Tag: khuwaja asif

  • نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کو9اپریل کو اہم ریکارڈ سمیت طلب کرلیا

    نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کو9اپریل کو اہم ریکارڈ سمیت طلب کرلیا

    اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کو دوبارہ طلب کرلیا، تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو  راولپنڈی نے اثاثہ جات کیس میں رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف کو نو اپریل کو طلب کرلیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم خواجہ آصف کا بیان ریکارڈ کرے گی، خواجہ آصف کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، اس سے قبل نیب خواجہ آصف کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی لے چکا ہے۔

    نیب ٹیم نے خواجہ آصف کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے،اس سے پہلے نیب نے خواجہ آصف کو یکم اپریل کو بھی طلب کیا تھا، خواجہ آصف بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے،

     خواجہ آصف نے پیش نہ ہونے سے متعلق خط لکھ کرنیب کوآگاہ کردیاتھا، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف سے بیرون ملک جائیدادوں کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ ہوگی۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے گزشتہ سال اکتوبر میں خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
    نیب نے خواجہ آصف اور ان کی فیملی سے تمام بینک اکاؤنٹس، قرض اور رقوم کی اندرون وبیرون ملک منتقلی کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : نیب طلبی کے باوجود غیرحاضری، خواجہ آصف نے احکامات ہوا میں اڑا دیے

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 6 دسمبر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوت نیب کو فراہم کیے تھے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے خواجہ آصف کی غیرملکی سرمایہ کاری کا ریکارڈ بھی نیب حکام کے حوالے کیا تھا جس میں سابق وزیرخارجہ اور ان کی اہلیہ کے غیرملکی اکاؤنٹس میں بے نامی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات بھی شامل تھیں۔

  • چار سال تک وزیرخارجہ نہ لگانے والی ن لیگ کو آج خارجہ پالیسی یاد آگئی، شیریں مزاری

    چار سال تک وزیرخارجہ نہ لگانے والی ن لیگ کو آج خارجہ پالیسی یاد آگئی، شیریں مزاری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کی ممبر رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ لیگی حکومت میں چار سال تک وزیرخارجہ ہی نہیں تھا، آج خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آگئی۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی تقریر کے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ شیریں مزاری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی سے متعلق بحث بہت ضروری ہے، خارجہ پالیسی سمیت تمام ایشوز پرپارلیمنٹ میں بحث کی جائے گی، ہم پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں ہر پالیسی کو پارلیمنٹ سے منظور کرائیں گے، امید ہے اپوزیشن کو احساس ہوگیا ہوگا کہ حکومت عملدرآمد کررہی ہے۔

    شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی حکومت میں خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں نہیں آتی تھی، گزشتہ حکومت نے چار سال تک کوئی وزیر خارجہ رکھا ہی نہیں اور آج اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو پالیسی پر بحث یاد آگئی؟

    خارجہ پالیسی سے متعلق وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں واضح طور پر کہا تھا کہ پڑوسیوں کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتے ہیں،
    خارجہ پالیسی سمیت تمام ایشوز پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں، نئی حکومت کے آتے ہی ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، ایران سے پیغام آیا ہے پاکستانی قیدیوں سے متعلق اقدامات کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر اپوزیشن کو کچھ یاد دلانا چاہتی ہوں، اسی معاملے پر بھارت آئی سی جے میں گیا جبکہ گزشتہ حکومت کو آئی سی جے کی حدود کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ کلبھوشن ہمارا اندرونی کیس ہے، آئی سی جے میں جانے کی ضرورت ہی نہیں تھی، ماضی میں بھارت نے بھی آئی سی جے کی حدود کوتسلیم نہیں کیا تھا۔ پاکستان کو بلاوجہ ایک کیس میں پھنسا دیا گیا جس کو بھگت رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر خواجہ آصف نے بہت باتیں کیں میں انہیں یاد دلانا چاہتی ہوں، نواز شریف بھارت دورے پر گئے اور حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی، بھارتی دورے میں نوازشریف کو حریت رہنماؤں سے ملنا چاہیے تھا، کشمیر کمیٹی بنائی گئی اربوں روپے خرچ کیے گئے، کمیٹی نے کیا کام کیا ہے؟

    شیریں مزاری نے بتایا کہ پہلی مرتبہ برطانوی حکومت نے پاکستان کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدہ کیا، برطانیہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کے پاس آیا، افغان مہاجرین سے متعلق گزشتہ حکومت نے کیا اقدامات کیے؟ افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق کئی اعلانات ہوئے لیکن نتیجہ صفر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ یوٹرن کی باتیں کرتے ہیں وہ پہلے اپنی حکومت کاریکارڈ چیک کریں، خواجہ آصف نے آج ڈیمز سے متعلق بھی باتیں کیں، نواب تالپور نے کئی مرتبہ اسمبلی میں خواجہ آصف سے پانی کی قلت کا پوچھا لیکن خواجہ آصف نے نواب تالپورکو جواب دینا تک گوارا نہ کیا۔

  • خواجہ آصف ن لیگ کے خالی ہونے کا رونا رو رہے ہیں، عثمان ڈار

    خواجہ آصف ن لیگ کے خالی ہونے کا رونا رو رہے ہیں، عثمان ڈار

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی بےچینی اور اضطراب کا سبب جانتے ہیں وہ ن لیگ کے خالی ہونے کا رونا رو رہے ہیں، معلوم تھا کہ ٹکٹوں کا اعلان ہوتے ہی ن لیگ کی چیخیں نکلیں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ آصف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف اپنی جماعت خالی ہونے کا رونا رو رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی میں شامل ہونیوالوں نے نوازشریف پر عدم اعتماد کا اعلان کیا، لوگ عمران خان اور پارٹی کے نظریے کو دیکھ کر آرہے ہیں، معلوم تھا ٹکٹوں کا اعلان ہوتے ہی ن لیگ کی چیخیں نکلیں گی۔

    عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اراکین کی پی ٹی آئی میں شمولیت پارٹی کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس بار عمران خان وزیراعظم ہوگا اور خواجہ آصف ایوان سے باہر ہونگے، خواجہ آصف کا فیصلہ عوام کی عدالت میں لے جارہے ہیں، سیالکوٹ کے عوام خواجہ آصف سے ووٹ کی توہین کا بدلہ لیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ نے منظم طریقے سے ٹکٹس کا اعلان کیا ہے، پی ٹی آئی کو تقریباً ساڑھے4ہزار درخواستیں ملی تھیں، سیالکوٹ میں 16 ٹکٹ کیلئے125درخواستیں آئی ہیں، پارٹی میں نئے آنے والوں اور نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیئے گئے، ٹکٹ نہ ملنے پر دیگر سیاسی جماعتوں میں بھی شور ہوگا، ٹکٹ جسے نہیں ملتا وہ مایوس اور سمجھتا ہے زیادتی ہورہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کے حکمران کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں، سیاسی جماعتوں میں تمام لوگ کرپٹ نہیں ہوتےاچھے بھی ہوتےہیں، پارلیمانی بورڈ نےایک ایک حلقے کا سروے کرایا گیا ہے، ٹکٹ دینے پرپارلیمانی بورڈ نے اپنی معلومات کو بھی مدنظر رکھاہے۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں وہ لوگ شامل ہورہے ہیں جو ہر الیکشن میں ضمیر بیچتے ہیں، خواجہ آصف

    واضح رہے کہ خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں وہ لوگ شامل ہورہے ہیں جو ہر الیکشن میں اپنا ضمیر بیچتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جنہیں گٹرمیں پھینکنا چاہیے تھا، انھیں پی ٹی آئی نے ٹکٹ دے دیئے، آخر میں عمران خان کے ارد گرد سیاسی ورکر نہیں، صرف پیسے والے لوگ ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، خواجہ آصف

    تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، خواجہ آصف

    سیالکوٹ : سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں شہباز شریف فلائی اوور کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، لاہور سیالکوٹ موٹروے کا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہوجائے گا۔

    خواجہ آصف نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اپنا صوبہ کھنڈر بن چکا ہے، اصل تبدیلی تو ہم لے کر آئے ہیں، ہمارے بے مثال کاموں کا مقابلہ سندھ اور کے پی والے نہیں کر سکتے اب تو مخالفین بھی ہمارے کاموں کی تعریف کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں پرتشدد اورعدم برداشت کی کوئی گنجائش نہیں لیکن عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے اور یہ بات ان کی تربیت میں شامل ہے جو پاکستان کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، یہاں تو دانیال عزیر کو تھپڑ مارنے والے کو بھی شاباش دی گئی اس سے زیادہ افسوسناک بات اور کیا ہو گی۔

    سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کراچی میں امن وفاقی حکومت کی کاوشوں سے ہوا، 5سال قبل جو لوڈشیڈنگ کا عذاب تھا، اس کا خاتمہ کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں سیالکوٹ میں خواجہ آصف نے شہبازفلائی اوور کی تعمیرات کا جائزہ لیا، پراجیکٹ منیجر نے خواجہ آصف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ جون 2018 میں مکمل ہو گا،96کروڑ روپے کی لاگت سے تیارہونے والا 26سو فٹ لمبا اور57فٹ چوڑا پل تاخیر کا شکار تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عدالت نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا

    عدالت نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا ہے۔

    کیس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی شامل تھے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

    اس سے قبل سپریم کورٹ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ہونے والی نااہلی کو تاحیات قرار دے چکی ہے۔ خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد اب وہ وزیر خارجہ نہیں رہے اور آئندہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکتے۔


    خواجہ آصف نااہلی کیس

    خیال رہے کہ خواجہ آصف کی نا اہلی کے لیے درخواست تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دائر کی تھی جس کی سماعت 10 اپریل کو مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

    عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں۔ غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص وزیر خارجہ کے اہم منصب پر کیسے فائز رہ سکتا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف نے اقامہ الیکشن کمیشن سے چھپایا اور سرکاری عہدے پر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کی۔ خواجہ آصف کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

    درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف کےاکاؤنٹ میں کروڑوں روپے غیر ملکی کمپنی سے منتقل ہوئے۔ الیکشن کمیشن میں بزنس مین مگرحقیقت میں غیر ملکی کمپنی کے ملازم نکلے اور غیر ملکی کمپنی سے لی گئی تنخواہ انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کی گئی۔

    عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ وزیر دفاع ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنی کی ملازمت مفادات کا تصادم تھا۔

    عثمان ڈار کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی تاہم بعد میں بقیہ 2 ججز کی معذرت کے بعد جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں نیا بینچ قائم کیا گیا جس نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی۔

    سماعت کے دوران خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے۔ وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔

    عدالت کی ہدایت پر خواجہ آصف نے اضافی دستاویزات بھی ہائیکورٹ میں جمع کروا دی تھیں۔

    مزید پڑھیں: خواجہ آصف نااہلی کیس میں‌ اہم پیش رفت

    دستاویزات کے مطابق کنسلٹیشن معاہدے کے تحت ملازم کی فل ٹائم کمپنی میں موجودگی ضروری نہیں۔ کمپنی کے مطابق خواجہ آصف سے کسی بھی معاملے پر تجاویز فون یا دورہ دبئی کے دوران لی جاتی ہیں۔


    خواجہ آصف کا سیاسی سفر

    خواجہ محمد آصف کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ ان کے والد خواجہ صفدر ضیا الحق کی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے، خواجہ صفدر ضیا الحق کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔

    خواجہ آصف نے اپنا سیاسی سفر 1991 سے شروع کیا جب وہ مسلم لیگ ن کی جانب سے رکن سینیٹ منتخب ہوئے۔ وہ کئی مرتبہ رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔

    خواجہ آصف 1997 سے 1999 تک نجکاری کمیٹی کے چیئرمین رہے۔

    وہ یوسف رضا گیلانی کی مخلوط حکومت میں وزیر برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل رہے۔

    مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت میں خواجہ آصف سنہ 2013 سے 2017 تک وزیر دفاع اور وزیر پانی و بجلی رہے جس کے بعد اگست 2017 میں انہیں وزیر خارجہ مقرر کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت کشمیر میں‌ گجرات کے قتل عام کی تاریخ دہرا رہا ہے: خواجہ آصف

    بھارت کشمیر میں‌ گجرات کے قتل عام کی تاریخ دہرا رہا ہے: خواجہ آصف

    اسلام آباد : حکومت نے چھ اپریل کو ملک بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کردیا، وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سفارتی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر اجاگر کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،  خواجہ آصف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ سے رابطہ ہوا ہے، اس حوالے سے سیکریٹری جنرل او آئی سی سے بھی بات کی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس کا ایجنڈا صرف کشمیر تھا جس میں ایک متفقہ قرارد اد منظور کر لی گئی ہے، اجلاس میں6اپریل کویوم یکجہتی کشمیرمنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیریوں کےخون سےہولی کھیلی، بھارتی فوج نے بےدردی کے ساتھ 20سے زائد کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا اور نہتے کشمیریوں کےگھرجلائے، گجرات میں مسلمانوں کے قتل کی تاریخ کشمیر میں دہرائی جارہی ہے، اس قتل عام پرحکمران جماعت اور ریاست کی پشت پناہی حاصل ہے.بھارتی حکمران دہشت گرد ہیں اس لئےحالات مزید خراب ہوتے جارہے ہیں۔

    خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کانوٹس لے، مقبوضہ کشمیر کےحق خودارادیت کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، بھارتی مظالم کیخلاف او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بات کرینگے۔

    مختلف ممالک میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے وفود بھیجیں گے، ان وفود میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر بھی شامل ہوں گے، اس بارپر امید ہیں کہ ہم دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے میں کامیاب ہو جائیںگے۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارتی مظالم پر ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ سے خود رابطہ کیا ہے، چین اور روس سے بھی اپیل ہے کہ حالات معمول پر لانےکیلئے مدد کریں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائرکی دو ہزار مرتبہ خلاف وزریاں کی گئیں، یہ خلاف وزریاں کسی بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہیں، برہان وانی کی شہادت کے بعدبھارت نے آپریشنز تیزکردیئے ہیں۔

    بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں1500آپریشنزکیے، ان آپریشنز میں534شہادتیں21ہزار583افراد زخمی ہوئے، بھارتی فوج نے8ہزار424کشمیریوں کوپیلٹ گن کانشانہ بنایا، بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں65 ہزار861 گھرمسمارکیے اور19ہزارکشمیریوں کو گرفتار کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیری اپنے شہیدوں کو پاکستان کے پرچموں میں دفن کرتے ہیں، آسیہ اندرابی نے کہا کہ گزشتہ رات مساجد سے پاکستان زندہ کے نعرے لگ رہے تھے، پاکستان قوم پر بھی لازم ہے کہ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرے، آزادی کی جنگ لڑنے والوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں، حریت کانفرنس کے لیڈرزہمارے لیے انتہائی قابل محترم ہیں۔

    خواجہ آصف کا  مزیدکہنا تھا کہ چار سال میں تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن مایوسی ہوئی، بھارتی حکمرانوں سے بہتری کی امید رکھنے والا مایوس ہی ہوگا،۔

    جنگ مسلط کی گئی توپاک فوج ملک کےدفاع کیلئےہروقت تیارہے، روس سے تعلقات متبادل نہیں بلکہ اچھی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، ہمارے تعلقات4،5سال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف کو وزیراعظم بن کراتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی اب ملی، خواجہ آصف

    نوازشریف کو وزیراعظم بن کراتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی اب ملی، خواجہ آصف

    سیالکوٹ : وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو وزیراعظم بن کراتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی اب ملی، سیاستدانوں میں ایسے لوگ ہیں جواقتدار کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اقتدارچھن جائےتولوگ قبلہ بدل لیتےہیں،عوام نےبھرپورمحبت دی، نوازشریف سےوفاداری نبھاتےہماری عمریں گزرگئیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج تک جمہوریت کا پودا تناور درخت نہیں بن سکا، آئندہ نسل جمہوریت کے تناور درخت کے سائےمیں مستقبل بنائے گی، ہمیشہ جمہوریت کی جنگ لڑی اورلڑتےرہیں گے۔

    ورکرزکنونشن سےخطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی حدوں کادفاع فوج کرتی ہے، جب بھی ملک میں آمریت آئی دکھ دے کر گئی، سیاستدانوں اور جمہوریت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں میں ایسے لوگ ہیں جو اقتدارکو خوش آمدید کہتےہیں، بکاؤ مال کہیں بھی ہوں پارٹیاں بدل لیتےہیں، ہم نے مشرف دور میں نوازشریف کی جنگ لڑی اورقدر پائی، خواجہ آصف نے ازراہ مذاق کہا کہ میرا شانداراستقبال دیکھ کرمخالفین کہیں عدالت نہ چلے جائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب نے عثمان ڈارسے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت مانگ لیے

    نیب نے عثمان ڈارسے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت مانگ لیے

    اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں نیب نےعثمان ڈار سےخواجہ آصف کےخلاف حاصل دستاویزی ثبوت اور دیگر شواہد مانگ لیے‘ عثمان ڈارکہتےہیں نیب کےخط پرقانونی ٹیم سےمشاورت شروع کردی ہےتمام شواہدنیب کومہیا کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے عثمان ڈار سے خواجہ آصف کے خلاف ثبوت اور شواہد حاصل کرنے کے لیے عثمان ڈار سے معاونت حاصل کرنے کےلیے خط لکھ دیا ہے۔نیب نے پی ٹی آئی رہنما کوخط لکھا ہے کہ خواجہ آصف کی مبینہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے معاملے کا بغور جائزہ لیا۔عثمان ڈار انویسٹی گیشن ونگ آکرثبوت فراہم کریں۔

    عثمان ڈار نے نیب کےخط کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کردی ہے،خواجہ آصف کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ،وعدےکےمطابق تمام ثبوت نیب کے حوالےکروں گا۔عثمان ڈار نے کہابیرون ملک دولت،اکاؤنٹس اورہوٹلوں کاریکارڈ نیب کودیں گے‘ خواجہ آصف کے بے نقاب ہونے تک ہرمحاذپر جنگ لڑوں گا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وزیر خارجہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    عثمان ڈار نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں، نیب کو یہ اقدام بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، چیئرمین نیب مجھے بلائیں گے تو ثبوت پیش کروں گا۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب کے سربراہ کو خط لکھ کر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تفصیلات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • غیراخلاقی حرکتیں ہمیں انتخابی مہم سے نہیں روک سکتیں، خواجہ آصف

    غیراخلاقی حرکتیں ہمیں انتخابی مہم سے نہیں روک سکتیں، خواجہ آصف

    سیالکوٹ : وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی غیر اخلاقی حرکت ہمیں انتخابی مہم سے نہیں روک سکتی، ہم نے نوازشریف کے نام کا ووٹ لینا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پکا گڑھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے بدترین دشمن بھی خیانت کا الزام نہیں لگا سکتے، ہم اپنا رپورٹ کارڈ عوام کے پاس لے کر جائیں گے، حلقہ بندیوں پرکوئی اعتراض نہیں کیونکہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے میرے حلقے میں ایک لاکھ ووٹ شامل ہوا ہے۔

    انہوں نے کارکنان سے خطاب میں کہا کہ اپنے ووٹ کاحق صرف وطن عزیز کیلئے استعمال کریں، ووٹ کی حرمت ناقابل تسخیر ہوگی تو ملک ناقابل تسخیر ہوگا، میرے قائد نواز شریف کا طوطی بول رہا ہے، جتنا محاذ بنالیں، میاں صاحب کی محبت کا کوئی مقابلہ نہیں، آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ سےسب کا احتساب کرلیں گے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مجھے کسی حب الوطنی اورمسلمانیت کےسرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، اطمینان اس لیے ہے کہ ہم نے حلقے میں لوگوں کی خدمت کی ہے، کوئی غیراخلاقی حرکت ہمیں انتخابی مہم سےنہیں روک سکتی۔


    مزید پڑھیں: وزیر خارجہ خواجہ آصف پر نوجوان نے سیاہی پھینک دی


    انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کنونشن میں مجھ تیزاب بھی پھینکاجاسکتا تھا اور گولی بھی لگ سکتی تھی، سیاہی سے صرف کپڑے اور چہرےخراب ہوئے، کنونشن میں پیش آنے والے واقعے کا کوئی افسوس نہیں، الیکشن کے قریب آنے پر ہم اپنے حلقےمیں مطمئن ہوکر واپس جارہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔   

  • سیاست میں عدم برداشت کا کلچر: متعدد رہنماؤں کو جوتے کھانے پڑے

    سیاست میں عدم برداشت کا کلچر: متعدد رہنماؤں کو جوتے کھانے پڑے

    کراچی: سیاست وہ اہم پیشہ ہے جس کے فرائض کی انجام دہی کے دوران عدم برداشت کا پہلو بہت ضروری ہوتا ہے لیکن بعض اوقات عوام کی جانب سے عدم براداشت کے باعث سیاستدانوں کو جوتے کھانے پڑ جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں ملک میں وفاقی وزراء اور سینئر رہنماؤں پر جوتے اور سیاہی سے حملے کے واقعات سامنے آرہے ہیں لیکن یہ کوئی خاص بات نہیں اس سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاست دانوں پو جوتے سے وار ہو چکے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے

    سابق وزیر اعظم نواز شریف آج جب جامعہ نعیمیہ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے ان پر جوتا دے مارا جس کے باعث مجمعے میں بھگدڑ مچ گئی تاہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ احسن اقبال نارو وال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک ایک نوجوان نے ان کی جانب جوتا اچھال دیا جو ان کے ہاتھ میں جالگا، بعد ازاں وزیر داخلہ کے کہنے پر گرفتار ملزم کی رہائی مل گئی۔

    وزیر خارجہ خواجہ آصف پر نوجوان نے سیاہی پھینک دی

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں وزیر خارجہ خواجہ آصف سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے لیے اسٹیج پر پہنچے ہی تھے ایک شخص نے سیاہی ان کی جانب پھینکی جس کے بعد ان کا چہرہ اور لباس سیاہ ہوگیا۔

    خیال کہ پاکستان میں کئی رہنماء جوتا کلب میں شامل رہے ہیں جن میں سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید شامل ہیں جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو سندھ اسمبلی کے اطراف میں نشانہ بنایا گیا اور سابق پاکستانی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف پر انٹرویو کے دوران جوتا اچھالا گیا تھا۔

    نارووال:‌ وفاقی وزیر احسن اقبال پر جوتے سے حملہ

    جوتا کلب میں شامل عالمی رہنماء

    سیاست دانوں پر جوتے سے حملہ نا صرف پا کستان بلکہ دنیا بھر میں ہوتا ہے، ایسے ہی واقعات عالمی منظر نامے پر متعدد بار دیکھنے میں آئیں۔

    سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش پر 2008 میں عراق میں ایک تقریب کے دوران صحافی کی جانب سے جوتا پھینکا گیا جس سے وہ بال بال بچ گئے تھے جبکہ سابق آسٹریلوی وزیر اعظم جان ہاروڈ پر اس وقت ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھالا جب وہ نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔

    علاوہ ازیں سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن پر لاس ایگاس میں تقریب کے دوران ایک خاتون نے جوتے سے حملہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ، بھارتی سابق وزیر داخلہ چدم برم، عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجر یوال، مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ پر بھی جوتوں کے وار ہو چکے ہیں جبکہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور ٹونی بلیئر بھی جوتا کلب کے ممبر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔