Tag: KPK

  • غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ کیوں؟ ویڈیو رپورٹ

    غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ کیوں؟ ویڈیو رپورٹ

    خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ بڑے شہروں میں بھی غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رونما ہونے لگے ہیں، ہیومین رائٹ کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے مطابق 2022 میں غیرت کے نام پر قتل کے 92 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    2023 میں یہ تعداد 63 تھی، جب کہ 2024 میں غیرت کے نام پر قتل کے 93 واقعات رپورٹ ہوئے، ایسے واقعات یا وارداتوں کی روک تھام کے لیے قانون موجود ہے، تو پھر اضافے کی کیا وجوہ ہیں؟

    ایس پی فقیر آباد ڈویژن سید طلال شاہ کہتے ہیں کہ قانون میں ترمیم ہو چکی ہے، دفعہ 311 لگ جائے تو فریقین کے پاس راضی نامہ کا حق نہیں رہتا، سینئر قانون دان استغراللہ خان کہتے ہیں دفعہ تین سو گیارہ ثابت ہو جائے تو اس میں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔


    گوند کتیرا کا حکیمی شربت کن اجزا سے بنتا ہے؟ ویڈیو دیکھیں


    پروگرام منیجر عورت فاؤنڈیشن صائمہ منیر کہتی ہیں جب تک قوانین کے اندر نقائص موجود ہیں واقعات کم نہیں ہو سکتے، سماجی رہنما کے مطابق ایسے واقعات کی روک تھام تب ہی ممکن ہے جب قانون پر عمل در آمد اور واقعات میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دی جائیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا سندھ اور خیبرپختونخوا کے گورنرز کو ٹیلی فون

    وزیر اعظم شہباز شریف کا سندھ اور خیبرپختونخوا کے گورنرز کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ اور خیبرپختونخوا کے گورنرز کو ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو عیدالفطر کی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور کہا سندھ کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی جڑی ہے، سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی اور سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکب اد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کے پی عوام وفاق کے ساتھ مل کر ترقی و خوش حالی کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر گلگت بلتستان، اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارک باد دی، شہباز شریف نے گفتگو میں ملکی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے کےعزم کا اظہار کیا۔

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم نے عید کی مبارک باد دی۔

  • وفاقی وزارت داخلہ نے 2 روز میں کے پی میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کر لیا

    وفاقی وزارت داخلہ نے 2 روز میں کے پی میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کر لیا

    اسلام آباد: وفاقی وزرات داخلہ نے 27 مارچ تک خیبر پختونخوا میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سیکیورٹی سیل کی جانب سے سیکریٹری ہوم خیبرپختونخوا کے نام مراسلہ بھیجا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فارن نیشنل سیکیورٹی سیل غیر ملکیوں سے متعلق ڈیش بورڈ کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے، اس لیے خیبر پختونخوا درکار ڈیٹا دو روز میں ارسال کرے۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور ان کے انخلا میں 7 دن باقی ہیں، جب کہ پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 8 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، اور واپسی کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔


    کیا پاکستانیوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ ہوگیا ؟ اہم خبر آگئی


    حکومت پاکستان کی جانب سے 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم جاری کیا گیا تھا، حکومت کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انخلا کے دوران کسی سے بدسلوکی نہیں کی جائے گی، حکومتِ پاکستان نے واپس جانے والوں کے لیے خواراک اور صحت کی سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پولیس اہلکاروں پر حملے، کے پی حکومت نے ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا

    پولیس اہلکاروں پر حملے، کے پی حکومت نے ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے پولیس اہلکاروں پر حملے روکنے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

    سرکاری دستاویز کے مطابق کے پی حکومت نے پولیس اہلکاروں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل تیار کر لیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 2 اضلاع میں اس ماڈل کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل صوبے کے 6 اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا، جن میں بونیر، اپر چترال، مہمند، خیبر، سوات اور لکی مروت شامل ہیں، تاہم پہلے مرحلے پر یہ ہائبرڈ ماڈل بونیر اور اپر چترال میں نافذ کیا جا رہا ہے۔

    دستاویز کے مطابق دو اضلاع میں ہائبرڈ سیکیورٹی ماڈل پر 567 ملین روپے خرچ ہوں گے، اس ماڈل کے تحت پولیس کے لیے جدید آلات و دیگر چیزیں خریدی جائیں گی۔


    خیبرپختونخوا میں تھانوں اور چوکیوں پر حملہ کرنے والا دہشت گرد ہلاک


    سرکاری دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کے پی پولیس کے پاس دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے وسائل کی شدید کمی ہے۔

    آئی جی کے پی پولیس ذوالفقار حمید نے پیر کو بتایا تھا کہ تھانوں اور چوکیوں پر حملہ کرنے والے ایک دہشت گرد کمانڈر کاشف شکر خیل کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جو کہ کرک میں کلیم اللہ گروپ سے تعلق رکھتا تھا، پولیس نے لکی مروت اور کرک کی سرحد پر ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا۔ اس دوران پولیس اہلکار نظار علی اسنائپر کی گولی کا نشانہ بنے۔

  • صرف پی ٹی آئی نہیں سب کے غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں گے، کے پی حکومت کا بڑا فیصلہ

    صرف پی ٹی آئی نہیں سب کے غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں گے، کے پی حکومت کا بڑا فیصلہ

    پشاور: خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے تمام غیر قانونی مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد انعام یوسفزئی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جس کے خلاف بھی غیر قانونی ایف آئی آرز ہیں، انھیں واپس لیا جائے گا۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایات دی ہیں کہ پورے صوبے کے غیر قانونی اور سیاسی مقدمات واپس لیے جائیں۔

    محمد انعام یوسفزئی نے کہا کہ جس کے خلاف بھی مقدمہ نہیں بنتا، اسے واپس لیا جائے گا، غیر قانونی مقدمات واپس لینے سے عدالتوں پر بھی بوجھ کم ہو جائے گا، انھوں نے صوبائی حکومت کی کشادہ دلی کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا ’’صرف پی ٹی آئی نہیں، بلکہ سب کے غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں گے۔‘‘

    انھوں نے کہا ہدایت کی کہ پراسیکیوٹرز میرٹ پر مقدمات دیکھیں، اور جو مقدمہ نہیں بنتا اسے واپس لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پراسیکیوٹرز اپنے کام میں آزاد ہیں، اور ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈال سکتا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک دوسرے پر سیاسی نوعیت کے مقدمات بنانے کی ایک تاریخ چلی آ رہی ہے، حکمران جماعت آتے ہی سب سے پہلا کام مخالف پارٹی کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے کا کرتی ہے، اور اس طرح ملک میں جمہوری سیاسی ماحول کی ترویج میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے۔

  • اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خوشخبری

    پشاور: اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے لیے صحت کارڈ کی سہولت کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن سے کے پی کے مزدوروں کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا کہ صحت کارڈ کی سہولت کے سب سے زیادہ مستحق اوورسیز پاکستانی ہیں، اس سہولت کے تحت لیبر ویزے پر بیرون ملک مقیم پاکستانی علاج کروا کر میڈیکل رپورٹ محکمہ صحت کو بھیجیں گے۔

    علی امین گنڈاپور کے مطابق میڈیکل رپورٹ کی تصدیق ہو جانے کے بعد اوورسیز پاکستانی مزدوروں کے اہل خانہ کو علاج کے اخراجات ادا کیے جائیں گے۔

    لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے پی میں جرمن تنظیم ’کے ایف ڈبلیو‘ کے تعاون سے صحت کارڈ پلس کے تحت مفت او پی ڈی کی سہولت کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جو اس حوالے سے پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں یہ اسکیم ضلع مردان میں شروع کی جا رہی ہے، جہاں 50 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوں گے، اگلے مرحلے میں چترال، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ او پی ڈی سروس کے تحت مریضوں کو مفت ادویات، میڈیکل ٹیسٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • 2023 میں بھرتی سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ

    2023 میں بھرتی سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ

    پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے نگران دور میں بھرتی سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت کی جانب سے چیف سیکریٹری سمیت تمام سرکاری محکموں اور اداروں کے سربراہان کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ نگران دور میں بھرتی تمام سرکاری ملازمین کو قانون کے مطابق برطرف کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون 22 جنوری 2023 سے 29 فروری 2024 تک بھرتی کیے گئے تمام سرکاری ملازمین پر لاگو ہوگا، اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30 دن کے اندر نگران دور میں بھرتی ملازمین کی برطرفی کے حکم نامے جاری کیے جائیں۔

  • وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا حکومت کا اعتراض سامنے آ گیا

    وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا حکومت کا اعتراض سامنے آ گیا

    پشاور: وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے اعتراض کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا صوبائی بجٹ 169 ارب روپے سرپلس ہے، لیکن وفاقی وزارت خزانہ نے سرپلس کو 86 ارب روپے ظاہر کر دیا ہے۔

    مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کی اسٹیٹکل ڈسکری پینسی میں 82 ارب روپے کی کمی کر دی ہے، جولائی تا ستمبر اسٹیٹکل ڈسکری پینسی منفی 48 ارب روپے تھی، جولائی تا دسمبر اسٹیٹکل ڈسکری پینسی مثبت 34 ارب روپے کر دی گئی۔

    شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو گرفتار کرلیا گیا

    انھوں نے کہا جولائی تا ستمبر خیبر پختونخوا کا بجٹ 103 ارب روپے سرپلس تھا، وفاقی وزارت خزانہ نے جولائی تا دسمبر میں خیبرپختونخوا کا سرپلس 86 ارب روپے ظاہر کیا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے معاشی نظم و ضبط میں آئی ایم ایف کے ٹارگٹس پورے کیے، لیکن صوبے کے حسابات میں سرکاری اداروں کے ڈیپازٹ کم کر کے اسٹیٹکل ڈسکری پینسی کم کی گئی ہے۔

  • پراپرٹی لیز کا نیا قانون، فیس اور مدت میں کتنا اضافہ کیا گیا؟

    پراپرٹی لیز کا نیا قانون، فیس اور مدت میں کتنا اضافہ کیا گیا؟

    پشاور: محکمہ بلدیات کے پی نے پراپرٹی کو کارآمد بنا کر اس سے آمدن حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی، جس کے لیے اس نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ لیز رولز 2025 تیار کر لیے ہیں۔

    سرکاری دستاویزات کے مطابق سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی کاروبار دوست لیز متعارف کرائی گئی ہے، 250 سے 499 ملین تک سرمایہ کاری کرنے والوں کو پراپرٹی 49 سال تک لیز پر دی جائے گی۔

    دستاویزات کے مطابق 500 ملین روپے سے زائد سرمایہ کاری کرنے والوں کو محکمہ بلدیات پراپرٹی 99 سالوں کے لیے لیز پر دے گی، اور رولز کے مطابق لیز میں سالانہ 7.5 فی صد اضافہ کیا جائے گا۔

    نئے، زائد المعیاد اور پرانے لیز کی منظوری تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن سے لینا لازمی ہوگی، مارکیٹ نرخ کے مطابق لیز دینے کے لیے 10 رکنی لیز کمیٹی تشکیل دی جائے گی، دفتر یا کمرشل لیز کا دورانیہ 15 سال ہوگا، جسے مزید 10 سال تک توسیع دی جا سکے گی۔

    آسان کاروبار کارڈ ! تاجروں کے لیے بڑا اعلان

    تحصیل کونسل کی بنائی گئی پراپرٹی کو 5 سال کے لیے لیز پر دیا جا سکے گا، کسی اراضی کو لیز کمیٹی کمیونٹی پراپرٹی قرار دے سکتا ہے، کمیونٹی پراپرٹی پر بینک، کمپنی یا کوئی اور عمارت قائم کی جائے گی، کسی قسم کی پراپرٹی کی تعمیر سے قبل کی اس کی اجازت لازمی ہوگی۔

  • خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز و انوسٹیگیشن ارسلان شاہزیب نے تھانہ ترنول میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے اسلحے کی ایک بہت بڑی کھیپ پکڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھاری اسلحہ خیبر پختونخوا سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، اور اسلحہ لانے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خیبرپختونخوا

    ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزم سے 272 مختلف بور کے پستول، 20 جدید خودکار بندوقیں مع میگزنیز اور 23 ہزار سے زائد راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ اس کے قبضے سے 150 گرام آئس اور 4.450 کلو گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس افسر ارسلان شاہزیب کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 8 مقدمات میں ملوث نکلا ہے، اس کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    انھوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس شرپسند عناصر کے خلاف ہمہ وقت تیار ہے، اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔