Tag: Khyber Teaching Hospital

  • خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے مسیحاؤں نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے مسیحاؤں نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    پشاور : خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گزشتہ روز درجنوں مریضوں کی بروقت جان بچانے والے ڈاکٹر ساجد خان، ڈاکٹرشازیہ شمس، ڈاکٹر ذیشان اور میل نرس وقار خان نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

    خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں پانچ اور چھ دسمبر کی درمیانی شب اچانک آکسیجن کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے سبب کورونا آئسولیشن وارڈ میں موجود مریضوں کی حالت تشویشناک ہوگئی اور وارڈ میں ہلچل مچ گئی۔

    اس وقت آئیسولیشن وارڈ میں90سے زائد مریض زیر علاج تھے، مریض کے ساتھ موجود لوگ اپنے پیاروں کی جان بچانے کیلئے دیوانگی کے عالم میں مدد کیلئے چیخ و پکار کررہے تھے۔

    اطلاع ملتے ہی خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے ان مسیحاؤں نے ایمبوبیگ سے مریضوں کو ہنگامی طور پر آکسیجن کی فراہمی شروع کردی جس سے مزید افراد موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان مسیحاؤں نے لوگوں کی جان بچانے کیلئے اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کی۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر ذیشان اور میل نرس وقار خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں خصوصی گفتگو کی۔ ریزیڈنس سرجن ڈاکٹر ذیشان نے بتایا کہ ایسے وقت میں ینگ ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈ حتیٰ کہ صفائی پر مامور عملے نے بھی اکسیجن کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا۔

    ڈاکٹر ذیشان نے انکشاف کیا کہ اگر مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم نہ کی جاتی تو 50سے زائد اموات کا خدشہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ہمارے سینئر ڈاکٹر ساجد بھی موجود تھے، ہم سب نے اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کسی حفاظتی لباس کے کورونا کے مریضوں کو سنبھالا اور انہیں دوسرے وارڈ میں شفٹ کیا۔

    اس موقع پر میل نرس وقار خان نے کہا کہ جب میں نے مریضوں کے لواحقین کی چیخ و پکار سنی تو ازخود میں نے ایک مشکل فیصلہ کیا اور ان مریضوں کو اپنی ذمہ داری پر ایمرجنسی وارڈ میں شفٹ کیا اور پھر نائٹ شفٹ انچارج کو آگاہ کیا۔

  • خیبر ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈی کل سے بحال کردی جائے گی

    خیبر ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈی کل سے بحال کردی جائے گی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں خیبر ٹیچنگ اسپتال کی او پی ڈی سروس کل سے بحال کردی جائے گی، او پی ڈی کرونا وائرس کی وجہ سے 24 مارچ سے بند تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ سروس (او پی ڈی) کل سے بحال کردی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ او پی ڈی میں ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد کیا جائے گا، او پی ڈی میں ایک مریض کے ساتھ ایک تیمار دار کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث خیبر ٹیچنگ اسپتال میں او پی ڈی 24 مارچ سے بند تھی، خیبر ٹیچنگ کے علاوہ بھی ملک بھر کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کی وجہ سے او پی ڈی سروس بند کردی گئی تھی۔

    دوسری جانب ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے 213 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہوگئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 294 ہوگئی، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 873 ہے۔