کراچی(20 اگست 2025): بارش کے بعد پانی کا بہاؤ بڑھنے سے قیوم آباد سے کورنگی کی شاہراہ بھی زیر آب آگئی جس کے بعد کورنگی کوزوے کو بند کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کی شاہراہ زیر آب آنے سے قیوم آباد کی کورنگی کراسنگ روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، شاہراہیں اچانک بند ہونے سے قیوم آباد اور کورنگی میں ٹریفک شدید جام ہے۔
ٹرینگ پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی آنے اور جانے کے لیے جام صادق برج استعمال کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی سے لانڈھی کورنگی جانے والا پل بھی زیر استعمال ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق قیوم آباد سے بلوچ کالونی کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے، کورنگی کی ٹریفک کو سی این جی کٹ سے گودام چورنگی بھیجا جارہا ہے، ای بی ایم کازوے، محمود آباد، کورنگی آنے جانے والے دونوں روڈ بند ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ محمود آباد سے آنے والی ٹریفک کو قیوم آباد کی طرف بھیجا جارہا ہے، گودام چورنگی سے آنے والی ٹریفک کو قیوم آباد اور شان چورنگی کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
منگل کے روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے کراچی بھر میں صنعتی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا، کئی فیکٹریاں شہری سیلاب، سڑکوں کی بندش اور ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث دوپہر اور رات کی شفٹیں دوبارہ شروع نہ کر سکیں۔
بارش کے باعث برآمدی سامان کی ترسیل میں بھی تاخیر ہوئی کیونکہ مال بردار گاڑیاں پانی میں ڈوبی سڑکوں اور ابلتے نالوں کی وجہ سے حرکت نہ کر سکیں۔