Tag: khuwaja izhar

  • وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    وزیر بلدیات سندھ کا بیان سمجھنے سے قاصر ہوں، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، شہر قائد میں آلائشیں اٹھانے کا مناسب نظام موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں ہے اور  وزیر  بلدیات سندھ کا بیان سمجھنےسے قاصر ہوں۔

    متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بلدیات کی وزارت اندازوں پر چل رہی ہے، بلدیاتی نمائندے بغیر کسی مدد کے کام کر رہے تھے۔

    سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا مربوط نظام موجود نہیں۔

    خیال رہے کہ عید کا تیسرا روز گزرنے کے بعد سندھ حکومت شہر قائد سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں‌ تاحال ناکام رہی ہے.

    کراچی میں انتظامیہ کے مطابق عید کے تینوں دن دس لاکھ سے زائد جانوروں کو قربان کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق شہر کی سڑکوں، گلیوں سے آلائشیں مکمل طور پر نہ اٹھائی جاسکیں، کچرے کے ڈھیروں میں آلائشیں موجود ہونے سے تعفن پھیلنے لگا جبکہ ضلع وسطی، جنوبی، غربی اور ملیر میں آلائشیں اٹھانے کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔

  • مشترکہ پریس کانفرنس ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، خواجہ اظہار

    مشترکہ پریس کانفرنس ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، خواجہ اظہار

    متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ کاجس نے کہا اسی سے پوچھا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ کراچی کی سیاسی مفاہمتی فضا سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں  جس نےکہا اسی سے پوچھا جائے۔

    کراچی کے امن کی خاطر پی ایس پی والوں سے مفاہمت کی، ان سے جب بھی ملے ہیں پارٹی وفد کے ساتھ ملے ہیں اور یہ کوئی انوکھی بات نہیں ایم کیوایم پاکستان دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی ملتی ہے، متحدہ قومی موومنٹ کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرسکتی ہے۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ملاقات میں پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا، ایم کیوایم پاکستان اپنے نام اور نشان کو نہیں ختم کرےگی، ہم سیاسی فضا کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار کے ساتھ بیٹھ کراتنی بات کہہ دی کہ ایم کیوایم کو دفن کریں گے، مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، فاروق ستار نے پوری رابطہ کمیٹی کو پی ایس پی سے متعلق اعتماد میں لیاتھا۔

    انہوں نے بتایا کہ پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقات کے وقت ایم کیوایم کا وفد موجود تھا، نسرین جلیل اس دوران نہیں تھیں، فاروق ستار نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا، معاہدہ یہ تھا کہ اجلاس میں مزید بات کرکے دونوں جماعتوں کا انضمام ہوگا۔

    پی ایس پی اور ایم کیوایم ملاقات میں کسی کا کردارنہیں، رضا ہارون

    دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی رہنما رضا ہارون نے کہا کہ پی ایس پی اورایم کیوایم کامعاہدہ بھی سب کے سامنےموجود ہے، معاہدہ یہی ہوا تھا کہ ایک نئے نشان،نام اور منشورکے ساتھ الیکشن لڑیں گے، پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان کا انضمام ہونے کامعاہدہ ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جو آواز پی ایس پی نے لگائی تھی وہ ہی اب ایم کیوایم کہہ رہی ہے، کراچی کےعوام کی خواہش تھی کہ دونوں جماعتیں ایک ہوجائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ پی ایس پی اورایم کیوایم ملاقات میں کسی کا کردارنہیں تھا، پی ایس پی اپنے فیصلےاور پالیسیاں بنانے میں آزاد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فاروق ستار بتائیں وہ کس انجینئرڈ سیاست کی بات کررہےتھے، بات یہ ہوئی تھی کہ ایک مدعے پر پہنچے بغیر دونوں جماعتیں قائم رہیں گی، ایم کیوایم پاکستان کسی سے بھی اتحاد کرےہمیں فرق نہیں پڑتا۔

    رضا ہارون نے مزید کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کو24گھنٹے بعد غلطی کیوں یاد آئی؟ فاروق ستاراسی دن بات کرلیتے تو اچھا ہوتا۔

    کیا ایم کیوایم پاکستان لاڑکانہ کامینڈیٹ تقسیم ہونے سے بچارہی ہے؟ ہمارا مطالبہ ہے فاروق ستار کے اعلیٰ حکام کو لکھے گئے خط کو پبلک کردینا چاہیے۔

  • خواجہ اظہار پر حملہ آور ملزم کے گھر پر چھاپہ‘ والد گرفتار

    خواجہ اظہار پر حملہ آور ملزم کے گھر پر چھاپہ‘ والد گرفتار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم کی شناخت ہوگئی ہے‘ خواجہ اظہار گزشتہ روز ہونے والے حملے میں محفوظ رہے تھے‘ تاہم دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزنمازِ عید کی ادائیگی کے بعد خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم کی شناخت حسان کے نام سے ہوئی ہے‘ مذکورہ ملزم پولیس کی مبینہ جوابی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

    حسان نامی اس ملزم کے سہراب گوٹھ میں واقع گھر پرچھاپہ مار کرقانون نافذ کرنےوالےاداروں نےملزم کےوالد اوردیگرافرادکوحراست میں لےلیا ہے۔

    خواجہ اظہار الحسن قاتلانہ حملے میں بچ گئے، گارڈ جاں بحق*

    سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار گزشتہ روز ہونےوالے اس حملے میں محفوظ رہے تھے تاہم ایک بچہ اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ پانچ افراد اس واقعے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔

    خواجہ اظہار الحسن کا ا س واقعے کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے انٹرویو میں ان کا کہنا تھاکہ ممکن ہے ان پر حملے کی منصوبہ بندی میں ایسے لوگ شامل ہوں جو ان کے قریب ہیں کیونکہ انھوں نے اپنے نماز کے شیڈول اور جگہ کو خفیہ رکھا تھا۔

    دوسری جانب انہوں نے خود پر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے میں ایم کیو ایم لندن کے ملوث ہونے کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ حملےمیں کون ساگروپ ملوث ہے،ابھی نہیں کہاجاسکتاہے‘ قیاس آرائیوں سےتفتیش متاثرہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی دھڑےبندی کےبعدایم کیوایم پاکستان کوخطرات سےآگاہ کیاتھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • فاروق ستاراوراظہارالحسن رہا، کنورنوید جلیل اورقمرمنصورتحویل میں

    فاروق ستاراوراظہارالحسن رہا، کنورنوید جلیل اورقمرمنصورتحویل میں

    کراچی: ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار اور سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن کو رینجرز نے رہا کردیا جب کہ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا، کنویر نوید جمیل اور قمر منصور کو اپنی تحویل میں کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق ان رہنمائوں سے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے افراد اور میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والے افراد سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ ان دونوں رہنماؤں کو رینجرز حکام نے کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس سے قبل پوچھ گچھ کیلئے اپنی حراست میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : فاروق ستار سمیت متحدہ کے چار رہنما زیر حراست

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور،وسیم احمد، کنور نوید جمیل اور ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو بھی رینجرز نے حراست میں لے لیا۔

     

  • ہم سوال کرتے رہینگے، خواجہ اظہار، صبرکا دامن نہیں چھوڑا، نثارکھوڑو

    ہم سوال کرتے رہینگے، خواجہ اظہار، صبرکا دامن نہیں چھوڑا، نثارکھوڑو

    کراچی : سندھ اسمبلی میں گذشتہ روز ہو نیوالی تلخی کی باز گشت آج بھی سنائی دی۔ قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہم سوال کرتے رہیں گے، جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا دوسرے دن کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ایک گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ کل کے جھگڑے کی بازگشت دوسرے روز بھی سندھ اسمبلی میں سنائی دی۔

    اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کل ایوان میں لیڈر شپ کو نشانہ بنایا گیا جو قابل افسوس ہے۔ بجٹ تقاریر میں ہم اب بھی حکومت پر سخت تنقید جاری رکھیں گے، کیونکہ ہم سوال کرتے رہیں گے، جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام اراکین کو ایک دوسرے کی لیڈر شپ کا احترام کرنا چاہیئے، پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پر بھی ذاتی حملہ ہوتا رہا جو برداشت کیا۔ کرپشن اور منی لانڈری کے الزامات لگائے گئے جو ہنس کر سن رہے تھے۔ ہماری لیڈر شپ کا نام لیا گیا جس کے لئے ہم جانیں بھی قربان کرسکتے ہیں۔

    اس موقع پر اسپیکرآّغا سراج درانی نے کہا کہ کل واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، تمام ارکان اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور قیادت پر حملوں سے گریز کریں ۔

    اپوزیشن کا کام حکومت کے کاموں پر تنقید کرنا ہے ۔ اپوزیشن بھی ذاتی حملوں سے اجتناب کرے ۔ میں کسی کی قیادت کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دونگا۔

    علاوہ ازیں آج بھی متحدہ کے رکن اسمبلی ظفر کما لی نے جب تقریر شروع کی تو پیپلز پا رٹی اراکین نے شور مچایا اسپیکر نے انہیں چپ رہنے کی تلقین کی۔

     

  • کے ایم سی اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے آگاہی مہم کا آغاز

    کے ایم سی اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے آگاہی مہم کا آغاز

    کراچی : کے ایم سی اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہار الحسن نے کے ایم سی اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے آگاہی مہم کا افتتاح کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ سال سے شہر کی سڑکوں پر زیبرا کراسنگ بنائے ہی نہیں گئے۔

    شہر کی مختلف شاہراہوں پر زیبرا کراسنگ بنارہے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن کا کا کہنا تھا کہ شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جس میں حکومت کی کارکردگی نظر آئے۔

     

  • سندھ میں فوری طور ایمرجنسی نافذ کی جائے، خواجہ اظہارالحسن

    سندھ میں فوری طور ایمرجنسی نافذ کی جائے، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی :متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حالات ایسے ہیں کہ سندھ میں فوری طور پرایمرجنسی نافذ کی جائے۔

    جس کے جواب میں  شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ ایمرجنسی کسی مسئلے کا حل نہیں،جب ضرورت پڑتی ہے تب فوج طلب کی جاتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکیا، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سانحہ پشاوراورشکارپورصوبائی حکومتوں کی غفلت کا نتیجہ ہیں سندھ بھر میں ہنگامی طور پر ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

    اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کسی مسئلہ کا حل نہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ ایمرجنسی کا مطالبہ کرنا عقلمندی کی بات ہے، حکومت سندھ سیکیورٹی پربھرپورتوجہ دے رہی ہے۔

    مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا کہ سول اسپتال شکارپورمیں ڈاکٹرزموجود نہیں تھے اور دوائیاں بھی موجود نہیں تھیں جس کی وجہ سے کئی زخمی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    اس موقع پر امتیاز شیخ نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔