Tag: Kohlu

  • بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، رات گئے آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہلو کے نواحی علاقے سفید اور نساؤ میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں خاتوں اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔

    حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو روانہ کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

    اس کے علاوہ سینجاڑ، لاسے زائی، تمبو اور سفید کے علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کچے مکانات بھی گرے،فوری طور پر نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بالائی /وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث آزاد کشمیر، جہلم ، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بعض مقامات پر طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

  • وفاقی محکموں میں کوہلو کے ڈومیسائل پر 135 سے زیادہ غیر مقامی افراد کی بھرتی

    وفاقی محکموں میں کوہلو کے ڈومیسائل پر 135 سے زیادہ غیر مقامی افراد کی بھرتی

    کوہلو: وفاقی محکموں میں کوہلو کے ڈومیسائل پر 135 سے زیادہ غیر مقامی افراد کی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے، ڈومیسائل پر سندھ، پنجاب، کشمیر اور خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھرتی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ڈومیسائل پر غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں، ان بھرتیوں میں کلاس 4 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین شامل ہیں، معلوم ہوا ہے کہ غیر قانونی ڈومیسائل لوکل برانچ کوہلو کے سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے جاری کیے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق غیر مقامی افراد کوہلو کے ڈومیسائل پر بھرتی ہو کر کئی سال سے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، یہ انکشاف بھرتی ہونے والے افراد کے ڈومیسائل کی دوبارہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیق کے دوران ہوا۔

    خیال رہے کہ وفاقی اداروں نے ڈومیسائل کی تفصیل تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائی تھی، ڈپٹی کمشنر آفس میں انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ ڈومیسائل غیر قانونی طور پر بنائے گئے۔

    یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو بلوچستان ہائی کورٹ نے جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر ملازمتیں دینے کے ایک کیس میں تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کیا تھا، شہری کی آئینی درخواست پر جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس روزی خان پر مشتمل بینج نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ بلوچستان کے کوٹے پر قومی اسمبلی میں ملازمت پر خاتون کے خلاف کارروائی کرے۔

    جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر ایک خاتون کو قومی اسمبلی میں ملازمت دی گئی تھی۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ عاصمہ مرتضیٰ نے بلوچستان کے ڈومیسائل پر ملازمت حاصل کی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی تحقیقات کی روشنی میں خاتون کا ڈومیسائل جعلی ثابت ہوا، چیف سیکریٹری بلوچستان ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائے جو جعلی ڈومیسائل اور دہرے لوکل سرٹیفکیٹ کی 2 ماہ میں جانچ کریں گی۔

  • ایف سی کی کوہلو میں کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک

    ایف سی کی کوہلو میں کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: فرنٹیئر کور نے بلوچستان کے شہر کوہلو میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کردیے، کارروائی میں ایک دہشت گرد زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کارروائی کوہلو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاع پر کی گئی، اطلاع ملتے ہی ایف سی نے علاقے کو گھیر لیا تھا۔

    ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ کوہلو کارروائی میں مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان کی ایک کالعدم تنظیم کے ساتھ ہے، ہلاک دہشت گرد بارودی سرنگ نصب کرنے میں ملوث تھے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے تحت بلوچستان کے علاقے کوہلو میں بھی سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔

    آپریشن ردالفساد : جنوبی وزیرستان اور کوہلو میں کارروائیاں، اسلحہ برآمد،3گرفتار


    گزشتہ ماہ کے آغاز میں سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ، بارود، راکٹ اور مارٹر گولے برآمد کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں،مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یومِ پاکستان  : کوہلو میں 5577فٹ بلندی پر پاکستانی پرچم بنا دیا گیا

    یومِ پاکستان : کوہلو میں 5577فٹ بلندی پر پاکستانی پرچم بنا دیا گیا

    کوہلو :  78 ویں یوم پاکستان پر  بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 5577فٹ بلندی پر پاکستانی پرچم بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 78 واں  یوم پاکستان جوش وجذبے سےمنایا جا رہا ہے، صوبہ بلوچستان کے ضلعے کوہلوکی جندران چوٹی پاکستانی پرچم بنادیا گیا۔

    پاکستانی پرچم300فٹ لمبااور200فٹ چوڑا ہے جبکہ پرچم سطح سمندرسے 5577فٹ بلند مقام پر ہے اور قومی پرچم کو یوم پاکستان کے سلسلے میں بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کوہلو کالعدم بی ایل اے کا کبھی مرکزہوا کرتا تھا۔

    یاد ریے کہ ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا،  تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا ، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

    مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات سمیت دیگرسول وعسکری حکام شریک ہوئے۔

    خیال رہے 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں مسلم لیگ نے برصغیر سے علیحدگی کے لیے قرار داد پیش کی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک قائم کیا جائے کیونکہ ہندو اور مسلم علیحدہ نظریات کی حامل اقوام ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔