Tag: kot radha kishan

  • سانپوں نے شہری کے گھر پر قبضہ جما لیا، ریسکیو ٹیم طلب

    سانپوں نے شہری کے گھر پر قبضہ جما لیا، ریسکیو ٹیم طلب

    کوٹ رادھا کشن: پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں ایک شہری کے گھر پر سانپوں نے قبضہ جما لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں تحصیل بار کورٹس کے قریب شہری کے گھر سے 28 سانپ برآمد ہو گئے، سانپ گھر کے واش روم اور ملحقہ سیوریج لائن سے ملے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا تھا کہ تحصیل بار کورٹس کے نزدیک چک 54 میں ساجد فضل نامی شخص کے گھر سے سانپ برآمد ہوئے، شہری کا گھر نہر کے کنارے واقع ہے، سانپ ایک سے لے کر ساڑھے 4 فٹ تک لمبے تھے۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم نے اطلاع ملنے کے بعد مذکورہ گھر سے اٹھائیس سانپوں کو پکڑا، سانپ واش روم میں بل بنا کر رہ رہے تھے، یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سانپ سیوریج لائن سے گھر کے واش روم تک آئے ہوں گے، تاہم گھر کے قریب نہر بھی بہتی ہے۔ سانپوں کی وجہ سے گھر کے مکینوں ا ور اردگرد کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا تھا، ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد سانپ پکڑے اور اپنے ساتھ لے گئے۔

    پاکستان میں سانپ کے زہر کوختم کرنے کی ویکیسن کا کامیاب تجربہ

    خیال رہے کہ تین ماہ قبل ڈاؤ یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پروفیسرز اور ماہرین نے سانپ کے زہر کو ختم کرنے کی ویکسین تیار کر کے ایک کارنامہ انجام دیا تھا، ویکسین کا کام یاب تجربہ بھی کیا گیا تھا۔

    پاکستان میں سالانہ 40 ہزار سے زائد افراد سانپ کے کاٹے کا شکار ہوتے ہیں اور سانپ کا ڈسنا 10 ہزار سے زائد افراد کی اموات کی وجہ بنتا ہے، جب کہ سانپ کے کاٹے کے علاج کے لیے پاکستان سالانہ 50 ہزار اے ایس وی وائلز درآمد کرتا ہے۔

  • کوٹ رادھا کشن کیس: درخواست ضمانت پرپولیس سے جواب طلبی

    کوٹ رادھا کشن کیس: درخواست ضمانت پرپولیس سے جواب طلبی

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کوٹ رادھا کشن کیس میں چار ملزمان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کرلیا۔ دوسری جانب بھٹہ مزدوروں نے اس واقعے کیخلاف احتجاج کیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کوٹ رادھا کشن کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے میں نامزد چار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    ملزمان کا کہنا تھا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ ملزمان کے مطابق پولیس نے دباؤ میں آکر ان کے کیخلاف مقدمہ درج کردیا۔ عدالت میں ملزمان حارث، ارسلان اور عثمان نے استدعا کی کہ انھیں ضمانت پر رہا کیا جائے ۔

    عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پانچ دسمبر تک جواب طلب کرلیا ۔ دوسری جانب فیصل آباد میں بھٹہ مزدوروں نے سانحہ کوٹ رادھا کشن اور مقرر کردہ اجرت نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے۔

    احتجاج کے دوران بھٹہ مزدوروں نے بینر اٹھا کرکھے تھے اور وہ نعرے بازی بھی کررہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت انہیں انصاف فراہم کرے۔

  • کوٹ رادھاکشن سانحہ: سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لےلیا

    کوٹ رادھاکشن سانحہ: سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لےلیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کوٹ رادھاکشن واقعے کا ازخود نوٹس لےلیا،تین دن میں حکومت پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے اٹھارہ روزبعد کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو جلائےجانے کا از خود نوٹس لے لیا۔

    اعلیٰ عدالت نے حکومت پنجاب سے تین روز میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں ملوث سولہ ملزمان کو دو روزہ سفری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا۔

    کیس کی سماعت پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے سبب عدالتی تعطیل کی وجہ سے نہ ہوسکی۔ سانحہ میں ملوث سولہ ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کیاگیاتھا۔

  • کوٹ رادھا کشن واقعہ کے ملزمان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،سردار یوسف

    کوٹ رادھا کشن واقعہ کے ملزمان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،سردار یوسف

    کوٹ رادھا کشن: وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کوٹ رادھا کشن کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لواحقیقن کے لئے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔

    کوٹ رادھا کشن میں میاں بیوی کو زندہ جلائے جانے کے بھیانک واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ہولناک واقعے کی مذمت سیاسی سماجی اور مذہبی سطح پر کی گئی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور خطیب بادشا ہی مسجد مولاناعبد الخبیر آزاد کلارک آباد چرچ پہنچے ۔

    جہاں انہوں نے لواحقین کے لئے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ۔

    اس موقع پر وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ انسانیت سوز واقعہ ناقابل معافی ہے، جس کا حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے اور واقعے کے ملزمان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔