Tag: KPK

  • پری مون سون بارشوں کے طوفانی اسپیل نے تباہی مچادی

    پری مون سون بارشوں کے طوفانی اسپیل نے تباہی مچادی

    اسلام آباد: پری مون سون بارشوں کے طوفانی اسپیل نے بلوچستان اور خیبرپختو نخوا کے کئی علاقوں میں تباہی مچادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پری مون سون بارشوں کےطوفانی اسپیل کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، کوہلو میں ندی نالےبپھر گئے، جس کے باعث کوہلو کوئٹہ قومی شاہراہ زیر آب آگئی۔

    قومی شاہراہ زیر آب آنے کے باعث کوہلو کا کوئٹہ اور دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے، ژوب میں بھی پری مون سون بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ڈیرہ بگٹی میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: 7 انچ تک برفباری، بابوسر ٹاپ پر درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا

    خیبرپختوانخوا میں بھی پری مون سون بارشوں کےطوفانی اسپیل نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، کئی علاقوں میں سیلابی ریلے رابطہ سڑکیں بہالے گئے، جبکہ متعدمکانات تباہ اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے۔

    ادھر محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب کے کئی شہروں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، کراچی والوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ شہر میں بادلوں کا ڈیرہ ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش کی نوید بھی سنارکھی ہے۔

  • دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں اس سال پھر میلا سجے گا

    دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں اس سال پھر میلا سجے گا

    چترال: 12 ہزار 600 فٹ بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں اس سال پھر میلا سجے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یکم جولائی سے 3 جولائی تک سیاح تین دن ہزاروں میٹر بلندی پر واقع پولو گراؤنڈ میں چترال اور گلگلت بلتستان کے ٹیموں کے درمیان پولو میچز سے لطف اندوز ہوں گے۔

    کرونا عالمی وبا کی وجہ سے گزشتہ دو سال ‘شندور پولو فیسٹول’ تعطلی کا شکار رہا، لیکن سیاح اور پولو کے شوقین کھلاڑیوں کے لیے خوشی کی خبر ہے کہ اس سال شندور میلا پھر سے سجے گا۔

    شندور پولو فیسٹول 7 سے 9 جولائی تک ہوتا ہے، لیکن اس سال عید قربان کی وجہ سے اس فیسٹول کے شیڈول کو آگے لے جایا گیا ہے اور اس سال یکم سے 3 جولائی تک پولو میچز کھیلے جائیں گے۔

    شندور چترال اور گلگت بلتستان کے باڈر پر واقع سرسبز کھلا میدان ہے، جہاں پر 1936 سے باقاعدگی کے ساتھ ہر سال یہ فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ چترال اور گلگت بلتستان حکومت اس علاقے کو اپنی ملکیت سمجھتی ہیں، اور اس علاقے پر دونوں اطراف کے لوگوں کا تنازع بھی چل رہا ہے، حالات خراب ہونے کی وجہ سے کچھ سالوں کے لیے پولو فیسٹول کا انعقاد بھی ممکن نہیں رہا تھا، لیکن گزشتہ ایک دہائی سے محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا اس فیسٹول کا باقاعدہ انعقاد کرتا چلا آ رہا ہے۔

    شندور بلندی پر ہونے کی وجہ سے جولائی کے مہینے میں رات کو یہاں درجہ حرات نقطہ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے، تاہم دن کو جب سورج نکلتا ہے تو پھر سخت گرمی پڑتی ہے، اس لیے شندور فیسٹول کے لیے جانے والے سیاحوں کو گرم ملبوسات ہونے کے ساتھ دن کو دھوپ کی تپش سے جِلد کو بچانے کے لیے سن بلاک ساتھ لے جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

    محکمہ سیاحت کے ترجمان سعد بن اویس نے بتایا کہ دو سال کے وقفے کے بعد اس سال شندور فیسٹول منعقد کیا جا رہا ہے، فیسٹول کے انتظامات کے لیے آج چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا، جس میں کمشنر ملاکنڈ، ریجنل پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنرز و ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اپر اور لوئر چترال نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔

    سعد بن اویس نے بتایا کہ چیف سیکریٹری نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شندور پولو فیسٹیول کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں، اس لیے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    سعد بن اویس نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، سیاحوں کے لیے پولو میچ دیکھنے کے ساتھ دیگر تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

  • ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    پشاور: صوبائی سطح پر موسیقی کے بعد کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی ایمل ولی خان نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد کروایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بنایا تھا، اب انھوں نے صوبے میں کھیلوں کو فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

    ایمل ولی کی ہدایت پر بننے والے باچا خان ٹرسٹ اسپورٹس فاؤنڈیشن نے صوبے کی سطح پر باچا خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، اس ٹورنامنٹ میں مردان، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اور صوابی کی ٹیمیں شامل ہوں گی، اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں ضلعی سطح پر دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ (مقامی تیر اندازی)، مردان میں قومی کھیل ہاکی، ملاکنڈ میں فٹ بال، سوات میں والی بال اور لوئر دیر میں ٹیپ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

    ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت مختلف کھیلوں میں غیر معمولی کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بجھوانے کے لیے وظائف کا بندوبست بھی کرے گی، تاکہ یہ نوجوان اپنا ٹیلنٹ ملک و قوم کے لیے بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بس انھیں صرف نکھارنے کی ضرورت ہے، اور اسی مقصد کے لیے باچا خان ٹرسٹ کے زیر انتظام کھیلوں کی ترقی کے لیے اسپورٹس فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اگر چہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سیاست میں ایک مرکزی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے تاہم ملکی سیاست میں بھی اس سیاسی جماعت نے ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم کچھ عرصہ قبل اس جماعت کے نوجوان صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ باچا خان مرکز پشاور میں انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بناکر معیاری پشتو موسیقی کی ترویج کی ذمہ داری اٹھائی۔

    اس پروڈکشن ہاؤس میں صرف معیاری موسیقی کی شرط پر 7 ہزار روپے کی معمولی فیس کے عوض مقامی گلوکاروں کو جدید ریکارڈنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جب کہ غریب اور مستحق فن کاروں کو مفت ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ آنے جانے کا کرایہ بھی دیا جاتا ہے۔

    فن کے دل دادہ ایمل ولی خان نے اسی پر بس نہیں کیا، بلکہ موسیقی سے دل چسپی رکھنے والے نوجوانوں کو طبلہ، ڈھول، ہارمونیم اور رباب کی تربیت کے لیے کلاسز کے آغاز کا عندیہ بھی دیا، جس پر مذہبی جماعتوں کی طرف سے اے این پی اور ایمل ولی خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

  • خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پشاور: خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختون خوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2022-23 کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے، دل چسپ امر یہ ہے کہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے مابین جھڑپ تو نہیں ہوئی لیکن حکومتی رکن کی اپنے ہی اتحادی کے ساتھ گھمسان کا رن پڑ گیا۔

    کے پی اسمبلی میں جب صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کر رہے تھے، عین اسی وقت ایز لابی جو کہ عموما حکومتی ارکان کے استعمال میں ہوتی ہے، وہاں 2 اراکین اسمبلی آپس میں الجھ پڑے۔

    ویڈیو کے مطابق اراکین ایسے الجھے کہ پھر وہاں موجود دیگر اراکین اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف کے لیے انھیں چھڑانا مشکل ہو گیا۔

    خیبر پختونخواہ بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافے کا اعلان

    ذرائع کے مطابق کے پی اسمبلی میں کوہستان سے تعلق رکھنے والے ق لیگ کے اکلوتے ممبر اور پارلیمانی لیڈر مفتی عبید الرحمٰن اپنے ہی اتحادی پی ٹی آئی کے رکن دیدار خان، جو کہ کولئی پالس سے تعلق رکھتے ہیں، کے ساتھ ضلع میں کلاس فور کی نوکری پر الجھے تھے۔

    بات بڑھتے بڑھتے باقاعدہ لڑائی تک پہنچ گئی تھی، جس میں لاتوں اور گھونسوں کے آزادانہ استعمال کے ساتھ ساتھ غیر پارلیمانی الفاظ کا بھی بھرپور استعمال کیا گیا۔

    لڑائی لابی کے اندر ہونے کی وجہ سے نہ تو ڈپٹی اسپیکر کو پتا چلا اور نہ ہی اس کا علم ایوان میں موجود وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو ہوا، جب کہ اس وقت لابی میں موجود اسمبلی کے دیگر اراکین اور اسٹاف کوشش بسیار کے بعد دونوں اراکین کو قابو کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

  • آن لائن ٹیکسی سروس کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے بل پیش

    آن لائن ٹیکسی سروس کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے بل پیش

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کو قانون کے دائرے میں لانے اور قواعد و ضوابط کا پابند بنانے کے لیے مجوزہ بل پیش کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے لیے قانون سازی کرتے ہوئے مجوزہ بل پیش کردیا گیا۔

    مجوزہ بل میں آن لائن کمپنی کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، کمپنی مالک اور ڈرائیور کی مکمل تفصیلات جمع کی جائیں گی۔

    بل میں کہا گیا کہ بغیر رجسٹریشن آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنی چلانے پر 10 لاکھ جرمانہ ہو سکتا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کمپنی کی رجسٹریشن منسوخ یا معطل کر سکتا ہے۔

    بل میں کہا گیا کہ سواری کی شکایت ثابت ہونے پر ڈرائیور اور کمپنی کو جرمانہ ہوسکتا ہے، سواری کو ہراساں کرنے پر سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں "شہباز اسپیڈ” سے سستے آٹے کی فراہمی

    خیبرپختونخوا میں "شہباز اسپیڈ” سے سستے آٹے کی فراہمی

    اسلام آباد : خیبرپختو نخوا میں شہباز اسپیڈ سے سستے آٹے کی فراہمی شروع کردی گئی، عوام کو 40روپے فی کلو آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کےعوام سے وعدہ پورا کر دکھایا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ وعدے کی تکمیل کے لئے 100موبائل اسٹورز نے کام شروع کردیا ہے، سستے آٹے کے لئے کے پی کوایبٹ آباد، پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سستے آٹے کی فراہمی کا سلسلہ پورے خیبرپختونخوا میں پھیلایا جائے گا، ایبٹ آباد، پشاور زون میں 50ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کیے گئے ہیں۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد، پشاور زونز میں موبائل اسٹورز سے سستا آٹا فراہم کیا جارہا ہے، ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22ہزار70سستے آٹے کے تھیلے فروخت کیے گئے۔

    مریم اورنگزیب کے مطابق پشاور زون میں دو روز میں 23ہزار 400سے زائد سستے آٹے کے تھیلے فروخت ہوئے،13 جون تک موبائل اسٹورز کی تعدادبڑھا کر 200کر دی جائے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ 9جون تک آٹے کے عارضی سیل پوائنٹس بھی کام شروع کر دیں گے،17جون تک عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد500کر دی جائے گی۔

    وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ سستے آٹے کی فروخت کے مقامات کی تعداد 2ہزار سے زائد ہوگی،8سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

  • خیبر پختون خوا کی عیسائی، سکھ، ہندو اور کیلاش برادریوں کے لیے خوش خبری

    خیبر پختون خوا کی عیسائی، سکھ، ہندو اور کیلاش برادریوں کے لیے خوش خبری

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بسنے والی اقلیتی برادری کے لیے ایک اچھی خبر ہے کہ صوبائی حکومت ان تمام مذاہب کے تین تین مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ صوبے میں بسنے والی اقلیتی برادری جن میں عیسائی، سکھ، ہندو اور کیلاش قبیلہ شامل ہیں، کے تین تین مذہبی تہوار سرکاری خرچ پر حکومت منائے گی۔

    دنیا کے منفرد کیلاش قبیلے سے تعلق رکھنے والے معاون خصوصی وزیر زادہ اس سلسلے میں ایک نجی کمپنی کے ساتھ 300 ملین روپے کا معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، معاہدے پر صوبائی حکومت کی جانب سے سیکریٹری محکمہ اوقاف نے دستخط کیے۔

    اقلیتی برادریوں کے جن تہواروں کو حکومتی سطح پر منایا جائے گا، ان میں سکھ مت کے پرکاش اتسو (دیگر آٹھ گروؤں کے یوم پیدائش)، گروگڑی دیوس، جیوتی جوت دیوس (دوسرے سکھ گروؤں کی برسی) شامل ہوں گے۔

    اسی طرح ہندو کمیونٹی کے لیے دیوالی، ہولی اور نوراتری یا دیگر تہوار شامل کیے جائیں گے، عیسائی برادری کے تہوار ایسٹر اور کرسمس جب کہ کیلاش برادری کے تہوار چلم جوش، اوچاو میلہ اور چوموس یا چترموس شامل ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کے ساتھ 3 سو ملین کا جو معاہدہ ہوا ہے اس میں مذہبی تہواروں کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کے مطابق خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے اقلیتی نوجوانوں کے لیے یوتھ ایکسپوزر پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اقلیتی نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارا جائے گا اور انھیں ملک بھر کے دورے کروائے جائیں گے۔

    وزیر زادہ نے ہندوستان میں اقلیتی برادری کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور بی جے پی ترجمان کی حالیہ گستاخی کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک کے ساتھ تعلقات رکھنے ہی نہیں چاہیے۔ انھوں نے حکومت سے ہندوستانی سفیر کو واپس بجھوانے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • نوشہرہ کے آرٹسٹ حامد علی کی پینٹنگ عالمی نمائش کے لیے منتخب

    نوشہرہ کے آرٹسٹ حامد علی کی پینٹنگ عالمی نمائش کے لیے منتخب

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے فنکار پیر حامد علی کے فن پارے کو اٹلی میں ہونے والی ایک نمائش کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے حامد علی مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں اور آرٹ پڑھاتے ہیں۔

    وہ لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے فارغ التحصیل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 10 سال کی عمر میں پہلا پورٹریٹ بنایا تھا جو ان کے والد صاحب کا تھا۔

    حامد علی اب تک اپنے آرٹ پر ایک درجن سے زائد ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں جبکہ اٹلی میں منعقدہ نمائش کے لیے ان کا فن پارہ تیسری بار منتخب ہوا ہے۔

    اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر موجود مختلف آرٹ گروپس کا حصہ ہیں، وہیں پر انہوں نے اپنا فن پارہ بھیجا تھا جسے بے حد پسند کیا گیا اور اٹلی میں نمائش کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

  • "آٹے کی قیمت کپڑے بیچ کر کنٹرول کرنی ہے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے”

    "آٹے کی قیمت کپڑے بیچ کر کنٹرول کرنی ہے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے”

    پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اگر آٹے کی قیمت کپڑے بیچ کرکنٹرول کرنی ہے تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی ن لیگ کی حکومت آتی ہے سب سے پہلے کے پی کا آٹا بند کیا جاتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو کیوں ٹرک کی بتی کے پیچھےلگایا گیا ہے؟ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان کا ایک وزیرخزانہ لندن اور دوسرا اسلام آباد میں بیٹھا ہے، عمران خان نے مشکلات کے باوجود ڈالر قابو میں رکھا۔

    انہوں نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف پر تنقید کرتے ہئوئے کہا کہ بڑے بوٹ پہن کر تصویریں بنانے سے نہیں بڑے فیصلوں سے حکومت چلتی ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف مشاورت ہی کررہی ہے، ہم اپنے حق کے لیے 25 مئی کو نکل رہے ہیں۔

  • جنگلات اور جنگلی حیات کو گرمی سے بچانے کے لیے اہم قدم

    جنگلات اور جنگلی حیات کو گرمی سے بچانے کے لیے اہم قدم

    پشاور: محکمہ جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختون خوا نے شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر جنگلات اور جنگلی حیات کو گرمی سے بچانے کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اتوار 8 مئی 2022 سے ایک ہفتے کے لیے شدید ہیٹ ویو کے حالات کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے، محکمہ جنگلات نے جانوروں کی حفاظت کے لیے اس عرصے میں خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق متعلقہ کنزرویٹر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر، محکمہ وائلڈ لائف کے افسران جنگلات، نرسریز، نیشنل پارکس، پشاور چڑیا گھر اور دیگر چڑیا گھروں، فیزنٹریز اور وائلڈ لائف پارکس کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے افسران خود ذمہ دار ہوں گے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں اور خصوصی طور پر خیبر پختون خوا میں اتوار سے ہفتے کے دن تک گرمی کی شدت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

    ترجمان محکمہ جنگلات لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے جنگلی حیات کے عملے کو جانوروں اور پرندوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پہلے سے ہدایات جاری کیے گئے ہیں، متعلقہ افسران کو جانوروں کو تازہ پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دو بار (صبح اور دوپہر) تالابوں/ ٹبوں/ برتنوں میں پانی کی باقاعدگی سے تبدیلی کو یقینی بنانے کی ہدیت کی گئی ہے۔

    یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ چڑیا گھر میں برڈ ایویری میں فراہم کردہ پانی کے چشمے کو فعال رکھا جائے تاکہ پرندے نہا سکیں اور خود کو گیلا کر سکیں، نیز فوری طور پر جہاں ضرورت ہو، گھاس کے مواد اور سبز چادروں کا استعمال کرتے ہوئے اوپر اور اطراف میں پناہ کے ساتھ پنجرے فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔

    لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجروں میں پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ پرندوں اور جانوروں پر ٹھنڈا اثر پڑے، چڑیا گھر میں ٹھنڈک کے لیے جانوروں کے گھروں اور پناہ گاہوں میں پنکھے اور کولر بھی لگائے جائیں گے۔

    یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے بیماری کی صورت میں دوائیں پانی میں ملا کر دی جائیں، مخصوص جانوروں کو کھانے اور ان کے جسم کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رسیلی خوراک جیسے پھل فراہم کیے جائیں۔

    وائلڈ لائف عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کی لہر یا شدید موسم کے دوران کسی بھی جانور یا پرندے کو منتقل نہیں کیا جائے گا، عملے کو دھوپ سے بچانےکے لیے ٹوپیاں فراہم کی جائیں گی، مختلف مقامات پر واٹر پوائنٹس کے ذریعے زائرین اور عملہ دونوں کو ٹھنڈے پانی کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    جنگلات کی حفاظت بھی ضروری ہے

    محکمہ جنگلات کے ترجمان لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ شدید گرمی میں جانوروں کے ساتھ جنگلات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے ہم نے اضلاع کی سطح پر محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پودوں خصوصی طور پر نرسریوں میں لگے چھوٹے پودوں کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

    انھوں نے کہا چھوٹے پودے جن کی جڑیں کمزرو ہوتی ہیں، انھیں گرمی سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے، اس لیے ہم نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نرسریوں میں عملے کی موجودگی یقینی بنائے اور پودوں کو بروقت پانی دی جائے تاکہ کوئی پودا گرمی کی وجہ سے متاثر نہ ہو۔

    لطیف الرحمٰن کے مطابق نرسریوں میں ٹیوب شفٹنگ کو فوری طور پر روکنے کا کہا گیا ہے اور جون کے مہینے تک پودوں کے بیچ نہ بونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    افسران کو کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، فیلڈ اسٹاف، پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مضبوط بنایا جائے، کنزرویٹرز اور ڈویژنل فارسٹ آفیسرز اور محکمہ جنگلی حیات کے افسران ان 7 دنوں کے دوران ہینڈ آن مانیٹرنگ اور منیجمنٹ کے لیے فیلڈ میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔