اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے بجلی و آب پاشی خواجہ آصف نے ایک بارپھراس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سحروافطاراورتراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈںگ نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار ’’کے الیکٹرک ‘‘ ہے کیونکہ وزارتِ بجلی و آب پاشی کی جانب سے کراچی 650 میگا واٹ بجلی مہیا کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کے 93 فیصد شہری اور 86 فیصد دیہی علاقوں کو بلا تعطل بجلی مہیا کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوتحال معمول پرآرہی ہے اور لوڈ شیڈنگ پر بتدریج قابو پایا جارہاہے، وفاقی حکومت کا شکایتی مرکز بھی تکنیکی فالٹس کی فی الفور درستی کے لئے 24 گھنٹے کام کررہاہے۔
دوسری جانب وزیر مملکت عابد شیرعلی نے بھی کراچی میں بجلی کے بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قراردے دیا، ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔