Tag: KPK

  • خیبرپختونخوا میں آوارہ کتوں کی افزائش روکنے کیلئے بڑا منصوبہ

    خیبرپختونخوا میں آوارہ کتوں کی افزائش روکنے کیلئے بڑا منصوبہ

    پشاور: خیبرپختونخوا میں انتظامیہ نے آوارہ کتوں کی افزائش روکنے اور ویکسی نیشن کے لیے سرجری منصوبے کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیواسٹاک نے مشترکہ منصوبہ شروع کیا ہے، منصوبے کے تحت کے پی کے میں کتوں کی افزائش پر قابو پایا جائے گا جبکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بھی کمی لائی جائے گی۔

    ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر معصوم شاہ کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن کے علاوہ سرجری بھی ہوگی، سرجری سے کتے لڑ نہیں سکتے اور نہ ہی کاٹ سکیں گے، کتوں میں مائیکروچپ اور ربن لگائے جائیں گے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

    میئرز سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک

    حال ہی میں سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں کراچی سمیت صوبے کے تمام بلدیاتی کونسلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ آوارہ کتے پکڑے جائیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام سامنے آگیا، صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 40 کروڑ کی رقم کھیلوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، کے پی کے حکومت نے صوبے میں سیاحت سمیت کھیل کے فروغ کا بھی بیڑا اٹھا لیا ہے۔

    صوبائی وزیرسیاحت عاطف خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈ پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر2 کروڑ کی منظوری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 تعلیمی اداروں میں اسکواش کورٹس کے لیے 11 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کے لیے 10 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کے لیے ایک کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، ہری پور میں میدان بنانے کے لیے ایک کروڑ 60 مختص ہے ہیں۔

    سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان میں ٹورازم زون بنا رہے ہیں، عاطف خان

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ پر کام جاری ہے، 9 سال بعد صوبے میں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا گیا، پاکستان کو کھیل کے حوالے سے ایک مثالی ملک بنانا چاہتے ہیں۔

    سینیٹر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ معاوضہ پروگرام شروع کیا، گولڈ میڈل کھلاڑیوں کو 20، سلور کو 15 جبکہ برونزمیڈل کھلاڑیوں کو 10 ہزار ملیں گے، کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ جنوری سے شروع ہوجائے گا۔

  • پختونخواہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40 کروڑ روپے مختص

    پختونخواہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40 کروڑ روپے مختص

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40 کروڑ روپے کے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ چترال پولو گراؤنڈ اور اسکواش کورٹس پشاور سمیت دیگر منصوبوں کے لیے 40 کروڑ کی منظوری دے دی۔

    پختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ چترال میں 15 پولو گراؤنڈز پر 12 کروڑ خرچ کیے جائیں گے، لوئر چترال میں 8 پولو گراؤنڈز پر 6 کروڑ 35 لاکھ خرچ کیے جائیں گے۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ اپر چترال میں 7 پولو گراؤنڈز پر 5 کروڑ 70 لاکھ خرچ کیے جائیں گے۔ مردان اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 2 کروڑ کی منظوری ملی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور کے 8 اسکواش کورٹس بنانے کے لیے 11 کروڑ کی منظوری دی گئی۔

    خیال رہے کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت پر بھی بے حد توجہ دی جارہی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا تھا کہ چھٹیوں میں مری اور نتھیا گلی میں لاکھوں لوگوں کے آنے سے مشکلات ہوتی ہیں، 14 نئے مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ ان 14 نئے مقامات کے لیے سڑکوں کا کام رواں ماہ شروع ہوجائے گا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے سیاحتی مقامات سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا، بدھ مت کی 2 ہزار ایسی جگہیں ہیں جو 15 سو سے 2 ہزار سال پرانی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ تربیت یافتہ ٹورسٹ پولیس سیاحوں کی سہولت کے لیے آئندہ سیزن میں موجود ہوگی، سیاحتی مقامات کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا، وزیر اعلیٰ نے خود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پولیو کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں الارمنگ صورتحال ہے، 54 کیسز بنوں ڈویژن سے سامنے آئے، علما اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو پولیو فری بنائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوران مہم 67 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، چاہتے ہیں صوبے سے مکمل طور پر پولیو کا خاتمہ ہو، صوبائی حکومت اس سے متعلق اقدامات کرتی رہے گی۔

    سندھ میں مزید 2 پولیو کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 100 ہوگئی

    واضح رہے کہ رواں برس سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، دو روز قبل سندھ کے پولیو حکام نے سندھ سے مزید 2 پولیو کیسز کی تصدیق کی۔ دونوں کیسز میرپور خاص سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ پولیو حکام کا کہنا تھا کہ سندھ میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

  • مانسہرہ: فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 ملزمان گرفتار

    مانسہرہ: فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 3 ملزمان گرفتار

    مانسہرہ: خیبر پختون خوا کے علاقے کولئی پالس میں فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے کوہستان کولئی پالس میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ 2 خواتین شدید زخمی ہو گئی تھیں، تاہم مقامی اسپتال میں دوران علاج ایک زخمی خاتون بھی دم توڑ گئیں۔

    مانسہرہ میں فائرنگ اور قتل کا یہ واقعہ گزشتہ روز ضلع کولئی پالس کوہستان کے علاقے مہرین میں پیش آیا تھا، پولیس نے قتل کی واردات میں نامزد 3 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، ڈی ایس پی پالس حبیب الرحمان خان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پستول اور 7 ایم ایم رائفل برآمد کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مانسہرہ، گلگت اور کشمیر میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں موڈو، اس کا بیٹا اور بھتیجا شامل ہیں، موڈو نے بٹ گرام کے رہایشی شخص کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے دو پڑوسیوں سمیت اپنے ایک بھتیجے کو قتل کیا، زخمی عورتوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ملزم موڈو کی بیویاں ہیں، جن میں سے ایک آج دوران علاج جاں بحق ہو گئی۔

    کولئی پالس کی پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے، بتایا جاتا ہے کہ مرکزی ملزم موڈو کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

  • پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار

    پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار ہوگیا، اساتذہ کے تبادلوں کے اعلامیے میں سنگین غلطیوں کے بعد محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں سرد جنگ چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار ہوگیا۔ 231 ہائر سیکنڈری اسکولوں کی خواتین اساتذہ کی ترقی کا اعلامیہ دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے گریڈ 17 سے 18 میں ترقی کا اعلامیہ چند روز قبل جاری کیا تھا، تاہم اعلامیے میں سنگین غلطیاں تھیں جن کی ذمہ داری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ پر ڈال دی گئی۔

    واقعے کے بعد محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں سرد جنگ چھڑ گئی۔ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ تبادلوں سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔

    ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کہا گیا کہ محکمہ تعلیم بغیر مشاورت فیصلے کر لیتا ہے، مشاورت کی ہوتی تو سنگین غلطیاں سامنے نہ آتیں۔

    دوسری جانب اساتذہ نے بھی تبادلوں کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ خواتین اساتذہ کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کردیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی بھرتیوں میں شفافیت لانے کے لیے ای ریکروٹمنٹ پالیسی متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    صوبائی مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ کے پی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پالیسی پر کام جاری ہے، پالیسی کے تحت امیدوار سے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ لیا جائے گا، ہر امیدوار کا ٹیسٹ دوسرے امیدوار سے الگ ہوگا۔

    پالیسی متعارف ہونے کے بعد ایک دن میں کئی ٹیسٹ کا انعقاد ممکن ہوگا۔

  • سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے: محمود خان

    سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی ہے: محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ کی جیت یقینی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام ممبران ایک پیج پر ہیں، ہم سب نے مل کر کام کرنا اور ساتھ چلنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق چلنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہماری حکومت 5سال پورے کرکے دکھائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو سینیٹ میں عددی اکثریت حاصل ہے، سینٹ الیکشن میں جیت یقینی ہے، عمران خان کے وژن کے تحت ملک خوش حالی کی طرف بڑھ رہا ہے، موجودہ حکومت بڑے فیصلے لے رہی ہے۔

    خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پرانتخاب کے لیے پولنگ جاری

    خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ اور اپوزیشن کے فرزند علی خان آمنے سامنے ہیں۔

    خیبرپختونخواہ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ 145 اراکین صوبائی اسمبلی خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

  • زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    نوشہرہ: تحصیل جہانگیرہ گلبہار میں زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے ایک علاقے میں چار بچے زہریلی بوٹی کھانے کے سبب جاں بحق ہو گئے، یہ واقعہ دو دن قبل پیش آیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے بچوں میں نعمان، اسماعیل، سلیم اور نادیہ شامل ہیں، جب کہ دو بے ہوش بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بچوں نے کھیل کے دوران زہریلی بوٹی کھائی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    تازہ ترین:  7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی

    واقعے میں ایک بچہ موقع پر جب کہ دو بچے اگلے روز جان بحق ہوئے تھے، جب کہ 4 بچے تشویش ناک حالت میں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج تھے جن میں ایک بچی آج دم توڑ گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔

    دو بچے اب بھی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ بچوں نے جو بوٹی کھائی تھی اسے مقامی طور پر پھلی کہا جاتا ہے، جاں بحق بچوں میں بہن بھائی بھی شامل ہیں، انھوں نے قبرستان میں کھیلتے ہوئے بوٹی کھائی۔

  • بلوچستان اور کے پی میں بارش، برفباری، موسم خوشگوار، سردی میں اضافہ

    بلوچستان اور کے پی میں بارش، برفباری، موسم خوشگوار، سردی میں اضافہ

    کوئٹہ / پشاور : بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بادل کھل کر برسے جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی، نظارے اور بھی حسین اور موسم بھی مزید سرد ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا کہیں یخ بستہ ہوائیں ہیں تو کہیں گھنگھور گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں۔ بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری سے نظارے اور بھی حسین ہوگئے۔

    بلوچستان کے ٹھنڈے ٹھار موسم میں بارش کے تڑکے نے موسم خوشگوار کردیا، کوئٹہ میں رم جھم کے بعد سردہواؤں نے سردی میں اضافہ کردیا۔

    اس کے علاوہ گوادر میں بھی بادل جم کر برسے جس سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ چاغی، دالبندین مستونگ، سبی، سربندن اور جیوانی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ابر رحمت نے اپنا رنگ جمایا۔

    بونیر، لکی مروت، موسیٰ خیل اورڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ مانسہرہ میں بھی رم جھم برسا اور آسمان سے روئی کے گالے گرے، پہاڑوں اور وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

    سیاحوں نے بھی برفباری کے خوبصورت مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا اورخوب محظوظ ہوئے۔ اس کے علاوہ دیربالا کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

    ملک کے بالائی بالائی علاقوں میں برف نے سفید چادر تان دی۔ شانگلہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے ہری بھری وادی کے حسن کومزید دلفریب بنادیا۔

  • وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    وزیر اعظم نے پختونخوا کابینہ میں نئے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبائی معاملات پر مشاورت کی گئی جبکہ وزیر اعظم نے کئی ہدایات بھی جاری کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل اور نئے وزرا شامل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ میں نئے وزرا کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو بہتر عوامی مفادمیں مشترکہ کام کرنے کی ہدایت کی جبکہ موجودہ وزرا کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی تاکید کی۔

    وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو کہا کہ وہ وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کریں جبکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں دینے کی ہدایت بھی کی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بے روزگار نہیں کر رہے، میرا خواب ہے کہ صوبے میں یکساں ترقی ہو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہماری حکومت میں صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تیز تر ترقی ہوگی۔