Tag: kimari

  • کیماڑی میں زہریلی گیس: ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری

    کیماڑی میں زہریلی گیس: ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے کے واقعے پر، ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کا واقعے کے 2 ہفتے گزرنے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔

    زہریلی گیس پھیلنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی ٹیم بھی بنادی گئی ہے۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

    ایس پی کیماڑی عمران خان، ایس پی انویسٹی گیشن مختیار خاصخیلی، ایس ایچ او جیکسن اور انسپکٹر جیکسن پولیس بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تشکیل دی گئی ٹیم ہر جمعے کو کی جانے والی تفتیش پر بریفنگ بھی دے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

    سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تھا تاہم ریسرچ آف شعبہ کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا تھا کہ نمونوں میں سویا بین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں علم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویا بین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

    علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے بھی صوبائی و وفاقی حکومتوں، سندھ انوائرمینٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

  • کراچی میں قیامت خیز گرمی، لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا

    کراچی میں قیامت خیز گرمی، لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک جانب قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے تو دوسری جانب لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج نے آگ برسائی تو دوسری جانب کے الیکٹرک نے بھی ستم ڈھا دیئے، شہر کے کئی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری دہرے عذاب سے بلبلا اٹھے جبکہ کورنگی اور دیگر علاقوں میں تیرہ گھنٹے بجلی غائب رہنے سے پانی کا بھی سنگین بحران پیدا ہوگیا۔

    کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صبح دس بجے سے بجلی غائب ہے جبکہ ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، ملیر، کھوکھرا پار، احسن آباد، کیماڑی، لیاری، اورنگی اور دیگر علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی کا تعطل برقرار ہے۔

    کراچی میں قیامت خیز گرمی ، سمندری ہوائیں آج بھی بند، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان

    علاوہ ازیں لانڈھی اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بھی بارہ سے تیرہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی بھی نایاب ہو چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، سمندری ہوا بند ہونے سے حبس کی کیفیت برقرار رہے گی جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ہے۔

    یاد ہے کہ چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ شدیدگرمی کی لہر کا آج آخری روز ہے، کل سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، رواں ماہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، کراچی والے جون میں ہلکی بارش اور جولائی میں بارشوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کیماڑی: اسٹوریج ٹینک میں دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    کیماڑی: اسٹوریج ٹینک میں دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں واقع اسٹوریج ٹینک میں دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹوریج ٹینک میں دھماکہ گیس بھرنے سے ہوا جس کے نتیجے میں قریب موجود دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 9 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جہاں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ حادثاتی طور پر ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی عملے نے جائے وقوعہ پہنچ کر امدادی کارروئیاں شروع کیں اور اب تک 3 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔

    زیرزمین ٹینک میں پراسراردھماکہ، گاڑیاں تباہ اورچوکیدارزخمی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے، جبکہ دھماکہ کیماڑی میں واقع اسٹوریج ٹینک میں گیس بھر جانے سے ہوا جس سے اطراف کے تین اسٹوریج ٹینک بھی متاثر ہوئے۔

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے واقعے کی تحقیات کر رہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر دھماکہ حادثاتی لگتا ہے البتہ حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔

    کوٹ ادو: آئل ٹینکر میں آگ لگنےسے 4 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ چند ماہ قبل کراچی کے علاقے کیماڑی میں تیل ذخیرہ کرنے کے مرکز میں ایک بڑے ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد دھماکہ بھی ہوا جبکہ اس حادثے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔