Tag: kishwar zehra

  • حکومت پی ٹی آئی مذاکرات : کشور زہرہ کے اہم انکشافات

    حکومت پی ٹی آئی مذاکرات : کشور زہرہ کے اہم انکشافات

    اسلام آباد : ایم کیوایم کی خاتون رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کی رکن کشور زہرہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی مذاکرات میں اسمبلیاں توڑنے اور انتخابات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو ناکام نہیں کہوں گی کیونکہ تینوں اجلاس مثبت تھے۔

    کشور زہرہ نے بتایا کہ طے ہوگیا تھا کہ بجٹ کی منظوری کے ایک ہفتے بعد عام انتخابات کی طرف جائیں گے، مذاکرات میں جولائی میں اسمبلیاں توڑنے پر اتفاق ہوگیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چوتھی میٹنگ کے لیے چیزیں فائنل کرکے معاہدہ پر اتفاق رائے ہوگیا تھا لیکن باہر نکلتے ہی شاہ محمود قریشی نے حیران کن طور پر کہہ دیا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجبوری تھی ورنہ خان صاحب ناراض ہوجاتے، ہم نے کہا کہ یہ آپ کا کام تھا خان صاحب کو سمجھانا۔

    رکن مذاکراتی کمیٹی کشور زہرہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اور یوسف گیلانی نے واضح کیا تھا کہ حکومت توسیع نہیں چاہتی، معاہدہ ہوتا تو یہ ساری باتیں معاہدے میں بھی لکھی جاتیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلی میٹنگ خوش آئند ہوئی، دوسری سے پہلے ان کے35 کارکن گرفتار ہوگئے، جب شاہ محمود صاحب نے بتایا تو حکومتی ٹیم نے مذاکرات روک دیے۔

    کشور زہرہ نے کہا کہ جب رانا ثنااللہ صاحب کو اسپیکر پر لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں بھی کارکنان کی گرفتاری نہیں، دوسری میٹنگ کے بعد پرویز الہٰی کے گھر چھاپے سے بات مزید خراب ہوگئی، ایسے ہی نامناسب طریقوں سے بات بگڑتی ہے۔

    گزشتہ روز پی ڈی ایم کے ہونے والے مظاہرے سے متعلق رکن مذاکراتی کمیٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک صاحب نے تو سپریم کورٹ کے سامنے مظاہرہ بھی کیا، میں حکومت کی اتحادی ہوں لیکن میرا سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر مظاہرہ کس لیے کیا گیا؟ احتجاج کس بات کا؟ آپ کس سے کیا مانگ رہے تھے؟

    انہوں نے کہا کہ جب مذاکرات کرنے تھے تو خاموش بھی رہتے، اب جو توڑ پھوڑ اور ہنگامے ہوئے اس سے امکانات اچھے نظرنہیں آرہے، آج بھی مذاکرات کی گنجائش ہے اور چیف جسٹس بھی ٹائم دے رہے ہیں۔

  • ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی ڈاکوؤں نے چھین لی

    ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کشور زہرا کی گاڑی ڈاکوؤں نے چھین لی

    کراچی : مسلح افراد نے متحدہ قومی موومنٹ کی حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ کشور زہرا کی گاڑی ٹویوٹا کرولا BCP 617  گلشن اقبال سے گن پوائنٹ پر چھین لی۔ کشور زہرا نے واقعہ کے خلاف رپورٹ درج کرانے کیلئے متعلقہ تھانے سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی رکن قومی ا سمبلی کشورزہرہ کی گاڑی گلشن اقبال سے چھین لی گئی، تاہم کشور زہرا اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھیں۔ پولیس کے مطابق گاڑی ڈرائیور سے اسلحے کے زور پر چھینی گئی ہے اور ملزمان گاڑی چھیننے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ کا کہنا ہے کہ وہ خود اسلام آباد میں ہیں، جبکہ گاڑی ان کے ڈرائیور سے چھینی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی کا ٹریکر سسٹم بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے گاڑی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کشور زہرہ کی گاڑی کے چھیننے کے واقعہ پراپنی شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی گن پوائنٹ پر چھینے جانا شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑی کو فی الفور بازیاب کرایا جائے اور اس میں ملوث عناصر کو قرا ر واقعی سزا دی جائے۔