Tag: khuwaja asif

  • پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کیخلاف نیب جانے کی تیاری کرلی

    پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کیخلاف نیب جانے کی تیاری کرلی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے خواجہ آصف کی کرپشن کیخلاف قومی احتساب بیورو میں جانے کا فیصلہ کرلیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اجلاس میں نیب ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن پر تحریک انصاف نے ان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے نیب سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

    چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت کور گروپ کے اجلاس میں خواجہ آصف کیخلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    بنی گالہ اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی کور گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق ٹھوس شواہد موجود ہیں، وزیر خارجہ قوم کے لیےسیکیورٹی رسک ہیں،  یہ تمام شواہد نیب کو فراہم کئے جائیں، ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔

    انہوں نےعثمان ڈارکو خواجہ آصف کےخلاف نیب کو خط لکھنے کی ذمےداری سونپ دی، پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے فارن اکاؤنٹس سمیت اہم معلومات حاصل کرلی گئی ہیں۔

    پی ٹی آئی کور گروپ کےاجلاس کا اعلامیہ جاری

    علاوہ ازیں پی ٹی آئی کور گروپ کےاجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں خواجہ آصف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی کرپشن پر کارروائی کااصولی فیصلہ کیا گیا۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اقامے، اشتہاریوں اور کرپشن سے داغدار لوگوں پر مشتمل ہے، اجلاس میں شہباز شریف کی کرپشن کو بےنقاب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اس حوالے سے علیم خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے، یہ ٹاسک فورس شہبازشریف کی آشیانہ اسکیم سمیت دیگر کرپشن کو منظرعام پر لائےگی۔

    اعلامیہ میں بیرون ملک پاکستانیوں کےانتخابی حقوق پرسپریم کورٹ کے فیصلےکا خیر مقدم کیا گیا، پارٹی اوور سیز پاکستانیوں کے انتخابی حقوق کےلیے2012سے لڑرہی ہے، امید ہے جلد بیرون ملک پاکستانیوں کو ان کے انتخابی حقوق مل جائیں گے، اس کے علاوہ اجلاس میں عمران خان کی جانب سے کابل میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • افغانستان میں پاکستان کو مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دی جارہی ہے، خواجہ آصف

    افغانستان میں پاکستان کو مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دی جارہی ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیرِخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ افغانستان پاکستان کے مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دے دہا ہے، پاکستان کے خلاف بھارتی سازشیں بھی واضع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو طویل عرصے پناہ دی ‘ الزام تراشی ناقابلِ قبول ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے  دہشت گردوں کی روک تھا م  اور موثر سرحدی انتظام کے لیے باڑھ بھی لگائی، ہم افغانستان سے بھی ایسے ہی اقدامات چاہتے ہیں۔

    وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکہ اور افغانستان کی جانب سے مسلسل الزامات انتہائی ناقابل قبول ہیں۔ افغان طالبان اور کابل کے درمیان مذاکرات کے لیے کوشاں ہیں، ہماری ان تمام کاوشوں کے باوجود افغانستان پاکستان کے مطلوب دہشت گردوں کو اپنے خطے میں پناہ دے رہا ہے۔

    پاک افغان سفیروں کے درمیان مباحثےمیں تلخی

    خواجہ آصف  نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ روزانہ 70 ہزار لوگ پاک افغان سرحدعبور کرتے ہیں، افغانستان کو مہاجرین کی واپسی اور بہتر سرحدی انتظامات کی ضمانت دینا ہوگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی عالمی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہا ہے‘  اس کے باوجود  امریکہ پاکستان کو افغانستان کی جانب سے موثر اقدامات کی کوئی ٹھوس ضمانت دینے کو تیار نہیں ہے ۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال افغانستان میں سفارت کاری اور سیکورٹی چیلنجز کے حوالے سے کارنیگی میں منعقد ہ مباحثے میں پاکستانی سفیراعزاز چوہدری اور افغان سفیر حمد اللہ محبی کے درمیان تلخی دیکھنے میں آئی تھی۔

    افغان سفیر نے کئی مواقع پر پاکستان پر سنگین الزامات عائد کئے تاہم وہ کسی الزام کا ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ ماحول خراب کرنے کی بجائے اصل مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کی پیشکش کی ہے، خواجہ آصف

    امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کی پیشکش کی ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اب وہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا چنانچہ پاکستان نے امریکا کوحقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کی پیشکش ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کیا، وزیر خارجہ خواجہ نے بتایا کہ امریکا کو کہا ہے  کہ ہیلی کاپٹر میں ساتھ بیٹھ کر دورہ کریں اور جہاں حقانی نیٹ ورک کی سرگرمی دکھائی دی تو وہیں ملیا میٹ کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہی پیشکش آرمی چیف قمر باجوہ نے اپنے دورہ افغانستان میں افغان صدر کو بھی کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پُرامن افغانستان سب سے زیادہ پاکستان کے حق میں ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مل کام کرنے کو بھی تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اب وہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا اور اگر کوئی ہماری امداد بند کرنا چاہتا ہے تو شوق سے کر لے لیکن یہ بھی سمجھ لے کہ اگر زیادہ دباؤ ڈالا گیا تو چین، روس، ایران اور ترکی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے جس کے لیے اب کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • خود کو امریکا کا پرانا دوست سمجھتے ہیں، خواجہ آصف

    خود کو امریکا کا پرانا دوست سمجھتے ہیں، خواجہ آصف

    واشنگٹن : وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپناکردارادا کرتے رہیں گے، پاکستان نے القاعدہ کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، خود کو امریکا کاپرانا دوست سمجھتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ادارہ برائے امن میں خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں پاکستان کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا ہے، معاشی صورتحال بہترہوئی ہے اورہم ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

    افغانستان میں 16 سال کی جنگ کا بوجھ نئی حکومت کو اٹھانا پڑرہا ہے، افغانستان میں امن واستحکام کےخواہاں ہیں، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیاء کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے، ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کےساتھ کام کرنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔

    واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پاکستان پرامریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پناہ گاہوں کے ثبوت دے کارروائی ہم کرینگے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں کہ ہم امریکا کے پرانےدوست ہیں، ہم بھی خود کو امریکا کا پرانا دوست سمجھتے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں،اب تک لاکھوں افراد عالمی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔

    نائن الیون کے بعد ہم نے القاعدہ کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور آئندہ بھی اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


    مزید پڑھیں: پاکستان میں استحکام دیکھنا چاہتےہیں، امریکی وزیرخارجہ


    وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان صرف لڑ نہیں رہا یہ جنگ جیت بھی رہا ہے، ہم شکایت نہیں کررہے کہ ہم دہشت گردی کیخلاف لڑ رہے ہیں، گزشتہ چارسال سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جیت رہےہیں۔

    پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری سے معیشت بہترہوئی، پاکستان امریکا کےساتھ مشترکہ اہداف کیلئے مل کرکام کرنا چاہتا ہے۔

  • خواجہ آصف کی سشما سوراج سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

    خواجہ آصف کی سشما سوراج سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

    اسلام آباد : وزیر خارجہ خواجہ آصف کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا ہے، سشما سوراج نے اپنی تقریر میں نواز شریف کا نام بھی خواجہ آصف کی خواہش پر لیاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں میزبان سمیع ابراہیم نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکہ میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ایک خفیہ ملاقات کی ہے.

    سمیع ابراہیم کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر جس میں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے نواز شریف کے کردار کا ذکر تھا سابق وزیراعظم کا نام بھی خواجہ آصف کی خواہش پر لیا تھا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے بیورو چیف صابر شاکر نے کہا کہ خواجہ آصف پاکستان کے وزیر خارجہ نہیں بلکہ وہ ایک نااہل وزیر اعظم کے وزیر خارجہ ہیں، ان سے ایسی بات کی ہی توقع کی جاسکتی ہے۔

  • امریکہ کو بتادیا کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں، خواجہ آصف

    امریکہ کو بتادیا کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں، خواجہ آصف

    نیویارک : وزیرخارجہ خواجہ آصف نے برکس اعلامئے کو ہارٹ آف ایشیا سے تعبیر کردیا، خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی نائب صدر سے کہہ دیا ہے کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو ہمارے لئےناگوار ہوتی۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعظم شاہد خاقان کی امریکی نائب صدر سے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے امریکا کو بتا دیا ہے کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے وہاں ہیں جہاں سے پاکستان مخالف کارروائیاں ہوتی ہیں۔

    پاکستان میں طالبان کی محفوظ پناہ گاہوں کے الزامات بھی سراسر بے بنیاد ہیں، پاکستان نے ملک میں امن و امان کی بحال کیا ہے اور اس کے لئے اپنا معاشی نقصان بھی کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے امریکا پر واضح کردیا کہ افغانستان کا چالیس فیصد علاقہ طالبان کے پاس ہے، امریکہ طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کے حوالے سے ہمارے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرے تاکہ ہم ان کے خلاف کارروائی کر سکیں۔

    امریکا سے سوال کیا کہ امریکہ ہمیں اربوں ڈالر ز دینے کے دعوے کرتا ہے، بتایا جائے کہ پاکستان کو اربوں ڈالرکہاں اور کب دیئے؟ پاکستان نے خطے میں بحالی امن کیلئے کام کیا ہے۔

    امریکی نائب صدرنے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پارٹنربنیں۔ خواجہ آصف ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کو دلجمعی سے سنا اور کہا کہ امریکہ پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، آپ نے جو بیانیہ پیش کیا ہے امریکہ اس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

  • افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ طالبان سے مذاکرات کرے، خواجہ آصف

    افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ طالبان سے مذاکرات کرے، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں امن و امان کو قائم کرنے کے لیے طالبان سے مذاکرات کیے جائیں۔

    اسلام آباد میں وال اسٹریٹ جرنل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں فوجی حل کی سوچ ناکام پالیسی کی عکاسی کرتی ہے، اگر امریکا افغانستان میں مستقل امن قائم کرنا چاہتا ہے تو طالبان سے بات چیت کرے۔

    انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا اہتمام ہو سکتا ہے اگر امریکا عسکریت پسند گروہوں میں اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکہ اپنی ناکام حکمت عملی برقرار رکھے ہوئے ہے، طاقت کے ذریعے مسئلہ کا حل نکالنا ناممکن ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ چار ملکی گروپ میں پاکستان ، چین، امریکہ اورافغانستان کے علاوہ ایسے ممالک کو بھی شامل ہونا چاہیئے جو طالبان میں اثر رسوخ رکھتے ہیں۔

  • بیانات سے دنیا کے سامنے تماشا نہیں لگانا چاہئیے، ترجمان چوہدری نثار

    بیانات سے دنیا کے سامنے تماشا نہیں لگانا چاہئیے، ترجمان چوہدری نثار

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ بیانات سے دنیاکےسامنے تماشانہیں لگاناچاہیے، ہم خود اپنے بیانات کی وجہ سے بیرونی طاقتوں کو مواقع فراہم کرتے ہیں وہ اپنے ناکامیوں کا ملبہ ہم پر ڈال دے۔

    ترجمان چوہدری نثار نے ایک جاری بیان میں کہا کہ حساس معاملات پرحقائق، ریکارڈ کےمطابق بات ہونی چاہئے، دہشت گردی کیخلاف ہماری 26ہزارشہادتیں اور100ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    نقصانات کے باوجود پاکستان کو تنقید اور تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہم خود اپنے بیانات،رویوں کی وجہ سے اپنے پیچھے پڑے ہیں، ہم بیرونی طاقتوں کو موقع دیتے ہیں کہ وہ ہمارامذاق اڑائیں اور ناکامیوں کا بوجھ بھی ہم پرڈال دیں۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمارےملک کے وزیرخارجہ اور داخلہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ڈومور کرے، یہ دونوں حضرات گزشتہ ساڑھے چارسال سے وزیر ہیں، کیا انہوں نے کبھی کابینہ یا سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات کہی؟

    وزیر موصوف کو علم ہے کہ ان کے اس بیان کی بھارت میں کتنی پذیرائی ہوئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزراء کا کام بیان دینا نہیں بیماری کا علاج کرنا ہے۔

    ترجمان سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کیاداخلی سلامتی میں جون2013اورآج زمین آسمان کافرق نہیں؟ صورتحال میں بہتری اللہ کےکرم اورمشترکہ کوششوں سے ہے۔

  • خواجہ آصف نے خارجہ پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا

    خواجہ آصف نے خارجہ پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ خواجہ آصف چین کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں ‘ روانگی سے قبل انہوں خارجہ پالیسی کے بنیادی خدو خال میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بتائیں کہ ہم نے کتنی قربانیاں دی ہیں‘ قربانیوں کا اعتراف کرنے والے ممالک کے ساتھ پاکستان آگے بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ خواجہ آصف آج چین روانہ ہوگئے ہیں‘ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ ہیں‘ روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پرتنہائی کاشکارنہیں ۔خارجہ پالیسی کے نئے خدوخال لائیں گے اور کشمیرکوہرفورم پراجاگرکریں گے۔

    وزیرخارجہ خواجہ آصف نے خارجہ پالیسی پر پریس بریفنگ میں دوٹوک موقف بیان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بیانیہ تیارکرلیا ہے ،دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کتنی لازوال قربانیاں دیں ۔

    تین روزہ سفراء کانفرنس کے اختتام پر خواجہ آصف نے کہا امریکہ کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کررہےتاہم تعلقات کوباہمی احترام پرمبنی دیکھناچاہتےہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کے ساتھ بنیادی مسئلہ کشمیر ہے، کشمیرکوہرفورم پراجاگرکرنےکافیصلہ کرلیا ہے۔

    انہوں نےکہاکہ یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان عالمی طور پر تنہائی کا شکار ہے،گزشتہ چالیس سال کا ملبہ کچھ دنوں میں ٹھیک کردیا جائے یہ ممکن نہیں۔

    وزیر خارجہ خواجہ آصف کہتے ہیں امریکا سے تعلقات ختم نہیں کررہےملکی مفادترجیح ہے،خطےمیں تبدیلیوں کےتناظرمیں کچھ فیصلےجلدکرناہوں گے،آج چین جارہا ہوں، دو تین دن میں ایران جاؤں گا‘ایرانی صدراوروزیرخارجہ سےملاقات شیڈول ہے۔ایران کےساتھ طویل سرحدرکھتےہیں تعلقات تاریخی ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ محتاط انداز میں کہوں گا کہ خارجہ پالیسی کا نیا خدو خال لے کر آئیں گے ‘ وزیر اعظم نے بھی نئے خدوخال پر زور دیا ہے ۔جنرل اسمبلی کےدورےسےپہلےدوست ممالک کادورہ کروں گا‘ کشمیرکوہرفورم پراجاگرکرنےکافیصلہ کیاہے۔

    خواجہ آصف نے برکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’برکس میں نئی بات نہیں یہی ہارٹ آف ایشیامیں بھی تھا۔برکس میں جن تنظیموں کانام لیاگیا وہ پاکستان میں کالعدم ہیں‘ چین نےبرکس اعلامیہ میں بھارت کی بہت چیزیں شامل نہیں کیں‘۔

    گزشتہ روز افغان وزیرِ داخلہ سے رابطہ ہوا‘ ہم چاہتےہیں افغانستان سےبرادرانہ تعلقات ہوں‘ خطےمیں رہنےوالےخوداپنےمسائل کابہترحل ڈھونڈسکتےہیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان واحدملک ہےجس نےدہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی‘ ہم نےدہشت گردوں کااپنےملک سےصفایاکیا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نےبہت کچھ کھویا ہے ‘ پایاکچھ نہیں،دنیابےشک انکارکرےلیکن پاکستان کی بہادرقوم ہے اور آج ملک میں امن کا سبب فوج کی لازوال قربانیاں ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، چینی سفیر

    دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، چینی سفیر

    اسلام آباد : چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق چینی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، پاکستانی وزیر خارجہ جلد چین کا دورہ کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، چین دہشتگردی کےخلاف پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتاہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف 8ستمبرکو چین کادورہ کریں گے، پاکستانی وزیر خارجہ کا دورہ بیجنگ امریکا کی نئی پالیسی کے تناطر میں ہے۔

    خواجہ آصف کے دورہ بیجنگ میں برکس اعلامیے پر بھی بات چیت ہوگی، علاقائی چیلنجز سے متعلق چین اور پاکستان رابطے میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برکس اعلامیے میں پاکستان سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا گیا، برکس اعلامیے میں کالعدم قرار دی گئی تنظیموں سے متعلق بات کی گئی تھی۔

    خواجہ آصف کل چین کا یک روزہ دورہ کریں گے

    علاوہ ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ وزیرخارجہ خواجہ آصف 8ستمبرکو ایک روزہ دورے پرچین روانہ ہوں گے، خواجہ آصف چینی ہم منصب سےملاقات کریں گے۔

    اس کے علاوہ وہ چینی خارجہ امور کےاسٹیٹ قونصلر ودیگرحکام سے بھی ملاقاتیں کرینگے، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ملاقاتوں میں خطےکی ترقی اورافغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کاجائزہ لیا جائے گا۔،

    ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف چین کے دورے کے بعد روس، ترکی اور ایران کا دورہ بھی کریں گے۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔