Tag: KPK

  • آئندہ عام انتخابات کے لیے اے این پی کا بڑا فیصلہ

    آئندہ عام انتخابات کے لیے اے این پی کا بڑا فیصلہ

    پشاور: آئندہ عام انتخابات کے لیے عوامی نیشنل پارٹی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی دوسری پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کی حکمت عملی بنا لی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔

    ایمل ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے منشور کے ساتھ آئندہ عام انتخابات کے لیے تیار ہے، اور صوبہ بھر میں اے این پی کے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔

    صوبائی صدر نے کہا کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف شکست سے بچنے کے لیے بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے، اے این پی قومی وسائل پر عوام کے اختیار اور ان کے حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

    ایمل ولی نے کہا ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا جن بے قابو ہو چکا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لیے خوار ہو رہے ہیں، اور حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے لانے والوں کے ریلیف کے لیے کام کر رہی ہے۔

  • خیبر پختون خوا: کل سے بارشیں شروع ہونے کا امکان

    خیبر پختون خوا: کل سے بارشیں شروع ہونے کا امکان

    پشاور: خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں کل شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام سے کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل شریف حسین کی جانب سے تیز بارشوں کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعے تک دیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش ہو سکتی ہے، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہفتہ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    بارشوں کا نیا اسپیل ، کراچی والے ایک بار پھر تیار ہوجائیں

    ترجمان پی ڈی ایم اے تیمور خان نے ہدایت جاری کی ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • خواتین کے لیے مختص پنک بسوں کا منصوبہ ناکام

    خواتین کے لیے مختص پنک بسوں کا منصوبہ ناکام

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت کا خواتین کے لیے مختص پنک بسوں کا منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق پنک بسوں کا منصوبہ ناکامی کے بعد کے پی حکومت نے پنک بسیں ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کر دیں، محکمہ ہائیر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ 14 بسوں میں سے صوبے کے 12 بسیں گرلز ڈگری کالجز اور 2 بسیں مردان ویمن یونیورسٹی کو دی جا رہی ہیں۔

    مختلف کالجز کے پرنسپلز کو معاون خصوصی ہائیر ایجوکیشن و اطلاعات کامران بنگش نے بسوں کی چابیاں حوالے کیں۔

    کامران بنگش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دو اضلاع میں خواتین کو سفری سہولیات کے لیے بسیں چلانے کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، لیکن کچھ وجوہ پر یہ کامیاب نہ ہو سکا۔

    انھوں نے کہا گرلز کالجز میں طالبات کو ٹرانسپورٹ کے مسائل تھے جس کو حل کرنے کے لیے ہم نے بسیں کالجز کو دینے کا فیصلہ کیا۔

    پنک بسوں کا منصوبہ 2018 میں جاپان حکومت کے تعاون سے خواتین کے لیے شروع کیا گیا تھا، 14 پنک بسیں صرف خواتین کی سفری سہولیات کے لیے لائی گئی تھیں، مردان اور ایبٹ آباد میں پنک بسیں کچھ مہینے کے لیے چلائی بھی گئیں لیکن یہ سلسلہ کامیاب نہ ہو سکا۔

    یہ منصوبہ ناکامی کے بعد بسیں تین سالوں تک مختلف اسٹینڈز میں کھڑی رہیں، جس کے باعث بسوں کی حالت خراب ہونے لگی تھی، محکمہ اعلیٰ تعلیم کی درخواست پر ان بسوں کو ٹرانس پشاور سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کیا گیا، اب یہ بسیں مختلف گرلز کالجز میں طالبات کی سفری سہولت کے لیے استعمال ہوں گی۔

    کامران بنگش نے بتایا کہ اب ڈی آئ خان، مردان، اور نوشہرہ سمیت دیگر اضلاع کے کالجز ان بسوں سے مستفید ہوں گے، اور ایک ہفتے کے اندر یہ بسیں چلتی نظر آئیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 45 بسوں کا آرڈر دے چکے ہیں، جو قبائلی اضلاع میں چلیں گی، بندوبستی اضلاع میں سال 20-21 میں 40 پروفیشنل کالجز بنانے جا رہے ہیں، صوبے میں 7 وکالت کے کالجز بھی بنیں گے، جس پر 80 کروڑ کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔

    انھوں نے بتایا کہ صوبے میں 30 کالجز کو ماڈل کالج بنا رہے ہیں، اور کسی کالج کی نج کاری نہیں کر رہے، کالج کی نج کاری کے حوالے سے حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

  • پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: خیبر پختون خوا میں مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو قانون کے دائرے میں آنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے یلو کیب ٹیکسی گاڑیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں یلو کیب ٹیکسیوں کے مالکان کو گاڑیوں میں مشینیں اور میٹرز لگانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ ٹیکسی میں میٹرز لگانے سے سواریوں کو فی کلو میٹر فاصلہ معلوم ہو سکے گا۔

    محکمے نے حکم دیا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور فاصلے اور کلومیٹر کے حساب سے کرایے وصول کریں گے، اور سواریوں کو کرایوں کی مشینوں کے ذریعے رسید دی جائے گی۔

    اعلامیے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ٹیکسی گاڑیوں کے مالکان کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، ایک ماہ بعد پشاور سمیت بڑے شہریوں میں بغیر مشین اور میٹرز ٹیکسیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    یاد رہے کہ 2015 میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبر پختون خوا نے عوام کی سہولت کے لیے یلو کیب ٹیکسی کو پشاور اربن ایریا میں چند ایک قانونی قواعد و ضوابط کے ساتھ فریش روٹ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • زیادتی اور دہشت گردی کے مقدمات میں گواہوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام

    زیادتی اور دہشت گردی کے مقدمات میں گواہوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں زیادتی اور دہشت گردی کے مقدمات میں گواہوں کے تحفظ کے لیے قانون تیار کرنے کا بل تیار کرلیا گیا، بل میں کہا گیا ہے کہ گواہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پروٹیکشن یونٹ بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں زیادتی اور دہشت گردی کے مقدمات میں گواہوں کے تحفظ کے لیے قانون تیار کیا جارہا ہے، صوبائی وٹنس پروٹیکشن ایکٹ 2021 اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا۔

    مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ زیادتی اور دہشت گردی کے مقدمات کے گواہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں 7 رکنی وٹنس پروٹیکشن بورڈ قائم کیا جائے گا۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کی ذمہ داری پالیسی گائیڈ لائنز اور مانیٹرنگ کرنا ہوگی، گواہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پروٹیکشن یونٹ بنایا جائے گا۔ یونٹ عدالتی کیس کی نوعیت کے مطابق گواہ کی سیکیورٹی کا تعین کرے گا۔

    بل کے مطابق گواہ کی جان و مال کا تحفظ یونٹ کی ذمہ داری ہوگی، حالات کے پیش نظر گواہ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا، گواہ کو مالی تعاون دینا بھی وٹنس پروٹیکشن یونٹ کی ذمہ داری ہوگی۔

    بل میں کہا گیا کہ گواہوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق بھی وٹنس پروٹیکشن یونٹ کرے گا۔

  • بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں کل شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کے پی کے میں کل شام سے بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے موسم کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور موسمی صورت حال سے خود کو باخبر رکھیں۔

    رپورٹ کے مطابق کل سے کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوں سے سخت گرمی پڑ رہی ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے لیے پیکج کا اعلان

    محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار کے لیے پیکج کا اعلان

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے محکمہ جنگلات کے شہید اہل کار جمشید اقبال کے لیے شہید پیکج کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے آج شہید فارسٹر جمشید اقبال کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت کی اور شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔

    صوبائی وزیر نے محکمہ جنگلات کے فارسٹر کے لیے شہید پیکج کا اعلان کیا اور کہا کہ گاؤں کے ہائی اسکول اور سڑک کو بھی شہید کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

    وزیر جنگلات نے کہا کہ شہید پیکج کے تحت جمشید اقبال کے چھوٹے بھائی کو محکمہ جنگلات میں نوکری دی جائے گی، میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر یہاں آیا ہوں۔

    صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ

    اشتیاق ارمڑ کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ اب لوگوں کو علم ہوگیا ہے کہ درخت ماحول کے لیے کتنے اہم ہیں۔ یاد رہے کہ جمشید اقبال چمرکن کے جنگلات میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔

    محکمہ جنگلات کا ملازم جنگل میں لگی آگ بجھاتے ہوئے شہید، وزیر اعظم کا خراج عقیدت

    چند روز قبل شہید کے والد نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ جمشید اقبال کی فیملی کو شہدا پیکج دیا جائے، جمشید اقبال کے سوگواران میں 2 بچے اور بیوہ شامل ہیں، جمشید گزشتہ 9 سال سے محکمہ جنگلات میں فرائض انجام دے رہے تھے۔

    جمشید اقبال کے ساتھ کام کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہل کاروں نے بتایا تھا کہ جمشید کو درختوں سے محبت تھی اور انھوں نے درختوں کو آگ سے بچاتے ہوئے جان دے دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے جمشید اقبال کی فرائض کی انجام دہی کے دوران موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جمشید نے ادائیگی فرض کے دوران آگ بجھاتے بجھاتے جام شہادت نوش کیا، یہی وہ مردان کار ہیں جو پاکستان کی شادابی کے لیے ہمارے جنگلات کی حفاظت کا فرض نبھا رہے ہیں۔

  • 2 سال میں ہزاروں بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے: صوبائی وزیر

    2 سال میں ہزاروں بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے: صوبائی وزیر

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر عاطف خان کا کہنا ہے آئندہ 2 سال میں 25 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے، وفاقی ادارے نے سیاحتی مقامات پر انٹرنیٹ سروس کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کے میدان میں خواتین کو آگے لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے، صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 سال میں 25 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی جدید ٹریننگ دیں گے، ٹریننگ پر 3 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آئی ٹی زونز بنانے جا رہے ہیں۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتروں کو ڈیجیٹلائز کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں رواں سیزن ہزاروں لوگ سیاحتی مقامات پر آئے، رواں سیزن میں 66 بلین روپے کا کاروبار ہوا۔ وفاقی ادارے نے سیاحتی مقامات پر انٹرنیٹ سروس کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

  • خیبر پختون خوا، مزدوروں کے لیے بڑا قدم

    خیبر پختون خوا، مزدوروں کے لیے بڑا قدم

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے میں مزدوروں کی فلاح کے لیے سوشل سیکیورٹی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کی اسمبلی میں مزدوروں کے لیے سوشل سیکیورٹی ایکٹ پیش کر دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سوشل سیکیورٹی ادارہ قائم کیا جائے گا۔

    مجوزہ بل کے تحت خواتین مزدوروں کی 3 ماہ میٹرنٹی چھٹی اور معاوضہ سوشل سیکیورٹی ادارہ دے گا۔

    بیماری اور زخمی ہونے کی صورت میں مزدوروں کی طبی امداد کے اخراجات بھی سوشل سیکیورٹی بورڈ کے ذمے ہوگی، اور دوران ڈیوٹی موت واقع ہونے پر لواحقین کو معاوضہ سوشل سیکیورٹی بورڈ ادا کرے گا۔

    مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت سوشل سیکیورٹی ادارہ کارخانوں سے مزدوروں کی فلاح کے لیے مخصوص فنڈز لے گا۔

    ادارے کی گورننگ باڈی کے چیئرمین وزیر محنت ہوں گے، جب کہ محکمہ لیبر، صنعت، صحت اور خزانہ کے ارکان شامل ہوں گے، صوبائی محکمہ محنت کے سیکریٹری اس ادارے کے کمشنر ہوں گے۔

    مجوزہ بل کے مطابق ادارہ کا ایمپلائز سوشل سیکیورٹی فنڈ کے نام سے اپنا فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔

  • پنجاب اور کے پی میں بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    پنجاب اور کے پی میں بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    لاہور/ رحیم یار خان /چلاس : پنجاب اور کے پی کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد،اور راو لپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے چلاس میں بھی بارش ہوئی جس کے باعث پنجاب اور کے پی کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    لاہور میں رات گئے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد سڑکوں پر کھڑے پانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز کو واسا انتظامیہ سےرابطے میں رہنے کی ہدایت جاری کردی

    اوکاڑہ اور گردونواح میں گرد آلود آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، حویلی لکھا اور گردو نواح میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شیخوپورہ اورگردو نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں نہر 3آر میں شگاف تاحال بند نہ کیا جاسکا، ذرائع محکمہ آبپاشی کے مطابق شگاف 100فٹ چوڑا ہوگیا،6گھنٹے گزرنے کے باوجود شگاف کو پُر نہ کیا جاسکا۔

    پانی چک 28 عباسیہ میں داخل ہوگیا، جس کے باعث قریبی دیہات کے مکانات زیر آب آگئے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سینکڑوں ایکڑ پرکھڑی کپاس، گنے اور چارے کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    فیروزوالا اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، فاروق آباد اور گردونواح میں بھی تیزآندھی کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، پھول نگر اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

    خیبر پختونخوا میں چلاس کے علاقے دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جارہی ہے، بابوسر، بٹوگاہ سمیت دیگر مقامات پر بارش سے جل تھل ہوگیا۔

    تھور میں بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث تھور کا 1.6میگا واٹ پن بجلی گھر بند ہوگیا۔3.6میگا واٹ واپڈا ہائیڈرو پاور پلانٹ بھی بند کردیا گیا جبکہ تھک اور بٹوگاہ ہائیڈرو پاور پلانٹ پر معمول کا کام جاری ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔