Tag: KPK

  • کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی وادی کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا، جس میں 20 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے وادئ کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی، کالام کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر 60 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

    صوبے کے محکمہ کھیل و سیاحت کا کہنا ہے کہ کالام اسٹیڈیم میں 20 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جب کہ اس کی تعمیر کی لاگت کا اندازہ 607 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے، صوبے میں اسکولوں کی تعمیر اور بحالی پروگرام SCRP کے تحت صوبے میں 4.5 ارب کی لاگت سے 128 اسکولوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

    اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 54 دوسرے میں 74 اسکولوں پر کام ہو رہا ہے، اس منصوبے پر 3.2 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

    صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے نہ صرف بجلی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • صنعتکاروں کو راغب کرنے کے لیے پختونخواہ حکومت کے اقدامات

    صنعتکاروں کو راغب کرنے کے لیے پختونخواہ حکومت کے اقدامات

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت صنعتکاروں کو راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے، صنعتکاروں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صنعتکاروں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، صنعتکاروں کو مجموعی طور پر 160 میگا واٹ بجلی رعایتی نرخوں پر دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی مالا کنڈ تھری اور رنولیہ سمیت دیگر بجلی گھروں سے فراہم کی جائے گی، بجلی کی فراہمی سے روزگار کے بہتر مواقع دستیاب ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق رعایتی نرخوں پر بجلی فراہمی سے صنعتی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔

    صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت آج ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان صنعتوں کو ہر ممکن سہولت اور مراعات فراہم کرنے کی ہدایت کرچکے ہیں۔ ایک اجلاس میں انہوں نے کہا تھا کہ معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ سب سے زیادہ متاثرہ شعبوں کی نشاندہی کر کے بجٹ میں زیادہ مدد فراہم کی جائے۔

  • چھوٹے قد کے بڑے کھلاڑیوں کی نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی

    چھوٹے قد کے بڑے کھلاڑیوں کی نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی

    پشاور : قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہونے والے نیشنل گیمز میں پہلی بار پستہ قد کے کھلاڑیوں کو بھی اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

    سو میٹر کی ریس کے دو ایونٹ میں پستہ قد کھلاڑی بھی شرکت کررہے ہیں، اس موقع پر پستہ قد کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی، کہ انہیں نیشنل گیمز میں شامل کیا گیا۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد محمود سے گفتگو کرتے ہوئے پستہ قد کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ حکومت نے پہلی بار ہمیں اس میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے امید ہے کہ وہ ہر سال اسی طرح ہم کو اس ایونٹ میں یاد رکھے گی اور ہم بھی اپنی پوری توانائی کے ساتھ اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔

    نیشل گیمز میں صوبہ خیبر پختونخوا سے پستہ قد کھلاڑیوں کا 26رکنی دستہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہا ہے۔ اس حوالے سے متظمین کا کہنا تھا کہ ان کھیلوں میں چھوٹے قد کے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

  • خیبر  پختون خوا: سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار

    خیبر پختون خوا: سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار

    پشاور: خیبر پختون خوا میں سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے کے پی بھر کے تمام کالجز کو آفیشل سوشل میڈیا پیج بنانے کی ہدایت کر دی ہے، ہائر ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے تمام کالجز کے پرنسپلز کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن کالجز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نہیں وہ فوری آفیشل اکاؤنٹس بنائیں، سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایک ہی آفیسر یا آفیشل ہینڈل کرے گا، اور متعلقہ آفیسر کی معلومات محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔

    مراسلے میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مختلف کالجز کے نام پر بنے تمام غیر آفیشل اکاؤنٹس ختم کیے جائیں، ہر کالج کا صرف ایک ہی آفیشل اکاؤنٹ موجود رہے گا۔

    مراسلے کے مطابق پیچز پر کالجز سے متعلق سرگرمیاں، ایڈمیشن کا طریقہ کار، سیمینار ، ورکشاپ اور دیگر سرگرمیاں اپ لوڈ کی جائیں گی، آفیشل پیجز پر غیر ضروری اور غیر متعلقہ پوسٹ کو شیئر نہیں کیا جائے گا۔

  • پختونخواہ میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے کون سے منصوبے مکمل کیے گئے؟

    پختونخواہ میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے کون سے منصوبے مکمل کیے گئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں 5 سال کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے لیے مکمل کیے جانے والے منصوبوں کی رپورٹ جاری کردی گئی جن میں کینال روڈ بحالی، فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر اور نکاسی آب کے منصوبے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں 5 سال کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کی رپورٹ جاری کردی، سنہ 2015 سے 2020 کی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے میں ماحولیاتی تبدیلی اور سیلاب سے بچاؤ کے مختلف منصوبے شروع کیے گئے، منصوبوں پر 15 ہزار 24 ملین روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔

    محکمہ منصوبہ بندی کی رپورٹ کے مطابق منصوبوں میں کینال روڈ بحالی، فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر اور نکاسی آب کے منصوبے شامل ہیں، یہ منصوبے سیلاب کی زد میں آنے والے اضلاع میں مکمل کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کے بالائی علاقوں میں ان منصوبوں پر توجہ دی گئی۔

    خیال رہے کہ پختونخواہ میں رواں برس مون سون کے حالیہ اسپیل میں 27 افراد جاں بحق ہوئے، 110 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 13 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

  • پختونخواہ حکومت کا تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے اہم اعلان

    پختونخواہ حکومت کا تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے اہم اعلان

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ حکومت نے کل سے مڈل کلاسز کھولنے کا فیصلہ کرلیا، صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کے انتظامات سے مطمئن ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ کل سے صوبے میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔

    شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل کر کے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں گے، ایس او پیز کے انتظامات سے مطمئن ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تعلیم دونوں کا خیال محکمہ تعلیم کی ذمے داری ہے، دیہی علاقوں کے اسکولوں کے لیے ایس او پیز کو مختلف بنایا گیا ہے۔

    شہرام ترکئی کا مزید کہنا تھا کہ 3 ہزار 200 سرکاری مڈل اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں کل سے شروع ہوں گی۔

    یاد رہے حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا، 15 ستمبر سے یونیورسٹیز اور کالجز اور ہائر ایجوکیشن کے انسٹی ٹیوشنز کھولے گئے تھے اور نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کلاسوں میں تدریسی عمل شروع کردیا گیا تھا۔

    23 ستمبر سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں تدریسی عمل شروع کیا جانا تھا، دونوں مرحلوں کے جائزے کے بعد 30 ستمبر سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔

  • خیبر پختون خوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

    خیبر پختون خوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

    پشاور: خیبر پختون خوا کابینہ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کی گئی ہے، صوبائی وزیر شہرام ترکئی کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا محکمہ تفویض کر دیا گیا۔

    وزیر تعلیم اکبر ایوب کو لوکل گورنمنٹ کا وزیر بنا دیا گیا، وزیر خوراک قلندر خان لودھی کو ریونیو اسٹیٹ کا محکمہ دے دیا گیا، جب کہ انور زیب خان کو زکوٰة و عشر کا وزیر بنا دیا گیا۔

    خلیق الرحمان سے ہائر ایجوکیشن کا محکمہ لے کر انھیں وزیر خوراک بنا دیا گیا ہے، جب کہ ان کی جگہ معاون خصوصی  کامران بنگش کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنا دیا گیا، کامران بنگش کے پاس بلدیات کا محکمہ تھا۔

    کے پی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، وزرا کے قلم دان تبدیل، 9 معاون خصوصی بھی مقرر

    معاون خصوصی ریاض خان سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لے کر سی این ڈبلیو کا قلم دان حوالے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 4 جنوری کو بھی خیبر پختون خوا کی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کیے گئے تھے، جب کہ 9 معاون خصوصی بھی مقرر کیے گئے تھے۔

  • نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل، ریگولیٹری اتھارٹی متحرک

    نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل، ریگولیٹری اتھارٹی متحرک

    پشاور: خیبر پختون خوا میں نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے نجی اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کی تفصیل حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک مراسلہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ نجی اسکولوں میں کرونا کی صورت حال جاننے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول کے بارے میں اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے۔

    کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی ، مزید 13 تعلیمی ادارے بند

    پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تاحال 10 سے زائد اسکولوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نوٹس دیے جا چکے ہیں۔

    ادھر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے اسکولوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ تعلیم نے اب تک 12 سو 26 اساتذہ کا کرونا ٹیسٹ کرایا، جن میں 11 اساتذہ اور 2 کلاس فور ملازمین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق 623 ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جب کہ 600 ٹیسٹس کے نتائج آنا باقی ہیں، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے والے اسکول اور کلاس روم کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا تھا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول رشکئی کے 8 اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈی ای او نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ افراد کو 15 دن کی چھٹی پر گھر بھیج دیا تھا۔

  • رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

    رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، سی پیک کے تحت فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے ہیں، پاکستان کو ترقی کے لیے اپنی صنعتوں کو ترقی دینا ضروری ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ترقی اور غربت میں کمی خیبر پختون خوا میں ہو رہی ہے، پختون خوا میں اتنا روزگار نہیں ہے، انڈسٹریل زون کا قیام ضروری تھا، یہ کے پی کے عوام کے لیے بڑا موقع ہے، ہم چاہتے ہیں خیبر پختون خوا میں رہ کر لوگوں کو ملازمتیں ملیں اور انھیں نوکریوں کے لیے مشرق وسطیٰ اور دیگر جگہوں پر نہ جانا پڑے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا خیبر پختون خوا کے نوجوانوں کو نوکریاں ملنے سے صوبے میں خوش حالی آئے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے خطے میں خوش حالی آئے گی، افغانستان میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں، امن سے وسطی ایشیا تک تجارت ہوگی، سی پیک کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا، پاکستان سے افغانستان کے راستے ازبکستان تک ریلوے لنک قائم ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کہا ہمارا اگلا راستہ انڈسٹرلائزیشن ہے، اس لیے ہمیں چین سے بہت فائدہ ہوگا، جیسے جیسے ہم صنعتی زونز بنائیں گے ہم چینی صنعتوں کو اپنی طرف راغب کریں گے کیوں کہ وہاں سے اب صنعتیں نکلنا چاہتی ہیں۔

  • خیبرپختونخوا میں  بارشوں اور سیلاب سے تباہی ، مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق

    خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ، مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق

    سوات : خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہو گئی، بارشوں سے 110 گھروں کو جزوی نقصان جبکہ 13گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہے ، مختلف حادثات کے دوران اب تک 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    صوابی میں رات گئے شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔

    سوات میں طوفانی بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث فضاگٹ روڈ مکمل طور بند ہوگیا ہے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا آج سوات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

    سوات میں اب تک بارشوں سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صوابی میں پانچ،مانسہرہ میں نو ،بٹگرام میں 2 ،کوہستان میں 1 جبکہ شانگلہ میں 2 افراد مختلف حادثات کے دوران جان سے گئے اور 34 افراد زخمی ہیں۔

    دریائے سوات میں ڈوبنے والے تین افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے ،پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 110گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 13گھر مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔

    شدید بارشوں سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہے ، دریائے سوات میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، نشیبی علاقوں سے عوام کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں سیلاب کے تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے کام جاری ہے ، بارشوں کے وجہ سے اسمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔