Tag: Khuwaja izhar ul hassan\

  • ہم اپنے ووٹرزاورکارکنان سے شرمندہ ہیں، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار

    ہم اپنے ووٹرزاورکارکنان سے شرمندہ ہیں، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری اور خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ ہم ایم کیوایم کے ووٹرزاور کارکنان سے شرمندہ ہیں، سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہ دینے والے اراکین کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیں گے، ایم کیوایم کسی صورت نہیں بکے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ جن ساتھیوں نے سینیٹ الیکشن میں اپنے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا،2013میں ہم نے دیگرجماعتوں کے تعاون سے مخصوص نشستیں لی تھیں، جو وقت دیگر جماعتوں کو قائل کرنے میں لگانا تھا وہ آپس کے تنازع میں گزرگیا۔

    جو کارکنان اور عوام سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم برائے فروخت ہے ایسا ہرگز نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں ہم ایم کیوایم کے ووٹرزاور کارکنان سے بے حد شرمندہ ہیں۔

    فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے 51 میں سے 4 ارکان اسمبلی ملک میں نہیں ہیں، 9 ارکان نے دیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی۔

    جمہوریت کے دعویداروں نے اسمبلی میں جمہوریت کو پامال کیا، پیسوں کی بوریاں کھول کرارکان کو خریدنے کی کوشش کی گئی، پیپلز پارٹی کارویہ جمہوریت کش ہے لیکن ایم کیوایم برائے فروخت نہیں ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تقسیم سے ہم کمزوراورسیاسی مخالفین مضبوط ہونگے، بہادر آباد اور پی آئی بی والےسب مل کر تنظیم کو دوبارہ فعال کرینگے، سیاسی اور تنظیمی نقصان کےازالے کیلئے مل کر کام کریں گے، مخالفین نے کمزور فصیل دیکھ کر پارٹی میں نقب لگانے کی کوشش کی۔

    اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ متوسط طبقہ ہی پیسے سے ٹکرانے کی جرات رکھتا ہے، اختلافات کو وجہ بنا کرارکان نے مخالفین کو ووٹ دیئے، ان لوگوں کو ووٹ دیا گیا جنہوں نے ایم کیوایم کو کچلنےکیلئے ریاستی طاقت استعمال کی۔

    خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ جن اراکین کو دونوں امیدوار پسند نہیں تھے تو وہ گھربیٹھ جاتے، جنہوں نے جواز بنا کر دوسروں کو ووٹ دیا اب وہ جانیں اور عوام کی عدالت جانے۔

    ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ مخالفین کو ووٹ دینے والے نہیں بکے، چاروں صوبوں میں سینیٹ الیکشن کیلئے ایم پی اے بکے ہیں، ہارس ٹریڈنگ کارونا رونے والی پیپلز پارٹی نے سندھ میں کیا کیا؟


    مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات سے قبل ن لیگ اورایم کیو ایم کو بڑا جھٹکا، ارکان اسمبلی منحرف


    خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن دھاندلی زدہ اورہارس ٹریڈنگ سے بھرپور ہیں، پی پی کو ہماری یہ تعداد بھی ناکوں چنے چبوائے گی، ایم کیوایم کے اصل مالک رابطہ کمیٹی یا ارکان اسمبلی کا نہیں بلکہ کارکنان ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نئے وزیراعلیٰ کو کراچی آپریشن اون کرنا چاہیے،اظہار الحسن

    نئے وزیراعلیٰ کو کراچی آپریشن اون کرنا چاہیے،اظہار الحسن

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ امید ہے نئے وزیر اعلی مراد علی شاہ کراچی آپریشن کے برائے نام کپتان نہیں بنیں گے۔

    اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے متحدہ رہنمائوں کے ہمراہ اسپتال میں لٹل ماسٹر حنیف محمد کی عیادت کی اور انکی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی آپریشن کو اون کرنا چاہئے، وزیراعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کا عملی کپتان بنیں،اُمید ہے نئے وزیر اعلی مراد علی شاہ کراچی آپریشن کے برائے نام کپتان نہیں بنیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیو ایم کے خلاف جاری ہے ، رینجرز پر حملے کراچی میں نہیں بلکہ اندرون سندھ میں ہوئے، اس لیے رینجرز کے اختیارات اور آپریشن کا دائرہ کار اندرون سندھ تک پھیلایا جائے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کی تشکیل ایم کیو ایم کے مطالبے پر ہوئی، ایم کیوایم کے نامزد میئرکراچی سمیت ہزاروں کارکنان پابند سلاسل ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ متحدہ کے تحفظات کو بھی دور کیا جائے۔

  • کرپشن کی باقیات نے سندھ سمیت کراچی کو بھی اجاڑ دیا، خواجہ اظہار الحسن

    کرپشن کی باقیات نے سندھ سمیت کراچی کو بھی اجاڑ دیا، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کرپشن کی باقیات نے سندھ سمیت کراچی کو بھی اجاڑ دیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزراء ٹھنڈی مشینوں سے باہر نہیں آتے، نہ جانے سندھ حکومت کیسے چل رہی ہے؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کے ہمراہ کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کی کھلے عام سرپرستی کی جارہی ہے،شہر میں اسی فیصد سنگنلز خراب جبکہ روڈ سے زیبرا کراسنگ بھی ختم کر دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں اقتدار میں آئے تو سب سے پہلے قانون سازی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کی شکل میں واپس لائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک ہزار افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہو رہی ہیں، پولیس اور ڈی ایم سیز کی مدد سے پتھارے اور بل بورڈز لگائے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں سندھ حکومت کو جتنا بھی فنڈز ملے گا وہ کرپشن کی نذر ہی ہوگا۔

     

  • کراچی میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ شہر میں دہشت گردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے ۔ لانڈھی کورنگی میں کچھ لوگ چادراورچار دیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ اظہار الحسن نے وزیر داخلہ سندھ کو لاعلم وزیر داخلہ قرار دے دیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا ایم کیوایم کے ہاتھ پاؤں باندھ کر سب کو کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے۔

    اس رویے کی وجہ سے امن کی طرف جاتا ہوا کراچی بدامنی کی طرف جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سندھ کی دوسری بڑی جماعت بن کرسامنے آئی ہے مگر اس کے ساتھ غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لانڈھی کورنگی میں کچھ عناصر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہے اور کوئی ان کو روکنے والا نہیں۔

     

  • کراچی پرکسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی پرکسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کراچی پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ کراچی کی حالت یتیم خانے جیسی ہوگئی۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، شہر کا یہ دورہ شہر کراچی میں گندگی کے ڈھیر، سڑکوں پر تجاوزات ، پانی کی عدم فراہمی، جعلی ڈومیسائل کی شکایات اور بڑھتی ہوئی گرمی میں ہیٹ اسٹروک کے پیش نظرکیا گیا تھا۔

    خواجہ اظہارالحسن نے پاک سرزمین پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ کراچی میں کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، شہر قائد میں انارکی پھیلی ہوئی ہے، کراچی کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ بیورو کریسی کا سسٹم سندھ کی تباہی کیلئے کافی ہے، کراچی کی بدحالی کے ذمہ دار حکومت اور فیصلہ ساز لوگ ہیں۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے شیڈو بجٹ پیش کریں گے،وزیراعلیٰ سندھ صرف اعلانات کرتے ہیں، پیسے اور اختیارات ان کی جیب میں ہوتے ہیں۔

     

  • قائم علیشاہ حلف اٹھانے کے بعد عزیربلوچ کی دعوت میں گئے تھے، خواجہ اظہار الحسن

    قائم علیشاہ حلف اٹھانے کے بعد عزیربلوچ کی دعوت میں گئے تھے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کراچی میں گینگ پالیٹکس کا دور ختم ہو گیا ہے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری دینے کی بجائے لیاری میں عزیر بلوچ کی دعوت میں گئے تھے تاکہ ان کا آشیرباد حاصل کر سکیں ۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کراچی میں لسانی بنیاد پر قتل کیا گیا۔ تاجروں سے ماہانہ بھتے باندھے گئے۔ ان تما م جرائم کا منظر عام پر آنا ضروری ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ ان جرائم کے پس پردہ کون سی شخصیات تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی بھی ہو گی۔ تمام چیزیں واضح ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث لوگوں کا چاہے کسی بھی پارٹی یا گینگ سے تعلق ہو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑی ذمہ داری آ گئی ہے کہ وہ کس کس کو سہولت کار سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پرائیویٹ اسکولز مالکان کے خلاف مقدمات کی مذمت کرتے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لیے 7 ارب روپے کی سمری تیار کی تھی لیکن ابھی تک 7 روپے بھی سکیورٹی پر خرچ نہیں کیے گئے ہیں۔

  • انسانوں کو مکھی سے تشبیہہ دینا وزیراعظم کے شایان شان نہیں،  خواجہ اظہارالحسن

    انسانوں کو مکھی سے تشبیہہ دینا وزیراعظم کے شایان شان نہیں، خواجہ اظہارالحسن

    کراچی : ایم کیوایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو مکھی کے مرنے کا تو دکھ ہے انسانوں کے مرنے کا دکھ نہیں ہے،اتنے بڑے منصب پر بیٹھ کر اس طرح کا مذاق نہیں کرنا چاہیئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کیا۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ شہر قائد میں جاں بحق ہونے والوں کو مکھی سے تشبیہہ دینا وزیراعظم کے شایان شان نہیں ہے ۔

    تھر میں لوگ بھوک اور کراچی میں پیاس سے مر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کے ساتھ دما دم مست قلندر کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر سندھ کی عوام کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار الحسن نے حکومت کی بجٹ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں سندھ کے شہری علاقوں کو نظر انداز کیا۔

    ترقیاتی بجٹ میں 32ارب کی کمی کی گئی ہے جو سندھ کی عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے بیوروکریسی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر افسران نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو پھر انہیں نیب اور عدالتوں کے چکر لگانے پڑیں گے۔

  • جائیداد کی خریداری پر رجسٹریشن ڈیوٹی پچاس فیصد کم کی جائے، خواجہ اظہار الحسن

    جائیداد کی خریداری پر رجسٹریشن ڈیوٹی پچاس فیصد کم کی جائے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں عام آدمی کیلئے پراپرٹی کی خریداری پر رجسٹریشن ڈیوٹی پچاس فیصد کم کی جائے ۔

    یہ بات انہوں نے ایسوسی ا یشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) آفس کے دورہ کے موقع پر کہی اس موقع پر انہوں نے بلڈرز سے بجٹ پر تجاویز بھی لیں۔

    خواجہ اظہار الحسن کاکہنا تھا کہ قبضہ مافیا کراچی کی تیس فیصد زمین پر قابض ہیں۔ قبضہ مافیا دندناتے پھرتے ہیں اور معصوم لوگوں کی اراضی ہتھیاچکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس رینجرز اور حکومت ہنگامی طور پر لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن شروع کرے اور ایک اسپیشل ٹاسک فورس بنائی جائے اور جو رینجرز اور پولیس کے ساتھ مل کر قبضہ کی گئی اراضی کو خالی کرائے ۔

    اس موقع  پر آباد کے چئیرمین جنید تالو کا کہنا تھا کہ اربوں روپے ٹیکس دینے والے بلڈرز کو سہولت میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ انڈسٹری کو مراعا ت دینے کا اعلان کرے۔

  • پانی کے بحران پرایم کیوایم کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    پانی کے بحران پرایم کیوایم کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    کراچی : شہر قائد میں پانی کے بحران پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ایم کیو ایم کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی اور پانی کی قلت کو دور کرنے اور فراہمی کو منصفانہ بنانے کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈہ پیش کیا۔

    ملاقات میں پیپلز پارٹی سے شرجیل میمن ، مراد علی شاہ ، اور سکندر میندھرو جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے خواجہ اظہار الحسن ، کنور نوید جمیل، محمد حسین، سید سردار احمد نے شرکت کی ۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور پینسٹھ ایم گی ڈی کے حوالے سے جون کے پہلے ہفتے میں ٹینڈر کیا جائے گا۔

    اس سے قبل ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے فون پر گفتگو کی اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور پانی کے شدید بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    پانی کے شدید بحران کے حوالے سے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پانی کےبحران کےباعث کراچی کے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، وزیراعلیٰ شہریوں کوپانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

  • شہر یارمہر فارغ ،خواجہ اظہار الحسن سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    شہر یارمہر فارغ ،خواجہ اظہار الحسن سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    کراچی : ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں خواجہ اظہار الحسن کو اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا۔سندھ اسمبلی کےاپوزیشن لیڈرشہریار مہرکو ہٹا نے کانوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرشہریار مہر کو ہٹانے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔ ایم کیو ایم کےخواجہ اظہار الحسن کو قائدحزب اختلاف مقررکردیا گیا۔

    خواجہ اظہارکواپوزیشن لیڈر بنانےکی درخواست ایم کیوایم کی جانب سے کی گئی تھی، پارلیمانی لیڈرسردار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی اورایک اچھی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مقصد ہمیشہ سے مخالفت برائے مخالفت نہیں بلکہ مخالفت برائے اصلاح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے اورحکومت کے غلط اقدام کی مخالفت اور بہتر فیصلوں کی حمایت کریں گے۔