Tag: king salman

  • سعودی فرمانروا کا روایتی رقص، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی فرمانروا کا روایتی رقص، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے ثقافتی رقص کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان نے دو روز قبل ریاض کے علاقے راس الخیمہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی اور 82 ملین ڈالر کے 1281 ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا۔

    تقریب کے اختتام پر شاہ سلمان نے دیگر شہزادوں کے ہمراہ عرب کا روایتی رقص کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔

    مزید پڑھیں:سعودی عرب کے قومی ترانہ کا اردو ترجمہ

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ سلمان دیگر شہزادوں کے ہمراہ ہاتھ میں تلوار تھامے ہوئے ثقافتی رقص کررہے ہیں جبکہ اس موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ محمد بن سلمان نے فرمانروا کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔

    سعودی سرکاری ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تقریب میں وزیر دفاع محمد بن سلمان، چیئرمین بورڈ سعودی خلا باز اتھارٹی سلطان بن سلمان اور راخن بن سلمان نے بھی شرکت کی۔

    رپورٹ کے مطابق کانفرنس میں تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جسے ’سلمان اور ریاض‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس نمائش میں رکھے جانے والے فن پاروں کے ذریعے شاہی خاندان کی تاریخ اور ثقافت بیان کی گئی تھی۔

  • جدہ: صحت کی سہولیات کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری

    جدہ: صحت کی سہولیات کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری

    جدہ: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سعودی ہیلتھ کونسل کی جانب سے لیےگئے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ، اقدامات کا مقصد صحت کی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی قیادت کی ایما پر ملک کی ہیلتھ کونسل نے تجاویز مرتب کی تھیں جن کامقصد مملکت کے شہریوں کے لیے صحت کی سہولیات میں اضافہ ہے، منصوبوں میں شواہد کی بنا پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نیشنل سنٹر کا قیام بھی شامل ہے ۔

    منظور کیے گئے اقدامات اور منصوبوں میں ملک بھر کی تمام لیبارٹریز کے لیے یکساں لائحہ عمل مرتب کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے جس کے تحت ہیلتھ سیکٹر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکساں قواعد و ضوابط کے تحت کام کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

    نئے قوانین کے تحت اسپتال سعودی ہلال احمر کی ایمبولینس سروس کے ذریعے منتقل کیے جانے والے دل کے مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے سے انکار نہیں کرسکیں گے ۔

    اس موقع پر سعودی ہیلتھ کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نہر الاعظمی کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی منظوری سعودی شہریوں کے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قیادت کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔

    انہوں نے اس موقع پر شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ، جو کہ ہیلتھ کونسل کے سربراہ بھی ہیں، ان کا شکریہ ادا کیا ۔

  • سعودی امداد موصول، تیونسی وزیر اعظم کی تصدیق

    سعودی امداد موصول، تیونسی وزیر اعظم کی تصدیق

    ریاض : سعودی عرب کے حاکم شاہ سلمان نے تیونس کو معاونت کے لیے 83 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک تیونس کے وزیر اعظم وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر سعودی عرب آئے ہوئے تھے جو شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد واپس اپنے ملک روانہ ہوگئے تھے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تیونس کے وزیر اعظم یوسف شاہد کو تیونس کی مالی معاونت کے لیے 83 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد بھی دی گئی۔

    تیونس کے وزیر اعظم نے اپنے بیان میں سعودی عرب کے بادشاہ خادمین الحرمین الشرفین شاہ سلمان کی جانب سے کروڑوں ڈالر امداد دینے کی تصدیق کی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تیونس کے وزیر اعظم کو شاہ خالد ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام نے الوداع کیا۔

    مزید پڑھیں : محمد بن سلمان کا دورہ تیونس، عرب نیٹو کی تشکیل پر تبادلہ خیال

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اتحادی ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں تیونس پہنچے تھے، جہاں انہوں نے تیونسی صدر بیجی قائد السبسی اور دیگر حکومتی اراکین سے ملاقات سے کی تھی۔

    یاد رہے کہ صدر بیجی قائد السبسی اور محمد بن سلمان کے دوران ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ دفاعی و معاشی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور عرب نیٹو کی تشکیل پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

  • صدرعارف علوی اور شاہ سلمان ملاقات، تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

    صدرعارف علوی اور شاہ سلمان ملاقات، تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

    ریاض:‌ صدرعارف علوی کی خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات ہوئی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا.

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ سلمان نے صدرمملکت کا گرم جوشی سےاستقبال کیا اور الیکشن میں‌کامیابی پرمبارک باد دی.

    شاہ سلمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تمام سطح پربہترین ہیں، انھوں نے سعودی عرب کی ترقی اور تعلقات کی بہتری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا.

    اس موقع پر صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے اہم ایشوز پرایک مؤقف رکھتے ہیں، آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے.


    مزید پڑھیں: صدر مملکت سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے


    صدرعارف علوی نےسعودی عرب کی ویژن 2030 کے مطابق کارکردگی پرسراہا اور کہا کہ  سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے.

    صدرمملکت نےشاہ سلمان سےشہزادی الجوارہ بنت فیصل السعودکی وفات پرتعزیت کی.

  • جمال خاشقجی گمشدگی: مائیک پومپیو، شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے ریاض پہنچ گئے

    جمال خاشقجی گمشدگی: مائیک پومپیو، شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے ریاض پہنچ گئے

    ریاض: امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیوسعودی مصنف جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پرسلطنت کے فرما نروا شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیک پومپیو ریاض پہنچے تو ان کے استقبال کے لیے سعودی وزیر ِ خارجہ عادل الجبیر موجود تھے ، مائیک پومپیو کے دورے کا مقصد سعودی مصنف کی گمشدگی پر مملکت کی قیادت سے تبادلہ خیال کرنا ہے، خاشقجی کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں قتل کردیا گیا ہے۔

    جمال خاشقجی کے لیے کہا جارہا ہے کہ دو ہفتے قبل وہ ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں گئے تھے ، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ ترکی کا موقف ہے کہ جمال خاشقجی قونصل خانے سے باہر نہیں آئے، اندیشہ ہے کہ انہیں سفارتی عمارت کے اندر قتل کرکے لاش کہیں غائب کردی گئی ہے۔

    امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سعودی بادشاہ سے ملاقات کے بعد اس مقام کا بھی دورہ کریں گے جہاں جمال خاشقجی کو آخری مرتبہ دیکھا گیا تھا۔ جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے بطور کالم نویس وابستہ ہیں۔ اخبار نے ان کی گمشدگی پر انوکھا احتجاج کرتے ہوئے ان کی تصویر کے ساتھ خالی کالم شائع کیا تھا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ لاپتا سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے گیے ہیں تو ریاض حکومت کو سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے اس معاملے پر سعودی شاہ سلمان سے فون پر گفتگو بھی کی تھی جس میں سعودی حکمران نے ان کی گمشدگی کے بارے میں مکمل لاعلمی کا اظہا ر کیا تھا۔

    اسی معاملے کے سبب محمد بن سلمان کی جانب سے ریفورم ایجنڈے کو پروموٹ کرنے کے لیے منعقدہ کانفرنس میں امریکی وزیر خزانہ اسٹیو میونچن اور برطانیہ کے عالمی ٹریڈ سیکریٹری لائم فوکس نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ترکی کی جانب سے اس معاملے پر سعودی عرب کے خلاف انتہائی سخت موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اور الزام عائد کیا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کو سعودی سفارت خانے کے اندر ہی قتل کرکے لاش غائب کی گئی ہے۔

    ترکی کی تحقیقاتی ٹیم کو سعودی عرب نے گزشتہ روز تحقیقات کے لیے سفارت خانے کی تلاشی لینے کی اجازت بھی دی تھی لیکن ٹیم کے پہنچنے کے مقررہ وقت سے پہلے سفارت خانے میں صفائی کا مخصوص عملہ جاتا ہوا دکھائی دیا، جس کے پاس صفائی کے خصوصی آلات بھی موجود تھے۔

    ترکی کی تحقیقاتی ٹیم کے ایک حکام کا کہنا ہے کہ ہم پوری نیک نیتی اور دیانت داری سے واقعے کی تحقیقات کرنا چاہتے ہیں تاہم سعودی عرب کی جانب سے ہماری اس خواہش کو مذاق میں اڑایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب نیویار ک سٹی کے سابق چیف میڈیکل ایگزامنر کا کہنا تھا کہ اگر قتل سفارت خانے میں ہوا ہے تو فارنزک ٹیسٹ کے ذریعے اس کا پتا لگایا جاسکتا ہے ، لیومنال نامی ایک کیمیائی مادہ چھڑکنے سے وہ جگہ جہاں خون گرا ہو ، آشکا ر ہوجاتی ہے۔

  • سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    سعودی بادشاہ اور ولی عہد کی عمران‌ خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

    اسلام آباد : سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اس وقت عالمی منظرنامے پر مرکزنگاہ بنے ہوئے ہیں، سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں عمران خان کے لیے دعا کی اور کہا کہ ہم سعودی عوام اور حکومت کی جانب سے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔

    خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی کے بعد اسلام آباد میں موجود سعودی سفارت خانے میں تعینات سفیر عمران خان کو مبارک باد دینے کے لیے بنی گالہ پہنچے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


    مزید پڑھیں : سعودی سفیر کی بنی گالہ آمد، عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد


    سعودی حکام اور حکومت کا خصوصی پیغام عمران خان کو پہنچایا جبکہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے اور آپسی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    ملاقات کے دوران سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، سعودی حکومت ان خیالات اور جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    عمران خان نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب ، برادر اسلامی ممالک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، پی ٹی آئی حکومت تعلقات کو ایک نئی جہت سےہم کنارکرے گی، ہماری خارجہ پالیسی میں سعودی عرب کو خاص مقام حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کوانتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔

  • شاہ سلمان کا یمنی اور سوڈانی شہداء کے خاندانوں کی حج پر سرکاری میزبانی کا حکم

    شاہ سلمان کا یمنی اور سوڈانی شہداء کے خاندانوں کی حج پر سرکاری میزبانی کا حکم

    ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن کی قومی فوج اور سوڈانی فوج کے شہداء کے خاندانوں کے ڈیڑھ ہزار افراد کی حج کے دوران میں سرکاری میزبانی کا حکم دیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق یمن اور سوڈان کے یہ فوجی جنگ زدہ پڑوسی ملک میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد آپریشن فیصلہ کن طوفان اور آپریشن امید کی بحالی میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔

    ان شہداء کے خاندانوں کی شاہ سلمان کی مہمان نوازی کے پروگرام برائے حج اور عمرہ کے تحت میزبانی کی جائے گی، سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور اور دعوت و ارشاد اس پروگرام کی نگران ہیں۔

    سعودی وزیر برائے اسلامی امور اور دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘‘اس پروگرام اور شاہ سلمان کے حکم سے یمن میں ہمارے بھائیوں کی سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ان شہداء کی دلیرانہ قربانیوں کی تحسین ظاہر ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ ان شہداء کی مغفرت فرمائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی کے دوسرے سرکاری محکموں کے ساتھ روابط سے ان شہداء کے خاندانوں کو سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ باآسانی حج ادا کرسکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے

    سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز جدہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے، شہزادہ فیصل بن ترکی اور شہزادہ خالد الفیصل، نائب گورنر مکہ مکرمہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

    سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں بیت اللہ کے سائے میں عبادت وریاضت میں مصروف رہ کر گزاریں گے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر مکہ المکرمہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں، مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

    مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے ابھی سے فل ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پہلی مرتبہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا کیا ہے اور مسجد الحرام میں لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے تقریباً 2500 کیمرے نصب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مراکش کے ساتھ ایران کے خلاف کام کریں گے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز

    مراکش کے ساتھ ایران کے خلاف کام کریں گے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز

    ریاض : سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مراکش کے حاکم شاہ محمد ششم کو مراکش میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت کے خلاف متحد ہوکر کام کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب امارات کے موجودہ حاکم شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلسعود نے مراکش میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت پر مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مل کر کام کریں گے۔

    سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم سے بات کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ سعودی عرب اور اس کی عوام مراکش کے ہمراہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مراکش کو ایرانی حکومت سے لاحق خطرات میں سعودی عرب رباط کے ساتھ ہے اور مراکش کی سلامتی و استحکام کے لیے ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

    سعودی عرب اور مراکش کے رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت اور عرب ممالک کے خلاف ایرانی سازشوں اور ہتھکنڈوں کو ناکام کرنے کے لیے اتحاد و اتفاق کے ساتھ کام ہوگ۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل مراکش کے وزیر خارجہ بے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ تہران لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ذریعے مراکش کی آزادی پسند گروپ پولیساریو فرنٹ کو اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے میں مدد کررہا ہے، جو ملکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرانک بات ہے۔


    ملکی معاملات میں مداخلت، مراکش نے ایران سے تعلقات منطقع کردیئے


    مراکشی وزیر خارجہ نے ایران پر الزامات کی برسات کرنے کے بعد تہران سے سفارتی تعلقات منطقع کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا اور تہران میں موجود مراکشی سفارت خانے کو بھی بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ جس کے بعد سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک نے مراکش سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ مغربی صحارا کا ایک حصّہ مراکشی کی حکومت کے قبضے میں ہے جبکہ ایک حصّہ صحارا کی آزادی پسند تنظیم پولیساریو فرنٹ کے زیر انتظام ہے۔ ان دونوں خطوں کے مایبن ایک اور علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ نے اپنے اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ ایران اور مراکش کے تعلقات شروع سے ہی نازک رہے ہیں، سنہ 2009 میں بھی مراکش نے ایرانی حکومت کے ساتھ بحرین کے معاملے پر اپنے سفارتی تعلقات منقطع کردیئے تھے۔ جو سنہ 2014 میں دوبارہ سے بحال گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • سعودی عرب آزاد ریاست کےفلسطینی حق کی حمایت کرتا ہے‘ شاہ سلمان

    سعودی عرب آزاد ریاست کےفلسطینی حق کی حمایت کرتا ہے‘ شاہ سلمان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب اپنے موقف پرقائم ہے اور وہ یہ ہے کہ ہم فلسطینیوں کے آزاد ریاست حاصل کرنے کے حق کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب آزاد ریاست کے فلسطینی حق کی حمایت کرتا ہے۔

    شاہ سلمان نے امریکی صدر سے گفتگو کے دوران فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کی پوزیشن کو دہرایا اور کہا کہ فلسطینی عوام کو آزاد ریاست کا قانونی حق حاصل ہے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔

    سعودی فرمانروا اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ غزہ میں مظاہروں کے دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 17 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد سامنے آیا۔

    اسرائیلیوں کواپنی سرزمین کاحق حاصل ہے،شہزادہ محمد بن سلمان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں کو اپنی سرزمین کا حق حاصل ہے، استحکام کے لیے امن معاہدے کو یقینی بنانا ہوگا۔

    واضح رہے کہ 2002 سے سعودی عرب اسرائیل اور فلسطین تنازع کے لیے دو ریاستی حل کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے اور آج تک کسی سعودی حکام نے اس چیز کو تسلیم نہیں کہ اسرائیل کو کسی زمین کا حق حاصل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔