Tag: Killing on resistance

  • ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کو موت کی نیند سُلادیا

    ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کو موت کی نیند سُلادیا

    کراچی : مسلح ڈاکوؤں نے کراچی کے ایک اور نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر جان سے مار ڈالا، 20سالہ نوجوان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

    شہر قائد میں دندناتے ڈاکو شہریوں کی موت کے سوداگر بن گئے، ملزمان نے شہر میں ایک اور نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر موت کی نیند سلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ناصر جمپ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پرفائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 20 سالہ عبدالباسط کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش مزید قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا زمان ٹاؤن پولیس سے مقابلہ ہوا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر قتل کرکے فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    علاوہ ازیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔

  • کینیڈا سے آنے والے شہری کے قاتل ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کینیڈا سے آنے والے شہری کے قاتل ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کراچی : عید پر بچوں کے ساتھ شاپنگ کیلئے جانے والے پاکستانی نژاد کینیڈین امین علوی کے قتل میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پاپوش پولیس نے کارروائی کرکے پاکستانی نژاد کینیڈین کے قتل میں ملوث 2ملزمان گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزمان میں ظہیر اور خلیل شامل ہیں ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا، ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ مقتول امین علوی بچوں کو شاپنگ کیلئے لے کر نکلا تھا، جسے ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر جان سے مار دیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق امین علوی منی چینجر سے رقم تبدیل کروانے لیے اندر گیا، ملزمان سڑک کی دوسری جانب موجود تھے۔

    مقتول منی چینجر سے نکلا تو ملزمان اس کا تعاقب کرتے ہوئے پیچھے لگ گئے، ڈکیتی میں مزاحمت پر ملزمان نے گولی ماردی اور فرار ہوگئے، گرفتار ہونے والا ایک ملزم سرجانی جبکہ دوسرا منگھوپیر کا رہائشی ہے۔

    یاد رہے کہ 28 جون کو کراچی کے علاقے ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کی بہن کی مدعیت میں پاپوش نگر تھانے میں درج کیا گیا جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔

  • لاڑکانہ : ڈکیتی کے دوران نوجوان کی ہلاکت، لاش رکھ کر دھرنا

    لاڑکانہ : ڈکیتی کے دوران نوجوان کی ہلاکت، لاش رکھ کر دھرنا

    لاڑکانہ : ریشم بازار میں ہونے والی ڈکیتی کے دوران مزاحمت کے نتیجے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کیخلاف اس کے لواحقین نے لاش سمیت دھرنا دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے رتو ڈیرو ریشم بازار میں ڈکیتی کے دوران نوجوان کی ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔

    مقتول نوجوان کے ورثاء نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے علاقے کے تاجروں، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے ہمراہ لاش رکھ کر دھرنا دے دیا۔

    اس موقع پر مشتعل علاقہ مکینوں نے بس اسٹینڈ پر ٹائروں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کا قطاریں لگ گئیں۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ڈکیتی میں مزاحمت پر4افراد قتل ہوچکے ہیں، جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوں گے احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

  • کراچی : بینک سے رقم لے کر جانے والے دوشہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : بینک سے رقم لے کر جانے والے دوشہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : کوئٹہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دو لاکھ روپے چھیننے کے لئے دو افراد کو قتل کردیا، بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے ولی اللہ اور امان اللہ کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی ماری گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو راج آج بھی قائم ہے، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔

    کراچی کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں دو شہری ولی اللہ اورامان اللہ بینک سے رقم لے کر جا رہے تھے، ڈاکوؤں نے تعاقب کرتے ہوئے کچھ دور جا کر ان کو زدوکوب کیا اور رقم چھیننے کی کوشش کی، ڈاکوؤں نے ولی اللہ اورامان اللہ کوڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی ماردی۔

    زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ انہوں نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دے دی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی عرفان بہادر نے صحافیوں کو بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد شہریوں سے پیسے چھینے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔

    گزشتہ روز بھی ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا، فائرنگ کے دونوں واقعات میں تیس بور کا پستول استعمال کیا گیا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا ٹیکنیکل طریقے سے جائے وقوعہ اور عینی شاہدین کی مدد سے واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔