Tag: Khyber Pakhtunkhwa

  • خیبر پختون خوا میں  جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی سہولت کاری پر پہلا مقدمہ درج

    خیبر پختون خوا میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی سہولت کاری پر پہلا مقدمہ درج

    پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کی سہولت کاری پر پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پناہ دینے کے الزام میں کے پی کے میں سہولت کاری کا پہلا مقدمہ درج ہو گیا ہے، ضلع بونیر کے تھانہ گاگرہ میں یہ مقدمہ دفعہ 212 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں پی ٹی آئی بونیر کے رہنما ہشتم خان اور بختیارعلی نامزد کیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے پولیس کو مطلوب پی ٹی آئی کے 3 رہنماؤں کو پناہ دے رکھی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما مینا خان، اور سابق ایم این اے شاہد خٹک کو گرفتار کیا گیا تھا، اب پرتشدد احتجاج میں ملوث افراد کو پناہ دینے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • خیبر پختون خوا میں تیندوے آبادی کا رخ کرنے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں؟

    خیبر پختون خوا میں تیندوے آبادی کا رخ کرنے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں؟

    انسانی آبادی میں اضافے سے جہاں خود انسان متاثر ہو رہے ہیں، وہاں جنگلی حیات کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں، ملک کے صوبے خیبر پختون خوا میں گزشتہ کچھ عرصے سے تیندووں کی آبادی کی طرف آنے اور لوگوں کی جانب سے ان کو ہلاک کرنے کی خبریں رپورٹ ہو رہی ہیں، اس رپورٹ میں ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ یہ تیندوے کیوں آبادی کا رخ کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

    تیندوے خوں خوار جانور ہیں اور پہاڑی علاقوں میں انسانوں سے دور رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن کبھی کبھار شکار کے پیچھے انسانی آبادی کے قریب بھی آ جاتے ہیں، جو اُن کی زندگی کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں ہوتا۔

    تیندوے آبادی کی طرف کیوں آتے ہیں؟

    اس سوال پر کہ تیندوے آبادی کی طرف کیوں آتے ہیں؟ کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ محمد حسین نے بتایا کہ انسانی آبادی میں اضافہ جنگلی حیات کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، تیندوے اور دیگر جنگلی جانور انسانوں سے دور رہنا پسند کرتے ہیں لیکن اب آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اور پہاڑی علاقوں میں بھی تعمیرات شروع ہو گئے ہیں۔ جنگلی حیات کے لیے جگہ کم پڑ رہی ہے، لوگ جنگل میں تعیمرات کریں گے تو ایسے میں جانور کہاں جائیں گے، وہ آبادی کی طرف ہی آئیں گے، اور حالیہ رونما ہونے والے کچھ واقعات بھی اسی کا نتیجہ ہیں۔

    ڈویژنل فارسٹ وائلڈ آفیسر ڈی آئی خان اشتیاق وزیر نے بتایا کہ سردیوں میں پہاڑوں پر برف باری کی وجہ سے جانوروں کا خوارک کم ہو جاتا ہے، تو تیندوے بھی خوراک کی تلاش میں نیچے آتے ہیں، جب ان کو خوراک نہیں ملتا تو پھر مجبوری میں آبادی کا رخ کرتے ہیں۔

    تیندووں کی پسندیدہ خوراک کیا ہے؟

    اشتیاق وزیر نے بتایا کہ تیندؤں کی پسندیدہ خوراک بندر ہے، اور یہ بندروں کو بڑے شوق سے کھاتے ہیں، ان کی آبادی کی طرف آنے کی ایک وجہ بندر بھی ہے، بندروں کو جنگل میں خوراک نہیں ملتا تو وہ آبادی کی طرف آتے ہیں، سیاحتی مقامات پر اگر دیکھا جائے تو لوگ اپنے ساتھ خوراک لے جاتے ہیں تو پھر وہ ان بندروں کو بھی خوراک دیتے ہیں۔ اس وجہ سے بندر جنگل کی طرف نہیں جاتے۔ جب تیندوو کو پسندیدہ خوراک نہیں ملتی تو وہ شکار کے لیے آبادی کی طرف آ جاتے ہیں۔ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر نھتیاگلی، ایوبیہ کی کئی ایسی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں تیندؤں کو سڑک کنارے دکھایا گیا ہے۔

    انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر ( آئی سی یو این) کے مطابق تیندوے معدومی کے شکار جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں اور دنیا بھر میں ان کی ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ شکار کے پیچھے انسانی آبادی کی طرف آنا ہے، محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان میں تیندؤں کی تعداد میں معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔

    خیبر پختونخوا میں تیندووں کی تعداد میں اضافہ

    کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ ڈویژن محمد حسین نے بتایا کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کچھ سالوں سے تیندووں کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، ایوبیہ، نتھیاگلی، مانسہرہ، چراٹ، ضلع خیبر میں تیندووں کی بڑی تعداد موجود ہے، لیکن اس کے ساتھ ان کی زندگی کو لاحق خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔

    تیندوے خاص علاقے میں شکار کرتے ہیں

    اشتیاق وزیر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ خیبرپختون خوا میں تیندووں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، تیندووں کا جوڑا ایک خاص علاقے میں شکار کرتا ہے اور اس علاقے میں پھر دوسرے تیندوے کو برداشت نہیں کرتے، جب ان کے علاقے میں دوسرا جوڑا داخل ہوتا ہے تو یہ ان کو بھگاتے ہیں اور اس وجہ سے تیندوے کا وہ جوڑا دوسرے علاقے کا رخ کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تیندووں کی تعداد میں اضافہ بھی انسانی آبادی کے قریب آنے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ جنگلات کے قریب تعیمرات پر پابندی لگائی جائے۔

    اشتیاق وزیر کے مطابق مارگلہ پہاڑی سلسلے، کوہ سلیمان کے سلسلے، خیبر، درہ آدم خیل، کرم، شمالی وزیرستان میں تیندوے پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ابھی نئی سروے نہیں ہوئی ہے لیکن تیندووں کی ایک بڑی تعداد ان علاقوں میں موجود ہے، ضم اضلاع میں اب تک وائلڈ لائف دفاتر نہیں تھے، لیکن اب بن رہے ہیں، ان اضلاع میں پہلے جب لوگ جنگلی جانوروں کو مارتے تھے تو وہ میڈیا پر رپورٹ نہیں ہوتے تھے کیوں کہ وہاں پر وائلڈ لائف محکمے کی رسد نہیں تھی، لیکن اب وہاں دفاتر بن رہے ہیں۔ وائلڈ لائف اہلکاروں کی موجودگی میں لوگوں کو بھی آگاہی حاصل ہوگی اور پھر لوگ خود جانوروں کو نہیں ماریں گے بلکہ وائلد لائف اہلکاروں کو اطلاع دیں گے، اس طرح جانوروں کو زندہ پکڑ کر محفوظ علاقے میں منتقل کیا جائے گا۔

    گزشتہ مہینہ تیندوے پر بھاری رہا

    کچھ دنوں سے تیندووں کے بارے میں اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، خیبر پختون خوا کے علاقے درہ آدم خیل میں کچھ دن پہلے دو تیندووں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا، مقامی افراد کے مطابق تیندوے آبادی میں داخل ہو گئے تھے اور انھوں نے کچھ مویشیوں کو مار دیا تھا، تیندووں کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا تھا، جس کی وجہ انھیں ہلاک کیا گیا۔

    مانسہرہ کے علاقے کاوی میں بھی 19 فروری کی صبح سڑک کنارے ایک تیندوا زخمی حالت میں ملا تھا، محکمہ وائلڈ لائف ہزارہ کے مطابق صبح کے وقت ان کو اطلاع ملی کہ مادہ تیندوا زخمی حالت میں سڑک کنارے پڑا ہے، جس پر وائلڈ لائف کی ٹیم وہاں پہنچی اور تیندوے کو زخمی حالت میں ڈھوڈیال فیزنٹری منتقل کیا گیا، جہاں تیندوے کا علاج جاری ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق تیندوا روڈ کراس کرتے وقت گاڑی کی زد میں آیا تھا، جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گیا، کنزرویٹر وائلڈ لائف ہزارہ محمد حسین کے مطابق مادہ تیندوے کو کمر پر چوٹ آئی ہے لیکن اس کی ریڑھ کی ہڈی محفوظ ہے، اور اسے صحت یابی کے بعد جنگل میں چھوڑا جائے گا۔

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی سوسائٹی ڈی ایچ اے فیز ٹو میں بھی ایک تیندوا داخل ہوا تھا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں، تو اس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف اور ریسکیو کی ٹیمیں وہاں پہنچیں، اور کئی گھنٹے آپریشن کے بعد تیندوے کو زندہ پکڑنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسلام آباد دارالخلافہ ہے، اس لیے تیندوے کی قسمت اچھی تھی کہ لوگوں نے اسے مارا نہیں، بلکہ وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع دے دی، جب کہ درہ آدم خیل میں تیندووں کا فیصلہ خود عوام نے کیا۔

  • خیبر پختون خوا میں 4 ماہ میں پولیس پر 77 حملے، 120 اہل کار شہید

    خیبر پختون خوا میں 4 ماہ میں پولیس پر 77 حملے، 120 اہل کار شہید

    پشاور: خیبر پختون خوا میں گزشتہ 4 ماہ میں پولیس پر 77 حملے ہوئے، جن میں 120 اہل کار شہید ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کی پولیس نے حملوں کی رپورٹ جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ چار ماہ میں پولیس پر ستتر حملے ہوئے ہیں، دہشت گردوں کے حملوں میں مجموعی طور پر ایک سو بیس اہل کار شہید اور 333 زخمی ہوئے۔

    سب سے زیادہ حملے بنوں میں ہوئے جن کی تعداد 24 ہے، ڈی آئی خان میں 23، اور پشاور میں 15 حملے ہوئے، ان حملوں میں پشاور میں 88، ملاکنڈ میں 12، بنوں میں 11 اور ڈی آئی خان میں 3 اہل کار شہید ہوئے۔

    حملوں کے نتیجے میں پشاور میں 245، ملاکنڈ میں 46، ڈی آئی خان میں 24، اور بنوں میں 13 اہل کار زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا میں سب سے زیادہ حملے جنوبی اضلاع میں ہوئے۔

  • خیبر پختون خوا میں اختیارات کے استعمال پر تناؤ کی صورت حال

    خیبر پختون خوا میں اختیارات کے استعمال پر تناؤ کی صورت حال

    پشاور: خیبر پختون خوا میں اختیارات کے استعمال پر تناؤ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، صوبے کے چیف سیکریٹری کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بات نہ ماننے پر وزیر اعظم کے ذریعے چیف سیکریٹری کے پی کے کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، نئے چیف سیکریٹری کے لیے 3 نام زیر غور ہیں۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ’’بیوروکریسی اپنی سوچ کے مطابق ہی چلاؤں گا‘‘، جب کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ ’’معاملات میں مداخلت کا جواز نہیں بنتا۔‘‘

    نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان کا مؤقف ہے کہ ’’معاملات مینڈیٹ کے مطابق چلائے جائیں، کسی وزیر کو مجھ سے مسئلہ ہو تو متعلقہ سیکریٹری سے بات کرے، الیکشن ایکٹ کے مطابق ہمیں غیر جانب دار رہنا ہے۔‘‘

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزرا نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان سے ناراض ہیں اور انھوں نے گورنر ہاؤس میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

  • مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا دو حصوں میں تقسیم ہو گئی

    مسلم لیگ ن خیبر پختون خوا دو حصوں میں تقسیم ہو گئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا میں پاکستان مسلم لیگ ن دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نظریاتی گروپ نے معاون خصوصی انجینئر امیر مقام کے خلاف اجلاس بلا لیا ہے، جس کی صدارت آج سابق گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا کریں گے۔

    نظریاتی گروپ کے تمام کارکنوں کو آج اجلاس میں شرکت کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے دورہ ایبٹ آباد سے قبل ن لیگ کے نظریاتی کارکنان نے خیبر پختون خوا کے صدر امیر مقام اور سیکریٹری مرتضیٰ جاوید عباسی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    مریم نواز کے دورہ ایبٹ آباد سے قبل ہی ن لیگ اختلافات کا شکار

    ضلعی عہدہ داران کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے دورے کے حوالے سے نظریاتی ورکرز سے رابطہ تک نہیں کیا گیا تھا، جس پر انھوں نے مؤقف پیش کیا کہ صوبائی لیگی قیادت نے پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

  • چترال اور دیر سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں زلزلہ

    چترال اور دیر سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں زلزلہ

    پشاور: ملک کے بالائی علاقوں چترال اور دیر سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چترال اور دیر سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف حصوں میں صبح 6 بجکر 22 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 101 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز چترال سے 73 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا، زلزلے کے جھٹکے صبح چھ بجکر بائیس منٹ پر محسوس کیے گئے۔

  • گورنر خیبرپختونخوا بھی مستعفی ہوگئے

    گورنر خیبرپختونخوا بھی مستعفی ہوگئے

    گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔

    پاکستان میں جاری سیاسی ہلچل میں گزشتہ ایک گھنٹے کےدوران نیا موڑ آیا ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے استعفوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔

    گورنر کے پی کے مستعفی ہونے سے کچھ وقت قبل ہی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی مستعفی ہوجاؤں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے یہ مستعفی ہوجاؤں گا اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دونگا۔

    عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پیکنگ شروع کردی ہے اور دو روز میں گورنر ہاؤس سے منتقل ہوجاؤں گا۔

    مزید پڑھیں: گورنرسندھ کا مستعفی ہونے کا اعلان

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان سمیت اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیے۔

    بعد ازاں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی میں اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور ایوان سے باہر آگئے۔

  • خیبرپختونخوا  میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے 72 واقعات رپورٹ

    خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے 72 واقعات رپورٹ

    پشاور: کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے 72واقعات رپورٹ ہوئے اور مختلف آپریشنز میں 19 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹرٹیرازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے سہ ماہی رپورٹ مرتب کرلی ، اے آر وائی نیوز نے پہلی سہ ماہی رپورٹ کی تفصیلات حاصل کرلی ہے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 3 ماہ میں دہشت گردی کے72واقعات رپورٹ ہوئے اور صوبے بھرمیں 644 انٹیلی جنس بیسڈآپریشنز کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اہم آپریشنزمیں آپریشن سائلنس خیبرباڈرایریا میں کیاگیا، کوچہ رسالدارواقعہ میں ملوث سہولت کاروں کو ہلاک کیا گیا اور صوبے میں مختلف آپریشنز میں 19 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے 15بھتہ خوری کے10واقعات رپورٹ ہوئے اور آپریشن کے دوران 59 مطلوب اشتہاریوں اور 9 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا کہ آپریشنز میں 65 کلو گرام بارودی مواد، 76 گرنیڈ ، ایک خودکش جیکٹ، 10ایس ایم جی گن اور 36 آر پی جے شل برآمد ہوئے۔

  • خیبرپختونخوا میں 5.0 شدت کا زلزلہ

    خیبرپختونخوا میں 5.0 شدت کا زلزلہ

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مہمند، دیربالا،کوہاٹ ، صوابی، ملاکنڈ، سوات، مینگورہ شہر اور شمالی وزیرستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن اور گہرائی 175کلومیٹر تھی۔

    زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، فوری طور پر زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  • کے پی کے: بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری

    کے پی کے: بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری

    پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے انتقال اور ناخوشگوار واقعات کے باعث ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہورہی ہے،ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ تگڑا مقابلہ ڈی آئی خان کی سٹی میئر سمیت تین نشستوں پر ہونے جارہا ہے، کوٹ عیسیٰ خان میں جنرل کونسلر کی نشست پر پولنگ جاری ہے، رتہ کلاچی میں کسان کونسلر کی نشست پر ووٹنگ ہورہی ہے جبکہ سٹی میئر کی نشست پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

    مذکورہ نشست میں اے این پی کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا،پی ٹی آئی،جے  یوآئی ف اورپی پی کےدرمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ڈی آئی خان کی تینوں نشستوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد3لاکھ 44ہزار ہے، سٹی میئر کے الیکشن کیلئے302 پولنگ اسٹیشن،1039پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 68 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین،121 کو حساس قرار دیا جاچکا ہے۔

    ضلع لکی مروت میں تحصیل چیئرمین، دیہی ونیبرہڈ کونسل ممبران کی نشست کیلئے ووٹنگ جاری ہے، دولت خیل کے2پولنگ اسٹیشنز پر تمام کیٹگریز کی سیٹوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، غزنی خیل میں 4پولنگ اسٹیشنز پر جنرل ممبر کی نشست پر ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، سرائے نورنگ میں3 پولنگ اسٹیشن پرتحصیل چیئرمین کے لئے مقابلہ جاری ہے۔

    اسی طرح مردان کی دو ولیج کونسلز کی نشستوں پر ری پولنگ کا عمل جاری ہے، گجرگڑھی کی ولیج کونسل2 پر کسان نشست،گڑھی اسماعیل زئی میں جنرل نشست پرری پولنگ ہورہی ہے۔