Tag: KPK Transgender

  • پشاور پولیس نے خواجہ سرا پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

    پشاور پولیس نے خواجہ سرا پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد

    پشاور : خواجہ سرا پر قاتلانہ حملے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حملہ  اور اغواء  کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، پاکستان سٹیزن پورٹیل میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔

    خواجہ سراؤں پرتشدد کے واقعات بڑھنے لگے، گزشتہ ایک ماہ قبل پشاور میں منعقدہ ایک میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلے عام اسلحے کی نمائش کی گئی۔

    اسٹیج پر  دانش عرف بےبو نامی ایک خواجہ سرا اپنے فن کا مظاہرہ کرہا تھا کہ اس دوران ایک مسلح شخص نے کلاشنکوف سے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے بعد تقریب میں بھگدڑ مچ گئی،تاہم مذکورہ خواجہ سرا قاتلانہ حملے میں محفوظ رہا، اے آر وائی نیوز نے واقعے کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

    فوٹیج منظرعام پرآنے کے بعد پشاور پولیس حرکت میں آگئی اور ملزم کو شناخت کے بعد بازید خیل کے علاقے سے گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم پہلے بھیدانش عرف بےبو کو دھمکیاں دیتا رہا ہے۔

    اس حوالے سے خواجہ سرا دانش عرف بےبو  نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان طارق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مجھے ہوش نہیں تھا، بعد میں میں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قائم کیے گئے شکایات سیل پاکستان سٹیزن پورٹیل میں شکایت درج کرائی تھی۔

    جس میں اس کا مؤقف تھا کہ ملزم نے اسے اغوا کرنے کی بھی کوشش کی، شکایت پر وزیر اعظم سیل کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی گئی

  • پشاور : خیبرپختونخوا میں خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ قبرستان بنانے کا فیصلہ

    پشاور : خیبرپختونخوا میں خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ قبرستان بنانے کا فیصلہ

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ قبرستان بنانے کا فیصلہ کرلیا، جس کیلئے پشاور میں زمین مختص کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں کی فلاح وبہبود اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ قبرستان بنانے کا فیصلہ کرلیا، ابتدائی طور پر پشاورمیں چار کنال زمین قبرستان کے لیے مختص کی جائےگی۔

    مزید پڑھیں: خواجہ سرا کی ولدیت کا مسئلہ ، عدالت نے گرو کے نام کی منظوری دے دی

    اس کے علاوہ نوشہرہ اور مانسہرہ سمیت دیگر شہروں میں بھی قبرستان کے لیےزمین دی جائےگی۔ اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نے قبرستان کی زمین مختص کرنے سے متعلق محکمہ اوقاف کو ہدایت بھی جاری کردی ہے۔

  • خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر

    خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر

    رپورٹ : عثمان دانش 

    پشاور : خیبر پختونخوا کے خواجہ سرا ووٹ کا حق مانگنے پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف رٹ پٹشن دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شناختی کارڈ، پاسپورٹ، صحت و انصاف کارڈ حاصل کرنے کے بعد خیبر پختونخوا کے خواجہ سرا اب ووٹ کا حق مانگنے عدالت عالیہ پہنچ گئے۔

    انہوں نے آئین کے آرٹیکل 199کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے، مذکورہ پٹیشن میں چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔

    رٹ پٹیشن میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پابند بنایا جائے کہ وہ 2018 کے ہونے والے عام انتخابات میں خواجہ سراؤں کو بطور ووٹر اور امیدوار حصہ لینے کا حق دے۔

    رٹ پٹیشن میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابات کے لیے امیدواروں کے نامزدگی فارم میں مردوں اورعورتوں کے ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کا کالم بھی بنایا جا ئے تاکہ خواجہ سرا اپنی صنفی پہچان کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔


    مزید پڑھیں: خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے اور سرکاری عہدہ رکھنے کی اجازت


    یاد رہے کہ رواں ماہ سینیٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے خوجہ سراؤں کے حقوق اور تحفظ کے قانون کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے جس کے تحت اب خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے اور سرکاری عہدہ رکھنے کے اختیار بھی حاصل ہوگا۔

    مذکورہ قانون کی منظوری کے بعد اب خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے، سرکاری عہدہ رکھنے اور وراثت کا حق حاصل ہوگا جبکہ انہیں اگر کوئی شخص بھیک مانگنے پر مجبور کرے گا تو اُسے قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔