Tag: KPK

  • پیپر کے لیے نکلنے والی نہم کلاس کی طالبہ سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    پیپر کے لیے نکلنے والی نہم کلاس کی طالبہ سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    لوئر دیر: خیبر پختون خوا میں کلاس نہم کی طالبہ سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع لوئر دیر میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، پرچہ دینے کے لیے نکلنے والی نہم کلاس کی طالبہ سیلابی ریلے کا شکار ہو گئیں۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ مریم بی بی پیپر دینے جا رہی تھیں کہ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ گئیں، طالبہ کی لاش زیمدارہ کے قریب برساتی نالے سے ملی۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کی شکار 16 سالہ طالبہ کا تعلق چمیاری بلوخان سے ہے، ایک ماہ میں 12 افراد دریائے پنجکوڑہ اور برساتی نالوں میں بہہ کر جاں بحق ہوئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مردان میں جلالہ برساتی نالے میں ضعیف العمر شخص ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے، ڈوبنے والے 75 سالہ گل محمد کا تعلق مہاجر کیمپ جلالہ سے تھا، ریسکو 1122 کے مطابق اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے سرچ آپریشن بھی کیا۔

    جمعرات کو لوئر دیر کے علاقے خونی ڈھنڈ اوچ کے برساتی نالے میں 2 بچے شایان اور زوہیب ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • پختونخوا: شہریوں نے ویکسین لگوائے بغیر نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کر لیے

    پختونخوا: شہریوں نے ویکسین لگوائے بغیر نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کر لیے

    پشاور: کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے خیبر پختون خوا کے سرکاری اسپتالوں میں جعل سازی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں بغیر ویکسینیشن سرکاری اسپتالوں میں اندراج سے متعلق ایک اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت پختون خوا کے 17 اضلاع کے اسپتالوں میں جعل سازی کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فراہم کردہ ویکسینز کے مقابلے میں اسپتالوں میں لوگوں کا اندراج زیادہ کیا گیا، یعنی سرکاری اسپتالوں کو اتنی ویکسینز فراہم نہیں کی گئیں جتنے کہ ویکسینیٹڈ لوگوں کا اندارج ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لوگوں نے ویکسین لگائے بغیر ہی نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کیے، لوگ اب بھی ویکسین لگوانے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ضرورت کی وجہ سے جعل سازی سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ضلع مردان میں انکوائری مکمل کر لی گئی ہے، مردان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے خلاف کارروائی بھی کی جا چکی ہے، دیگر اضلاع میں بھی چھان بین کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اوز کو شکایات کی چھان بین کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، بغیر ویکسین لگوائے کرونا سرٹیفکیٹ فراہم کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • کتنے سیاحوں نے عید پر پختون خوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا؟

    کتنے سیاحوں نے عید پر پختون خوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا؟

    پشاور: عید الاضحیٰ میں خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کا رش رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عید کے دنوں میں خیبر پختون خوا میں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش رہا، اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کو 4 ارب روپے سے زائد آمدن ہوئی۔

    محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے ترجمان سعد بن اویس نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عید کی تعطیلات میں ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام گلیات میں 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی انٹری ہوئی اور 10 لاکھ سے زائد گلیات کی پُرفضا مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوئے، جب کہ 5 لاکھ 50 ہزار سے زائد سیاح جنت نظیر وادی سوات کے نظارے دیکھنے گئے۔

    کاغان میں 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں میں 12 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پر فضا مقامات کا رخ کیا۔

    سعد نے بتایا کہ خیبر پختون خوا کے جنوبی علاقوں کے سیاحتی مقامات بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ رہے ہیں، عید کے دنوں میں شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک کے خوب صورت نظاروں سے ایک لاکھ سے زائد سیاح محظوظ ہوئے۔

    سیاحتی مقامات کی سیر سے جہاں سیاح لطف اندوز ہوتے ہیں وہاں پر مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آتے ہیں، محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کے مطابق عید کے ایام میں سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کو 4 ارب روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

    خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقامات میں اس وقت بھی لاکھوں کی تعداد سیاح موجود ہیں، سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کو ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    کالام، سوات کے نئے سیاحتی مقام گبین جبہ، ملم جبہ، ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام کاغان، ناران میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جس کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    مردان سے تعلق رکھنے والے سید احمد خان اپنے دوستوں کے ساتھ عید کے تیسرے دن کالام سیر وتفریح کے لیے جا رہے تھے، سید احمد نے بتایا کہ جب وہ بحرین پہنچے تو آگے راستہ بند تھا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی تھیں اور انتظامیہ بھی منظر سے غائب تھی۔ کئی فیملیز کو دیکھا جو رش میں پھنسی ہوئی تھیں، لوگ پیدل سفر پر مجبور تھے، سیاحوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاحتی مقامات میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ سیاح اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر ان لمحوں کو یادگار بنا سکیں۔

  • پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مختلف حادثات میں صوبے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق شبقدر مٹہ رستم خیل کے متاثرین میں ضلعی انتظامیہ نے امدادی سامان تقسیم کیا۔

  • پختونخواہ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 2 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 2 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، انتظامیہ بند سڑکیں کھولنے کے لیے بھی متحرک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے اپر دیر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اپر دیر میں ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا، متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق انتظامیہ شرننگل میں بند سڑکیں کھولنے کے لیے بھی متحرک ہے، پی ڈی ایم اے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے 15 جولائی کو تمام اضلاع کو مراسلہ ارسال کیا تھا، بارشوں کی پیش گوئی اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی تھی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن پر دیں۔

  • مالا کنڈ میں نقل کروانے والے کنٹرولر کو عہدے سے ہٹادیا: شہرام ترکئی

    مالا کنڈ میں نقل کروانے والے کنٹرولر کو عہدے سے ہٹادیا: شہرام ترکئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ امتحانات میں کل 6 لاکھ سے زائد بچے حصہ لے رہے ہیں، نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبا امتحانات کے لیے بھی تیاری کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ پورے ضلعے میں ہماری ٹیمیں امتحانی ہالوں کا دورہ کر رہی ہیں، امتحانات میں کل 6 لاکھ سے زائد بچے حصہ لے رہے ہیں۔

    شہرام تراکئی کا کہنا تھا کہ این سی او سی احکامات کے مطابق بچوں کو امتحانات میں بٹھایا گیا ہے، نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبا امتحانات کے لیے بھی تیاری کریں۔ کل سے ہم اسکولوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے سب بچوں کو سہولتیں دی جائیں، میٹرک اور انٹر کے امتحانات کا رزلٹ اگست میں دیا جائے گا، ہدایت دی ہے کہ ایس او پیز کے تحت کلاسز کی کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، بچوں کی سہولت کے لیے وقت صبح 7 سے 10 بجے تک رکھا ہے۔

    شہرام ترکئی نے مزید کہا کہ مالا کنڈ پرچے میں نقل کا واقعہ شرمناک تھا، مالا کنڈ میں کنٹرولر کو عہدے سے ہٹایا اور ایف آئی آر درج کی، آٹھویں جماعت تک کلاسز اس لیے کھولیں کہ بچے شجر کاری میں حصہ لے سکیں۔

  • خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    پشاور: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ، اس دوران مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک جبکہ 10 افراد کے زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پراونشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بارشوں سے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

    جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے 10 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم تیمور خان نے بتایا کہ مختلف حادثات میں اب تک 10 افراد جانبحق ہوئے ہیں جانبحق ہونے والوں میں 3 بچے ایک خاتون اور 6 مرد شامل ہےجبکہ بارشوں سے 10 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    تیمور خان کا کہنا تھا کہ  چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور سیکرٹری ریلیف نے حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایبٹ آباد اور مانسہرہ کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کئے ہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی نمبر 24 گھنٹے فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر کال کرکے دیں تاکہ انتظامیہ بروقت پہنچ کر متاثرہ افراد کی مدد کرسکے۔۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کچھ گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ رات سے جاری بارشوں پر رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں سے مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لوئر دیر میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 1 زخمی ہوا۔ مانسہرہ میں دیوار گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ اور تورغر میں بھی 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخواہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • کراچی میں 15 جولائی، پختون خوا میں اتوار کی رات سے بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی میں 15 جولائی، پختون خوا میں اتوار کی رات سے بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی/پشاور: محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی کر دی ہے، شہر قائد میں 15 جولائی سے بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگا، جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ اتوار کی رات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے پہلے اسپیل کا دورانیہ 15 سے 17 جولائی تک ہونے کا امکان ہے، اور پہلےاسپیل میں درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں اتوار سے بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، پی ڈی ایم نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تحریری مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں بھی پیر سے بدھ تک اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، پراونشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے پی کے ڈائریکٹر جنرل نے شریف حسین نے بتایا کہ بارشوں اور تیز ہواؤں سے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    جن علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، وہاں انتظامیہ کو چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    محمکہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات سے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشیں شروع ہوں گی، بارشوں سے گرمی کی شدت میں بھی کمی آ جائے گی، پی ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں کی سیر کے لیے جانے والے سیاحوں کو بھی ان دنوں میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

  • آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے کے پی میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے مطابق بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں سےگرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، نیز سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جانے والے سیاح ان دنوں میں دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    ڈی جی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے، اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے گرمی میں شدت میں کمی آ جائے گی۔