Tag: KPK

  • عمران خان نے کشمیر کی صورت حال کو اجاگر کر کے بھارت کو تنہائی کا شکار کر دیا: محمود خان

    عمران خان نے کشمیر کی صورت حال کو اجاگر کر کے بھارت کو تنہائی کا شکار کر دیا: محمود خان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کی صورت حال کو اُجاگر کیا یہی وجہ ہے کہ بھارت آج تنہائی کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور سے آفیسرز میس تک یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وزیر اعلیٰ کے پی نے کی، محمود نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورمز پر جیسے کشمیر کا مقدمہ لڑا اس کی مثال نہیں، انھوں نے بھارت کی انسانیت سوز کارروائیوں سے پردہ اٹھا دیا۔

    محمود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، فاشسٹ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے، 5 اگست کا اقدم کشمیریوں پر ظلم و ستم کی نئی داستان کا آغاز ہے۔

    کشمیر انڈر اٹیک ہے، راجہ فاروق نے یو این فوجی مبصر میں یادداشت پیش کر دی

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کشمیری عوام کو ایک سال سے سخت ترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

    انھوں نے کہا نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے سینہ سپر ہیں، لیکن باعث تشویش ہے کہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی موجودگی میں یہ ظلم ہو رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی طاقتیں، تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرائیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یک طرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے۔

  • خیبرپختونخوا حکومت نے عید کی تعطیلات کا اعلان کردیا

    خیبرپختونخوا حکومت نے عید کی تعطیلات کا اعلان کردیا

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا حکومت نے عید الاضحیٰ کی تین روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے عید الاضحیٰ کی تین روزہ چھٹیوں کا اعلان کردیا جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق حکومت خیبرپختونخوا کے ماتحت تمام اداروں میں عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 31 جولائی بروز جمعہ سے 2 اگست بروز اتوار تک ہوں گی۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان

    اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا میں تمام سرکاری ادارے پیر 3 اگست سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے تین چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے بھی وفاق کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا تھا اور تین چھٹیوں کا اعلان ہی کیا تھا۔

  • اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    کوہاٹ: خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں ایک گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملوث افراد پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈویژنل آفیسر محکمہ جنگلی حیات کوہاٹ نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی کے علاقے کلایہ میں ایک گھر سے گزشتہ روز چیتے کے 2 بچے برآمد ہوئے ہیں، خبر ملنے پر اورکزئی انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلایہ میں ایک شخص نے بیچنے کی غرض سے گھر میں چیتے کے دو بچے رکھے تھے، جن کی عمریں تقریباً 2 ماہ ہیں، کارروائی کے دوران چیتے کے دونوں بچے برآمد کیے گئے، جب کہ محکمے نے اس میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کلایہ کے دور افتادہ گاوں لی ساڑئی میں چیتے کے بچے بیچنے کی غرض سے ایک شخص نے گھر میں رکھے ہوئے تھے، ولی اللہ نامی شخص نے چیتے کے بچوں کو فروخت کرنے میں معاونت کی، جس کی کی نشان دہی پر گھر کو ٹریس کر کے چیتے کے بچے برآمد کیے گئے۔

    دونوں افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے جرمانہ بھی کیا گیا ہے، ڈویژنل آفیسر کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ چیتے کے دونوں بچوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے وائلڈ لائف پارک منتقل کیا جائے گا۔

  • پختونخواہ حکومت کا ایتھلیٹس کی مدد کے لیے مثالی اقدام

    پختونخواہ حکومت کا ایتھلیٹس کی مدد کے لیے مثالی اقدام

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے مثالی اقدام کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران ایتھلیٹس کی مالی معاونت کرنی شروع کردی، 100 سے زائد ایتھلیٹس اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس سے کھیلوں پر اثرات اور حکومتی اقدامات کی رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پروفیشنل اکیڈمیاں اور میدان بند ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پختونخواہ میں ٹیلنٹ ہنٹ کی مختلف سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں، حکومت کھیلوں کے سب سے زیادہ 26 ارب ترقیاتی بجٹ پر خرچ کر رہی ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی سال کے اہم منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پختونخواہ کی ہدایت پر حال ہی میں کھیلوں کے پائیدار پروگرام کا آغاز کیا گیا، پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے 33 ویں قومی کھیلوں کے کامیاب کھلاڑیوں کی 18 ماہ تک مالی معاونت کی گئی۔

    طلائی تمغہ جیتنے والے ہر کھلاڑی کی 15 ہزار، چاندی کا تمغہ جیتنے والے کی 10 ہزار اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے کی 5 ہزار روپے سے مالی معاونت کی جارہی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 100 سے زائد ایتھلیٹس اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہنگامی صورتحال کے ذریعے 30 مختلف کوچز کو ملازمت دی جارہی ہے۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    مانسہرہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے شوگران میں سڑکوں کی تعمیر کے 3 منصوبوں کا افتتاح کر دیا، عید کے بعد صوبے میں سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری بھی سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ نے آج مانسہرہ میں سڑکوں کی تعمیر کے تین منصوبوں کا افتتاح کیا، 35 کلو میٹر سڑکوں کے اس منصوبے میں شوگران، گھنول پابرنگ اور مانور ویلی روڈز شامل ہیں، جن کی تعمیر پر 14 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کو فروغ ملے گا، مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کو فروغ دے کر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔

    انھوں نے کہا صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 2400 ملین روپے مختص کیے جا چکے ہیں، کائیٹ پراجیکٹ کے تحت 370 کلو میٹر روڈ انفرا اسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے، کرونا وبا کی مشکل صورت حال کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا سیاحت کے فروغ کے لیے ٹور ازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اب نئے ٹور ازم زونز قائم کیے جا رہے ہیں، صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بھی تیار کر لیے گئے ہیں، عید کے بعد وفاق اور دیگر صوبوں کی مشاورت سے سیاحت کھولنے پر کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے صوبائی حکومت کو 53 ارب روپے کا بجٹ خسارہ ہوا، ہمارے فلیگ شپ منصوبوں میں بی آر ٹی، مالم جبہ اسکائی ریزورٹ، بلین ٹری، سوات موٹر وے شامل ہیں، یہ سب منصوبے کرپشن سے پاک ہیں، ہم متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو منصوبوں کی تحقیقات کی دعوت بھی دیتے ہیں، پن بجلی، صنعت، معدنیات، سیاحت کا فروع ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

  • اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی

    اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی

    پشاور : مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کوعہدے سے ہٹانے کیلئے جس آڈیو کا الزام عائد کیا گیا تھا وہ آڈیو ٹیپ آے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کی وہ مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا، مبینہ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اشتہارات پر ٹیکسز کی مد میں چھوٹ پر بات ہوئی، مبینہ آڈیو میں ٹیکس چھوٹ کو کمیشن میں تبدیل کرنے کی بات کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کامران بنگش کو مشیراطلاعات کے پی کی اضافی ذمہ داری سونپ دی ہے، کامران بنگش کے پاس بلدیات کا قلمدان بھی ہے۔

    اس حوالے سے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ مبینہ آڈیو لیک پر وزیراعلیٰ نے بروقت اور واضح نوٹس لیا، شفافیت برقرار رکھنے کے لئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹایا گیا، مبینہ آڈیو کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    ان کا کہنا ہے کہ اگر اجمل وزیر بے گناہ ثابت ہوئے تو دوبارہ ٹیم کا حصہ ہوں گے، وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو اعلیٰ سطح انکوائری مقرر کرنے کا حکم دیا ہے، مجھ سے منسوب دیگرخبروں کی تردید کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ 3 مارچ 2020 کو وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اجمل وزیر کو یہ عہدہ سونپا گیا تھا۔

  • خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے، اسکولوں میں صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے۔ پرائمری، مڈل، میٹرک اور انٹر کلاسز کے لیے ہفتہ وار شیڈول مرتب کرلیا گیا۔

    حکومت کو دن کے مختلف اوقات میں کلاسز لینے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں۔

    اسکولوں میں صاف پانی، جراثیم کش اسپرے اور سینی ٹائزر کو لازمی قرار دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے پر وفاق سے مشاورت جاری ہے، حالات سازگار ہوئے تو ستمبر میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر اگست میں نظر ثانی بھی کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کی جائیں گی۔

  • خیبرپختو نخوا میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام

    خیبرپختو نخوا میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام

    پشاور : خیبرپختو نخوا میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا اور زیر تعمیرمکان سے چار دستی بم، چار کلو بارود، پریما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے شاہ پور میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کے مشترکہ آپریشن میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بنادیا، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے زیر تعمیر مکان پر چھاپے کے دوران دو خود کش جیکٹس سمیت بارودی مواد برآمد کیا گیا تاہم نامعلوم دہشت گرد کارروائی سے قبل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تلاشی کے دوران زیر تعمیرمکان سے چار دستی بم، چار کلو بارود، پریما کارڈ اور بال بیرنگ بھی برآمد ہوئے ہیں، دہشت گردوں نے شہر میں تباہی کے بڑے منصوبے کے لئے بارودی مواد تیار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق منصوبہ ساز دہشت گردوں کا سراغ بھی لگالیا گیا ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے پشاور میں سی ٹی ڈی نےبروقت کارروائی کرکےدہشت گردی کا بڑامنصوبہ ناکام بنادیا تھا ،فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ملزمان سے چھ دستی بم اور چارکلاشنکوف برآمد ہوئیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد پشاو میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔

    بعد ازاں آئی جی خیبر پختونخوا ثنااللہ عباسی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا 3، 4 سالوں میں دہشت گردی کے تمام واقعات کا سراغ لگالیا ہے۔

  • خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    پشاور: خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بجٹ سے متعلق خیبر پختون خوا کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ے کہ کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام اور فنانس بل کی منظوری دی جائے گا۔

    خیبر پختون خوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے رکھا گیا ہے، صوبائی بجٹ میں 15 ارب روپے سے زائد سود کی ادائیگی کے لیے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرایع کے مطابق کے پی بجٹ میں صحت کے لیے 24 ارب 38 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، سڑکوں کی تعمیر کے لیے 41 ارب 84 کروڑ سے زائد روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جب کہ تعلیم کے لیے 30 ارب 20 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    کرونا کے لیے بجٹ میں 22 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، توانائی کے لیے 11 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد، آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 315 ارب روپے سے زائد، اے ڈی پی کی مد میں 100 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔

    ذرایع کے مطابق بجلی کے منافع، بقایا جات کی مد میں 60 ارب روپے سے زائد ملیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں 50 ارب روپے سے زائد ملیں گے، صوبے کو آئل اینڈ گیس رائلٹی کی مد میں 20 ارب روپے سے زائد ادائیگی ہوگی۔

    کے پی بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لیے 150 ارب روپے سے زیادہ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

  • پشاور سمیت پختونخواہ کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور سمیت پختونخواہ کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    جن شہروں میں زلزلہ محسوس کیا گیا ان میں شانگلہ، سوات اور مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، بالا کوٹ اور بٹگرام شامل ہیں۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 223 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

    جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ بلوچستان کے شہر تربت اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 16 کلو میٹر گہرائی میں آیا تھا اور اس کا مرکز تربت سے 70 کلو میٹر جنوب مغرب تھا۔