Tag: KID

  • ماں نے شیر خوار بچی کو سوئمنگ پول میں ڈبو کر مار ڈالا

    ماں نے شیر خوار بچی کو سوئمنگ پول میں ڈبو کر مار ڈالا

    امریکی ریاست جارجیا میں ایک ماں نے اپنی شیر خوار بیٹی کو سوئمنگ پول میں ڈبو کر مار ڈالا، پولیس کے مطابق ماں عملیات کے زیر اثر ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ رہائشی اپارٹمنٹس کی بلڈنگ میں پیش آیا جہاں ماں اپنی 22 ماہ کی بچی کو عمارت کے مرکزی سوئمنگ پول کے قریب لے گئی۔

    پولیس کو اطلاع پہنچنے تک بچی ہلاک ہوچکی تھی، پولیس نے اسے پول کی تہہ سے نکالا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت ماں کو گرفتار کیا گیا وہ برہنہ تھی اور عجیب و غریب حرکات کر رہی تھی، وہ مسلسل کچھ پڑھ رہی تھی جس سے بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ وہ کسی قسم کی مذہبی عملیات کے زیر اثر تھی۔

    پول کے پاس لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے ماں اور بچی کو پول کے قریب جاتے، اور پھر ماں کو اکیلے واپس آتے ریکارڈ کرلیا۔

    پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور گرفتاری کے 4 روز بعد اسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق انہیں اس سے قبل بھی خاتون کے گھر کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی تھی، جہاں کسی نے بچی سے ناروا سلوک کی شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس نے وہاں پہنچ کر ماں اور بچی کو چیک کیا اور واپس چلی گئی۔

    بچی کا باپ بھی ساتھ رہتا تھا تاہم وہ اکثر شہر سے باہر سفر کرتا تھا اور وقوعے کے روز بھی گھر میں موجود نہیں تھا۔

  • بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    نئی دہلی: بھارت میں پل گرنے کے حادثے میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد، ایک ایسا خوش نصیب خاندان بھی سامنے آیا ہے جو پل گرنے سے صرف 10 منٹ پہلے پل سے اتر گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 140 سالہ پرانا پل گرنے کے واقعے میں 9 سالہ بچے کے رونے نے پورے خاندان کی جان بچالی۔

    30 اکتوبر کو بھارتی شہر موربی میں دریائے مچھو پر بنا 140 سال پرانا پل گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 135 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    پل گرنے کے واقعے میں بچ جانے والا ایک خوش قسمت خاندان بھی سامنے آیا ہے جو بچے کے رونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے رہائشی ساگر مہتا نامی رہائشی نے بتایا کہ وہ اہلیہ، 2 بچوں اور رشتے داروں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے موربی پل گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل کے ہلنے پر 9 سالہ بیٹا خوفزدہ ہو گیا تھا اور اس نے رونا شروع کردیا جس پر پورا خاندان پل سے اتر آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل سے اترنے کے 10 منٹ بعد ہی حادثہ پیش آیا جس سے ہمارے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔

    خیال رہے کہ 1880 میں دریا پر بنایا گیا پل سیر و تفریح کا مرکز تھا اور گزشتہ ہفتے ہی اسے مرمت کے بعد 26 اکتوبر کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پل پر 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت پل پر 400 افراد موجود تھے۔

    پولیس نے مرمت کرنے والی کمپنی کے مینیجر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • بچے کو بچانے کے لیے ہہادر ماں خونخوار شیر سے گتھم گتھا ہوگئی

    بچے کو بچانے کے لیے ہہادر ماں خونخوار شیر سے گتھم گتھا ہوگئی

    نئی دہلی: ہر ماں اپنے بچے کو مشکل سے بچانے کے لیے دنیا کے ہر خطرے سے لڑ جاتی ہے، ایسی ہی ایک ماں نے اپنے بچے کو شیر کے جبڑوں سے بھی چھڑا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر نئی دہلی میں بہادر ماں اپنے بچے کو شیر کے جبڑے سے بچانے کے لیے نہتی لڑ پڑی اور اپنے بیٹے کو شیر کے چنگل سے چھڑا لیا لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی زخمی ہوگئی۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارچنا چوہدری نامی خاتون اپنے 15 ماہ کے بیٹے کے ساتھ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے گاؤں میں گھر کے قریب رفع حاجت کے لیے جارہی تھیں۔

    مقامی عہدیدار سنجویو شریواستو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ شیر قریبی بندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو سے بھٹک کر یہاں پہنچا تھا، جس کے بعد اس نے بچے پر حملہ کردیا، شیر نے اپنے جبڑے سے بچے کے سر پر حملہ کیا تھا۔

    ماں یہ دیکھ کر لمحے بھر کو تو ساکت رہ گئی لیکن پھر اس نے فوراً اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے بیٹے کو شیر سے بچانے کی کوشش کی، تب شیر نے ان پر بھی حملہ کردیا۔

    ماں کی چیخ و پکار سننے پر گاؤں والے جمع ہوگئے اور ماں اور بچے کو بچانے کی کوشش کی، ہجوم کو دیکھ کر شیر جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔

    سنجویو شریواستو کا کہنا ہے کہ خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    حکام کی جانب سے علاقے کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ مقامی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت گھر سے باہر نہ نکلیں۔

  • 4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    4 سالہ بچے کی ڈرائیونگ کی مہارت نے سب کو حیران کردیا

    چین میں 4 سالہ بچے نے انڈوں کے درمیان سے کھلونا گاڑی گزار کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    چین میں ایک بچے نے سڑک پر 2 درجن سے زائد انڈے سجا دیے اور پھر اپنی ڈرائیونگ کی مہارت دکھائی۔

    4 سالہ بچے نے اپنی کھلونا کار کو درجنوں انڈوں کے درمیان سے گزار کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا، اس دوران سڑک پر رکھے انڈوں میں سے کوئی ایک بھی نہیں ٹوٹا۔

    بچے کی حیرت انگیز ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر ہر کوئی اس کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا۔

  • تھیلیسمیا کا علاج کروانے سے قاصر ماں نے 3 ماہ کے بیٹے کو قتل کردیا

    تھیلیسمیا کا علاج کروانے سے قاصر ماں نے 3 ماہ کے بیٹے کو قتل کردیا

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے شہر مردان میں ماں نے اپنے 3 ماہ کے بچے کو قتل کردیا، ملزمہ کے 2 بیٹے تھیلیسمیا کے باعث کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے اور اسے شک تھا کہ تیسرا بیٹا بھی اس مرض کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان کے علاقے خٹ کلی عمر آباد میں ماں نے اپنے 3 ماہ کے بچے کو قتل کردیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو شک تھا کہ بچہ تھیلیسمیا میں مبتلا ہے، چند ماہ قبل ملزمہ کے 2 بیٹے تھیلیسمیا کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

    بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، بچے کا باپ روزگار کمانے کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے۔

  • پینسل کیوں چرائی؟ کمسن بچہ دوست کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

    پینسل کیوں چرائی؟ کمسن بچہ دوست کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک کمسن بچہ اپنے دوست کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا اور کہا کہ اس کے دوست نے اس کی پینسل چرائی ہے، پولیس اس کے دوست کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالے۔

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں دو ننھے دوست اپنا جھگڑا لے کر تھانے پہنچ گئے۔

    پولیس کے مطابق مقامی اسکول کے 2 طالب علم پولیس کے پاس پہنچے، ان میں سے ایک بچے نے کہا کہ اس کے دوست نے اس کی پینسل چرا لی ہے۔

    دوست نے جواباً کہا کہ پینسل کے بدلے اس نے پینسل کی نوک لی ہے، پہلے دوست نے معصومانہ انداز میں پولیس سے کہا کہ وہ اس کے دوست کی شکایت لکھیں اور اسے جیل بھیجیں۔

    پولیس نے سمجھا بجھا کر دونوں دوستوں کو گھر روانہ کیا۔

    بچے کی شکایت کرتے ہوئے ویڈیو بھی بنا لی گئی جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

  • گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے نے چابی کیسے ڈھونڈی؟ حیران کن ویڈیو

    گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے نے چابی کیسے ڈھونڈی؟ حیران کن ویڈیو

    سوشل میڈیا پر اکثر اوقات ایسی ویڈیوز سامنے آتی ہیں جو حیران کردیتی ہیں، حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے کو چابی سے گاڑی کھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ گاڑی کے اندر موجود ہے اور گاڑی کا دروازہ لاک ہوگیا ہے، پریشان کن بات یہ ہے کہ چابی بھی اندر ہی رہ گئی ہے۔

    گاڑی کے باہر لوگوں کا مجمع موجود ہے اور لوگوں کی نگاہیں گاڑی کے اندر موجود بچے پر تھیں۔

    ایک شخص ننھے بچے کو ہاتھ کی مدد سے چابی کا اشارہ کرتا ہے کہ شاید بچہ سمجھ جائے۔ شروع میں بچے کو اشارہ سمجھ نہیں آتا۔ بہت کوششوں کے بعد بچہ چابی کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور اسے سیٹ کے نیچے سے اٹھاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ چابی کے مختلف بٹن دباتا ہے جس کے بعد بالآخر گاڑی کا دروازہ کھل جاتا ہے اور لوگ خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں۔

  • آن لائن گیم کے دیوانے بچے نے ماں کا زیور فروخت کردیا

    آن لائن گیم کے دیوانے بچے نے ماں کا زیور فروخت کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بچہ آن لائن گیم کا اس قدر دیوانہ ہوا کہ ماں کا زیور ہی فروخت کر ڈالا، 12 سالہ بچہ بعد ازاں گھر سے فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت دہلی میں پیش آیا جہاں 12 سالہ بچے نے گیم کی خاطر غلط قدم اٹھا لیا۔

    بچہ آن لائن گیم فری فائر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے گیم میں کچھ ہتھیار خریدنے کے لیے پیسوں کی ضرورت پڑی، اگر وہ ہتھیار نہ خریدتا تو گیم مزید نہیں کھیل سکتا تھا۔

    گیم اپ ڈیٹ کرنے کے لیے بچے نے پہلے اپنے والد کی جیب سے کچھ پیسے نکالے جو پورے نہیں پڑے، بعد ازاں اس نے اپنی ماں کی سونے کی چین چوری کی اور اسے 20 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کردیا۔

    بعد ازاں پکڑے جانے کے ڈر سے بچہ گھر سے فرار ہوگیا اور دہلی سے بذریعہ ٹرین علی گڑھ پہنچ گیا جہاں اسے ایک مسافر نے پلیٹ فارم پر دیکھا تو مشکوک جان کر فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس کو مطلع کیا۔

    ریلوے پولیس نے بچے سے تفتیش کی جس پر اس نے جرم کا اعتراف کیا، پھر اس معاملے کی بچے کے والدین کو خبر کی گئی جس کے بعد وہ فوری طور پر علی گڑھ پہنچ گئے۔

    بچے کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسے موبائل فون لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے کے لیے دیا تھا لیکن اس نے گیمز کھیلنا شروع کردیں اور ان کا بھاری نقصان کردیا۔

  • ہنستا کھیلتا صحت مند بچہ پیٹ میں درد سے ہلاک

    ہنستا کھیلتا صحت مند بچہ پیٹ میں درد سے ہلاک

    انگلینڈ میں ایک 3 سال کا صحت مند بچہ اچانک پیٹ میں درد اٹھنے کے بعد دم توڑ گیا، ڈاکٹرز کی ایمرجنسی سرجری بھی اسے نہ بچا سکی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 سالہ جوڈ چن نامی بچہ بالکل صحت مند تھا اور طبیعت خرابی سے ایک رات قبل ہنستا کھیلتا بستر پر لیٹا تھا۔

    بچے کی ماں کا کہنا ہے کہ رات میں وہ نیند سے جاگ گیا اور پیٹ میں درد کی شکایت کرنے لگا، پوری رات اسے قے بھی ہوئی۔ اگلی صبح تک وہ غشی کی کیفیت میں جاچکا تھا جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا۔

    اہلخانہ کے مطابق ابتدا میں ڈاکٹرز اسے ذیابیطس سمجھے تاہم جب اس کا اسکین کیا گیا تو علم ہوا کہ اس کی آنتوں میں خرابی ہے۔

    ڈاکٹرز نے فوری طور پر اس کی سرجری کی، بعد ازاں 24 گھنٹے تک وہ لائف سپورٹ پر رہا لیکن جانبر نہ ہوسکا اور تکلیف اٹھنے کے صرف 48 گھنٹوں کے اندر دم توڑ گیا۔

    والدہ کا کہنا ہے کہ بچے کو اس سے قبل کوئی طبی مسئلہ نہیں ہوا تھا۔

    ان کے مطابق اسپتال کے عملے نے اس مشکل وقت میں ان سے بہترین سلوک کیا اور بہترین سہولیات مہیا کیں، اب وہ اسپتال کے لیے فنڈز جمع کر رہے ہیں تاکہ جوڈ جیسے دیگر بچوں کی زندگی بچائی جاسکے۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ناک میں ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق

    کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ناک میں ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے دوران ناک میں کٹ ٹوٹ جانے سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، بچے کا آپریشن کر کے کٹ نکال لی گئی تھی تاہم بعد ازاں اس کی حالت بگڑ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ناک میں کرونا وائرس ٹیسٹ کی کٹ ٹوٹنے کے باعث ڈیڑھ سالہ سعودی بچہ عبدالعزیز الجوفان چل بسا۔

    بچے کے اہلخانہ درجہ حرارت بڑھ جانے پر طبی معائنے کے لیے بچے کو اسپتال لے گئے تھے۔ طبی عملے نے کرونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کے لیے کٹ بچے کی ناک میں داخل کی جس کے ٹوٹ جانے سے بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    بچے کے چچا کا کہنا ہے کہ بچہ نہ ہی لا علاج مرض میں مبتلا تھا اور نہ کسی نازک بیماری کا شکار تھا۔ بچے کا جسم گرم ہو رہا تھا جس پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز نے شبے کی بنیاد پر کرونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا۔

    بچے کے چچا نے مزید بتایا کہ جب کرونا ٹیسٹ کٹ بچے کی ناک میں ٹوٹ گئی تو ڈاکٹر نے علاج کے لیے اسے اسپتال میں داخل کردیا بعد ازاں اسے آپریشن کے لیے بے ہوش کردیا گیا۔ رات 1 بجے بتایا گیا کہ آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور بچے کی ناک سے کرونا ٹیسٹ کی کٹ نکال لی گئی ہے۔

    آپریشن کے بعد بچہ ہوش میں آگیا تھا۔ بچے کی والدہ بھی وہاں موجود تھیں اور نرسوں سے مسلسل درخواست کر رہی تھیں کہ آپریشن کے بعد متعلقہ ڈاکٹر بچے کا معائنہ کریں اور اس بات کا یقین حاصل کریں کہ کرونا کٹ مکمل طورپر نکل چکی ہے۔ خون بہنا بند ہوگیا ہے اور بچے کو تنفس میں کوئی مشکل پیش نہیں آرہی ہے مگر نرسیں کہتی رہیں کہ ڈاکٹر نہیں ہے، انتظار کیا جائے۔

    چچا کا کہنا تھا کہ 9 بجے بچہ اچانک بے ہوش ہوگیا۔ ماں نے فوری طور پر نرسوں کو اطلاع دی۔ بچے کو سانس آنا بند ہوگئی تھی جس پر بچے کو مصنوعی تنفس فراہم کیا گیا۔

    ان کے مطابق اسپتال پہنچ کر ڈاکٹر کو طلب کیا گیا۔ ایکسرے میں پتا چلا کہ بچے کے ایک پھیپھڑے میں تنفس کی نالی بند تھی، بچے کی حالت بگڑنے پر جان بچانے کے لیے اسے ریاض کے اسپیشلسٹ اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی۔

    ان کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر منظوری آگئی، ہم ایمبولینس کا انتظار کرتے رہے جو ٹھیک 1 گھنٹے بعد پہنچی اور بچہ اسپتال پہنچتے پہنچتے دم توڑ گیا۔