Tag: KPK

  • بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے کی ہدایات جاری

    بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے کی ہدایات جاری

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث دریا کنارے مقیم افراد صورتحال سے باخبر رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پختونخواہ میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے بارے میں بتایا ہے کہ دریائے سوات چکدرہ میں پانی کا بہاؤ 59 ہزار 78 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سوات میں منڈا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 35 ہزار 840 کیوسک اور خوازخیلہ کے مقام پر 33 ہزار 684 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    اسی طرح دریائے پانچکوڑہ میں پانی کا بہاؤ 20 ہزار 981 کیوسک اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 90 ہزار 393 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نوشہرہ اور چارسدہ میں دریا کنارے مقیم افراد صورتحال سے باخبر رہیں، سیاحوں سے گزارش ہے احتیاط کی جائے۔ صوبے بھر میں بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دی جائے۔

    ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران حادثات میں 23 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے میں بارشوں کے نتیجے میں 110 گھروں کو جزوی اور 13 کو مکمل نقصان پہنچا۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 7 گھروں کو جزوی اور ایک کو مکمل نقصان پہنچا، صوبے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ بحالی کے کاموں کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں بارش سے دریاؤں اور ندی نالوں کی سطح بڑھ گئی ہیں، چکدرہ، خوازخیلہ اور دریائے پانچکوڑہ کے قریب رہنے والے احتیاط کریں۔

    دوسری جانب پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے صوبے بھر میں 204 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

    پیسکو کے مطابق پشاور اور بنوں میں 52، خیبر میں 40، سوات میں 25، مردان اور ہزار ہون میں 15 اور صوابی میں 25 فیڈرز خرابی کا شکار ہیں جن کی بحالی کے لیے ٹیمیں کام میں مصروف ہیں۔

  • کرونا کا تدارک، خیبر پختونخوا حکومت سرِ فہرست

    کرونا کا تدارک، خیبر پختونخوا حکومت سرِ فہرست

    پشاور: خیبر پختون خواہ حکومت نے 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، یہ رپورٹ صرف اے آر وائی نیوز پر نشر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت نے دو سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، یہ رپورٹ 10 سے زائد مختلف شعبوں کے اہداف سے متعلق ہے، رپورٹ میں کرونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات پر 61 فی صد عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے تدارک کے حوالے سے صوبوں میں خیبر پختون خوا حکومت سر فہرست رہی، صوبائی حکومت نے کرونا کے خلاف فرنٹ ورکرز کے لیے 24 ارب کا پیکج مختص کیا۔

    تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کرائے گئے، قبائلی اضلاع کے لیے تاریخ ساز 184 ارب کا بجٹ مختص کیا گیا۔

    صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں 7 ہزار 168 اسامیاں نکالی گئیں، 945 ملین کی لاگت سے انصاف روزگار اسکیم کا اجرا کیا گیا، پبلک ہیلتھ کا بجٹ 124.3 ارب تک بڑھایا گیا، بی آر ٹی اور سوات ایکسپریس وے فلیگ شپ منصوبے ثابت ہوئے، 27 مختلف شعبوں میں ٹیکس کی کمی کی گئی، صوبائی محصولات میں 65 فی صد تک اضافہ کیا گیا۔

    پہلی مرتبہ طور خم سرحد کو روزانہ کھولنے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رشکئی صنعتی زون پر کام کا آغاز ہوا، جس سے 2 لاکھ نوکریاں دستیاب ہوں گی، یہ منصوبہ سی پیک کے ویسٹرن روٹ سے منسلک ہوگا۔

    مزید سیاحتی مقامات کی تلاش کے ساتھ سیاحتی پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا، سیاحتی علاقوں میں سڑکوں کے لیے 14.5 ارب مختص کیے گئے، جنوبی اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے لیے 3.04 ارب مختص کیے گئے۔

  • چترال میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں، بروغل فیسٹیول ملتوی

    چترال میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں، بروغل فیسٹیول ملتوی

    چترال: حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث پاکستان، تاجکستان اور افغانستان کو ملانے والی واخان پٹی پر موجود آخری سرحدی گاؤں بروغل میں فیسٹیول ملتوی کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بروغل فیسٹیول 5 اور 6 ستمبر کو اَپر چترال کی وادی بروغل میں منعقدہونا تھا، تاہم سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد اب یہ فیسٹیول 12 اور 13 ستمبر کو وادی بروغل میں منعقد ہوگا۔

    فیسٹیول میں یاک پولو، کرکٹ، فٹ بال، بُز کشی، میراتھن، دیگر روایتی کھیل اور موسیقی کی محفل منعقد ہوگی، اس فیسٹیول میں چترال کے دور دراز علاقوں سے کھلاڑی تبت کے پہاڑی علاقوں ميں پائے جانے والے جنگلی بیل ’یاک‘ کے ذریعے بروغل پہنچتے ہیں۔

    قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلیے بڑی خوشخبری

    فیسٹیول محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا اور ضلعی انتظامیہ اَپر چترال کے تعاون سے منعقد ہوگا، یہ فیسٹیول سطح سمندر سے 13 ہزار 600 فٹ بلندی اور چترال سے 250 کلو میٹر دور منعقد ہوتا ہے۔

    وادی بروغل میں 30 کے قریب تازہ پانی کی مختلف جھیلیں بھی موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ اس علاقے کی مخصوص اور منفرد جعرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹیول ایڈونچر ٹور ازم کے شائقین کے لیے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں سیاح دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ گلیشیئرز، دریاؤں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔

  • کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل روکنے کے لیے علما سے مدد

    کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل روکنے کے لیے علما سے مدد

    پشاور: خیبر پختون خوا پولیس نے کوہستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے مقامی طریقہ اختیار کرتے ہوئے علمائے کرام سے مدد مانگ لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے پرفضا ہزارہ ڈویژن کے ضلع کوہستان میں آئی جی پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کی ہدایت پر پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ عوامی جرگہ منعقد کیا، جس میں جید علما، مقامی عمائدین اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع کوہستان میں اکثر غیرت کے نام پر قتل صرف اس بنیاد پر کیا جاتا ہے کہ قاتل کو مقتول پر شک ہوتا ہے اور صرف شک کی بنیاد پر کئی زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔

    انھوں نے کہا نوجوانو کو بھی لوئر کوہستان کے غیور عوام کو اس سے بچانے کے لیے آگاہی مہم چلانی چاہیے۔

    کوہستان ویڈیو اسکینڈل: 3 مجرمان کو عمر قید، 5 باعزت بری

    جرگے میں انتظامیہ نے غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے علمائے کرام سے مدد مانگتے ہوئے کہا کہ علما اس سلسلے میں خصوصی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    جرگے میں شریک علما نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مساجد کے علاوہ گھر گھر جا کر بھی مہم چلائیں گے۔

    یاد رہے کہ خیبر پختون خوا کا یہ خوبصورت ضلع 2012 میں اس وقت قومی اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا تھا جب غدر پالس کے علاقے میں مقامی جرگے نے 5 خواتین کو ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر قتل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے انھیں قتل بھی کر دیا گیا تھا۔

    موبائل فون سے بنی وہ ویڈیو جو پانچ خواتین کے قتل کی وجہ بنی وہ ایک مقامی شادی کی تھی جس میں لڑکوں کا رقص دیکھتے ہوئے پانچ لڑکیوں کو تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جب کہ ویڈیو میں نظر آنے والا ایک لڑکا علاقے سے فرار ہو کر اسلام آباد میں اپنے بھائی افضل کوہستانی تک پہنچنے میں کام یاب ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے واقعہ منظر عام پر آیا۔

    7 سال بعد فروری 2019 میں افضل کوہستانی ایبٹ آباد میں قتل ہوا جس کے سات ماہ بعد افضل کے بھائی فثل کوہستانی نے چھپ کر نکاح کرنے کے جرم میں غیرت ہی کے نام پر افضل کوہستانی کی بیوہ اور اپنے ایک کزن کو قتل کر دیا تھا۔

  • خیبر پختونخواہ سے ٹڈی دل کا خاتمہ

    خیبر پختونخواہ سے ٹڈی دل کا خاتمہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انسداد ٹڈی دل کے لیے کوششیں جاری ہیں، صوبہ پنجاب کے رحیم یار خان میں ٹڈی دل کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔

    این ایل سی سی کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، رحیم یار خان اور لسبیلہ میں 336 ہیکٹر رقبے پر آپریشن کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 35 ہزار ہیکٹرز رقبے کا سروے مکمل کیا گیا۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا تاہم بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں ٹڈی دل موجود ہے۔

    این ایل سی سی کا مزید کہنا تھا کہ انسداد ٹڈی دل کے لیے گزشتہ 6 ماہ میں 11 لاکھ 14 ہزار 853 ہیکٹرز پر اسپرے کیا گیا ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے 21 اضلاع میں 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلائی جائیں گی۔

    مہم کے لیے 19 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 17859 موبائل اور 1237 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں، واضح رہے کہ کرونا کی وجہ سے 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، 21 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا بل گیٹس سے رابطہ، کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کو پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کرونا صورت حال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • وزیر اعظم 13 اگست کو بی آر ٹی افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم 13 اگست کو بی آر ٹی افتتاح کریں گے

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان 13 اگست کو بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم تیرہ اگست کو خود بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی موجود ہوں گے۔

    پشاور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد محمود کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت کے فلیگ شپ منصوبوں میں شامل بی آر ٹی مکمل ہو چکا ہے، یہ پشاور شہر کے باسیوں کے لیے سفری سہولیات پر مبنی عالمی معیار کا منصوبہ ہے۔

    یہ منصوبہ خیبر پختون خوا کے واحد میٹرو پولیٹن شہر پشاور کے لیے معاشی سرگرمیوں اور خوش حالی کے نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا، اس منصوبے کے لیے ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    بی آر ٹی اسٹیشن

    اس منصوبے کا مخصوص کوریڈور 27 کلو میٹر پر مشتمل ہے، کرائے کی وصولی کے لیے ایک خود کار نظام وضع کیا گیا ہے، مسافروں کو بسوں اور اسٹیشنز پر بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔

    بی آر ٹی بس کا انٹرنس، خواتین کا سیکشن

    سہولیات میں مفت وائی فائی کی سہولت بھی شامل ہے، بس اسٹیشنز میں مسافروں کی سہولت کے لیے خود کار برقی سیڑھیاں اور لفٹس بھی لگائی گئی ہیں، معذور اور معمر افراد کے لیے بھی مخصوص سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

    بی آر ٹی منصوبے سے شہر سے خستہ حال بسوں کا خاتمہ ممکن ہوگا، اگر دیگر ٹرانسپورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کا روٹ استعمال کرنے کی کوشش کی تو ان پر جرمانہ ہوگا، بی آر ٹی منصوبے کے سفری کارڈ کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ بی آر ٹی منصوبہ 200 سے زائد بسوں پر مشتمل ہے۔

  • کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اگست سے کیا جائے گا، 45 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے 21 اضلاع میں 13 اگست سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد یہ صوبے کی پہلی بڑی انسداد پولیو مہم ہوگی۔

    ایمرجنسی سینٹر کا کہنا ہے کہ 45 لاکھ 63 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے لیے 609 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 14 ہزار 335 موبائل ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

    ایمرجنسی سینٹر کے مطابق مہم میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل ہوگا، عملے کو سرجیکل ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز، پی پی ایز اور تھرمل گنز دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ اب تک ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 64 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز پختونخواہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 22 ہے۔

  • کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ملا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے پشاور میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی مہم میں 1 ارب 20 کروڑ درخت سے زائد کا ہدف پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    محمود خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں 853 مقامات پر شجر کاری مہم کا انعقاد ہو رہا ہے، انشاءاللہ آج صوبے میں 20 لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے۔ آج ہمیں فیلڈ پر جانا ہے اور شجر کاری کے لیے پودے لگانا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان ترقی کرے گا۔

    انھوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے علاوہ صوبے میں شیلٹر ہوم کی بہتری کے لیے بھی ٹائیگرز فورس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔