Tag: KPK

  • خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل : شوکت یوسفزئی کی وزارت تبدیل کرنے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل : شوکت یوسفزئی کی وزارت تبدیل کرنے کا فیصلہ

    پشاور: وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کی وزارت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ کے پی کے دیگر وزراء کابھی چند روزمیں ردوبدل کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،شوکت یوسفزئی کو دوسری وزارت دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ میں چند روزمیں ردوبدل کا امکان ہے، شوکت یوسفزئی کو دوسری وزارت دی جائے گی۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اجمل وزیر وزارت اطلاعات کے امور دیکھیں گے جبکہ شوکت یوسفزئی کو محکمہ صحت یا کھیل و ثقافت کی وزارت حوالے کیاجا سکتی ہے۔

    اس سلسلے میں شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی سے اپنی وزارت تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے، امید ہےآئندہ چندروز میں میرا قلمدان تبدیل کردیا جائےگا، بھرپور تعاون پر تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

  • گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    کرک: خیبر پختون خوا کے شہر کرک کے نواحی علاقے میں گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں کرک کے نواحی علاقے خڑے میں گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا ہوا، جس سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ گھر کے انہدام سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زخمی خاتون کو  ایمبولنس کی طرف لے جایا جا رہا ہے

    ملبے تلے آ کر زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں تین کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکو 1122 اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔

    زخمیوں کو خیبر پختون خوا کی سرکاری ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    خیال رہے کہ ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آئے روز گیس لیکیج سے دھماکوں کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں اور متعدد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں بھی خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

  • کے پی جامعات میں دو سال میں 4 کروڑ سے زائد کی مالی بے قاعدگی

    کے پی جامعات میں دو سال میں 4 کروڑ سے زائد کی مالی بے قاعدگی

    پشاور: خیبر پختون خوا کی جامعات میں 2014 سے 2016 کے دوران 4 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے قاعدگی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر گورنر کے پی نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کی یونی ورسٹیز میں مالی بے قاعدگیوں سے متعلق دستاویزات سامنے آ گئی ہیں، جن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ باچا خان یونیورسٹی چار سدہ نے 407 کنال سرکاری اراضی لیز پر دی تھی، تاہم یونی ورسٹی 18 لاکھ 90 ہزار رقم کی وصولی بھول گئی۔

    دستاویزات کے مطابق پشاور یونی ورسٹی کے لیے 1 کروڑ 13 لاکھ ادا کیے گئے تھے لیکن اس کی ریکوری نہیں کی گئی، جب کہ صوابی یونی ورسٹی نے 13 لاکھ 89 ہزار کی رقم مس الاؤنس کی مد میں اضافی لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرپشن کی اس کہانی میں ہری پور یونی ورسٹی سب سے آگے رہی، یونی ورسٹی میں رہایشی ملازمین میں کنوئنس الاؤنس کی مد میں 21 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے، ایک سال سے چھٹیوں کے باوجود ڈپٹی پروسٹ نے تنخواہ کی مد میں 13 لاکھ وصول کیے، جب کہ سرکاری گھر رکھنے کے باوجود ملازمین کو رہایش کی مد میں 20 لاکھ 21 ہزار روپے ادا کیے گئے۔

    یونی ورسٹی کے لیے مہنگا آئی ٹی سامان خرید کر بھی خزانے کو 25 لاکھ روپے کا ٹیکا لگایا گیا، لیکن حیران کن طور پر کسی یونی ورسٹی انتظامیہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    ادھر گورنر خیبر پختون خوا نے جامعات میں مالی بے قاعدگیوں سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا ہے، گورنر نے اس سلسلے میں محکمہ ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی، ان کا کہنا تھا کہ یونی ورسٹیوں میں مالی بے قاعدگیاں ناقابل برداشت ہیں، فنانشل ڈسپلن پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کر سکتے۔

  • کے پی کے میں سیاحت کا فروغ : سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد

    کے پی کے میں سیاحت کا فروغ : سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد

    پشاور : محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی سیاحت کے فروغ کی کوششیں رنگ لانے لگیں، وزارت سیاحت کی جانب سے بہتر انفراسٹرکچر اور بہترسہولتوں کی فراہمی کی بدولت سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے موسم سرما میں سیاحوں کی آمد پر اعداد وشمار جاری کردیے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال موسم سرما میں سیاحوں کی 26800 گاڑیوں کی گلیات آمد ہوئی۔

    گزشتہ سال ایک لاکھ 7ہزار 200سیاح گلیات پہنچے، رواں سیزن صرف دسمبر سے اب تک 69650 گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئیں۔

    دو لاکھ58ہزار سیاح گلیات میں برفباری سے محظوظ ہوئے، اس حوالے سے سینئر وزیر سیاحت عاطف خان کی جی ڈی اے کو بہترین سہولت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صفائی یقینی بنائیں، کچرا پھیلانے والوں سے بھاری جرمانے وصول کریں، ریسٹورنٹس پر صفائی اور سیاحوں کو معیاری خواراک کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پشاور کے دورے کے موقع پر صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، لہٰذا پختونخواہ حکومت سیاحت پر خصوصی توجہ دے تاکہ سیاحت کی استعداد بروئے کار لائی جاسکے۔

  • پشاور، سی این جی بھرتے ہوئے گاڑی میں ہولناک دھماکا، خاتون جاں بحق

    پشاور، سی این جی بھرتے ہوئے گاڑی میں ہولناک دھماکا، خاتون جاں بحق

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دار الحکومت پشاور کے علاقے خزانہ میں سی این جی اسٹیشن میں فلنگ کے دوران دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے خزانہ میں گاڑی میں سی این جی بھرتے ہوئے دھماکا ہوا، ریسکیو کا کہنا ہے کہ دھماکا گاڑی میں ہوا، جس میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فلنگ اسٹیشن پر کار میں گیس بھری جانے لگی، اس دوران اچانک زوردار دھماکے سے کار کے پچھلے حصے کے پرخچے اڑ گئے، کار میں موجود خاتون شدید زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئی۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تین افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فوری طور پر دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں کار سوار افراد کے ساتھ سی این جی اسٹیشن پر گیس بھرنے والا شخص بھی شامل ہے۔

  • کے پی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، وزرا کے قلم دان تبدیل، 9 معاون خصوصی بھی مقرر

    کے پی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، وزرا کے قلم دان تبدیل، 9 معاون خصوصی بھی مقرر

    پشاور: خیبر پختون خوا کی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے، جب کہ 9 معاون خصوصی بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کابینہ میں تبدیلیوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، وزیر بلدیات شہرام ترکئی کو وزیر صحت بنا دیا گیا، وزیر صحت ہشام انعام اللہ کو سماجی بہبود کا قلم دان سونپ دیا گیا۔

    اکبر ایوب کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا وزیر بنا دیا گیا، وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کو وزارت ہاؤسنگ کا قلم دان سونپا گیا، صوبائی کابینہ میں 2 نئے وزرا بھی شامل کر لیے گئے ہیں، محمد اقبال وزیر کو وزیر بحالی اور امداد بنا دیا گیا، جب کہ ملک شاد محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ بنایا ہے۔ دوسری طرف معاون خصوصی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کامران بنگش معاون خصوصی بلدیات مقرر کر دیے گئے، اور وزیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کو مشیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقرر کیا گیا۔

    صوبائی کابینہ نے 9 معاون خصوصی بھی مقرر کر دیے ہیں، خلیق الرحمان مشیر برائے اعلیٰ تعلیم، ظہور شاکر معاون خصوصی اوقاف و مذہبی امور، عارف احمد زئی معاون خصوصی برائے معدنیات، ریاض خان معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ، شفیع اللہ خان معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مقرر کر دیے گئے۔

    تاج محمد ترند معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات، احمد حسین شاہ معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، کیلاش سے تعلق رکھنے والے وزیر زادہ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور، جب کہ غضن جمال معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مقرر کیے گئے ہیں۔

  • خیبرپختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے

    خیبرپختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے

    پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 88 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے پولیو کیسز کی تعداد 88 ہوگئی ہے اور ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 123 تک پہنچ گئی ہے۔

    بنوں میں ایک، ٹانک میں 2، ڈی آئی خان ایک اور مہمند میں ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، ٹانک میں 30 ماہ کی بچی اور 5 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    پولیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان میں 24 ماہ کی بچی، بنوں کے 26 ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے، پشاور کے ضلع مہمند کے 6 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: بل گیٹس کا عمران خان کو خط ، ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر شکریہ

    دوسری جانب سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد پولیس کیسز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

    پولیو حکام کا کہنا ہے کہ وائرس دادو کی رہائشی 5 ماہ کی بچی میں رپورٹ ہوا، ایمرجسنی سینٹر فار پولیو سندھ نے بھی وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

    یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ میں پولیو کی بڑھتی شرح پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، اور کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    سال 2019: پختونخواہ میں دہشت گردی اور جرائم میں کمی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سال 2019 دہشت گردی کے حوالے سے گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر رہا، پولیس حکام کا عزم ہے کہ صوبے میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ چھوٹے موٹے جرائم پر بھی قابو پایا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی اور دیگر جرائم کے حوالے سے سال 2019 گزشتہ 10 سالوں کی نسبت بہتر رہا۔

    رواں سال صوبے میں دہشت گردی کے چھوٹے بڑے 79 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 28 فروری کو پشاور حیات آباد میں جسٹس ایوب خان کے قافلے کو مسلح دہشت گردوں نے ٹارگٹ کیا گیا جس وہ معمولی زخمی ہوئے۔

    16 اپریل کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں اہم آپریشن کیا گیا جس میں مبینہ 5 دہشت گرد فورسز کے ساتھ براہ راست مقابلے پر رہے، آپریشن 17 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں فورسز کو اہم کامیابیاں ملی۔

    16 دسمبر کو پشاور ہائیکورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے سے 11 افراد زخمی ہوئے۔

    صوبے کے جنوبی اضلاع میں جاری دہشت گردی کے پیش نظر پولیس اور انٹیلی جنس کے اہم آپریشنز کیے گئے جس میں ہائی پروفائل دہشتگرد نیٹ ورک کا قلعہ قمع کیا گیا۔

    پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال خیبر پختونخواہ میں قتل کے 2 ہزار 332 جبکہ اغوا برائے تاوان کے 11 واقعات درج ہوئے جو گزشتہ سال کی نسبت انتہائی کم ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی جرائم کے واقعات میں کمی رہی۔

    پولیس فورس نے عوام سے رابطے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے۔ رواں برس پولیس فورس کے لیے اسٹریٹ کرائم اور آئس کا نشہ بھی در سر بنا رہا۔

    پولیس کے مطابق آنے والے سال میں عوام کو بہتر پولیسنگ فراہم کرنے، اور ہر قسم کے جرائم پر قابو پانے کے لیے ڈیجیٹل لاز انفرااسٹرکچر پر کام میں تیزی لائی جارہی ہے۔

  • یوم قائد کے موقع پر خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس

    یوم قائد کے موقع پر خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس

    پشاور: یوم قائد کے حوالے سے خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس 23 دسمبر(کل) کو منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام یوم قائد کے موقع پر سائیکل ریس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صوبے کے تمام ڈویژن شرکت کریں گے۔

    خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نادرن بائی پاس اور موٹر وے چوک کے مقام پر ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں چائنہ سائیکل کی 14 کلومیٹر کی ریس اور اسپورٹس سائیکل کی 28 کلو میٹر کی ریس شامل ہے۔

    ریس کا افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ 23 دسمبر بروز پیر صبح 9:00 بجے کریں گے۔

    اسی روز اختتامی تقریب قیوم اسٹیڈیم میں دوپہر 1.00 بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی ڈی جی اسپورٹس خیبرپختونخوا اسفند یار خٹک ہوں گے، کامیاب کھلاڑیوں میں کیش، سرٹیفیکیٹ اور ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی۔

  • پشاور کے سرکاری اسکول میں رقص کی محفل، لکی مروت اسکول کی دیواروں میں دراڑیں

    پشاور کے سرکاری اسکول میں رقص کی محفل، لکی مروت اسکول کی دیواروں میں دراڑیں

    پشاور: خیبر پختون خوا کے سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر کرنے کے دعوؤں کے باوجود اسکولوں کی حالت بہتر نہیں ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق جہاں ایک طرف پشاور کے ایک سرکاری اسکول میں تبدیلی کا یہ رنگ آیا ہے کہ اسکول میں رقص کی محفلیں سجنے لگی ہیں، وہاں دوسری طرف لکی مروت کے سرکاری اسکول کی دیواروں میں دراڑیں موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی کے ضلع لکی مروت کے علاقے نار خان خیلان کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں سہولتوں کا اس قدر فقدان ہے کہ اسکول کے بچے سردی کے باوجود زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

    اسکول کے کمروں میں دراڑیں پڑنے کے باعث بچوں کو باہر بٹھایا گیا ہے، نار خان خیلان کا یہ واحد پرائمری اسکول صرف 2 کمروں پر مشتمل ہے، انتخابات میں یہ اسکول بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی فہرست میں شامل رہا، لیکن تعلیم کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اس پر توجہ دینے کی کوئی زحمت نہیں دی گئی۔

    اسکول کے بچے آج بھی کسب علم کے لیے لکڑی کی بنی تختیاں استعمال کر رہے ہیں، اسکول میں زیر تعلیم غریب بچے کتابوں اور اسٹیشنری کے اخراجات بھی برداشت نہیں کر سکتے، رواں برس جنوری میں عطیات کے ذریعے طلبہ کے لیے اسٹیشنری خرید کر دی گئی تھی۔

    دوسری طرف پشاور کے ایک سرکاری اسکول میں دن کو تعلیم اور رات کو رقص کی محفلیں سجنے لگی ہیں، قصہ خوانی میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ ولی قتال میں محفل رقص نے انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پرائمری اسکول کے ہال میں رقص کی محفل کئی دنوں تک جاری رہی، اہل علاقہ رقص کی محفل سے پریشان رہے، پولیس بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ یاد رہے کہ بنوں کے سرکاری اسکول میں اے این پی کے جلسے پر نوٹس لیا گیا تھا۔