Tag: KPK

  • آل پارٹیز کانفرنس سے اپوزیشن کا بائیکاٹ، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا رد عمل

    آل پارٹیز کانفرنس سے اپوزیشن کا بائیکاٹ، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا رد عمل

    پشاور: آل پارٹیز کانفرنس سے اپوزیشن کے بائیکاٹ پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وضاحت کی کہ اے پی سی صوبے کے عوام اور امن و امان کے لیے ہو رہی ہے تاکہ سب آئیں اور اپنا مشورہ دیں۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ اگر کوئی امن پر سیاست کرتا ہے تو ان کی مرضی ہے، میں نے صوبے کے امن کے لیے سب کو دعوت دی کہ آ کر اپنا مشورہ دیں، عوام کو سمجھ آنی چاہیے کہ کون ان کے خیر خواہ ہیں۔

    علی امین کا کہنا تھا کہ وہ اپنا کام کر رہے ہیں اور اسی طرح کرتے رہیں گے، انھوں نے کہا ’’میں اپنی ذمہ داری پوری کرتا رہوں گا، اگر کوئی آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں آتا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں کام نہیں کروں گا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا میں نے تو سب کو موقع دیا کہ آ کر دیکھیں کیا کام کیا اور کیا کرنے جا رہے ہیں، میں صرف اپوزیشن سے میٹنگ نہیں کر رہا، تمام قبائل سے بھی جرگے کر چکا ہوں، اے پی سی کے بعد تمام قبائلی جرگے سے بھی مشاورت کروں گا۔


    پی ٹی آئی کی اے پی سی، اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا ڈاکٹر عباداللہ کا بڑا بیان سامنے آگیا


    علی امین کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کے بغیر نہ ترقی ممکن ہے اور نہ امن ممکن ہے، اگر کوئی اے پی سی میں آتا ہے تو خوش آمدید، سب کو خود دعوت دی ہے، لیکن کوئی آل پارٹیز کانفرنس میں نہیں آتا تو میں کیا کہہ سکتا ہوں۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے، کیوں کہ صوبائی حکومت کے فیصلے غیر سنجیدہ ہیں، صرف ایک میز پر بیٹھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے بھی خیبرپختونخوا حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

  • خیبرپختونخوا حکومت نے امن و امان سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی

    خیبرپختونخوا حکومت نے امن و امان سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے امن و امان سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت نے کل صوبے میں امن و امان سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر کو دعوت نامے ارسال کر دیے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہوگا، صوبے میں امن و امان کی بحالی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا دہشتگردی کا دوبارہ سر اٹھانا تشویش ناک ہے، اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، اور ہم سب کو اختلافات سے بالاتر ہو کر امن کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔


    یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید کی سزا


    دریں اثنا، علی امین گنڈاپور نے ملک میں جاری صورت حال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا جنازہ نکالا جا چکا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی جانے والی سزائیں آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں کی سزا کو ظلم قرار دیا۔

    انھوں نے کہا ظلم کی ہر رات ختم ہو جاتی ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، تاریخ ان فیصلوں کو معاف نہیں کرے گی۔

  • لیڈر شپ سے درخواست ہے بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں، عائشہ بانو

    لیڈر شپ سے درخواست ہے بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں، عائشہ بانو

    پشاور: پی ٹی آئی رہنما عائشہ بانو نے ایک ویڈیو پیغام میں لیڈر شپ سے درخواست کی ہے کہ بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سینیٹ کے انتخاب سے دستبردار ہونے والی رہنما عائشہ بانو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج انھوں نے بھاری دل کے ساتھ ایک مشکل فیصلہ کیا کیوں کہ سیٹ کی لالچ نہیں تھی بلکہ فیصلہ اصولی تھا۔

    عائشہ بانو نے کہا ہم ورکرز کی آواز بننا چاہتے تھے، ہماری پارٹی آج کھڑی ہے تو ورکزر کی وجہ سے ہے، اس لیے خدارا ورکرز کے ساتھ زیادتی نہ کیا کریں، لیڈر شپ سے درخواست کرتی ہوں کہ بیرسٹر سیف جیسے لوگوں کے ہاتھ میں فیصلے نہ دیا کریں۔

    انھوں نے مزید کہا ہم چاہتے تھے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق پارٹی چلے، ہماری مزاحمت اسی لیے تھی ہم بیرسٹر سیف کے فیصلے نہیں مانتے، کوئی سسٹم ہونا چاہیے جس سے قابل اعتماد معلومات بانی کی طرف سے آئے۔


    خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے


    عائشہ نے کہا سینیٹ الیکشن میں گٹھ جوڑ پر کیوں جا رہے ہیں، سینیٹ کی سیٹیں بندر بانٹ کر کے اپوزیشن کو دینا بہت غلط بات ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں، یہ ٹریلر تھا دکھانے کے لیے کہ ورکرز کی طاقت کیا ہوتی ہے، ایسے فیصلے کریں جس سے ورکرز کو آپ پر اعتماد ہو۔

    واضح رہے کہ خواتین کی نشست پر متبادل امیدوار عائشہ بانو سینیٹ انتخاب سے دست بردار ہو گئی ہیں، جنرل نشست پر وقاص اورکزئی اور عرفان سلیم دستبردار ہوئے، جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سابق آئی جی سید ارشاد حسین نے سینیٹ انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا، تاہم خرم ذیشان نے دست بردار ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

  • خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے

    خرم ذیشان نے کے پی حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے

    پشاور: پی ٹی آئی کے ناراض رہنما اور سینیٹ انتخاب کے امیدوار خرم ذیشان نے خیبر پختونخوا حکومت کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت دو روز سے خرم ذیشان سے رابطے کی کوششیں کرتی رہی، لیکن وہ کسی کے ہاتھ نہ آئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کوشش میں کامیابی نہیں ہو رہی ہے۔

    حکومتی ذرائع کو شکوہ ہے کہ خرم ذیشان میڈیا اور سوشل میڈیا پر نظر آتے ہیں، لیکن حکومت کے رابطوں پر جواب نہیں دے رہے، کوشش کر رہے ہیں کہ ان سے رابطہ ہو جائے، امید ہے خرم ذیشان سے رابطہ ہونے پر مثبت جواب ملے گا۔

    دوسری طرف خرم ذیشان نے کہا ہے کہ ان سے سے دست برداری کے لیے وزیر اعلیٰ سمیت کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے، واضح رہے کہ خرم کی دست برداری سے تمام پی ٹی آئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں حکومتی وفد کے ناراض امیدواروں سے مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی کے 4 ناراض امیدوار سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہو گئے۔


    خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی کے 5 میں سے 4 امیدوار دستبردار


    جنرل نشست پر وقاص اورکزئی اور عرفان سلیم دست بردار ہوئے ہیں، جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سابق آئی جی سید ارشاد حسین نے سینیٹ انتخابات سے دست برداری کا اعلان کر دیا ہے، اس کے علاوہ خواتین کی نشست پر متبادل امیدوار عائشہ بانو بھی دست بردار ہو گئی ہیں، تاہم ناراض امیدوار خرم ذیشان نے دست بردار ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

    سینیٹ کے انتخابات سے دستبردار ہونے والے امیدواروں عرفان سلیم اور عائشہ بانو کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو کچھ کیا پارٹی کے مفاد میں کیا اور انتخابات سے دست برداری بھی پی ٹی آئی کی بہتری کے لیے کی ہے۔

  • کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

    کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

    پشاور: کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی ہو گیا۔

    اسپیکر خیبرپختونخوا بابرسلیم سواتی کے مطابق اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن ہوئی تھی، اور صوبائی حکومت کی ایڈوائس پر گورنر نے اسمبلی اجلاس طلب کیا تھا، تاہم آج جب اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی نشان دہی کر دی، جس پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

    اسپیکر کے پی اسمبلی نے کہا کورم پورا نہیں ہے، اس لیے اجلاس 24 جولائی جمعرات 2 بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے، کورم پورا نہ ہونے پر اراکین کی حلف برداری بھی نہ ہو سکی۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشان دہی پر اپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا تھا، تاہم اسپیکر نے کہا کورم کی نشان دہی ہو چکی ہے ارکان کی گنتی کی جائے، بعد ازاں انھوں نے کہا 25 اراکین موجود ہیں اور کورم پورا نہیں، گھنٹیاں بجائیں۔


    پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں بھی اختلافات سامنے آگئے


    قبل ازیں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان نے اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی ڈیوٹی اسمبلی گیٹ پر لگائی گئی، جو دروازے پر کھڑے ہو کر پی ٹی آئی کے آنے والے اراکین کو واپس گھر بھجوتے رہے۔

    چیف وہپ اکبر ایوب کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر بابر سلیم اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی شریک ہوئیں، اور مخصوص نشستوں پر نومنتخب اراکین کی حلف برداری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

  • گلیشیئرز والے علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا

    گلیشیئرز والے علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کے گلیشیئرز والے علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے بڑھتے خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور ہدایت کی گئی ہے کہ عوام گلیشیئرز کے ممکنہ پھٹنے سے متعلق خبردار رہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی اور آبادی کے انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت نہ کی جائے اور گاڑیاں بہتے پانی میں نہ لے جائیں۔

    ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے مقامات تیار کرنے اور ریسکیو سروسز الرٹ رکھی جائیں، سیاحوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او، سی اینڈ ڈبلیو کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔


    ملک بھر میں مون سون بارشوں کا تباہ کن اسپیل، چوبیس گھنٹوں میں مزید 17 افراد جاں بحق


    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ممکنہ خطرے کی صورت میں ہنگامی اقدامات یقینی بنائے، عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے، اور نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے، نیز پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے اور عوام 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس سے قراقرم ہائی وے تتہ پانی کے مقام پر بند ہو گئی ہے، ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق کچھ مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں، سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا جا چکا ہے، اور بند شاہراہ جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

    پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دیامر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مسافر حضرات سفر سے قبل راستے کی صورت حال معلوم کریں، کیوں کہ دیامر اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، حالیہ بارشوں اور سیلاب سے دیامر کے بالائی علاقوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، رابطہ سڑکیں متاثر اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان؟

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان؟

    کراچی: وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا پر مہربان ہو گئی، سندھ حکومت بلوچستان اور کے پی میں مکانوں کی تعمیر کے لیے 3 ارب روپے دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں آج صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں دو صوبوں بلوچستان اور کے پی کے لیے فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔

    سندھ کابینہ کو بلوچستان میں گھروں کی تعمیر کے لیے 2 ارب کی منظوری کی تجویز ہے، جب کہ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کے ضلع ڈی آئی خان کے لیے 1 ارب کی منظوری کی تجویز ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور گورنر کے پی کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں صوبائی وزرا کو رقم کی منظوری کی مخالفت نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    تاہم سندھ کے عوام کا سوال تو ہے کہ سندھ کے ترقیاتی فنڈز دوسرے صوبوں میں کیوں خرچ کیے جا رہے ہیں؟


    سندھ کے چھوٹے سے شہر میں 71 کروڑوں روپے کی کرپشن، افسران کی شامت آگئی


    ادھر سندھ کے شہر مٹیاری میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور ایجوکیشن ورکس میں 71 کروڑ سے زائد کی کرپشن پر اینٹی کرپشن نے دونوں محکموں کے افسران اور گورنمنٹ کنٹریکٹر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی گئی ہے، اینٹی کرپشن نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے 3 انجینئرز سمیت 3 ٹھیکیداروں کو کراچی طلب کر لیا ہے، جب کہ محکمہ ایجوکیشن ورکس کے افسران عبدالستار تنیو، معشوق شاہ، فرید شیخ اور نثار شیخ کو کراچی طلب کیا گیا ہے۔

  • حکومت ماہرین کو لاکھوں روپے تنخواہ دے گی، بھرتی اشتہارات کے ذریعے کی جائے گی

    حکومت ماہرین کو لاکھوں روپے تنخواہ دے گی، بھرتی اشتہارات کے ذریعے کی جائے گی

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت ماہرین کو لاکھوں روپے تنخواہ دے گی، اور بھرتی اشتہارات کے ذریعے کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی محکموں کی تکنیکی صلاحیت بڑھانے کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت نے مارکیٹ بیسڈ سیلری پالیسی 2025 نافذ کر دی۔

    محکمہ خزانہ کے پی کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق نئی پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، یہ پالیسی 2019 کی مارکیٹ بیسڈ ٹیلنٹ پالیسی کی جگہ لے گی، اس پالیسی کا مقصد اعلیٰ مہارت یافتہ ماہرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق تنخواہ پر بھرتی کرنا ہے۔

    16 سالہ تعلیم یافتہ افراد 4 گریڈ میں بھرتی کے اہل ہوں گے، ایم پی ایس ون کے تحت 15 سال تجربہ رکھنے والوں کو 9 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، نئی پالیسی کے تحت بھرتی شفاف اور میرٹ پر اور کئی مراحل پر مشتمل ہوگی، کم از کم دو قومی اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے بھرتی کی جائے گی۔


    خیبر پختونخوا حکومت کا سندھ میں مقیم اپنے باشندوں کیلیے اہم فیصلہ


    محکمہ خزانہ کی دستاویز کے مطابق سرکاری ملازمین بھی پالیسی کے تحت درخواست دے سکتے ہیں، بھرتی کی منظوری خیبرپختونخوا حکومت دے گی، تمام تقرریاں کنٹریکٹ پر ہوں گی، ابتدائی مدت 3 سال جب کہ توسیع مزید 2 سال تک ہو سکے گی۔

    پالیسی دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملازمین کو پنشن نہیں ملے گی، بلکہ ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ سالانہ بنیاد پر گریجویٹی کے طور پر دی جائے گی۔

  • صحت کارڈ ’’ٹرانسپلانٹ اینڈ امپلانٹ‘‘ جاری، شہریوں کے لیے بڑی سہولتیں میسر

    صحت کارڈ ’’ٹرانسپلانٹ اینڈ امپلانٹ‘‘ جاری، شہریوں کے لیے بڑی سہولتیں میسر

    پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر صحت نے نئے صحت کارڈ ’’ٹرانسپلانٹ اینڈ امپلانٹ‘‘ کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیات آباد انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز کر دیا گیا، مفت سروس کے تحت آج 2 مریضوں کا گردوں کا ٹرانسپلانٹ بھی ہو گیا۔

    مشیر صحت احتشام علی نے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے مریضوں کی عیادت کی، کڈنی ٹرانسپلانٹ کے مریضوں نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کیا، مشیر صحت کا کہنا تھا کہ آج سے ان بچوں کی اسپیچ تھراپی بھی شروع ہو جائے گی۔

    صحت کارڈ ٹرانسپلانٹ و امپلانٹ اسیکم کے تحت کڈنی، لیور، بون میرو ٹرانسپلانٹ، اور کوکلئیر امپلانٹ کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی، اگلے مرحلے میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔


    کراچی میں پیچیدہ دماغی امراض کا علاج ممکن ہو گیا، ویڈیو رپورٹ


    آج انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، پشاور میں صحت کارڈ کے تحت دو مریضوں کے گردوں کی کامیاب پیوندکاری کی گئی، جن کی شناخت این گل اور جی ایم شاہ شامل بتائی گئی ہے۔

    مشیر صحت نے کہا کہ یہ انقلابی سہولت خیبر پختونخوا کے تمام افراد کے لیے ہے، تاکہ کوئی بھی مہنگے علاج کی وجہ سے محروم نہ رہے، انھوں نے صحت کارڈ کو صرف علاج نہیں، بلکہ امید کی کرن قرار دیا۔

  • دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی گئی

    دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی گئی

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی۔

    مشیر اطلاعات کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں دینی مدارس کے گرانٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور دینی و عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، طلبہ کو مذہبی تعلیم کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن اور وزیر اعلیٰ کے پی کی قیادت میں صوبے میں دینی و عصری تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور صوبائی حکومت اسکولوں کے ساتھ مدارس پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔


    افغانستان کیساتھ بات چیت میں شامل کیا جائے، کے پی حکومت کا وفاق سے مطالبہ


    یاد رہے کہ دو دن قبل افغانستان کے ساتھ حکومتی بات چیت کے حوالے سے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ وفاق کا افغانستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنا دیر آید درست آید ہے، خطے میں پائیدار امن کے لیے پڑوسی ملک سے بات چیت ناگزیر ہے۔ تاہم انھوں نے مطالبہ کیا کہ کے پی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس بات چیت میں شامل کیا جائے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو نظر انداز کرنا غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے۔