Tag: Khyber

  • افغانستان سے پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    افغانستان سے پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    خیبر: طورخم بارڈر پر سامان لے جانے والی دو گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جس کے دوران اسلحہ برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف سی نارتھ اور کسٹم حکام نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے بڑے پیمانے پر پاکستان میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    حکام کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 3 رائفلیں، دو پستول اور پستول کی 12000 گولیاں اور ریپیٹر شامل ہیں، ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے کسٹم کے حوالے کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاکستانی حکام نے طورخم بارڈر پر پیاز سے لدے ایک ٹرک کو قبضے میں لے کر افغانستان سے ’امریکی ساختہ ہتھیاروں‘ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

    برآمد ہونے والے امریکی ہتھیاروں میں ایم فور، کلاشنکوف، امریکن رائفل، لیزر بیم، نائٹ ویژن سائٹس اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔

  • جمرود کے پہاڑ پر سیر وتفریح کی غرض سے جانے والے لاپتہ بچوں کو بچالیا گیا

    جمرود کے پہاڑ پر سیر وتفریح کی غرض سے جانے والے لاپتہ بچوں کو بچالیا گیا

    خیبر: سیر وتفریح کے خاطر جمرود کی پہاڑی پر جانے والے 11 بچوں کی گمشدگی سے متعلق حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گذشتہ روز پشاور سے تفریح کیلئے جمرود کے پہاڑی علاقے میں11 بچے پکنک منانے گئےجہاں خراب موسم کی وجہ سے راستہ بھٹک کر گم ہوگئے تھے۔

    پہاڑ پر راستہ بھولنے والے لڑکوں نے اپنی مدد کیلئے ویڈیو بنا کر گھر والوں کو بھیجی، سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعد انتظامیہ کی ٹیمیں بچوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں اور بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر منصور ارشد کے مطابق گوگل لوکیشن کی مدد سے ریسکیو 1122 اور انتظامیہ کی ٹیمیں بچوں تک پہنچنےمیں کامیاب ہوئیں، پہاڑی پر لاپتہ تمام بچے اب محفوظ ہیں۔

    اس سے قبل بچوں کی گمشدگی کی خبر پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود احمد خان نے نوٹس لیا تھا، ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ فوری طور پر بچوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے اور بچوں کو ڈھونڈنےکیلئے کی جانے والی کوششوں سےآگاہ رکھاجائے۔

  • کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس ضلع خیبر میں ہوا۔ اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سابق فاٹا میں کابینہ کا اجلاس کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبائلیوں کے لیے خوشخبری ہے ہم نے منصوبہ بندی کرلی ہے، قبائلیوں کو صحت کارڈ، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے وزیرستان تک کابینہ کے مزید اجلاس ہوں گے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع کو ترقی دیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا انضمام سے متعلق ششماہی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلاحی اداروں کی رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن بل 2018 کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں قبائلی اضلاع میں ماتحت عدالتوں کے فوری قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے لیے ایک ارب جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

    صوبائی کابینہ نے پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری بھی دے دی۔ سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ پالیسی کے ذریعے اسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم مضبوط کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو ضروری، معیاری، منصفانہ اور پائیدار طبی سہولتیں دی جائیں گی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کا طریقہ بنایا جائے گا۔

    پالیسی میں 3 سال سے کم عمر بچوں اور خواتین میں غذائی کمی پر پروگرام بھی شامل ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی ششماہی بنیادوں پر رپورٹس کی منظوری دے گی اور کمیٹی کو پالیسی میں تبدیلی یا قانون سازی سے متعلق اختیار حاصل ہوگا۔

    اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ایبٹ آباد بائی پاس کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، پشاور سے طور خم تک ریلوے ٹریک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔

    شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پشاور سے طور خم تک سفاری بس شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاق، پنجاب، پختونخواہ این ایف سی میں 3 فیصد حصہ فاٹا کو دینے پر متفق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں صوبے کی پہلی صحت پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ میں کوئلہ کان شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ 6 ماہ میں پاک افغان سرحد طور خم 24 گھنٹے کے لیے کھول دی جائے گی۔