Tag: KPK

  • خیبر پختونخواہ میں اتوار کے روز الرٹ رہنے کی ہدایت جاری

    خیبر پختونخواہ میں اتوار کے روز الرٹ رہنے کی ہدایت جاری

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں اتوار کے روز درجہ حرارت میں 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے، صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں 8 مئی اتوار کے روز درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت میں 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔

    صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں، عوام کو بھی ہیٹ اسٹروک سے پچنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک بھر میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پارہ معمول سے 9 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی سندھ، وسطی اور جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 8 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    حکام نے شدید گرم اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

  • عید سے قبل خیبر پختون خوا میں بیکریوں پر بڑا کریک ڈاؤن

    عید سے قبل خیبر پختون خوا میں بیکریوں پر بڑا کریک ڈاؤن

    پشاور: خیبر پختون خوا میں‌فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے غیر معیاری بیکریوں‌ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس میں 20 سے زائد بیکریاں سیل اور متعدد پر جرمانے عائد کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کہا ہے کہ سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں کپڑوں کا رنگ استعمال کرنے اور ناقص صفائی پر 5 بیکری یونٹس سیل کر دیے گئے، سوات میں دیگر بیکری یونٹس سے سینکڑوں کلو غیر معیاری مٹھائیاں بھی تلف کی گئیں، اور جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ہنگو ٹل میں بیکری یونٹ سے 1300 کلو غیر معیاری مٹھائیاں برآمد ہوئیں، جس پر یونٹ کو سیل کر دیا گیا، بنوں کے مختلف علاقوں میں نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 4 بیکری یونٹ سیل کر دیے گئے۔

    ضلع خیبر میں کارروائی کے دوران 3 بیکری یونٹس سیل کیے گئے، ایبٹ آباد اور پارہ چنار میں غیر معیاری بیکری پراڈکٹس برآمد ہونے پر 2، 2 بیکری یونٹ سیل کیے گئے۔

    فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ہری پور میں بھی مضر صحت رنگوں کے استعمال پر بیکری یونٹ سیل کیا گیا، جب کہ 500 کلو سے زائد غیر معیاری مٹھائیاں برآمد کر کے تلف کی گئیں۔

    چارسدہ اور مردان میں ایک ایک بیکری یونٹ سیل کیا گیا، لوئر دیر لال قلعہ میں بیکری سے سینکڑوں کلو مضر صحت مٹھائیاں برآمد ہوئیں جس پر اس یونٹ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

  • کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ،پولنگ جاری

    کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ،پولنگ جاری

     پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات اٹھارہ اضلاع کی پینسٹھ تحصیل کونسلز میں ہورہے ہیں، مجموعی طور پر اسی لاکھ ستاون ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    مجموعی طور پراٹھائیس ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں، انتخابی عمل کے لئے چھ ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، سولہ سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ تئیس سو چھبیس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شکایات کے اندراج اور نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، کنٹرول روم مسلسل نتائج کے آنے تک قائم رہے گا۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر،سیکریٹری الیکشن کمیشن اوراسپشل سیکریٹری پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پولنگ پر امن طور پر جاری ہے،ابھی تک کنٹرول روم میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

    چیف الیکشن کمشنرکا کہنا ہے کہ عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورخلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

  • بلدیاتی انتخابات: پختونخواہ پولیس کی چھٹیاں منسوخ

    بلدیاتی انتخابات: پختونخواہ پولیس کی چھٹیاں منسوخ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی پولیس کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، پہلے سے چھٹی پر جانے والوں کو بھی حاضر ہونے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر صوبائی پولیس کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

    انسکپٹر جنرل (آئی جی) نےتمام اہلکاروں کو متعلقہ اسٹیشنز میں رپورٹ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیے میں پہلے سے چھٹی پر جانے والوں کو بھی دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • غذائی قلت کے شکار افغان عوام کے لیے خیبر پختونخوا سے امدادی سامان روانہ

    غذائی قلت کے شکار افغان عوام کے لیے خیبر پختونخوا سے امدادی سامان روانہ

    پشاور: غذائی قلت کے شکار افغان عوام کے لیے خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کے عوام کی جانب سے غذائی اجناس پر مشتمل امدادی سامان پاک افغان سرحد طورخم پر افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما نیلم خان طورو نے مقامی افراد کے تعاون سے رمضان کے پیش نظر افغان عوام کے لیے 2 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا۔

    امدادی سامان میں چاول، آٹا، دالیں، گھی، چینی، نمک، کھجوریں اور چائے کی پتی شامل ہے۔

    برداشت فاؤنڈیشن خیبر پختون خوا اور انڈیور لائنز کلب مردان کی مرکزی صدر نیلم خان طورو نے پاک افغان کوآپریشن فورم کے منتظمین کی موجودگی میں امدادی سامان امارت اسلامی افغان حکام کے حوالے کیا۔

    یہ امدادی سامان افغانستان میں مستحق خاندانوں کو فراہم کیا جاٸے گا، نیلم خان طورو کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مشکلات کا سامنا کرنے والے اپنے بھائی بہنوں اور بچوں کی آئندہ بھی امداد جاری رکھیں گے اور کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ امدادی سامان بھجوایا جائے۔

    انھوں نے مخیر حضرات کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے مظلوم افغانی عوام کی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    اس موقع پر امارت اسلامی افغانستان کے حکام نے حکومت پاکستان اور این جی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ افغان عوام کے ساتھ تعاون کا سلسلہ آٸندہ بھی جاری رکھا جاٸے گا۔

  • وزیر اعظم  آج مالاکنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    وزیر اعظم آج مالاکنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم آج مالاکنڈ کا دورہ کرینگے جہاں وہ درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کے جلسے کے لئے ڈگری کالج گراؤنڈ کا انتخاب کیا گیا اور جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں، جلسہ عام میں وزیراعظم درگئی کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرینگے۔

    ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مالاکنڈ جانے سے قبل اجلاس کی صدارت کریں گے، حکومتی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں ہوگا جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو صدارتی ریفرنس کی تیاری سے متعلق آگاہ کیاجائےگا جبکہ ارکان اسمبلی اور اتحادیوں سےرابطوں پربات ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: ہمارے سارے لوگ واپس آجائیں گے، وزیراعظم کی پیشگوئی

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضمیر فروشوں کیخلاف قوم کا غصہ دیکھ رہا ہوں اور پیشگوئی کرتا ہوں کہ جیسے جیسے عدم اعتماد پر ووٹ کا وقت قریب آئیگا ویسے ویسے پی ٹی آئی سے خفا سب لوگ واپس آجائیں گے۔

    وزیراعظم کا سندھ ہاؤس پر ہونے والے واقعے پر کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس کے باہر ہمارے لوگ جذبات میں آگئے، عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ضمیر فروشوں کیخلاف پرامن احتجاج کریں لیکن تصادم کا راستہ اختیار نہ کیا جائے۔

  • اپوزیشن نے محمود خان کی ‘حکومت’ کو نشانے پر رکھ لیا

    اپوزیشن نے محمود خان کی ‘حکومت’ کو نشانے پر رکھ لیا

    پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی نے مرکز کے بعد کے پی حکومت کے خلاف بھی اہم ترین فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان نے مرکز کے بعد کے پی حکومت کو گرانے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے45ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہوگئی ہے، مرکز کےبعد صوبےمیں بھی جلد عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔

    صوبائی صدرپیپلزپارٹی نے کہا کہ عدم اعتماد سے متعلق تمام اپوزیشن متحد اور ایک پیج پر ہیں اور صوبائی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی ۔

    انہوں نے سندھ ہاؤس پر حملوں کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہاؤس پر حملے کرکےہمارے صبر کا امتحان نہ لیاجائے۔

    1. یہ بھی پڑھیں: سیاسی بحران ، پاکستان تحریک انصاف نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی

    انہوں نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے پر ریاستی اداروں کی خاموشی کو افسوس ناک اور معنی خیز قرار دیا اور کہا کہ خدانخواستہ یہ خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔

    نجم الدین خان نے کہا کہ عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ اور میڈیا کسی خاص جماعت کے آلہ کار بننے کے بجائے اپنی قومی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کریں، اگر ذمہ دار افراد نشانہ عبرت نہ بنے تو جو آج سندھ کے ساتھ ہوا یہ کل ریاست کی کسی بھی اکائی کے ساتھ ہوسکتا ہے۔

  • مالاکنڈ: بیمار شخص کی فائرنگ، گھر قبرستان میں تبدیل

    مالاکنڈ: بیمار شخص کی فائرنگ، گھر قبرستان میں تبدیل

    مالاکنڈ: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مالاکنڈ میں گھر میں فائرنگ کا اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 4 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مالاکنڈ کے علاقے سورنہ درگئی کے ایک گھر میں فائرنگ کی گئی ہے، فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ذہنی معذور شخص نے اپنے گھر میں فائرنگ کرتے ہوئے ماں، بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو موت کے گھاٹ اتاردیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال درگئی منتقل کیا جہاں ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

  • پی ٹی آئی کا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان

    پی ٹی آئی کا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے پی نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی۔

    فہرست کے مطابق 64 تحصیلوں میں سے 54 کے لیے امیدوار فائنل کر لیے گئے ہیں، جب کہ 10 تحصیلوں کے امیدواروں کے نام جلد فائنل کیے جائیں گے۔

    ایبٹ آباد سے 3، بٹگرام سے 2 امیدوار منتخب کیے گئے، اپر اور لوئر چترال سے 2،2 امیدوار منتخب ہوئے، کوہستان سے مکمل 6 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا، مالاکنڈ سے 3 اور مانسہرہ سے 5 امیدوار منتخب کیے گئے۔

    شمالی اور جنوبی وزیرستان سے 3،3 امیدوار حصہ لیں گے، اورکزئی سے 2 اور تور غر سے 3 امیدواروں کو منتخب کیا گیا، سوات سے 7 امیدوار حکومتی جماعت کے ٹکٹ سے مقابلہ کریں گے، جب کہ شانگلہ سے 5 امیدوار منتخب کیے گئے۔

  • جہیز: اپر چترال کے عوام کا بڑا فیصلہ

    جہیز: اپر چترال کے عوام کا بڑا فیصلہ

    چترال: اپر چترال کے عوام نے جہیز سے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، لڑکی کے گھر والوں سے جہیز مانگنے والوں کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپر چترال کے گاؤں لاسپور کے رہائشیوں نے شادی میں جہیز سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ علاقے کے بزرگوں نے ایک جرگہ منعقد کر کے جہیز کے غیر ضروری رواج کو ختم کرنے پر اتفاق کیا، اور ایک متفقہ قرار داد پیش کر کے اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

    علاقے کے بزرگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ شادی میں دلہن کے گھر والوں سے کوئی مطالبہ نہیں کیا جائے گا، اور لڑکے کے گھر والے بھی غیر ضروری اخراجات کا بوجھ نہیں اٹھائیں گے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ مہنگائی سے لوگ پہلے ہی سے پریشان ہیں، شای بیاہ کے دعوت میں کھانوں پر کم سے کم خرچہ کیا جائے گا، فضول خرچی سے گریز کیا جائے گا، اور جو لڑکی کے گھر والوں سے جہیز کا مطالبہ کرے گا اس سے سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

    لاسپور سے تعلق رکھنے والے سید صاحب جان نے بتایا کہ جہیز اور غیر ضروری اخراجات کی وجہ سے والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کے لیے پریشان رہتے ہیں، بہت سے ایسی لڑکیاں ہیں جن کی رخصتی جہیز کے لیے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نہیں ہو پاتیں۔

    انھوں نے کہا جب کسی کی بیٹی کا رشتہ طے ہو جاتا ہے تو پھر لڑکے کے گھر والے اتنے ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ لڑکی کے گھر والوں کو وہ پورا کرنا ممکن نہیں ہوتا، لڑکی کے گھر والوں سے جہیز کا مطالبہ کرنا غیر اسلامی اور غیر اخلاقی ہے۔

    صاحب جان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئی لڑکی کے گھر والوں سے جہیز کا مطالبہ نہیں کرے گا، ہم نے اس فرسودہ روایت کو اب ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو بھی لڑکی کے گھر والوں سے جہیز کا مطالبہ کرے گا، اور جو اس قرار داد کی خلاف ورزی کرے گا، اس سے ہم بائیکاٹ کریں گے۔

    علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ جرگے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تعاون کرے۔