Tag: Khyber Pakhtunkhwa

  • نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، دفاعی چیمپئن کے پی کی مسلسل دوسری کامیابی

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، دفاعی چیمپئن کے پی کی مسلسل دوسری کامیابی

    راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی دفاعی چیمپئن خیبر پختونخواہ نے ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے اپنے عزائم ظاہر کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں میچ میں کے پی نے سدرن پنجاب کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی ہے، 153 رنز کا ہدف کے پی نے آخری اوور میں حاصل کیا۔

    کے پی کے کپتان محمد رضوان کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی انہوں نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، صاحب زادہ فرحان 73 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    سدرن پنجاب کی جانب سے نسیم شاہ نے2، فیصل اکرم نےایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: دفاعی چیمپئن کے پی کا نیشنل ٹی ٹونٹی میں فاتحانہ آغاز

    اس سے قبل سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، کے پی کی جانب سے عمران خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد وسیم نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب کو 36 رنز سے شکست دیتے ہوئے پہلی فتح اپنے نام کی تھی۔

  • تیل وگیس کی تلاش ، پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    تیل وگیس کی تلاش ، پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : او ڈی جی سی ایل نے صوبہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرلئے ، کمپنی یومیہ11.361 ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس ،895 بیرل خام تیل فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو تیل وگیس کی تلاش کے سلسلے میں ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، او ڈی جی سی ایل نے ولی بلاک صوبہ خیبر پختونخوا میں ولی نمبر 1 میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرلئے۔

    او ڈی جی سی ایل کے اس کنوں کی گہرائی 4727 میٹر ہے، کمپنی یومیہ 11.361 ملین اسٹینڈرڈمکعب فٹ گیس اور 895 بیرل خام تیل فراہم کرے گی ، کمپنی نے بنوں بیسن کے جنوبی مغربی حصے پر ہائیڈرو کاربن کی تلاش کو مزید بڑھا دیا ہے۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں پاکستان میں تیل اور گیس کی دریافت سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں تیل کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں گیس کی پیداوار میں 4 فیصد کمی ہوئی، دوسری سہ ماہی میں 5 آئل فیلڈز اور 4 گیس فیلڈز شامل ہوئیں۔ خام تیل کی پیداوار 6 فیصد کمی سے 76 ہزار 331 بیرل یومیہ پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق مردان خیل اور مکوڑی آئل فیلڈز سے پیداوار میں کمی سے خام تیل کی پیدوار میں پچھلے سال کے مقابلے میں 6 فیصد کمی ہوئی، چندا، مرم زئی اور مکوڑی ایسٹ سے خام تیل کی پیداوار میں 5 سے 46 فیصد تک اضافہ ہوا۔

    رواں مالی کی دوسری سہ ماہی میں گیس کی پیداوار 4 فیصد کم ہو کر 3 ہزار 409 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی، کنڈھ کوٹ اور قادر پور گیس فیلڈ سے 6 سے 18 فیصد ہیداوار میں کمی ہوئی، 4 نئی گیس فیلڈز سے 20 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس سسٹم میں شامل ہوئی۔

  • خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن آئندہ سال تک ملتوی

    خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن آئندہ سال تک ملتوی

    اسلام آباد : خیبر پختونخوا حکومت نے بلدیاتی الیکشن آئندہ سال تک ملتوی کردیئے، جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی تجویز پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن آئندہ سال تک ملتوی کردیئے گئے ، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افعانستان کی موجودہ صورتحال، کورونا روکاوٹ ہیں ، صوبے کے ضم اضلاع میں حلقہ بندیاں ابھی تک نہیں ہو سکیں۔

    حکومتی ذرائع نے کہا کےپی حکومت آئندہ سال تک بلدیاتی الیکشن نہیں کرا سکتی،الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی تجویز پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

    یاد رہے جون میں خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سفارشات مرتب کی تھیں ، جس میں کہا گیا تھا کہ ستمبر کے اختتام سے اکتوبر کے وسط تک بلدیاتی الیکشن ساز گار رہے گا، ضم شدہ قبائلی علاقوں میں بلدیاتی الیکشن علیحدہ کرائیں جائیں۔

    سفارشات کے مطابق بقیہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی دن میں کرائے جائیں۔

  • "اگر یہ حکمران  بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے”

    "اگر یہ حکمران بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے”

    بونیر: وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن والے حکمران بن گئے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے پیپلز پارٹی کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ کب تک بھٹو کے نام پر سیاست کرینگے، آپ لوگوں نے سندھ کو برباد کردیا ہے، یہ صرف سندھ کے لوگوں کو دھوکا دے رہےہیں۔

    مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وہ نالائق ہیں جو انڈے کلو میں بیچتے ہیں، اگر یہ حکمران بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرناچاہیے۔جلسے سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کےپی محمودخان نے کہا کہ بےشرم آدمی شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑاغرق کردیا، سوات آپریشن کے وقت اس بےشرم نے اٹک کو بند کیا تھا، وہ بےشرم کہتا تھا یہ دہشتگرد ہیں انھیں پنجاب میں نہ آنےدو۔

    پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق محمودخان نے کہا کہ مولانا صاحب مدرسے کے بچوں کو پنڈال میں بٹھاتے ہیں اور خود محلوں میں رہتے ہیں۔

    بونیر جلسے کے دوران وزیراعلیٰ کے پی لیگی رہنما امیر مقام پر بھی خوب برسے اور کہا کہ امیر مقام سوات میں آیا اس نے شانگلہ کو برباد کردیا، اب کہتا ہےکہ اب میں سوات میں حکمرانی کروں گا، امیرمقام سن لوں سوات کے لوگ آپ کا ساتھ نہیں دیں گے۔

    وزیراعلیٰ کےپی محمودخان نے لیگی رہنما کو چور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امیر مقام یاد رکھنا تم چور ڈاکو ہو، پی ٹی آئی میں تمہاری کوئی جگہ نہیں۔

    جلسے سے خطاب میں محمود خان نے دعویٰ کیا کہ پچس جولائی کو آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی جبکہ دو ہزار تئیس میں انشااللہ پورے پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی، اپوزیشن والوں سن لو، وزیراعظم کےہوتےہوئے تم لوگ اقتدار میں نہیں آسکتے، ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور عوام وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کورونا کے نشانے پر ،  مجموعی تعداد61 تک جا پہنچی

    خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز کورونا کے نشانے پر ، مجموعی تعداد61 تک جا پہنچی

    پشاور: خیبرپختونخوا میں کورونا میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر چل بسا ، جس کے بعد صوبے میں کوروناسےجاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد61 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی اکٹرزایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں کورونا میں مبتلا ڈاکٹر خیر محمد برکی کے انتقال کی تصدیق کردی ، ڈاکٹر خیر محمد برکی کے انتقال کے بعد کورونا سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ روز خیبرپختونخوا میں کورونامیں مبتلا سرجن ڈاکٹرعبدالکبیر اور ڈاکٹر محمد کامل شہید ہوگئے تھے، ڈاکٹرزایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبدالکبیراسلام آبادکےپرائیویٹ اسپتال میں زیرعلاج تھے، ان کو سوات کے پہلے سرجن ڈاکٹرہونےکااعزازحاصل تھا۔

    خیال رہے گزشتہ24 گھنٹے میں خیبرپختونخوا میں21 کورونا مریض انتقال کرگئے اور 809کورونا کیسزرپورٹ ہوئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا کے فعال کیسزکی تعداد13ہزار591 اور کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2920ہوگئی ہے۔

    خیال رہے خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی مہلک ثابت ہو رہی ہے، رواں مہینے میں (یکم اپریل سے اب تک) قاتل وائرس سے صوبے میں 536 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ صوبے میں 18 ہزار 352 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع، عاطف خان کی واپسی

    خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع، عاطف خان کی واپسی

    پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کردی گئی ہے، تحریک انصاف کے اہم رہنما عاطف خان کی طویل عرصے بعد کابینہ میں واپسی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں حلف برداری کی تقریب ہوئی، تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے، اس کے علاوہ صوبائی وزراء،اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان شریک ہوئے۔

    سادہ اور پروقار تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے اراکین صوبائی اسمبلی عاطف خان، شکیل خان، فضل شکور اور فیصل امین گنڈا پور سےحلف لیا، چاروں ارکان کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

    چار نئے وزرا کی شمولیت سے خیبرپختونخوا میں وزرا کی تعداد سولہ ہوگئی ہے، نئے وزرا کے محکموں کا فیصلہ وزیراعلی محمود خان کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف بغاوت کرنے پر گزشتہ برس جنوری میں عاطف خان کو کابینہ سے فارغ کیا گیا تھا۔

    دو ماہ قبل دورہ پشاور کے موقع پر وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان اور گورنر شاہ سلمان اور عاطف خان میں صلح کرائی تھی ، جس کے بعد وزیراعظم نے عاطف خان کو کابینہ میں واپسی کا عندیہ بھی دیا تھا۔

  • خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کے بڑے منصوبے کی تیاری

    خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کے بڑے منصوبے کی تیاری

    پشاور : گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے، منصوبے کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سبز انقلاب کی جانب ایک اور قدم سامنے آیا ، گورنر کے پی شاہ فرمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کا بڑا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے اور سالانہ سات ارب کلو خوردنی زیتون کی پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ صرف ضلع دیر میں زیتون کی اعلی کوالٹی کی پانچ اقسام پیدا کی جاسکتی ہیں، قبائلی اضلاع میں جنگلی زیتون کے تین کروڑ ساٹھ لاکھ درخت جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر زیتون کے سات کروڑ درخت موجود ہیں۔

    گورنر کے پی نے کہا زیتون سے سالانہ 14 ارب روپے تک آمدن ہوسکتی ہے، صوبے کے بارانی علاقوں میں 30 کروڑ نئے پودے اور خوردنی زیتون کے 40 لاکھ پودے پشاور کے مختلف علاقوں میں لگائے جاسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنگلی زیتون میں اعلی کوالٹی کی قلمکاری کی جائے گی او خوردنی زیتون کے منصوبے کی دیکھ بھال محکمہ ذراعت کے ذمہ ہوگا اور زیتون کی کاشت کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت زیتون کا پھل خریدے گی۔

    شاہ فرمان نے مزید بتایا کہ محکمہ ذراعت کے اہلکار زمین کے معائنہ کے بعد زیتون کی قسم تجویز کرین گے ، خوردنی زیتون منصوبہ کی کامیابی سے بیروزگار اور غربت کا خاتمہ ہوگا، گورنر ہاوس میں تجرباتی بنیادپر لگائے گئے پانچ درختوں نے پہلے ہی سال 60 کلو پھل دیا اور درختوں پر لگنے والے زیتون کا اچار بنایاگیا۔

  • خیبرپختونخوا میں  دریافت گیس کا منصوبہ مکمل، بڑا مسئلہ حل ہوگیا

    خیبرپختونخوا میں دریافت گیس کا منصوبہ مکمل، بڑا مسئلہ حل ہوگیا

    پشاور : خیبر پختونخوا میں دریافت گیس کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا، جس کے تحت کل سے ایس این جی پی ایل کو روز 12 ملین کیوبک گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی، جس سے گیس کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ ڈھوک حسین کے مقام پر دریافت گیس کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ، جس کے بعد 12 ایم ایم سی ایف ڈی کی14کلومیٹرطویل لائن ایس این جی پی ایل میں شامل ہوگئی ہے۔

    کنویں سےگیس کی پیداوار کے علاوہ 360 بیرل تیل بھی نکالاجائےگا اور گیس سےسالانہ 790 ملین کی رائلٹی کے پی حکومت کو وصول ہو گی جبکہ خیبر پختونخواہ او جی ڈی سی ایل کو سالانہ 131 ملین روپے کاریونیو حاصل ہوگا۔

    وزیراعلیٰ کے پی محمودخان نے کہا کہ ڈھوک حسین گیس فیلڈ کوہاٹ ایس این جی پی ایل لائن سے منسلک کردی گئی ہے، کل سےایس این جی پی ایل کو روز12 ملین کیوبک گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو رائلٹی کی مد میں سالانہ ایک ارب کی آمدن ہوگی اور رائلٹی علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کی جائے گی، علاقے کو گیس کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا گیا ،منصوبے کی تکمیل نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے لیےاہم پیشرفت ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، 35 نئے کیسز رپورٹ

    خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، 35 نئے کیسز رپورٹ

    پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ڈینگی کے 35 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈینگی رسپانس یونٹ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 35 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6599 ہوگئی ہے۔

    ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق پشاور میں ڈینگی کے 14 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2539 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پشاور میں 100 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 28 نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، 6499 مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: انسداد ڈینگی کیلئے مشترکہ کوششوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، ظفر مرزا

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ مؤثر اقدامات سےڈینگی کی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کی منصوبہ بندی پرقومی پالیسی تشکیل دی جارہی ہےآئندہ سال پالیسی کے تحت مؤثر اقدامات کریں گے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کیلئے مشترکہ کوششوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، رسپانس ٹیمیں اسی طرح لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا محمد ارشد کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی کے پھیلنے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، پولیو کی طرح اب ڈینگی کے حوالے سے بھی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

  • بارشوں اورتیزہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، الرٹ جاری

    بارشوں اورتیزہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، الرٹ جاری

    پشاور : پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیزہواؤں  کا الرٹ جاری کردیا ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کاسلسلہ جمعرات تک جاری رہنےکاامکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

    مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اورتیزہواؤں کاسلسلہ آج شام سےاتوارتک جاری رہنے اور بیشتراضلاع میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کاسلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا ، تما م ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنےکی ہدایات کردیں ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کوموسم کی پیشگی صورت حال سےآگاہ کیاجائے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا،بلوچستان کےبیشتر میدانی علاقوں اورسندھ میں شدید گرم رہے گا۔

    مالاکنڈ،ہزارہ،پشاور،مردان، کوہاٹ ،راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن،اسلام آباد ،کشمیراورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں آج بھی موسم گرم ،مرطوب اور مطلع جزوی طورپرابرآلودرہےگا لیکن بارش کاامکان نہیں۔