Tag: khi police

  • خاتون کا قتل ڈاکوؤں کے ہاتھوں نہیں ہوا، تفتیش میں ہوشربا انکشاف

    خاتون کا قتل ڈاکوؤں کے ہاتھوں نہیں ہوا، تفتیش میں ہوشربا انکشاف

    کراچی : سائٹ سپر ہائی وے پر مبینہ ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی حاملہ خاتون کا قتل نیا رخ اختیار کرگیا۔

    پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ پریشان چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی پر دو مسلح افراد نے دوران ڈکیتی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔

    اس حوالے سے پولیس تحقیقات کے دوران اصل معاملے تک پہنچ گئی اور ملزم شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

    شرقی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سپرہائی وے فقیرا گوٹھ میں 25 سالہ صائمہ زوجہ عرفان کے قتل کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں تھا، مقتولہ کے شوہر کی جانب سے بتائی گئی جائے وقوعہ درست نہیں نکلی۔

    شرقی پولیس نے بتایا کہ قتل گھر کے اندر ہوا تھا جسے ڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی، اسلحہ برآمد کرکے مقتولہ کے شوہر کو تفتیش کیلئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ڈکیتی میں مزاحمت پر حاملہ خاتون قتل، شوہر کا بیان 

    واضح رہے کہ وقوعہ کے بعد مقتولہ خاتون کے شوہر عرفان نے اپنے بیان میں کہا کہ میری اہلیہ صائمہ حاملہ تھی جسے اسپتال لے کر جا رہا تھا، ایک موٹر سائیکل پر 2 ملزمان آئے اور لوٹ مار کرنے لگے، ملزمان نے میرا موبائل فون چھین لیا تھا اور صائمہ کا پرس چھین رہے تھے۔‘‘

    عرفان نے بتایا تھا کہ اہلیہ صائمہ نے پرس چھیننے والے ایک ڈاکو کو دھکا دیا تو وہ گرگیا تھا جس پر ڈاکو نے صائمہ پر فائرنگ کردی تھی۔

    پولیس کو دیے گئے اس بیان کے بعد تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون کا قتل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نہیں ہوا کیونکہ مقتولہ کا شوہر جاے وقوعہ کی نشاندہی نہ کرسکا جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 21 میں ایک فلیٹ سے خاتون کی 10 روزہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے، خاتون کی شناخت 65 سالہ نزہت فاطمہ زوجہ عبد الباری کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر تھی، لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی وجہ اور مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

  • ڈاکوؤں سے مزاحمت، ماں، بیٹا اور بیٹی زخمی، 3اغواء کار ہلاک، بچہ بازیاب

    ڈاکوؤں سے مزاحمت، ماں، بیٹا اور بیٹی زخمی، 3اغواء کار ہلاک، بچہ بازیاب

    کراچی : گلشن حدید کے قریب گھر میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ماں،بیٹا اور بیٹی کو زخمی کردیا، اتحاد ٹاؤن میں میں پولیس نے تین اغواء کاروں کو ہلاک کرکے بچہ بازیاب کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا، اس موقع پر گھر میں موجود ماں بیٹا اور بیٹی نے مزاحمت کی کوشش کی جس پرملزمان نے فائرنگ کردی۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماں،بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زخمی خاتون کے بیٹے زاہد علی نے بتایا کہ3مسلح ڈاکو سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے، مزاحمت پربھائی، بہن اور والدہ کو زخمی کردیا، زاہد علی نے بتایا کہ ہمارے والد سرکاری ملازم ہیں،اس سے قبل بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کربلا گراؤنڈ کے قریب پولیس نے کامیاب کارروائی کی، جس میں3اغوا کارہلاک اور مغوی بچہ بازیاب کرالیا گیا، پولیس کے مطابق بچے کو29جون کو میٹرو ول سائٹ سے اغوا کیا گیا تھا، بچے کی رہائی کیلئے اغواکاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    لیاقت آباد شہدا مسجد کےقریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کورنگی بلال چورنگی پر ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئجے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں شاہ فیصل کالونی میں ڈاکوؤں نے نوجوان سے لوٹ مار کی، متاثرہ نوجوان نے واردات کے بعد ملزمان کا تعاقب کیا اور ان کی ویڈیو بھی بنائی ملزمان نے تعاقب کرنے پر فائرنگ کی۔