار مارچ کو کراچی سے اسلام آباد کی پرواز370پر سفر کرنے والا حمزہ بلوچ نامی مسافر کراچی ایئرپوٹ کے کاؤنٹر پر اپنا بٹوہ بھول گیا تھا۔

    مسافر کے بٹوے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسر نے دیکھا اور امانتاً اپنے پاس رکھ لیا۔

    مذکورہ بٹوے میں کریڈٹ کارڈ ایک لاکھ 30 ہزار کے مساوی یو اے ای درہم کے ساتھ پاکستانی کرنسی بھی موجود تھی مسافر بعد ازاں اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گیا تھا۔

    بعد ازاں ایئرپورٹ منیجر کراچی عمران خان نے مذکورہ مسافر سے دبئی میں رابطہ کیا اور ای میل پر رابطے کے ذریعے حمزہ بلوچ کے ماموں محمد مبین کو رقم اوردستاویزات حوالے کی گئیں۔

    بٹوے کی وصولی کے بعد حمزہ بلوچ کے ماموں محمد مبین نے اہم کاغذات اور رقم کی واپسی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی ایمانداری کی تعریف کی۔

  • مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو پی آئی اے ملازمین گرفتار

    مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو پی آئی اے ملازمین گرفتار

    کراچی : ایئر پورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو ملزمان پکڑے گئے، دونوں ملزمان پی آئی اے کے ملازم ہیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سیکورٹی عملے نے کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کا سامان چوری کرنے والے دو پی آئی اے ملازمین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ ادارے میں کسی بھی قسم کی بےضابطگی اور چوری کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی سے ملتان کی پرواز میں سفر کرنے والی خاتون مسافر کے خاوند مدثر احمد نے پی آئی اے اور پولیس اسٹیشن کراچی ایئرپورٹ پر اپنا سامان اور لاکھوں مالیت کی رقم چوری ہونے کی شکایت درج کرائی تھی۔

    شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے سیکورٹی عملے نے ان ملزمان کا سراغ لگایا، دونوں مجرمان کو گرفتار کرکے ان سے چوری شدہ چار لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔

    دونوں ملزمان پی آئی اے کے ملازم ہیں، سیکیورٹی عملے نے دونوں مجرمان کو ایئر پورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔

    اس حوالے سےترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان کو اپنی تحویل میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، قانونی کاروائی کیلئے مزید تفتیش کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

  • مہنگے موبائل فون، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ اسمگل کرنے والے 6 ملزمان گرفتار

    مہنگے موبائل فون، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ اسمگل کرنے والے 6 ملزمان گرفتار

    کراچی : مہنگے موبائل فون، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ پرجیکٹر کی اسمگلنگ میں ملوث 6 ملزمان کو کراچی ایئر پورٹ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاگیا، برآمد شدہ سامان کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سےزائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے کراچی ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ میں ملوث چھ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    ملزمان مہنگے موبائل فون، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ پرجیکٹر و دیگر سامان اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

    کسٹم حکام کے مطابق دبئی سے آنے والے مسافروں کے قبضے سے بڑی تعداد میں مہنگے موبائل فون، اسمارٹ واچز، لیپ ٹاپ پروجیکٹر اور دیگر سامان برآمد کرکے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ڈپٹی کلکٹر کسٹم تو صیف گورچانی کے مطابق برآمد شدہ سامان کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سےزائد ہے جبکہ برآمد کئے گئے برانڈڈ موبائل فونز کی تعداد دو سو سے زائد ہے۔

    گرفتار ملزمان میں محمد جاوید، ارشاد خان، محمد ادریس، سعد، عبداللہ خان اور محمد علی گابا شامل ہیں۔

  • برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    کراچی: برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس دوران ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے دوسرے دن بھی کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    برطانوی ٹیم نے بوئنگ 777 طیارے کی مکمل جانچ کی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو طیارے کی سرچنگ اور کارگو کے حصوں کی بھی جانچ کروائی۔

    اسکریننگ کے بعد پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو جہاز میں سامان لوڈ کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی سے لندن جانے والے مسافروں کی امیگریشن کے عمل اور اس سے متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی۔

    برطانوی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیا اور کراچی سے براہ راست لندن کی پرواز پر عالمی سیکیورٹی معیار کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹیم نے گزشتہ روز بھی کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا تھا اور سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا تھا۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب کیا گیا اسکینر گزشتہ 1 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے سنہ 2016 میں اسکینر (انڈر وہیکل انسپیکشن سسٹم) نصب کیا گیا تھا جو سال بھر کے زائد عرصے سے خراب پڑا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسکینر مشین کے پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام التوا کا شکار ہے، مذکورہ کمپنی پر امریکا نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پرزہ جات پاکستان درآمد نہیں ہو پارہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جائیکا سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں تاکہ پرزہ جات جلد سے جلد دستیاب ہوں اور مشینوں کو فعال کیا جاسکے، جائیکا کا نمائندہ وفد بھی مشینوں کا دورہ کر کے جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کل لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔