Tag: Kite flying

  • پتنگ اڑانے پر دھمکیاں : ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے

    پتنگ اڑانے پر دھمکیاں : ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے

    اسلام آباد : پتنگ اڑانے پر نامناسب الفاظ میں بچوں کو دھمکیاں دینے والے ایس ایچ او کو لینے کے دینے پڑگئے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں ناکام ہونے پر ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے دھمکی دی تھی کہ جس بچے نے پتنگ اڑائی تو بچے کے والد کو چوک پر کھڑا کرکے جوتے ماروں گا۔

    ایس ایچ او کے اس بیان کا پولیس کے اعلیٰ حکام نے سختی سے نوٹس لیا، اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سیکرٹریٹ کو اس قسم کے نامناسب الفاظ کے چناؤ پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔ اس کیخلاف محکمانہ انکوائری بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔

    اسلام آباد پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک جرم ہے جس سے سختی سے نمٹا جارہا ہے، پتنگ اڑانے کے اس خونی کھیل کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی دھاتی ڈور انسانی جان کے لیے خطرہ ہے، جس کے سببہونے والا معصوم جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے پتنگ سازوں، ڈسٹری بیوٹرز اور فروخت کنندگان کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں70ہزار سے زائد پتنگیں اور 10ہزار سے زائد ڈور قبضے میں لی گئیں۔

    یاد رہے کہ ایس ایچ او سیکرٹیرٹ اشفاق وڑائچ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اب کوئی بھی بچہ اگر پتنگ اڑائے گا تو اس کے باپ کو چوک پر جوتے ماروں گا اور مقدمہ بھی درج کروں گا اس نے اعلان میں یہ بھی کہا کہ اس میں ملوث بچے کا گھر بھی گرا دوں گا۔

     

  • پنجاب میں پتنگ بازی کیخلاف کارروائی میں بڑی پیشرفت

    پنجاب میں پتنگ بازی کیخلاف کارروائی میں بڑی پیشرفت

    لاہور : آئی جی پنجاب عثمان انور نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران کو ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پتنگ بازی کے نتیجے میں ہونے والے خونی حادثات کے بعد پنجاب پولیس حرکت میں آئی جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسپیشل ٹیمیں قانون شکنوں کیخلاف اقدامات یقینی بنائیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، اس کی خرید و فروخت اور استعمال پرزیرو ٹالرنس ہے۔

    عثمان انور کی جانب سے والدین کو اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے باز رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ان کا کہنا ہے کہ سپروائزری افسران دھاتی ڈور و پتنگوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

    اس حوالے سے پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں پتنگ بازی ایکٹ کے تحت 41 ملزمان گرفتاراور 32 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 957 پتنگیں، 23 چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ گزشتہ 34 روز میں مجموعی طور پر 3603ملزمان گرفتار کرکے 3469 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان سے 217461 پتنگیں، 14693 چرخیاں برآمد کی گئیں۔

  • پشاور : لیزر لائیٹس کے استعمال، پتنگ بازی اور کبوتر بازی پر پابندی عائد

    پشاور : لیزر لائیٹس کے استعمال، پتنگ بازی اور کبوتر بازی پر پابندی عائد

    پشاور : ائیر پورٹ کے اطراف اور طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ کے بعد لیزر لائیٹس کے استعمال، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور کبوتر بازی پر پابندی عائد کردی گئی۔

    پشاور ایئرپورٹ کے مضافات میں ہوائی فائرنگ ، لیزر لائٹ ، کبوتر بازی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، قانون کی خلاف ورزی پر گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    پشاور ائیر پورٹ کے اطراف اور طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پشاور میں روا ں ماہ کے دوران آٹھ طیاروں پر لیزر لائیٹس مارنے کے واقعات رپورٹ ہو ئے۔

    پشاور اور کراچی میں اب تک مجموعی طور پر12 طیاروں پر لیزر لائیٹس مارنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، پشاور میں قطر ائیر ویز، پی آئی اے ،گلف ائیر ،ائیر عربیہ ،اور ائیر بلیو ، کے طیارہ لیزر لائیٹس سے متاثر ہوئے۔

    ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیزر لائٹس کے واقعات کے حوالے سے پشاور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے
    پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لے کر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق رواں ماہ کراچی میں طیاروں پر لیزر لائٹیں مارنے کے چارسے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں گلف ائیر کی دو پروازیں، ایک ایمریٹس ائیر اور ایک پی آئی اے کا طیارہ لیزر لائیٹس سے متاثر ہو ئے۔

    لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظات کو خطرات لاحق ہوگئے۔ بیرون ملک سے آنے والی پروازیں لیزر لائٹ پڑنے سے متاثر ہوئیں، زیادہ تر واقعات ماڈل کالونی، سہراب گوٹھ اور میمن گوٹھ سے رپورٹ ہوئے، طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔

  • لاہورمیں پابندی کے باوجود پتنگ بازی، 106 گرفتار، مقدمہ درج

    لاہورمیں پابندی کے باوجود پتنگ بازی، 106 گرفتار، مقدمہ درج

    لاہور : پولیس نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے106پتنگ بازوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے500 زائد پتنگیں برآمد کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے، کینٹ لاہور کے علاقہ میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان دم توڑ گیا جبکہ سبزہ زار میں کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    لاہور پولیس نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے106پتنگ بازوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے500 زائد پتنگیں برآمد کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔

    لاہور میں پتنگ کی ڈور پھرنے کے واقعات میں شہریوں کی ہلاکت کا سی سی پی اوذوالفقار حمید نے سختی سے نوٹس لیا ہے
    سی سی پی او نے فرائض میں غفلت پر تھانہ شمالی چھاؤنی کے ایڈیشنل ایس ایچ او کو معطل کردیا۔

    قبل ازیں سی سی پی او نے ایس پی کینٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی، ان کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔

     چوبیس سالہ شہری سید شبیر حسین کو عسکری 10 کے سامنے نامعلوم سمت سے آنے والی ڈور نے زخمی کر دیا جو کہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ سید شبیر حسین کے ورثاء اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے اور ہلاکت کی تصدیق ہونے پر وہاں کہرام برپا ہو گیا۔

    علاوہ ازیں سبزاہ زار کے علا قہ میں شاہ فرید دربار کے قریب سمیع اللہ بٹ کا بیٹا معین بٹ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا، جس کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • لاہور : کھمبے سے لٹکتی پتنگ کی دھاتی ڈور نے نوجوان کی جان لے لی

    لاہور : کھمبے سے لٹکتی پتنگ کی دھاتی ڈور نے نوجوان کی جان لے لی

    لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں کھمبے سے لٹکی دھاتی ڈور سے سولہ سالہ حافظ قرآن کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پتنگ بازی کے باعث ایک  اور نوجوان جان کی بازی ہار گیا، لاہور کے علاقے مصری شاہ میں بجلی کی تاروں پر پتنگ کا دھاتی مانجھا لٹک رہا تھا کہ اس دوران کھمبے کے قریب سے گزرتے ہوئے سولہ سالہ حافظ قرآن صہیب اس کی زد میں آگیا۔

    دھاتی ڈور میں کرنٹ کے باعث نوجوان نے وہیں تڑپ کر جان دے دی، جوان بیٹے کی موت نے گھر میں قیامت برپا کردی، بیٹے کی جدائی میں تڑپتی ماں اور غم سے نڈھال باپ نے حکومت پنجاب سے پتنگ بازی پرمکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسا واقعہ کسی اور کے ساتھ ہو ۔

    اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بجلی کے تار بچوں کیلئے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں, لواحقین نے صہیب کی لاش سڑک پررکھ کراحتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کے باعث سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا بعد ازاں پولیس حکام کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

    صوبہ پنجاب میں آج بھی پابندی کے باوجود پتنگ بازی میں دھاتی ڈور کا آزادانہ استعمال جاری ہے، حکومت پنجاب اس قانون پر آج تک عمل درآمد نہ کراسکی۔

    مزید پڑھیں : لاہوریوں کے لیے خوشخبری، حکومت پنجاب نے بسنت منانے کی اجازت دے دی

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی راولپنڈی اور لاہور میں پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے راولپنڈی میں پیراں فقیراں اور سکستھ روڈ میں دو موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہوگئے تھے دیگر حادثات میں تیئس افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچے۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی میں ہی ایک اورواقعے میں راول روڈ پرگولی لگنے سے حسا س ادارے کے آفیسر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کوبسنت کے موقع پر کی جانے والی فائرنگ کے دوران گولی لگی۔