Tag: KPK

  • خیبر پختون خوا: اسکولوں میں ڈبل شفٹ سے متعلق اہم فیصلہ

    خیبر پختون خوا: اسکولوں میں ڈبل شفٹ سے متعلق اہم فیصلہ

    پشاور: خیبر پختون خوا کابینہ کے اجلاس میں آج پرائمری، مڈل، ہائی، اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسکولوں میں اب ڈبل شفٹ لگے گی، صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ڈبل شفٹ کے لیے موجودہ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جہاں پر ممکن نہ ہو وہاں پر فکس پے پر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    صوبائی کابینہ نے فکس پے کے لیے وظیفے کے تعین کی بھی منظوری دے دی، پرائمری ٹیچر کے لیے 12000 روپے، مڈل 15000 ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، ہائی اسکول ٹیچر کے لیے 18000 ہزار اور ہائیر سیکنڈری ٹیچر کے لیے 20000 ماہانہ، جب کہ کلریکل اسٹاف 7000، کلاس فور کے لیے 5000 روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔

    اسکول بیگ کا وزن کتنا ہونا چاہیے؟

    ڈبل شفٹ مالی سال 2021-22 سے نافذالعمل ہوگا، باہر سے لیے گئے اساتذہ خالصتاً عارضی بنیادوں پر لیے جائیں گے۔دریں اثنا، کابینہ میں صوبے میں یکساں نظام تعلیم کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔

  • پختونخواہ میں محکمہ ریونیو کے متعدد افسران کے خلاف کارروائیاں

    پختونخواہ میں محکمہ ریونیو کے متعدد افسران کے خلاف کارروائیاں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں محکمہ ریونیو کے متعدد افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، کئی کو نوکری سے برخاست جبکہ متعدد کو معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ریونیو اہلکار و افسران کے خلاف کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ 47 ریونیو افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی مکمل کرلی گئی، ضلع بنوں میں 10 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں سے 4 کو نوکری سے برخاست کیا گیا جبکہ 2 کو معطل کیا گیا۔

    بریفنگ کے مطابق ضلع مردان میں 7 افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، ضلع صوابی میں 4 افراد کو معطل کردیا گیا جبکہ 2 کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔

    اسی طرح ضلع کوہاٹ میں 6 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، 1 افسر کو معطل کیا گیا جبکہ 4 کے تبادلے کردیے گئے۔

    اجلاس میں چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے رعایت نہیں ہوگی۔

  • سرکاری ملازمتیں : حکومت نے عوام کو بڑی رعایت دے دی

    سرکاری ملازمتیں : حکومت نے عوام کو بڑی رعایت دے دی

    پشاور : سی ایس ایس سے منسلک اہم عوامی مسئلہ کو عوامی نمائندوں نے حل کردیا، خیبر پختونخوا میں پبلک سروس کمیشن میں زائد العمر شہریوں کو2 سال کی رعایت دینے سے متعلق قرار داد منظور کرلی گئی۔

    حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد میں زائد العمر شہریوں کو عمر میں رعایت کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پیش نظر دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسبملی ڈاکٹر سمیرا شمس نے کہا کہ پہلے ہمارا ارادہ تھا اسے ہم صرف پبلک سروس کمیشن محدود رکھیں لیکن کرونا کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اس کا دائرہ کار تمام شعبہ جات تک بڑھا دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اس مقصد کیلئے اپوزیشن اراکین نے بھی ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلیے سب مل کر کام کریں گے۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ سال سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے پبلک سروس کمیشن کے امتحانات روک دیئے گئے تھے، اب ملازمتوں کے اشتہارات جاری ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

  • پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پشاور: اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملہ کرنے کے واقعے پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کی بات کرنے والے خود تنقید برداشت نہیں کر سکتے، پی ڈی ایم والے صحافیوں کو اپنی گندی سیاست میں نہیں گھسیٹیں، وہ حوصلہ اور ہمت پیدا کرے اور اصل حقیقت تسلیم کرے۔

    صوبائی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کی لیڈر شپ اور جلسے بری طرح پٹ چکے ہیں، لیکن جلسوں کی حقیقت بتانے پر انھیں برا لگتا ہے، اے آر وائی نیوز سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن چکا ہے، یہ آزادی صحافت کا علم بردار چینل ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا جمہوری ممالک میں آزاد صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، لیکن لوٹ مار کرنے والوں کی نشان دہی پر اے آر وائی نیوز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا، مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، اور ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کے مشتعل کارکنوں کے حملے میں اے آر وائی نیوز کی گاڑی کو نقصان پہنچا، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  • مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    مالاکنڈ: خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کارکنوں نے جلسے کے دوران اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مالاکنڈ جلسے کے دوران مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، مشتعل افراد نے ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کارکنان کے حملے اور تشدد سے بچنے کے لیے اے آر وائی ٹیم کے ارکان نے خود کو ڈی ایس این جی میں بند کر دیا، تاہم مشتعل افراد نے گاڑی پر ڈنڈے برسانا شروع کر دیا۔

    اس دوران مالا کنڈ جلسے میں اسٹیج سے کارکنوں کو عدم تشدد کی تلقین بھی ہوتی رہی، تاہم مشتعل افراد کو قابو نہ کیا جا سکا، اور انھوں نے آر وائی نیوز کی ٹیم کو زد و کوب کیا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز کی ٹیم کو جلسہ گاہ سے بھی باہر کیا گیا، مظاہرین نے اے آر وائی کے خلاف نعرے بازی بھی کی، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

  • پشاور: صوبائی حکومت گداگروں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے سرگرم عمل

    پشاور: صوبائی حکومت گداگروں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے سرگرم عمل

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی جاری ہے، گداگروں کو اینٹی بیگرز فورس اور پولیس کی مدد سے فلاحی اداروں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر پشاور کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ پولیس اہلکار ایک ضعیف گداگر کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

    اس حوالے سے صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حبیب آفریدی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس پر معذرت کی اور بتایا کہ حکام نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے۔

    حبیب آفریدی نے بتایا کہ گزشتہ برس صوبے میں بھیک مانگنا جرم قرار دے دیا گیا ہے اور اس کے خلاف بل بھی منظور کرلیا گیا ہے لہٰذا اب پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور اس کے لیے اینٹی ڈرگ اینڈ بیگرز فورس کو تربیت دی گئی ہے۔

    ان کے مطابق فورس کو پولیس کی مدد حاصل ہے اور ہر کارروائی کے موقع پر پولیس ان کے ساتھ موجود ہوتی ہے، فورس کو تربیت دی جاتی ہے کہ بزرگ افراد کو کس طرح سے ڈیل کرنا ہے علاوہ ازیں خواتین گداگروں کے لیے فورس میں 3 خواتین اہلکاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    حبیب آفریدی نے بتایا کہ نوجوان اور کم عمر گداگروں کے خلاف کارروائی کے وقت چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر کا نمائندہ بھی موجود ہوتا ہے، کم عمر گداگروں کو ماڈل انسٹیٹیوٹ فار اسٹیٹ چلڈرن میں رکھا جاتا ہے جہاں ایک ہزار افراد کے رہنے کی گنجائش ہے اور وہاں انہیں مفت رہائش، کھانا اور تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ان تمام سرگرمیوں کے لیے فنڈ صوبائی حکومت فراہم کرتی ہے جبکہ کچھ غیر منافع بخش تنظیموں سے بھی شراکت داری کی جاتی ہے، چائلڈ ویلفیئر کے بہت سے ادارے پرائیوٹ سیکٹر کی مدد سے چلائے جارہے ہیں۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پیشہ ور گداگروں کی عادت بد چھڑا کر انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا چاہتی ہے اور اس کے لیے پوری کوششیں کر رہی ہے۔

  • مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    پشاور: آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے آئی جی نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خوا پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرایع نے بتایا تھا کہ ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر گرفتاری سے بچنے کے لیے مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ میں ایک مدرسے میں پناہ لے لی ہے۔

    مفتی کفایت اللہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاڑکانہ پہنچ گئے، ذرائع

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ کے مدرسے اشاعت القرآن میں پناہ لے لی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رہنما راشد سومرو نے مفتی کفایت اللہ کو لاڑکانہ میں پناہ دی ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ پر ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر خیبر پختون خوا میں مقدمہ درج ہے، کابینہ نے کے پی حکومت کو مفتی کفایت کے خلاف مقدمے کی ہدایت کی تھی۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  کا آئمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا آئمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان

    پشاور :وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے بھرکے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا اعلان کردیا ، 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھرکے آئمہ کرام کواعزازیہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے22 ہزار آئمہ کرام کے لئے ماہانہ دس ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ اعزازیوں پرماہانہ 22 کروڑ 72 لاکھ ،سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ کی ہدایات پرضم اضلاع کی آئمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ اگلےمالی سال کے آغاز سے اعزازیوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ مساجد ،مدارس کی شمسی توانائی سمیت دیگرضرورتیں بھی پورےکی جائیں گی۔

    یاد رہے جنوری 2018 میں خیبرپختونخواہ کی حکومت نے آئمہ مساجد کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کی کابینہ نے بھی منظوری دے دی تھی، سرکاری خزانے سے وظیفہ ادا کرنے کے لیے کچھ شرائط بھی عائد کی گئیں ہیں۔

    حکومت کی جانب سے یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ دینی مدارس کے لیے قائم پانچ میں سے کسی ایک بھی بورڈ کے سند یافتہ آئمہ وظیفے کے اہل ہوں گے۔

  • انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ایکسٹریم کولڈ ویدر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلیف نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ صوبے میں انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، جس میں بے گھر افراد کو شیلٹر اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    اعلامیے میں ڈپٹی کمشنرز کو بےگھر افراد کے لیے شیلٹر اور کھانے کے فوری بندوبست کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق ناشتے کے لیے 100 روپے اور دوپہر اور شام کے کھانے کے لیے 2،2 سو روپے فی کس مختص کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی تا کشمیر جاڑا پورے جوبن پر ہے، شمالی بلوچستان شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پارہ نقطہ انجماد سے پانچ ڈگری نیچے آ گیا، سڑکوں اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت منفی 8 اور قلات میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    شہر میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ہر سو سفیدی چھا گئی ہے، ضلع اورکزئی میں برف باری نے موسم شدید سرد کر دیا۔

    گلگت بلتستان کے پہاڑ برف سے ڈھک چکے ہیں، بابو سرٹاپ اور چلاس میں برف باری کے ساتھ خون جماتی سردی نے ڈیرے ڈال دیے، گوپس میں پارہ منفی 8 اور اسکردو میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل پڑی ہیں، شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری تک گر گیا، محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے سے 7 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے کی پیش گوئی کی ہے.

  • ن لیگ کے ایک اور رہنما اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

    ن لیگ کے ایک اور رہنما اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

    پشاور : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی اورنگزیب نلوٹھ نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا، اسمبلی سیکریٹریٹ نے انہیں سات روز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں ن لیگ رہنما اورنگزیب نلوٹھ اپنی اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوگئے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن اسمبلی اورنگزیب نلوٹھہ نے استعفیٰ اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی کو جمع کرادیا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کے پی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اورنگزیب نلوٹھہ کو7روز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ، ترجمان اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اورنگزیب نلوٹھہ اگر اسپیکر کے روبرو پیش نہ ہوئے تو ان کا استعفیٰ منظور کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے بھی اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ لکھ دیا مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے استعفے کی کاپی بعد میں جاری کی جائے گی۔

    حمزہ شہباز شریف ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے استعفے جمع کرانے کی ڈیڈ لائن میں کمی کردی اور ارکان اسمبلی کو اگلے 8 دن کے بجائے صرف 2 دن کی مہلت دی تھی۔