Tag: khuwaja asif

  • روہنگیا مسلمانوں پر تشدد قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، خواجہ آصف

    روہنگیا مسلمانوں پر تشدد قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیر کیلئے چیلنج ہے، نہتے انسانوں پرتشدد عالمی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ہم کشمیری اور فلسطینیوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے روہنگیا مسلمانوں کیخلاف پرتشدد کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار عالمی برادری کے ضمیر کیلئے چیلنج ہے۔

    خواجہ آصف نے مزید کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پرتشدد عالمی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ اور ان پر میانمار فوج کے بد ترین تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیر، فلسطین،روہنگیا کے مسلمانوں کی حمایت کےعزم کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات اور خطے کا امن ایک دوسرے سےجڑا ہے،

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کیا۔ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کشمیری بھائیوں کے حقوق کیلئے پاکستان ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا اور فلسطینیوں کی علیحدہ ریاست کیلئے جدوجہد بھی ہمارے دل کے قریب ہے۔

    پاکستان اس ضمن میں ہمیشہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھےگا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا نے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کشمیریوں اور فلسطینی عوام کا کیس صحیح طریقے سے نہیں لڑا، روہنگیا، کشمیر، فلسطین پر مظالم مسلم دنیا کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تین ملین سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے منصفانہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے انجام سے بے پرواہ ہوکر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • دوسرا وزیراعظم لانے کا کوئی آپشن نہیں، خواجہ آصف

    دوسرا وزیراعظم لانے کا کوئی آپشن نہیں، خواجہ آصف

    سیالکوٹ : وفاقی وزیر دفاع و بجلی و پانی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے تین نسلوں کا حساب دے دیا، نواز شریف کی نا اہلی کا نہیں سوچا، دوسرا وزیر اعظم لانے کا کوئی آپشن نہیں، عمران خان ڈبل شاہ ہے، انہوں نے کالا دھن سفید کیا اس کی تلاشی کی باری اب شروع ہوئی ہے، نوازشریف سرخرو ہوں گے ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب عمران خان اور جہانگیر ترین بھی نوازشریف کی طرح اپنے والد کا حساب دیں، عمران خان کو فطروں اورخیرات کے پیسوں کا حساب دینا ہوگا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو خیراتی ادارے کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، جس کڑے احتساب سے ہم گزرے مخالفین کو بھی گزرنا ہوگا، عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم میں ایک فیصد دے کر اپنا کالا دھن سفید کیا، یہ ڈبل شاہ ہے۔

    عمران خیرات کے پیسے سے بیرون ملک کاروبار کرتے ہیں اور میں اس الزام پر قائم ہوں اور میرے خلاف عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ ہے اور میں اس الزام پر قائم ہو ں کہ قوم کی خیرات کو لٹایا گیا ہے جس کا عمران خان کو کوئی اختیار نہیں ہے۔

    عمران خان نے تو عدالت میں کہہ دیا ہے کہ ان کے پاس ریکارڈ نہیں، عدالتوں میں یہ لوگ ٹائیں شائیں کرتے ہیں ان کےوکیل نہیں آتے، انصاف کے تقاضوں کی بات نہیں کروں گا وہ عدلیہ جانے اور اس کا کام۔

    انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کو کون لوگ پیسے دیتے ہیں، بھارت کے متل کا پوتا اورایک یہودی کیوں انہیں فنڈ دیتے ہیں، اب دیکھنا ہوگا کہ شوکت خانم اور دیگرادارے منی لانڈرنگ میں تو استعمال نہیں ہورہے؟ عمران خان نے ثابت کرنا ہے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بنی گالہ کا ہزاروں کنال کا گھر بھی متنازعہ ہے کیونکہ وہ کبھی اپنی متعلقہ بیوی کے پیسوں سے خرید اری کا کہتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں باہر فلیٹ خرید کر بنایا تھا، مطلقہ بیویاں تو نان نفقہ مانگتی ہیں جبکہ عمران خان کو اس کی مطلقہ بیویاں کروڑوں روپے بھیج رہی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دوسرا وزیراعظم لانے کا آپشن زیر غور نہیں ہے، وزیراعظم کی نااہلی کے بارے میں ہم نے سوچا تک نہیں، موجودہ حالات میں پاکستان اس طرح کی سوچ کا متحمل نہیں ہو سکتا، نااہلی کی باتیں محض مفروضہ ہیں اور میں کسی مفروضے پرتبصرہ نہیں کروں گا۔

  • متبادل وزیراعظم کیلئے خواجہ آصف کا نام سرفہرست

    متبادل وزیراعظم کیلئے خواجہ آصف کا نام سرفہرست

    اسلام آباد : پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں متوقع یا غیر متوقع فیصلہ آنے کی صورت میں نواز لیگ نےحکمت عملی تیار کرلی، وزیر اعظم کی نااہلی کی صورت میں متبادل وزیراعظم کیلئے خواجہ آصف مضبوط امیدوار بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ،نواز لیگ نے پاناما کیس کے متوقع فیصلے میں وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے اپنی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں اس حوالے سے طویل مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے اور کیس کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں: پاناما کیس : وزیراعظم کی سربراہی میں اہم اجلا س شروع


    مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پانامہ فیصلہ خلاف آنے پر خواجہ آصف کا نام متبادل وزیر اعظم کے لئے سرفہرست ہے۔


    مزید پڑھیں: وزیراعظم سے اختلافات، چوہدری نثار کے مستعفی ہونے کا

    امکان


     

  • خواجہ آصف کی آمد، اسٹیڈیم میں‌ گو نواز گو کے نعرے

    خواجہ آصف کی آمد، اسٹیڈیم میں‌ گو نواز گو کے نعرے

    سیالکوٹ : وفاقی وزیر خواجہ آصف کی موجودگی میں بھی کرکٹ گراؤنڈ میں گو نواز گو کے نعرے لگ گئے، وزیر دفاع سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم سے میچ ختم ہو نے سے پہلے ہی چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اوروفاقی وزیر کی موجودگی میں وزیراعظم مخالف نعرے لگ گئے، سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم میں نائٹ کرکٹ میچ کے دوران تماشائیوں نے خواجہ آصف کو دیکھا توآسمان سر پراٹھا لیا۔

    حاضرین نے انہیں دیکھ کر گو نواز گو کے نعرے لگائے، ویڈیو بنانے والے سیالکوٹی تماشائی نے لائیو کمنٹری بھی کی اور کمنٹری کے دوران حکومت پر مزاحیہ انداز میں تنقید بھی کی۔

    صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے خواجہ آصف میچ ختم ہونے سے پہلے ہی اسٹیڈیم سے اٹھ کر چلے گئے۔


    مزید پڑھیں : اسلام آباد : لیگی وزراء کی موجودگی، فٹبالاسٹیڈیم میں گو نواز گو کے نعرے


    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی موجودگی میں اسلام آباد کا فٹبال گراؤنڈ بھی گو نوازگو کے نعروں سےگونجا تھا۔

    علاوہ ازیں لاہور میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو دیکھ کر گو نواز گو کےنعرے لگانے والے ایک ایتھلیٹس کو پولیس نے اپنا مہمان بنا کر ڈرائنگ روم کی سیر بھی کروائی تھی۔

  • جنرل راحیل شریف نے این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا‘ خواجہ آصف

    جنرل راحیل شریف نے این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا‘ خواجہ آصف

    اسلام آباد: کسی مسلم ملک یا مسلک کے خلاف جارحیت کا حصہ نہیں بنیں گے، جنرل (ر) راحیل شریف نے این او سی کے لئے اپلائی نہیں کیا، کلبھوشن 60 دن کے اندر اندر اپیل دائر کرسکتا ہے۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی مسلم ملک یا مسلک کے خلاف جارحیت کا حصہ نہیں بنے گا، اگر کسی بھی اسٹیج پر ایسا ہوا تو ہم اتحاد سے علیحدہ ہوجائیں گے۔


    حکومت نے راحیل شریف کو این او سی جاری کردیا


    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) راحیل شریف نے این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا، کوئی بھی فوجی افسر دو سال بعد این او سی کے لئے اپلائی کرسکتا ہے۔

    کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں، کلبھوشن کے خلاف ساڑھے تین ماہ سے مقدمہ چل رہا تھا۔ کلبھوشن یادیو 60 دن کے اندر اپیل کرسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں آج بھی قتل عام کررہا ہے، سوچا سمجھا قتل عام سمجھوتا ایکسپریس میں کیا گیا تھا، ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔


    بھارتی جاسوس کلبھوشن یاد یو کو سزائے موت سنا دی گئی


    دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، 16 ممالک آج تک کابل کا کنٹرول حاصل نہیں کرسکے، پاکستان کے کونے کونے میں ہماری رٹ قائم ہے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ صدیوں پرانے تعلقات ہیں، ایران کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • خواجہ آصف اورسعد رفیق کی تقاریرسے مایوسی جھلک رہی ہے، نعیم الحق

    خواجہ آصف اورسعد رفیق کی تقاریرسے مایوسی جھلک رہی ہے، نعیم الحق

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کے لہجوں سے شکست اور مایوسی جھلک رہی ہے، دونوں وزیروں نے اپنی ناکامی تسلیم کرلی، 2017 الیکشن ہی نہیں ن لیگ کی بربادی اور شرمندگی کا سال ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام میں آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف اورخواجہ سعدرفیق کی تقاریرپر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا، نعیم الحق نے کہا کہ دونوں وزراء نے تقاریرمیں نواز لیگ کی ناکامیوں کی داستان سنائی اورتحریک انصاف کو ذمےدارٹھہرانے کی بیہودہ کوشش کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں جانتے ہیں کہ انہوں نے قوم کو لوٹنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، ان کے اعمال نامے میں پاناما کے سواپیش کرنے کیلئے کچھ نہیں، پاناما کیس تو ایک طرف ان کی کارکردگی انہیں اقتدارسے باہر پھینکنے کیلئےکافی ہے، نالائق اور کرپٹ عناصر کا ٹولہ اپنے انجام سے واقف ہے۔

    ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں عوام کو بجلی، گیس، تعلیم، صحت، روزگار سمیت کچھ نہیں دیا، یہ لوگ  پاناما کا پوچھنے پرقطری خط دکھاتے ہیں اور کارکردگی کے سوال پر گالیاں دیتے ہیں۔

    نعیم الحق نے کہا کہ حقیقی حزب اختلاف سامنےآئی ہے تو وزراء کو پاگل پن کے دورے پڑنے لگے، پارلیمان کو جھوٹ،گالیوں اور دست درازی کیلئے اکھاڑہ بنادیا گیا ہے۔ 2017الیکشن ہی نہیں ن لیگ کی بربادی اورشرمندگی کاسال ہے، چوری کی گئی دولت واپس دلوانے کیلئے ہرجگہ ان کاتعاقب کرینگے۔

  • لیگی رہنماؤں کی پی پی اور پی ٹی آئی پرشدید تنقید

    لیگی رہنماؤں کی پی پی اور پی ٹی آئی پرشدید تنقید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کمیشن کا تقاضا کرنے والے اب خود بھاگ گئے۔ عابد شیرعلی نے کہا کہ بلاول بھٹو شوق سے سڑکوں پرآئیں اس بہانے سے وہ پنجاب کی سڑکیں بھی دیکھ لیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، لیگی رہنماؤں نے پانامہ لیکس پر حالیہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کیخلاف لفظی گولہ باری تیز کردی۔

    دونوں جماعتیں ان کے نشانے پر آگئیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے اتنا جھوٹ بولا کہ اب انہیں یاد نہیں کہ ان کے کیا مطالبات تھے؟

    خواجہ آصف نے کہا کہ پا کستان تحریک انصاف کوسیالکوٹ میں میئراورڈپٹی میئرکے انتخابات میں تجویز اورتائید کنندہ نہیں ملے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا ہر گھڑی بدلتا مؤقف انتشار کی سیاست پر مبنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پنجاب اور مرکز میں مناپلی ہے تو صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہے،سندھ او پنجاب کی کارکردگی میں واضح فرق ہے،پیپلز پارٹی سیاسی جماعت ہے ان سے لاک ڈاﺅن جیسی دھمکیوں کی امید نہیں ہے۔

    وزیر بجلی عابد شیر علی نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بڑے شوق سے سڑکوں پر آئیں تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ پنجاب میں کتنی ترقی ہوئی۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چار مطالبات منظور نہ ہونے پر ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کے اعلان کی دھمکی دے رکھی ہے۔

  • وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کے ہمراہ دبئی روانہ

    وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کے ہمراہ دبئی روانہ

    اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کےہمراہ دبئی چلے گئے وزیر دفاع کی بیرون ملک روانگی پرسوالات اُٹھنےلگے۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی میں شرکت کیلئے دبئی آیاہوں، کل صبح وطن واپس آجاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق متنازع خبرکی تحقیقات اورسرحدوں پرکشیدگی کے حالات میں وزیردفاع خواجہ آصف اہل خانہ کےہمراہ دبئی چلے گئے،موجودہ صورت حال میں ان کی بیرون ملک روانگی پرسوالات اُٹھنےلگے ہیں۔

    ذرائع کےمطابق وزیردفاع خواجہ آصف دوپہر ایک بجے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے ٹو ڈبل ون کے ذریعے روانہ ہوئے۔ ملک میں ایک جانب سیاسی کشیدگی عروج پرہے تو دوسری طرف سرحدوں پربھارتی فوج روایتی دشمنی کی بھڑاس نکال رہی ہے ایسے میں وزیردفاع کابیرون ملک چلے جانا کئی سوالات کوجنم دینے لگا۔

    دو نومبر کووزیراعظم نے بھی کرغزستان جانا تھا لیکن انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔ دوسری طرف خواجہ آصف نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ شادی کے لیے دبئی آئےہیں، کل صبح وطن واپس پہنچ جاؤں گا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی حالات دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں۔

    ایک طرف سرل المائڈا کی متنازع خبر حکومت کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے تو دوسری جانب عمران خان کی جانب سے دو نومبر کو دھرنے کے اعلان نے حکومت کے سکھ کا سانس چھین لیا ہے ،ایسے حالات میں پاکستان چھوڑ کر جانے پر خواجہ آصف انگلیاں اٹھنے لگی ہیں۔

  • وزراء کی عدم موجودگی پرچیئرمین سینیٹ کا اظہار برہمی

    وزراء کی عدم موجودگی پرچیئرمین سینیٹ کا اظہار برہمی

    اسلام آباد : سینیٹ میں وزراء کی عدم موجودگی پر چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی برہم ہوگئے، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کی جگہ وزیر مملکت عابد شیرعلی کو ایوان میں جواب دینے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہوا تو ایوان میں وزراء کی کم شرکت پرچیئرمین نے برہمی کا اظہار کیا.

    سینیٹ میں کالا باغ ڈیم  سے متعلق الیاس بلور اورعاجز دھامرہ کےتوجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے جواب دینے کی کوشش کی تو چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے وفاقی وزیر خواجہ آصف خود ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی ایسی کیا مصروفیات ہیں کہ سینیٹ میں نہیں آسکتے۔ جس کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ خواجہ آصف دفاع  کے بھی وزیر ہیں انہیں اس سلسلے میں سارا دن مختلف وفود سے ملنا ہوتا ہے۔

    چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا کہ اگر وزیر دفاع خواجہ آصف دو وزارتیں نہیں سنبھال سکتے تو وزیر اعظم کو بتا دیں۔  بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس بدھ سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

     

  • شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا

    شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ نوٹس کی کاپی اے آروائی نیوزکوموصول ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کی معافی تلافی بھی کسی کام نہ آئی۔ شیریں مزاری کا غصہ کم نہ ہوا۔ بلکہ ان کے لہجے میں مزید تلخی آ گئی۔

    پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو دس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ پارلیمنٹ میں شیریں مزاری خوب گرجی برسیں اور اب شیریں مزاری نے خواجہ آصف کو 10کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیاہے۔

    لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے خواجہ آصف نے ایوان میں جو الفاظ استعمال کیے اس سے میری بے عزتی ہوئی، خواجہ آصف نے مجھ سے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو نازیبا لفظ سے مخاطب کرنے پر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔

    دوسرے دن خواجہ آصف نے اپنے الفاظ پر معافی بھی مانگی جسے شیریں مزاری نے قطعی طور پر مسترد کردیا۔ بعد ازاں اسی معاملے پر اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔