Tag: KPK

  • سوات سمیت بالائی علاقوں میں4.3شدت کا زلزلہ، لوگوں میں خوف وہراس

    سوات سمیت بالائی علاقوں میں4.3شدت کا زلزلہ، لوگوں میں خوف وہراس

    اسلام آباد : سوات، شانگلہ، دیربالا، ملاکنڈ ، بٹگرام اور اس کے گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سوات، شانگلہ دیربالا، ملاکنڈ ، بٹگرام کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جبکہ زلزلے کے جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    لوگ گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.3 جبکہ گہرائی 222 کلو میٹر تھی اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    اب تک موصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کی وجہ سے ہر طرف خوف کا عالم پھیل گیا۔

  • پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس رپورٹ

    پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس رپورٹ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی شرح خطرناک حد تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 72 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اینڈ پولیو پاکستان کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیو کا نیا کیس سامنے آیا ہے۔ لکی مروت میں 3 ماہ کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔

    اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق متاثرہ بچے کو حفاظتی ٹیکوں کی کوئی خوراک نہیں دی گئی تھی۔

    ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ والدین گمراہ کن پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے اور یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔ 8 کیسز سندھ میں، 6 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

    خیبر پختونخواہ میں پولیو کی بڑھتی شرح پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، اور کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    پولیو کے حوالے سے منعقد خصوصی اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا تھا کہ قطرے پلانے سے انکاری والدین کو راضی کرنے کے لیے با اثر افراد سے رابطے کیے، ویکسی نیشن پر منفی پروپیگنڈا ختم کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں پولیو کے خاتمے کے لیے سرگرم مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی وزیر اعظم کو خط لکھا، جس میں انہوں نے پختونخواہ میں بڑھتے پولیو کیسز کا نوٹس لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    عالمی ادارہ صحت بے تحاشہ پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں بھی توسیع کرچکا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: بڑی مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام، 2 ملزمان گرفتار

    خیبرپختونخوا: بڑی مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام، 2 ملزمان گرفتار

    بنوں: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مابق بنوں میں گاڑی کے خفیہ خانوں سے چرس اور افیون اسمگل کرنے کی کوشش ہوگئی، ملزمان گرفتار کرلیے گئے، جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بنوں میرانشاہ روڈ پر بڑی مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر ایس ایچ او کینٹ طارق محمود خان نے بنوں میرانشاہ روڈ پر باران پل کے علاقہ آزاد منڈی کے مقام پر ناکہ بندی کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس موقع پر چیکینگ کے دوران ایک موٹر کار کی خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی جس میں 9ہزار 715گرام چرس اور 2ہزار 70گرام آفیون شامل ہے۔

    پولیس نے موقع پر گاڑی میں موجود 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا اور موٹر کار کو قبضے میں لے کر ملزمان ڈرائیور جاوید خان اور شائیدل خان ساکنان میر علی شمالی وزیرستان سے تفتیش شروع کردی۔

    ڈی ایس پی کینٹ مراد علی خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منشیات معاشرے میں ایک لعنت ہے ہمیں ڈی پی او کی طرف سے سخت ہدایات دی گئیں ہیں کہ منشیات فروشوں اور منشیات اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    اُنہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کو اطلاع دیں اُن کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • خیبرپختونخوا: قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات، 18 ارب مختص

    خیبرپختونخوا: قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات، 18 ارب مختص

    پشاور: خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیل کے فروغ کے لئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اور ڈی جی سپورٹس بھی موجود تھے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیل کے فروغ کے لئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے، ان اضلاع میں سیاحت کے فروغ پر ساڑھے نو ارب جبکہ کھیلوں کے فروغ پر ساڑھے 8 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا، قبائلی اضلاع اب خیبر پختوخوا کا حصہ ہے اور یہ علاقے کافی عرصے سے پسماندہ رہ چکے ہیں لیکن اب انکی پسماندگی دور کی جائے گی۔

    خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے: عاطف خان

    صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صوبے کے دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی جارہی ہے۔ ان اضلاع میں ثقافت کی ترویج اور نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے بھی مختلف سکیموں کی جلد منظوری دی جائے گا۔

    عاطف خان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے 3 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی۔

  • عمران خان نے کشمیر اور امت مسلمہ کا جس طرح دفاع کیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی: شاہ فرمان

    عمران خان نے کشمیر اور امت مسلمہ کا جس طرح دفاع کیا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی: شاہ فرمان

    نوشہرہ: گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا جس طرح دفاع کیا اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

    اپنے ایک بیان میں گورنر خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر بھارتی ظلم و بربر یت یورپ امریکا سمیت دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کو اسلام موفبیہ اور ناموس رسالت اور مسلمانوں پر مسلط جنگوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جس طر ح پیش کیا پوری دنیا کی انکھیں کھول دیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اس خطاب کی وجہ سے وزیر اعظم عمران خان امت مسلمہ کے نہ صرف حقیقی لیڈربن گئے بلکہ کشمیر دنیا بھر کے ممالک نے ان کی دلیرانہ موقف کی داد دی ان لوگوں کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے جن جماعتوں سیاسی رہنماﺅں نے تحریک پاکستان اور دوقومی نظریے کی سرعام مخالفت کی تھی۔

    وطن واپسی:‌ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں‌ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عمران خان

    ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو اب دیکھنا چاہیے کے کشمیر میں 80 لاکھ مسلمانوں کو جس طرح یرغمال کیا گیا اور ان پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں اب وہ قوم کو جواب دیں، اگر برصغیر کی تقسیم نہ ہوتی تواج پورے برصغیر کے میں مسلمانوں کو یہ دن دیکھنے ہوتے جو آج مسلمانوں سمیت دیگر اقلیت بھارت میں بھگت رہے ہیں۔

    گورنر شاہ فرمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان موجودہ نازک صورت حال میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کا مقدمہ جس طرح جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ سمیت دنیا بھر کے دیگر سربراہان کے سامنے پیش کیا پوری دنیا پر بھارتی مظالم کھل کر سامنے آگئے۔

  • خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کے لیے اپنا کاروبار شروع کرنے کا سنہرا موقع

    خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کے لیے اپنا کاروبار شروع کرنے کا سنہرا موقع

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے وزیر برائے سیاحت ویوتھ افیئرز عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر برائے سیاحت ویوتھ افیئرز عاطف خان نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تین ارب روپے 7 قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو جبکہ 2 ارب روپے صوبے کے دیگر ضلعوں میں نوجوانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں ان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جائے گا، قبائلی اضلاع گزشتہ کئی دہائیوں سے پسماندہ رہ چکے ہیں لیکن اب انکی پسماندگی دور کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

    انہوں نے محکمہ یوتھ افئیرز کو ہدایت جاری کی کہ صوبے کے نوجوانوں کے لئے تمام سکیموں پر کام تیز کیا جائے۔

    اجلاس میں سیکرٹری یوتھ افئیرز کامران رحمان، ڈائریکٹر یوتھ افئیرز بحزاد عادل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اس موقع پر سینئر وزیر کو نوجوانوں کے لئے مختلف سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔

  • خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے: عاطف خان

    خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے: عاطف خان

    پشاور: خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے 15 ارب روپے عالمی بنک فراہم کرے گا۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے، سیاحت کے لیے 5 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں مربوط ٹورازم زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، ٹورازم زونز میں سیاحوں کو بہترین اور جدید سہولیات فراہم کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے بجٹ میں 100 گناہ اضافہ کیا گیا ہے، ماضی میں کسی نے بھی سیاحتی شعبے کی طرف توجہ نہیں دی۔

    عاطف خان نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں غلط پالیسیوں کی وجہ سے سیاحتی مقامات پر بے ہنگم طریقے سے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس تعمیر کئے گئے ہیں۔

    سیاحت کو فروغ دینے کا عزم، سوات ایئرپورٹ کو دوبارہ کھولنے کی تیاری، ترقیاتی کام آخری مراحل میں داخل

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیاحتی شعبے کی اہمیت سے اچھی طرح آگاہ ہے کیونکہ سیاحتی شعبے کو ترقی دینے سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی ہوگی بلکہ ملک کا ایک مثبت امیج بھی سامنے آئے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے ذریعے ہم دنیا کو پیغام دیں گے کہ یہاں کے لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ امن کے داعی ہے، بیرونی سرمایہ کار سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے آرہے ہیں حکومت سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم کرنے کے لئے پالیسیاں بنارہی ہے۔

  • پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل

    پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل

    پشاور: صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل ہوئے، سب سے زیادہ خواجہ سرا پشاور میں قتل ہوئے جن کی تعداد 6 تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل ہوئے، 6 سال میں 12 واقعات میں 19 ملزمان گرفتار ہوئے۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق سب سے زیادہ 6 خواجہ سرا پشاور میں قتل ہوئے، نوشہرہ اور صوابی میں 2، 2 جبکہ کوہاٹ اور بنوں میں ایک ایک خواجہ سرا کو قتل کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں پر قاتلانہ حملوں کے بے شمار واقعات سامنے آئے تھے۔

    سنہ 2016 میں ایک خواجہ سرا کے قتل نے اس وقت پورے ملک میں طوفان برپا کردیا تھا جب پشاور میں علیشاہ نامی خواجہ سرا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور اسے کئی گولیاں ماری گئیں۔

    علیشاہ کو اسپتال میں طبی امداد دینے سے بھی انکار کردیا گیا تھا جبکہ اسپتال کے عملے کی جانب سے اسے تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔ علیشاہ بعد ازاں انتقال کر گئی تھی۔ واقعے کے بعد مشتعل خواجہ سراؤں نے علیشاہ کا جنازہ تھانے کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا تھا۔

    اس وقت خواجہ سراؤں کی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک سال میں 45 خواجہ سراؤں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

  • عبایا لازمی قراد دینے کا معاملہ، نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا ہے: شوکت یوسفزئی

    عبایا لازمی قراد دینے کا معاملہ، نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا ہے: شوکت یوسفزئی

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا کی حکومت نے سرکاری درس گاہوں‌ میں عبایا لازمی قرار دینے کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم جاری کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے کے  وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اے آر  وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نےعبایالازمی قراردینےسےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا.

    انھوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفیسرنےایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفیسرکا موقف ہے کہ والدین کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا.

    انھوں نے واضح‌ کیا کہ نوٹی فکیشن سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت پرنوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے.

    وزیراطلاعات خیبرپختون خوا کے مطابق وزیر اعلیٰ کے فیصلے کے بعد متعلقہ اسکولوں کواعلامیہ واپس لینےکی ہدایت کردی ہے.

    خیال رہے کہ آج سہ پہر یہ خبر آئی تھی کہ خیبر پختون خوا کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے برقع، عبایا پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ طالبات کو ہراساں ہونے سے بچانے کے لیے محکمہ تعلیم نے نیا اقدام اٹھا لیا، سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے حجاب لازمی قرار دے دیا گیا۔

  • کے پی  کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو  اختیار دے دیا

    کے پی کے کابینہ میں رد وبدل کا امکان، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اختیار دے دیا

    پشاور: خیبرپختون خوا کابینہ اور انتظامیہ میں رد وبدل کا فیصلہ ہوا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو وزرا اور مشیروں کی برطرفی کا اختیار دے دیا.

    حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اہم اختیار سونپا ہے، آئندہ ہفتے چند  وزرا اور مشیروں کے قلم دان تبدیل کیے جاسکتے ہیں.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر  اعلیٰ محمود خان نے صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا.

    کئی محکموں کی سیکرٹریز اور اضلاع کے کمشنرز بھی تبدیل کر دیے جائیں گے، آئی جی خیبرپختون خوا کو تبدیل کیا جاسکتا ہے. وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کا بھی فیصلہ کر لیا ہے.

    مزید پڑھیں: پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان

    خیال رہے کہ 23 جولائی 2019 کو وزیر اعلیٰ کے پی کے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نظام کو ہرحال میں ٹھیک کریں چاہے سختی دکھانا پڑے۔

    تمام وزرا اور نمائندگان اپنے حلقوں کو ٹھیک کریں، تعلیم کے شعبے میں 6 سالوں سے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہے ہیں.