Tag: Killer arrested

  • سدھو موسے والا کا قتل، پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    سدھو موسے والا کا قتل، پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    گجرات : گزشتہ دنوں قتل کیے جانے والے بھارتی گلوکار شبدیپ سنگھ سدھو موسے والا کے قاتل کو پولیس نے گجرات سے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پونے پولیس نے2021 کے قتل کیس میں نامزد شوٹر سنتوش جادھو کو سدھو موسے والے کے قتل میں بھی ملوث ہونے پر گرفتار کیا ہے، سنتوش جادھو گزشتہ ایک سال سے فرار تھا تاہم اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    دہلی اور پنجاب کی پولیس ٹیمیں ملزمان کو گرفتار کرنے اور کیس میں جلد سے جلد نتائج تک پہنچنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    واضح رہے دہلی پولیس نے سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو قرار دیا تھا تاہم بشنوئی نے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    لارنس بشنوئی ایک سال سے دہلی کی تہاڑ جیل میں اسمگلنگ کیس کی وجہ سے قید ہے، جس سے پولیس تفتیش کر رہی ہے اور اسی کا لنک کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار سے ملتا ہے جس نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے سدھو موسے والے کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کو 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق انہیں 30 گولیاں لگی تھیں جو ایک آٹو میٹک رائفل سے فائر کی گئی تھیں۔

    یاد رہے سدھو موسے والا کی ایک دن قبل ہی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سیکیورٹی واپس لی گئی تھی۔ انہیں پنجاب کے ڈسٹرکٹ مان سا میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

    پنجابی سنگر نے کانگریس کی جانب سے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔

  • لیاری گینگ وار کا بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر گرفتار

    لیاری گینگ وار کا بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ قاتل کو گرفتار کرلیا، ملزم شہر یارعرف شریل کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے اہم ٹارگٹ کلر شہر یارعرف شریل کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزم بدنام زمانہ دہشت گرد رحمان ڈکیت کا داماد ہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزم پولیس اہلکار سمیت قتل کی21وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل فاروق کو بھی قتل کیا۔

    ملزم نے2014میں عذیربلوچ کے حکم پر2لڑکوں کو قتل کیا،2014میں عذیربلوچ کے کہنے پر ملزم نے مزید 10لڑکوں کو قتل کیا تھا۔

    اس کے علاوہ ملزم نےٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں21افراد کوقتل کیا، ملزم پرانا گولیمار اور لیاری میں بازاروں سے بھتہ وصولی بھی کرتا رہا ہے۔

  • زینب کیس : ڈی این اے سو فیصد میچ ہوا، قاتل سیریل کلر ہے، شہبازشریف

    زینب کیس : ڈی این اے سو فیصد میچ ہوا، قاتل سیریل کلر ہے، شہبازشریف

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ چودہ دن کی محنت کے بعد زینب کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کا ڈی این سے سو فیصد میچ ہوگیا، ملزم سیریل کلر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مقتولہ زینب کے والد حاجی امین انصاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تفتیش میں میں حصہ لینے والے پولیس اور سیکیورٹی افسران کو میڈیا کے سامنے پیش کر کے وزیر اعلیٰٰ پنجاب نے ان کی کامیابی پر تالیاں بھی بجوائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور میں 7 سالہ بچی زینب کو قتل کرنے والے ملزم عمران کی گرفتاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چودہ دن کی محنت کے بعد زینب کے قاتل کو گرفتار کیا گیا۔

    ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس، فرانزک لیب، انٹیلی جنس، سول ایڈمنسٹریشن نے مل کر کاوش کی، انہوں نے بتایا کہ 24 سالہ قاتل عمران سیریل کلر ہے، اس کا ڈی این اے سو فیصد میچ ہوگیا ہے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پولی گرافک ٹیسٹ میں بھی درندے نےسارے جرائم کا اعتراف کیا، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے زینب کے قاتل پکڑنے میں مدد کی، گرفتاری کیلئے سیکیورٹی اداروں نے 14 روز محنت کی زینب کا قاتل عمران نامی شخص ہے اور وہ قصورکا رہنے والاہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے1150 ڈی این اے کے نمونوں کی پروفائلنگ کی گئی، سفاک قاتل کے سو فیصد ڈی این اے میچ ہوئے ہیں اور اب ٹیسٹ میں کوئی ابہام نہیں رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس بھیڑیے اور درندے کو کیفر کردار تک پہنچانے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا، زینب کیس کو انسداددہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا، میرابس چلے تو بھیڑیے کو چوک پر لٹکا کرپھانسی دے دوں، ٹرائل مکمل ہونےتک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    ،قوم کی بھی خواہش یہی ہے کہ قاتل کو چوک پر لٹکایا جائے، قانون اجازت دے تو ملزم کو چوراہے پرپھانسی دینے میں کچھ غلط نہیں، سفاک قاتل کو چوراہے پر پھانسی دینے کیلئے قانون میں تبدیلی کی استدعا کروں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ ایسےنازک معاملات پرسیاست نہیں کرنی چاہئے، مردان کی عاصمہ کے قاتلوں کو بھی پکڑاجائے، ہماری فرانزک لیب حاضرہے، کے پی کے حکومت چاہے تو مکمل تعاون کریں گے، ایسے واقعات پرسیاست کے بجائے ایک دوسرے کا دکھ بانٹیں گے۔

    قاتل کی گرفتاری پرمطمئن ہوں، والد زینب 

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد حاجی امین انصاری نے کہا کہ بیٹی کے قاتل کو پکڑنے پر سیکیورٹی اداروں کا شکرگزار ہوں، اجتماعی کوششوں سے درندے کو گرفتارکیا گیا، بیٹی کےقاتل کی گرفتاری پرمطمئن ہوں۔

  • سفاک دکاندار نے بسکٹ چوری کرنے پر بچے کو قتل کردیا

    سفاک دکاندار نے بسکٹ چوری کرنے پر بچے کو قتل کردیا

    احمد پور شرقیہ : بسکٹ چوری کرنے کے الزام میں دکاندار نے گیارہ سالہ بچے کو چھری کے اٹھہتروار کرکے قتل کردیا، پولیس نے دروازہ توڑ کر لاش اور ملزم کو باہر نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق احمد پورشرقیہ میں دل خراش واقعہ پیش آیا، دکاندار نے محض20روپے کے بسکٹ چوری کرنے کا الزام لگا کر گیارہ سالہ بچے بلال کو دکان میں بند کیا اور چھریوں کے پے در پے وار کر کے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    ملزم نے واردات کے بعد لاش سمیت خود کو دکان میں بند کرلیا، اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور دروازہ توڑ کر بچے کی لاش اورملزم کو باہر نکالا۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے کےجسم پر چھریوں کے78وار کئے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو قتل کرنے کے بعد ملزم ایاز نے خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تھی۔

    بچے کے بہیمانہ قتل پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ملزم پر تشدد کرنے کی کوشش کی، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

  • عارف والا: سفاک باپ نے تین کمسن بیٹیوں کو قتل کردیا، ملزم گرفتار

    عارف والا: سفاک باپ نے تین کمسن بیٹیوں کو قتل کردیا، ملزم گرفتار

    عارف والا : گھریلو جھگڑے کے بعد سفاک باپ نے تین بیٹیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کردیا۔ پولیس نے موقع واردات سے ملزم احمد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفاک باپ نے اپنا ہی گھر اجاڑ ڈالا، عارف والا میں بے رحم باپ نے بیوی سے جھگڑے کے بعد اپنی تین کم سن بچیوں کو قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم احمد نے بیوی سے گھریلو جھگڑے پر تینوں بچیوں کو گلہ دبا کر ہلاک جبکہ تیز دھار آلے سے بیوی کو شدید زخمی قتل کردیا۔

    بیٹیوں کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق بچیوں میں 11 سالہ زینب ، 3 سالہ مریم اور 6 سالہ زنیرہ شامل ہیں، لاشوں اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے ملزم احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    دوسری جانب شجاع آباد میں کار میں بند ہونے والا تیسرا بچہ بھی دم توڑ گیا۔ زکریا ٹاؤن میں تین بچے کھیلتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ گئے تھے۔

    کار کادروازہ اچانک لاک ہونے سےسات سالہ شہروز اور چار سالہ ساجد اور علی حسن جان کی بازی ہار گیا۔ تینوں بچے چچازاد بھائی تھے۔