Tag: KP

  • اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزے کی گہرائی 279 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 2 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوئٹہ کےمغرب میں 67 کلومیٹر کے فاصلے پرتھا۔

  • خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تباہ کاریوں کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک اور شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسلا دھار بارش کے باعث مختلف واقعات میں 18 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 5 مکانات اور ایک اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 2 مکان اور دو اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال میں بھی تیز بارش اور سیلابی صورت حال سے نقصانات کا اندیشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ، شیشیکوہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

  • پولیو وائرس بے قابو، ایک دن میں 2 نئے کیسز سامنےآ گئے

    پولیو وائرس بے قابو، ایک دن میں 2 نئے کیسز سامنےآ گئے

    اسلام آباد : ملک میں ایک ہی دن میں دو پولیووائرس کے کیسز سامنے آگئے، دونوں کیسز کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد چھبیس ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو وائرس خطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے ، یک دن میں دوکیسز سامنے آگئے، دونوں کیسز کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، بنوں کی تحصیل وزیر کی اکیس ماہ کی بچی اور لکی مروت کی یوسی ماماخیل کے پندرہ ماہ کے بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    رواں برس پولیو کیسزکی تعدادچھبیس ہوگئیں، جس میں تین کا پنجاب ، تین کا سندھ ، کے پی سے تیرہ اور قبائلی اضلاع سے سات بچے متاثر ہوئے ہیں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم کےمعاون برائےانسدادپولیوبابربن عطا نے کہا تھا خصوصی انسدادپولیومہم کاپہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ، مہم میں 67 اضلاع میں95 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےگئے، ملک کے کسی بھی حصے سےتشدد یا بدتمیزی کی اطلاع نہیں ملی۔

    یاد رہے 3 روز قبل بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوگئی تھی، وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے کی پولیو ویکسی نیشن نہیں ہو سکی تھی، متاثرہ بچے کے والدین پولیو ویکسی نیشن سے انکاری تھے۔

    مزید پڑھیں : ضلع بنوں میں ڈیڑھ سالہ بچے میں پولیووائرس کی تصدیق

    خیال رہے پولیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی اور لاہور سمیت 6 بڑے شہروں سے نئے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، کوئٹہ کے ریلوے پل اور طاؤس آباد کے علاقوں، حیدر آباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی میں صفدر آباد اور پشاور کے شاہین ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    لاہور میں آؤٹ فال ایف، جی، ایچ کے سیوریج میں جبکہ کراچی کے سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

    خیال رہے عالمی ادارہ صحت نے پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔

    واضح رہے اس وقت دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ایسے ملک ہیں جہاں اب تک پولیو کا مرض مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا ہے۔

  • خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے اور ملک کے دیگر صوبوں میں شوال کا چاند آج دیکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت دوسرے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

    گورنر ہاؤس میں بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا جہاں گورنر شاہ فرمان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    دوسری جانب ملک بھر میں بوہری برداری بھی آج عید منا رہی ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا جبکہ پان منڈی، سولجربازار، بلوچ کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

    مفتی شہاب کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے، شوکت یوسف زئی

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اطلاعات شوکت یو سف زئی کا کہنا تھا کہ مفتی شہاب الدین کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں، عیدیں اور رمضان تقسیم ہونے پرافسوس ہوتا ہے۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    واضح رہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

  • محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    کوئٹہ : محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مکران، قلات ڈویژن مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ،زوب، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئتہ میں مطلع ابر آلود رہے گا اور آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    یاد رہے کہ  بلوچستان کے علاقے بولان سوکلیجی میں واقع مندر جانے والے ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے جبکہ ریلے میں بہنے والی دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ وزیرستان میں باراتیوں کی بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق ہندو یاتری اونٹوں پر اپنے مذہبی مقام تک پہنچے جہاں بارشوں کے بعد اچانک سیلاب آگیا، پانی کے تیز بھاؤ میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں سے ایک یاتری کی ہے۔

  • وزیرِ اعظم سے محمود خان کی ملاقات، کے پی انتظامی امور کا جائزہ

    وزیرِ اعظم سے محمود خان کی ملاقات، کے پی انتظامی امور کا جائزہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بنی گالہ میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتِ حال، انتظامی امور اور 100 روزہ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی وزیرِ اعلیٰ نے بنی گالہ میں وزیرِ اعظم سے ملاقات کی، جس میں بلدیاتی انتخابات میں سابقہ فاٹا کے 4 اضلاع کی خیبر پختونخوا میں شمولیت کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔

    [bs-quote quote=”پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ کی تیز تر تکمیل کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”محمود خان” author_job=”وزیرِ اعلیٰ کے پی”][/bs-quote]

    اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے انھیں یاد دہانی کی کہ ہمیں میرٹ اور انصاف سمیت لوگوں کے بنیادی مسائل کا تعین کرنا ہے، ہم نے وسائل کا بے دریغ استعمال روکنے اور بہتر حکمرانی کے اقدامات کیے ہیں۔

    وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے غریب لوگوں کو ریلیف دینےاور اداروں کو مکمل فعال کرنے کے لیے بنیادی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں، عوام کی فلاح کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ کی تیز تر تکمیل کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں، شفاف حکمرانی اور ترقیاتی حکمت عملی میں رکاوٹیں دور کرنا ہماری ترجیح ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام اکثریت کا فیصلہ ہے، وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی


    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ہم نے اسٹیٹس کو کو توڑ دیا ہے، اسٹیٹس کو پوری طاقت کے ساتھ تبدیلی کے ایجنڈے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، ہمارا ایجنڈا تعمیر و ترقی اور ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، سازشیں ہمارا کچھ بگاڑ نہیں سکتیں نہ ہم ان کی پرواہ کرتے ہیں۔

  • خیبر پختونخواہ میں گرلزاسکولز کے پروگرامز میں مردوں کی شرکت پرپابندی

    خیبر پختونخواہ میں گرلزاسکولز کے پروگرامز میں مردوں کی شرکت پرپابندی

    پشاور : خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے اسکولوں کی تقریبات میں مردحضرات کی شرکت اور تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے لڑکیوں کے اسکولوں میں ہونے والی تقریبات میں مرد حضرات کی شرکت پر پابندی عائد کردی، پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے بتایا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر یہ پابندی لگائی ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرلزاسکولزکی تقریبات میں خواتین ہی مہمان خصوصی ہوں گی، تقریبات میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی نہ بلایاجائے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق گرلزاسکولز میں تقریبات کی میڈیاکوریج پر بھی پابندی لگادی گئی اور کہا گیا ہے کہ گرلزاسکول کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر مشتہر نہ کیا جائے۔

    مشیر تعلیم کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ والدین کی شکایات اور صوبے کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال تحریک انصاف کےایم پی اے ضیااللہ بنگش نے اپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں داخل کرادیا، ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں سرکاری ا سکو لوں کا معیارتعلیم نجی اسکولوں کے معیار تعلیم سے کم نہیں ہے۔

    جنوری 2017 میں خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی جبکہ چھٹی جماعت سے میٹرک کے بچوں کو قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی تعلیم کو لازم قرار دیا تھا۔

  • سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے انقلابی فیصلہ کرلیا ، اساتذہ کے بچے اب اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لیے خیبر پختوانخواہ میں نئی پالیسی بنائی جارہی ہے جس کے تحت سرکاری اساتذہ پابند ہوں گے کہ ان کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کریں۔

    مشیر تعلیم ضیا ء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں آنے سے صوبےمیں تعلیم کا معیار بہتر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ جن اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہیں آتے ان کے لیے سزاؤں کا تعین کیا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسی پر عمل در آمد کے لیے ڈائریکٹر تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، یہی کمیٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کی سزا کا بھی تعین کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تعلیم کی اہمیت کو بڑھانے سے متعلق ’بستہ اٹھاؤ، اسکول آؤ‘ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکولوں کا نظام اور یہاں کا معیار تعلیم بہت اچھا ہوگیا ہے ، اس لیے اب میں اپنے بچوں کو بھی گورنمنٹ اسکول بھیجوں گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برس میں خیبرپختونخواہ کا تعلیمی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا اور آج تعلیمی اداروں حالت بھی اچھی ہے، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

  • عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت میں حکومت سازی اور وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ ایک مشکل ترین مرحلے کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے بھی کسی امیدوار کا فیصلہ نہیں کر پا رہی، تاہم عمران خان اس سلسلے میں مسلسل مشاورت کر رہے ہیں اور کسی بھی وقت نام کا اعلان کر دیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پرویز خٹک نے عمران خان کے سامنے محمود خان کا نام پیش کیا ہے، جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے دیگر سینئر قیادت سے بھی رائے طلب کی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز خٹک ایک اور منتخب رکن شاہ فرمان کا نام بھی کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کے لیے پیش کر چکے ہیں۔

    پرویز خٹک اور عاطف خان کا ٹاکرا


    دریں اثنا پرویز خٹک اور عاطف خان کے درمیان وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں ناخوش گزار سوال جواب ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑگئی۔

    پرویز خٹک نے عاطف خان پر سوال نما اعتراض کیا ’میڈیا میں وزارتِ اعلیٰ کی لابنگ کر رہے ہو؟‘ عاطف خان نے جواب میں کہا ’میں میڈیا میں کوئی لابنگ نہیں کر رہا۔‘

    اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عاطف خان پر پابندی لگا دی کہ وہ میڈیا سے کوئی بات نہیں کریں گے۔

    پرویز خٹک اور امین گنڈا پور کو نشستیں چھوڑنے کا حکم


    دوسری طرف پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کو صوبائی نشستیں چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے، دو مزید منتخب اراکین بھی نشستیں چھوڑیں گے۔

    انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر پرویز خٹک نے معافی مانگ لی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک اور علی امین گنڈا پور کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر حیدر علی اور اسد قیصر کو بھی صرف قومی نشستیں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ چاروں رہنما بہ یک وقت قومی اور صوبائی دونوں نشستوں پر کام یاب ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہارون بلور پر حملہ کرنے والے خود کش بم بار کی بھی شناخت ہوگئی

    ہارون بلور پر حملہ کرنے والے خود کش بم بار کی بھی شناخت ہوگئی

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور کو خود کش حملے میں شہید کرنے والے بم بار کی شناخت ہوگئی، حملہ آور ہنگو کا رہائشی تھا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے پولیس حکام نے ہارون بلور پر خود کش حملہ کرنے والے کی شناخت کر لی ہے، بم بار کا تعلق کے پی کے ضلع ہنگو سے تھا۔

    [bs-quote quote=”اسلام آباد پولیس کو 68 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”آئی جی اسلام آباد کی سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ”][/bs-quote]

    قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ہارون بلور شہادت کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں کے پی پولیس حکام کو طلب کیا، پولیس حکام نے قائمہ کمیٹی کو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

    پولیس حکام نے کہا کہ وہ دہشت گرد کے سہولت کاروں کے بھی قریب پہنچ گئے ہیں، پولیس کے مطابق وہ بم بار کے سہولت کاروں تک جلد پہنچ جائے گی۔

    سانحہ مستونگ: سہولت کار مقامی ہیں، شناخت ہوگئی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

    خیال رہے کہ پولیس مستونگ خودکش بم بار کی شناخت بھی کر چکی ہے، آئی جی بلوچستان کے مطابق خود کش حملہ آور حفیظ نواز کا آبائی تعلق ایبٹ آباد سے تھا جس کی فیملی بعد میں سندھ چلی گئی تھی۔

    خطرات کے پیشِ نظر عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

    نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی (نیکٹا) نے خبر دار کیا ہے کہ الیکشن سے قبل بڑے سیاسی ناموں پر حملوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

    حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر ملک بھر میں سیکورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں، نیکٹا سربراہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ تمام سیاسی قیادت کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے خطرہ لاحق ہے۔

    دریں اثنا آئی جی اسلام آباد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو 68 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے۔

    آئی جی اسلام آباد نے کہا ’تھریٹ الرٹ سیاسی لیڈر اور کارکنوں سے متعلق تھے، عمران خان اور شاہد خاقان عباسی سے متعلق بھی تھریٹ الرٹ ملا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔