Tag: khyber agency blast

  • خیبرایجنسی : دہشت گردوں کے ٹھکانے میں دھماکا،7ہلاک

    خیبرایجنسی : دہشت گردوں کے ٹھکانے میں دھماکا،7ہلاک

    خیبرایجنسی : سپاہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں سات دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ون جاری ہے، پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں راکھ کا ڈھیر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے سپاہ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فورسز نے شیلنگ کی، کارروائی کے دوران سات دہشتگرد اپنی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ کا نشانہ بن گئے، دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کارروائی میں مارے گئے ، شدت پسندوں کا تعلق کالعدم لشکرِ اسلام سے تھا، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہل کاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا ہے۔

    خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی متعدد کارروائیوں کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت بھی محدود ہوچکی ہے۔

  • الطاف حسین کی خیبر ایجنسی خود کش بم دھماکہ کی مذمت

    الطاف حسین کی خیبر ایجنسی خود کش بم دھماکہ کی مذمت

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے۔

     الطاف حسین نے کہا کہ وادی تیراہ میں خود کش دھماکہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضربِ عضب کا ردعمل ہے، پاک فوج نے آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کا خاتمہ کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ میں خود کش دھماکہ اس بات کا متقاضی ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کو مزید تیز تر کیا جائے اور اسے ملک میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے مطابق توسیع دی جائے اور ملک بھر سے دہشت گردو ں کا جلد از جلد قلع قمع کرکے عوام کو جا ن ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے باعث امن و امان ، معاشی اور اقتصادی صورتحال بد تر ہوتی جارہی ہے ، ملک میں کوئی سرمایہ کار آنے کو تیار نہیں ہے اور دوسرے ممالک کی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریزاں ہیں اور یہ صورتحال نازک ترین ہے اور ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے سنجیدہ فیصلوں اور حکمت عملی کو اختیار کرنے کا عندیہ دے رہی ہے ۔

    انہوں نے خود کش دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا کرے ۔

    الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا کہ خیبر ایجنسی میں خود کش بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے تمام ممکنہ ملکی وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔

  • خیبرایجنسی: خودکش حملہ ،5افراد جاں بحق، 7زخمی

    خیبرایجنسی: خودکش حملہ ،5افراد جاں بحق، 7زخمی

    خیبر ایجنسی : وادی میں تیرہ میں خودکش حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔

            ذرائع کے مطابق نامعلوم خودکش حملہ آور نے وادی تیرہ میں پیر میلا کے مقام پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملے میں پانچ افراد جان سے گئے جبکہ سات افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    دوسری جانب سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے نہ رک سکے، وانا ورسک کے مقام پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دو ریموٹ کنٹرول بم حملوں میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔