Tag: KPK Assembly

  • بابر سلیم سواتی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

    بابر سلیم سواتی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب

    پشاور: سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ووٹنگ کی گئی جہاں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے الیکشن کے لیے 106 ووٹ ڈالے گئے۔

    اسپیکر مشتاق غنی نے بتایا کہ بابر سلیم سواتی نے 89 اور احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے، جس کے بعد بابر سلیم سواتی نے اسپیکر کا حلف اٹھا لیا۔

    بابر سلیم سواتی نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور، لیڈر شپ اور ہاؤس کا مشکور ہوں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسپیکر کے عہدے کیلئے بابر سلیم سواتی اور احسان اللہ میاں خیل مدمقابل تھے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے ثریا بی بی اور ارباب وسیم کے درمیان مقابلہ تھا۔

  • خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف مذمتی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی، قرارداد صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پیش کی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کے سب سے بڑے نیوز چینل اے آر وائی نیوز کی بندش کی مذمت کرتے ہیں، سندھ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت نے نشریات پر پابندی عائد کی ہے۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات فوری طور پر بحال کی جائیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کی نشریات کی بندش پر توہین عدالت کی درخواست پہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ چیئرمین پیمرا کیبل آپریٹرز کو نشریات بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کریں۔

    وکیل پیمرا نے حتمی فیصلے تک اے آر وائی نیوز کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

    بعد ازاں عدالت نے پیمرا کی جانب سے آج ہی سرکلر جاری کرنے کی یقین دہانی پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی تھی۔

  • گستاخانہ خاکے: پختونخواہ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

    گستاخانہ خاکے: پختونخواہ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کے فضل الٰہی کی جانب سے پیش کی گئی۔

    قراداد کے متن کے مطابق گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، حکومت گستاخانہ خاکوں سے متعلق اثر و رسوخ استعمال کرے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلہ ختم نہ کیا گیا تو ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

    قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا جس کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے معاملے پر اس سے قبل سینیٹ اور سندھ اسمبلی میں بھی مذمتی قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں۔

  • عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

    عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محمود خان

    پشاور : نومنتخب قائد ایوان محمود خان نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات آج مل رہےہیں، ان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انشااللہ سب کوساتھ لےکرچلیں گے، ہمیں اپوزیشن کے بھی سپورٹ کی ضرورت ہے، آج پھر کہتا ہوں اپوزیشن کوساتھ لے کر چلیں گے۔

    محمود خان نے اعلان کیا کہ میں سب سے پہلے اپنا حلقہ کھولنے کے لئے تیار ہوں، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، الیکشن کے نتائج کو تسلیم کیا جائے۔

    نومنتخب وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ میرے لیے خوشی کا دن ہے، پارٹی قائد اور ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے طور پر جو بھی کرسکتا ہوں، کروں گا۔


    مزید پڑھیں : میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، محمود خان


    انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات آج مل رہےہیں، عمران خان کے وژن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انھوں نے جو اعلان کیے، ان پرمن وعن عمل کریں گے، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلیٰ کے پی بن گئے، رائے شماری میں محمود خان کو ستتر جبکہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل کو تینتیس ووٹ ہی مل سکے۔

    یاد رہے چند روز قبل منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختوںخواہ محمود خان نے بنی گالہ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، انھوں نے مجھ پر اعتماد کرکے عہدے کے لئے نامزد کیا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں،وزیراعلیٰ کوئی ایک بن سکتاہے، وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل تمام افراد میرے بھائی ہیں، سب ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

  • خیبر پختونخواہ اسمبلی: مشتاق غنی اسپیکر، محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب

    خیبر پختونخواہ اسمبلی: مشتاق غنی اسپیکر، محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب

    پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

    پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے۔

    اسپیکر کے انتخاب کے لیے 109 ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوگئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے۔

    مشتاق غنی نے بطور اسپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔

    بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے محمود جان اور جمشید مہمند مدمقابل تھے۔

    محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔ نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی نے ڈپٹی اسپیکر سے عہدے کا حلف لیا۔

    خیال رہے کہ پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔

    اسمبلی میں تحریک انصاف کے 84، متحدہ مجلس عمل کے 13، عوامی نیشنل پارٹی کے 9، پاکستان مسلم لیگ ن کے 6، پاکستان پیپلز پارٹی کے 5، پاکستان مسلم لیگ ق کا 1 اور 3 آزاد امیدوار موجود ہیں۔

  • خیبرپختونخوا اسمبلی میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

    خیبرپختونخوا اسمبلی میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

    پشاور : خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، اراکین سے قائم مقام اسپیکر اسمبلی اورنگزیب نلوٹھہ نے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر اسمبلی اورنگزیب نلوٹھہ کی زیر صدارت ہوا ، جس میں 112 نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا ، اسپیکر اسد قیصر کی غیر موجودگی میں اورنگزیب نلوٹھہ نے نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی سے حلف لیا۔

    اس موقع پر  کے پی کے اسمبلی کی عمارت کو ریڈ زون قرار  دیا گیا جبکہ  400 سیکیورٹی کے لیے  پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

    خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 15 اگست تک ملتوی کردیا گیا، 15اگست کو اسپیکر،ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے اراکین دو تہائی اکثریت میں خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچے ہیں۔

    یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےسوات سے صوبائی اسمبلی سے منتخب ہونے والے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا امیدوارنامزد کیا ہے۔


    مزید پڑھیں : قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا


    اس سے قبل  ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا  اجلاس ہوا ، اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ارکان کی جانب سے باری باری رجسٹرمیں دستخط کیے جا رہے ہیں۔

  • پشاور: شادی میں نمود و نمائش اور جہیز پر پابندی کا بل منظور

    پشاور: شادی میں نمود و نمائش اور جہیز پر پابندی کا بل منظور

    پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی نے صوبے میں جہیز پر پابندی اور شادی میں نمود و نمائش و فضول اخرابات پر پابندی کے قانون کی منظوری دے دی، قانون کے مطابق شوہر کی طرف سے دیا جانے والا تحفہ بیوی کی ملکیت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں شادی میں فضول اخراجات اور جہیز پر پابندی کی قرار داد پیش کی گئی، ایوان میں حاضر تمام نمائندوں نے قرارداد کی حمایت کی جس کے بعد قانون کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

    کے پی کے اسمبلی کی منظوری کے بعد اب صوبے میں جہیز دینے، شادی میں نمود و نمائش اور فضول اخراجات پر پابندی ہوگی جبکہ دلہن کے گھر والے اُسے ایک لاکھ سے زیادہ مالیت کا تحفہ نہیں دے سکیں گے۔

    مزید پڑھیں: سندھ کابینہ نے جہیز پر پابندی کا بل مسترد کردیا

    قانون کے مطابق شادی میں اونچی آواز میں گانے بجانے کے عمل کو قابلِ سزا قرار دیا جائے گا جبکہ مہندی اور نکاح میں مہمانوں کی تواضع صرف مشروبات سے کی جاسکتے گی۔

    قرار داد کے مطابق شادی میں برقی قمقمے استعمال کرنے پر پابندی ہوگی جبکہ تقریبات کو رات 11 سے پہلے ختم کرنا ہوگا، بارات ، ولیمے میں چاول، سالن روٹی اور میٹھے کے علاوہ سلاد رکھنے کی اجازت ہوگی۔

    اسے بھی پڑھیں: جہیز کے بدلے لالچی شوہر نے دھوکے سے اہلیہ کا گردہ ہی فروخت کردیا

    قانون کے مطابق جہیز مانگنے پر 3 لاکھ روپے جرمانہ یا تین ماہ قید جبکہ خلاف ورزی کرنے پر 2 لاکھ روپے جرمانہ یا 2 ماہ کی قید ہوگی جبکہ منظوری کے بعد شوہر کی طرف سے دیا جانے والا تحفہ بیوی کی ملکیت ہوگا اور واپس مانگنے پر شوہر کو 2 لاکھ روپے جرمانہ یا 3 ماہ کی قید ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی خیبرپختونخواہ اسمبلی نے جہیز کی لعنت کے خلاف بل منظور کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امریکی صدر کے بیان کیخلاف کے پی کے اسمبلی  میں مذمتی قرارداد جمع

    امریکی صدر کے بیان کیخلاف کے پی کے اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

    پشاور: امریکی صدر کے بیان کیخلاف کے پی کے اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کی دھمکیاں کسی طور پرقبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان پر الزام تراشیوں کیخلاف کے پی کے اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد پیپلز پارٹی کے فخراعظم نے اسمبلی میں جمع کرائی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ امریکی صدر کی دھمکیاں کسی طور پر قبول نہیں ، پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے دھمکیاں دی جارہی ہے۔

    مذمتی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی آزادی پر کسی قیمت سمجھوتہ نہیں کرےگا، عوام بھوکی رہ سکتی ہے، کسی ملک کی غلامی قبول نہیں کرسکتی۔

    قرارداد کے متن کے مطابق ملکی خارجہ پالیسی حکومت ،اپوزیشن مشترکہ طور پر تشکیل دیں،پاکستان پرمیلی آنکھ ڈالنے والوں کا قبرستان بھی یہی ہوگا۔

    یاد رہے کہ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی بیان کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا تھا جبکہ ساتھ ساتھ پاکستان کو دھمکیاں دے ڈالیں اور کہا اربوں ڈالر دیئے ہیں نتائج چاہئیں، پاکستان کو دہشت گردوں کےٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا۔


    مزید پڑھیں : امریکہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر دیئے ہیں، نتائج چاہئیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا مطالبہ


    ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،  پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم کے خلاف خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قرارداد جمع

    وزیر اعظم کے خلاف خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قرارداد جمع

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی ہے جس میں ان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور رکن خیبر پختونخواہ اسمبلی شوکت یوسف زئی کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔

    مشترکہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈل پاناما لیکس پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم اور ان کی فیملی نہ صرف منی ٹریل دینے میں ناکام رہی بلکہ ان کا جھوٹ بھی ثابت ہو گیا ہے جس کے بعد وہ اپنے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : جےآئی ٹی کی شریف خاندان کے خلاف کارروائی کی سفارش

    قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی وزرا اداروں کی تضحیک پر اتر آئے ہیں اس لیے یہ اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    یاد رہے کہ پاناما کیس کی تفتیش کے بنائی جانے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے اور اس میں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کو قصور وار ٹہرائے جانے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

    گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں بھی وزیر اعظم کے استعفے کی قرارداد جمع کروائی جاچکی ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے۔ شریف خاندان کئی سالوں سے عوام اور ان کے ووٹ کی تذلیل کر رہا ہے۔ نواز شریف وزارت عظمٰی کے اہل نہیں رہے لہٰذا وہ مستعفی ہو جائیں۔


  • خیبر پختونخوا اسمبلی: 600 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

    خیبر پختونخوا اسمبلی: 600 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش

     

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت کا آئندہ مالی سال 2017-18کیلئے 600ارب سے زائد کا بجٹ پیش کردیا گیا۔ صوبائی وزیرخزانہ مظفر سید نے بجٹ پیش کیا۔ ان کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خواہ حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کردیا۔ بجٹ میں تعلیم اور صحت پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ سی پیک اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے صوبے بھر میں سترہ اکنامک زون بھی قائم کئےجائیں گے۔

    اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا بجٹ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ مظفر سید نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 208ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ترقیاتی اورغیر ترقیاتی پروگراموں کیلئے رقم مختص

    صوبے میں ترقیاتی پروگرام کیلئے126ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور غیرترقیاتی کاموں کیلئے385 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ نئے منصوبوں کیلئے19ارب روپے اورجاری منصوبوں کےلئے79ارب رکھنے کی تجویز دی گئی ہے.

    اس کے علاوہ غیرملکی فنڈنگ سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 82ارب رکھنے کی تجویزدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کےپی کے میں پرامن ماحول واپس لانا چیلنج تھا، صوبے امن کی صورتحال کے باعث سرمایہ کاری نہیں تھی، صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کیا، حکومت پہلےدن سےانسانی وسائل کی ترقی پرکام کررہی ہے۔

    تنخواہ اور پینشن میں اضافہ

    وزیرخزانہ مظفر سید کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جکبہ ایڈ ہاک ریلیف 2010 کو تنخواہوں میں ضم کردیا گیا۔ایک سے16گریڈ تک کےملازمین کوترقی دی گئی، گریڈ ایک سے 16تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔

    ہیلتھ کارڈ کیلئے پانچ ارب چالیس کروڑ روپے

    بجٹ کی مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کیلئے آلات کی خریداری کیلئے 12ارب روپے ہیلتھ انشورنس کیلئے5ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، 69 فیصد عوام کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائےگی۔

    صحت کیلئے بڑی رقم مختص

     صحت کے شعبے کے لئے 25ارب سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے میں ایک  ارب درخت لگائے جائیں گے۔

    وزیرخزانہ مظفر سید نے کہا کہ ہمیں تمام شعبے بد انتظامی کا شکار ملے ہیں، کے پی کے پولیس بغیر کسی دباؤ کے عوام کی خدمت کررہی ہے، خیبرپختونخوا سرمایہ کاروں کے لئے جنت کی طرح ہے۔

      حکومتی اداروں پرعوامی اعتماد بحال کرنامشکل کام تھا، سوات ایکسپریس وے کے لئے 30 ارب روپے مختص جبکہ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں نئے کالجز کی تعمیر جاری ہے، اساتذہ کی تعداد 40ہزار تک پہنچ گئی ہے۔