Tag: kohat

  • عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے: شبلی فراز

    عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے: شبلی فراز

    کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے کوہاٹ اور جنوبی اضلاع کی ترقی پر توجہ دی، شاہراہ کے منصوبے سے متعلق ایم این ایز نے کافی کام کیا۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بجلی کا مسئلہ بھی آنے والے سال میں حل ہوجائے گا، حکومت میں آئے تو خزانہ خالی تھا آئی ایم ایف کی طرف جانا پڑا، ادارے مکمل طور پر مفلوج تھے، ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ کسی سے خوف ہے، نہ کاروبار نہ کوئی ذاتی مفاد ہے، وزیر اعظم نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، وزیر اعظم کا انداز معذرت خواہانہ نہیں رہا، عالمی رہنماؤں سے برابری کی سطح پر ملے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم معیشت کو پائیدار سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ ملک کو اس سطح پر لے جائیں کہ قرضے نہ مانگنا پڑے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک علاج مفت فراہم کرنے کی سہولت دی، کرونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، مضبوط معیشتیں تک متاثر ہوئیں۔

    شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی بنیادی سوچ تھی کہ جانوں اور کاروبار دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، ہم اس سوچ کے ساتھ صورتحال سے کامیابی سے نکلے۔ پہلی دفعہ کئی ممالک نے کہا کہ پاکستان کی تقلید کرنی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی ختم ہو، وقت کے ساتھ ساتھ عوام کو اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش ہے، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے۔

  • بیوی کی موت کا صدمہ، شوہر بھی چل بسا، دو جنازے اٹھنے پر کہرام

    بیوی کی موت کا صدمہ، شوہر بھی چل بسا، دو جنازے اٹھنے پر کہرام

    کوہاٹ : درہ آدم خیل میں بیوی کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے شوہر بھی انتقال کرگیا، بیوی کے انتقال کی خبر سن کر شوہر کو بھی دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں شوہر نے محبت میں وفاداری کی مثال قائم کردی، بیوی کی موت کی خبر سن کر خود بھی جہان فانی سے کوچ کرگیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق درہ آدم خیل کے گاؤں رحیم کلی زرغن خیل میں حاجی نورمست کی اہلیہ مبینہ طور پر گردوں کی بیماری میں مبتلا تھی اور اس کا مقامی اسپتال میں علاج جاری تھا۔

    تاہم مرض کے بڑھ جانے کی وجہ سے وہ اتوار کی صبح انتقال کرگئی جس کی موت کی خبر سن کرمرحومہ کے خاوند حاجی نورمست یہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دل کا دورہ پڑنے سے وہ بھی جاں بحق ہوگئے۔

    دونوں کے جنازے ایک ساتھ گھر سے اٹھے تو عزیز اقارب اس صدمہ پر نہایت رنج زدہ دکھائی دے رہے تھے اور ہر آنکھ پرنم اور فضا سوگوار تھی, بعدازاں دونوں کی نمازہ جنازہ ایک ساتھ پڑھائی گئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

  • پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    کراچی : خیبرپختونخواکےضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئےذخائردریافت ہوئے ، جانچ میں کنویں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے زخائر ملے ہیں ، نئی دریافت سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل و گیس کے شعبے میں رواں ماہ ایک اور بڑی کامیاب دریافت ہوئی ، خیبرپختونخوا میں تیل اور اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا۔

    او جی ڈی سی ایل اعلامیہ میں کہا گیا ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ، جانچ کے دوران کنویں سے 240بیرل یومیہ خام تیل کےذخائر اور یومیہ 1کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے ذخائر ملے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ٹوف کنویں ون میں اوجی ڈی سی ایل کی50فیصد اور ماری پیٹرولیم کی33.33فیصدحصہ داری ہے ، آئل اینڈگیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تیل وگیس کی نئی دریافت سےپاکستان کوقیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک سے تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے ، پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ نے باضابطہ اعلامیے میں کہا تھا کہ جانچ میں مکوڑے ڈیپ 2 کنوے سے 18.25 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ماڑی پٹرولیم نے تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنادی

    حکام کا کہنا تھا کہ جانچ میں یومیہ 1844 بیرل خام تیل نکالا جا سکے گا، جس کے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت سے پاکستان کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور آئل سیکٹر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

    یاد رہے کہ رواں برس مئی میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈومحمد خان کے علاقہ منگریو میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

    اپریل میں ماڑی پٹرولیم نے بھی پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا ئی تھی، ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے، ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنے کی توقع ہے۔

  • کوہاٹ : گھر میں پانی کی ٹینکی گرنے سے پانچ بچے جاں بحق، تین شدید زخمی

    کوہاٹ : گھر میں پانی کی ٹینکی گرنے سے پانچ بچے جاں بحق، تین شدید زخمی

    کوہاٹ : کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹینکی اچانک ٹوٹ کر گرنے کے نتیجے میں پانچ معصوم بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات اور باخبر ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کےبعد کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں عبدالرشید نامی ایک شخص کے گھر میں چھت پر بنائی گئی پانی کی نئی ٹینکی اس وقت اچانک ٹوٹ کر گری جب ٹینکی کو پانی سے بھر دیا گیا۔

    ٹنکی پانی کا زور برداشت نہ کرسکی اور اچانک ٹوٹ کر گرپڑی، جس کے ملبہ تلے آکر پانچ بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے امدادی سرگرمیاں شروع کرکے جاں بحق و زخمی بچوں کو ہسپتال پہنچادیا جہاں دوبچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق و زخمی بچوں میں دو بچیاں بھی شامل ہیں، باخبر ذرائع کے مطابق دو شدید زخمی بچوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔

  • کرک میں دس سالہ معصوم بچہ انتہائی بے دردی سے قتل

    کرک میں دس سالہ معصوم بچہ انتہائی بے دردی سے قتل

    کوہاٹ:ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داودشاہ کے علاقے خرم میں دس سالہ معصوم بچے کوانتہائی بے دردی سے قتل کرکے لاش قریبی پہاڑی میں پھینک دی۔ پولیس نے فوری طورپر کاروائی کرتے ہوئے جواں سال ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داودشاہ میں واقع پولیس تھانہ خرم کی حدودمیں نواحی پہاڑی علاقے سے گزشتہ شام ایک دس سالہ بچے کی تشددزدہ لاش ملی جس کی شناخت بعدازاں حمزہ عثمان ولد عثمان غنی کے نام سے ہوئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) کرک نوشیر خان مہمند‘ ایس پی انوسٹی گیشن گل نواز جدون‘ بانڈہ داودشاہ اور تخت نصرتی کے ڈی ایس پیز اور پولیس تھانہ خرم کے ایس ایچ او فوری طورپرجائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں تشددزدہ بچے کی لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کرک پہنچادی گئی جہاں سے مزید پوسٹ مارٹم اور میڈیکل رپورٹ حاصل کرنے کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کی گئی۔

    پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقتول بچہ اپنی بکری کی تلاش میں پہاڑی گیا تھاجہاں مبینہ ملزم نے معصوم بچے کو پتھر کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس نے مقتول کے والد سے دریافت کیا جس نے ایک جواں سال مبینہ ملزم حضرت عمر ولد صابرپرشک کی بنیادپر دعویداری کی۔

    ڈی پی او کرک کی ہدایت پر پولیس نے فوری طورپرمبینہ ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور ملزم 20 سالہ حضرت عمرکو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اقبال جرم کرلیا۔اگرچہ قتل کی کوئی خاص وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس کے مطابق مبینہ ملزم مقتول بچے کا پڑوسی ہے جوپہلے بھی کئی بار مقتول کو تنگ کرچکاہے۔

    پولیس نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ ملزم نے مقتول کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے یا نہیں تاہم پولیس تھانہ خرم میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • کوہاٹ روڈ پروین اورکارمیں تصادم،4 افراد جاں بحق

    کوہاٹ روڈ پروین اورکارمیں تصادم،4 افراد جاں بحق

    اٹک: صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے کوہاٹ روڈ پر وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 7 افراد زخمی ہوئے جنہیں ٹی ایچ کیو اسپتال فتح جنگ منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    صادق آباد میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    پولیس حکام کے مطابق مسافروین کوہاٹ سے راولپنڈی جا رہی تھی، وین اوورٹیک کرنے کی کوشش میں سامنے سے آنے والی کارسے ٹکرائی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کوٹ سبزل چیک پوسٹ کے قریب گاڑی اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    گوجرانوالہ میں بس حادثہ ‘ 1 شخص جاں بحق ‘ 15 زخمی

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیزرفتار بس فٹ پاتھ سے ٹکرا کرالٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق بس جڑانوالہ سے سیالکوٹ ایئرپورٹ جارہی تھی، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عمرہ عازمین سوارتھے۔

  • کوہاٹ میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، 9 کان کن جاں بحق

    کوہاٹ میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، 9 کان کن جاں بحق

    کوہاٹ: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں کوئلے کی کان دھماکے سے بیٹھ گئی۔ حادثے میں 9 کان کن جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے اخوروال کے علاقے میں موجود کوئلے کی کان میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد کان منہدم ہوگئی۔

    حادثے کے بعد فوری طور پر پاک فوج کو طلب کرلیا گیا جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع ہوئیں۔

    ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے مطابق حادثے کے وقت کان میں 11 مزدور موجود تھے جن میں سے 9 جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 9 افراد کی لاشیں اور ایک زخمی کو نکال لیا گیا ہے۔

    زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق جبکہ 14 مزدور ملبے تلے پھنس گئے تھے۔

    مارواڑ میں ہی کوئلے کی کانوں میں گیس دھماکے کے نتیجے میں دو حادثات ہوئے تھے جن میں مجموعی طور پر اٹھارہ کان کن جاں بحق اور سولہ زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ کان کنی کی صنعت میں آئے روز اس طرح کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

    بلوچستان میں دیگر صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے کوئلہ کی کان کنی یہاں کی ایک بڑی صنعت ہے۔ یہاں کے متعدد اضلاع لورالائی، کچھی، ہرنائی اور کوئٹہ کے پہاڑی علاقوں میں بڑی تعداد میں کوئلہ کی کانیں ہیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد کام کرتی ہے۔

  • کوہاٹ: ٹینکراورمسافربس میں تصادم‘ جاں بحق افراد کی تعداد23 ہوگئی

    کوہاٹ: ٹینکراورمسافربس میں تصادم‘ جاں بحق افراد کی تعداد23 ہوگئی

    کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پرمسافربس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقے لاچی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافربس کے درمیان تصادم میں خواتین وبچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی۔

    افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے ہونے والے35 افراد کوہاٹ کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

    ڈی پی او سہیل خالد کا کہنا تھا کہ مسافر بس بونیرسے کراچی جا رہی تھی جو کلاچی کے قریب حاثے کا شکار ہوگئی۔

    ڈسٹرکٹ پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد حادثے کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔

    خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ دوست محمد نے کوہاٹ حادثے میں جانی نقصان پر اظہارافسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہترسہولیات فراہم کی جائیں۔

    بونیرمیں مسافر وین کھائی میں جاگری‘9افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ رواں سال 5 جون کو کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پرمسافرکوچ میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 جنوری کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بونیر میں مسافر وین کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کوہاٹ : تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم، 15افراد جاں بحق، 31زخمی

    کوہاٹ : تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافر بس میں تصادم، 15افراد جاں بحق، 31زخمی

    کوہاٹ : لاچی کے قریب ٹریفک حادثہ میں 15افراد جاں بحق جبکہ31 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقے لاچی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر اور مسافر بس ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق ہوگئے، ڈی پی او سہیل خالد نے بتایا ہے کہ حادثے میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، حادثے کا شکار مسافر بس بونیر سے کراچی جارہی تھی۔

    خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد نے کوہاٹ میں ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

  • کوہاٹ: انڈس ہائی وے پرکوچ میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوہاٹ: انڈس ہائی وے پرکوچ میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخواہ کےشہرکوہاٹ میں مسافر کوچ میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پرمسافرکوچ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہیں۔

    ریسکیو اہلکاروں نے مسافر کوچ میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مسافرکوچ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جا رہی تھی کہ انڈس ہائی وے پر گیس لیک ہونے سے اس میں آگ لگ گئی۔

    ایبٹ آباد: ٹریفک حادثہ، 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی

    خیال رہے کہ رواں ماہ 11 مئی کوسبزی منڈی موڑ کے قریب ایک گندم سے بھرا ٹرک وین پر الٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    حیدرآباد: ہوسڑی میں ٹریفک حادثہ ‘ 10 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں سال 16 فروری کو ٹنڈو محمد خان روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔