Tag: Khuwaja izhar ul hasan\

  • سندھ کے وزراء لطیفے بازی کرتے ہیں، خواجہ اظہارالحسن

    سندھ کے وزراء لطیفے بازی کرتے ہیں، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ء خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ سندھ کے وزراء لطیفے بازی کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ نے ٹوئیٹ کرنے کے لیے بھی کسی بندے کو رکھا ہوا ہے۔

    پاگل خانے کے پاگلوں کو اگر ان کے بیانات ٹی وی پر دکھائے جائیں تو وہ کہیں گے کہ اصل پاگل تو باہر ہیں۔ کراچی میں اس وقت کام اراکین قومی اسمبلی کو دیے گئے وفاقی فنڈز سے ہورہا ہے اور اس پر بھی سندھ حکومت اور وزیراعلی سندھ کے سینے پر سانپ لوٹ رہے ہیں۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ کراچی کا سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے ، شہر قائد کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، دس ماہ کا عرصہ گزر گیا کراچی کے مختلف اضلاع کے ایڈمسٹریٹرز نے آخر کیا کام کیا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ظلم تو یہ ہے کہ بارش کا پانی کھڑا ہونے اور اس میں کرنٹ دوڑنے سے ایک باپ اپنے بچے کی ولادت سے دس منٹ پہلے ہلاک ہوجاتا ہے اس کا وفاقی اور سندھ حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا، کراچی میں کسی انسان کا مرنا اب معمولی سی بات ہوگئی ہے۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کے چار اسپتال اپنی ماتحتی میں لے لیے اس پر ایم کیو ایم بھرپور مزاحمت کرے گی۔

    ان کا مزید کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایم کیو ایم تین بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت سے باہر آچکی ہے اور اب بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے یا پھر اس کا کوئی اور حل تلاش کرے۔

  • ایم کیوایم کا یوم تاسیس: خواجہ اظہارنے فاروق ستارکو اہم پیغام پہنچا دیا

    ایم کیوایم کا یوم تاسیس: خواجہ اظہارنے فاروق ستارکو اہم پیغام پہنچا دیا

    کراچی : سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورایم کیوایم بہادر آباد کے رہنما خواجہ اظہارالحسن ڈاکٹر فاروق ستارکو منانے کیلئے اہم پیغام لے کر پی آئی بی کالونی پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم بہادرآباد کی جانب سے فاروق ستار کو منانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں لیکن روٹھنے اور منانے کا یہ معاملہ اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ اظہارالحسن کی پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹر فاروق ستار سے اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں خواجہ اظہارالحسن نے بہادر آباد کا مصالحتی پیغام فاروق ستار کو پہنچادیا۔

    خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ آپ یوم تاسیس سے پہلے بہادرآباد آجائیں، جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ میری طرف سے کوئی ضد اور انا نہیں میں 18مارچ کو مشترکہ یوم تاسیس منانے کی پیشکش پہلے ہی کرچکاہوں کہ ایم کیو ایم کا یوم تاسیس مزارقائد باغ جناح میں مشترکہ طور پر منائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس یوم تاسیس میں خالد مقبول صدیقی اور میں تقریرکریں، پارٹی معاملات اور رابطہ کمیٹی سے متعلق بھی خالد مقبول اور مجھے فیصلہ کرنے دیں، انہوں نے کہا کہ میں ثالثوں کی کوشش کو سراہتاہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • گورنرکی تقرری کیلئے ہم سے نہیں پوچھا گیا، خواجہ اظہارالحسن

    گورنرکی تقرری کیلئے ہم سے نہیں پوچھا گیا، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ وفاق نے گورنرسندھ کی تعیناتی سے متعلق ہم سے نہیں پوچھا، امید کرتے ہیں نئے گورنرسندھ محمد زبیر شہری اوردیہی سندھ کے درمیان توازن قائم کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام”الیونتھ آور“ میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد ہم اپنے فیصلے مجموعی طور پر دلیری سے کر رہے ہیں۔

    میئر کے اختیارات کے معاملے پر جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اورہمارا مؤقف ایک ہے، 8 سال سے کراچی میں موجود کچرا نہیں اٹھا یا گیا مگر میئر کراچی کے آنے کے سے یہ کام ہورہا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھایا جارہا ہے جوقابل تعریف ہے۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ نے جماعت بنائی کوئی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نہیں جو بند ہوجائے گی، ایم کیو ایم کا 30 دسمبرکا جلسہ اپنی مثال آپ تھا، جلسے میں موجود عوام کا سمندر مخالفین کیلئے منہ توڑ جواب تھا۔جلسےمیں عوام کا ولولہ آپ سب کے سامنےتھا، اب کراچی کے عوام پہلے سےزیادہ ہمارے جلسوں میں نظرآئیں گے۔

    پی ایس پی کے جلسے کے حوالے سے خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ مجھےنہیں معلوم الٹی میٹم کس بنیاد پردیا گیا ہے، جوش خطابت اورمقرر کی حیثیت سے ہمارا کوئی ثانی نہیں ہے، ہم الزام تراشی کی سیاست سے گریز کر رہے ہیں، جب مہاجروں کے نصیب بدلنے کا وقت آیا توان کو تنہا کردیا گیا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہاں غلطی ہوئی وہاں پوری ایم کیوایم نےخود کو لندن سے لاتعلق کیا، خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ہم نےایک بل کی مخالفت کی اور کہا کہ سندھ اسمبلی کی قانون سازی چیلنج کی جاتی ہے، ہماری بات کےجواب میں نثارکھوڑو نے ہمیں طعنے دیئے۔

  • فاروق ستار،عامر لیاقت اورخواجہ اظہار نے اے آروائی دفترکا دورہ کیا

    فاروق ستار،عامر لیاقت اورخواجہ اظہار نے اے آروائی دفترکا دورہ کیا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور خواجہ اظہار الحسن سمیت ودیگر نے مدینہ سٹی مال صدر میں واقع اے آر وائی نیوز کے دفتر کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے دفتر کے ان مقامات کا جائزہ لیا جہاں گزشتہ روز مسلح افراد نے توڑ پھوڑ کی تھی۔ تمام رہنماؤں نے اس واقعے پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی پر زورالفاظ میں مذمت کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ہوا ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہئیے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایسے لوگوں کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں۔