Tag: KPK

  • سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے لیے احکامات جاری

    سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے لیے احکامات جاری

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے لیے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر عاطف خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اجلاس میں سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پوڈز لگانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔ کیمپنگ پوڈز گبین، جبہ، گولن گول، بیاڑی، اناکڑ اور الائی میں لگائے جائیں گے۔

    سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پوڈز عید سے قبل لگانے کے احکامات دیے۔ تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے لیے بھی احکامات جاری کردیے گئے جبکہ ٹورازم پولیس کی تعیناتی اور سیاحتی مقامات پر بس سروس پر بھی غور ہوا۔

    اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیاحت کے فروغ کے لیے سیدو شریف (سوات) ایئرپورٹ ،پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام بھی شروع کروا دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے سوات ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کے لیے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، سوات اور پارہ چنار ایئرپورٹ 2 ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔

    سوات ایئرپورٹ کو 1978 میں تعمیر کیا گیا تھا، بعد ازاں امن و امان کی صورتحال کے باعث سنہ 2004 میں سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سوات اور پارہ چنار ایئر پورٹ پر سیاحت کے فروغ کے لیے نیو ایوی ایشن پالیسی کے تحت ایئر لائنز کو مراعات بھی دی جائیں گی، اس کے علاوہ مختلف ایئر لائنز کو لینڈنگ، چارجنگ اور پارکنگ سمیت دیگر مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔

  • پختونخواہ میں سیاحتی سیزن میں ماحول دوست بیگز متعارف کروانے کی ہدایت

    پختونخواہ میں سیاحتی سیزن میں ماحول دوست بیگز متعارف کروانے کی ہدایت

    پشاور: خیبر پختونخواہ میں عید کے بعد سیاحتی سیزن میں پلاسٹک بیگز پر پابندی، ماحول دوست بیگز متعارف کروانے اور صفائی کے لیے عارضی بنیاد پر 4 ماہ کے لیے اضافی افرادی قوت حاصل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے بعد خیبر پختونخواہ میں سیاحتی سیزن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزرا عاطف خان اور شہرام ترکئی نے کی۔ اجلاس میں سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کالام، گلیات اور چترال سے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں چترال، سوات اور ناران میں سیاحتی سرگرمیوں، صفائی اور ٹریفک پلان پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال سیزن میں صرف سوات میں 22 لاکھ سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

    اجلاس میں محکمہ صحت کو عملہ اور ریسکیو 1122 کو 24 گھنٹے دستیاب رکھنے کے احکامات دیے گئے جبکہ صفائی کے لیے عارضی بنیاد پر 4 ماہ کے لیے اضافی افرادی قوت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

    صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان نے کہا کہ دریا میں گندگی پھینکنے کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے۔ ’کیا سوات میں دریا کنارے لینڈ فل سائٹ ہے؟‘

    اجلاس میں پلاسٹک بیگز پر پابندی اور ماحول دوست بیگز متعارف کروانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔

    اس سے قبل سیاحوں کے پسندیدہ مقام ہنزہ میں پہلے ہی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ پابندی متعارف کروانے کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

    ہنزہ میں دکانداروں اور پلاسٹک بیگ کا کام کرنے والے افراد کو متنبہ کیا جاچکا ہے کہ 20 اپریل کے بعد پلاسٹک بیگ کو بنانا، فروخت کرنا، خریدنا اور اس کا استعمال جرم سمجھا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کا قبائلی علاقوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

    پیپلز پارٹی کا قبائلی علاقوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی دنگل کی تیاری کر لی، پارٹی خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی نے قبائلوں علاقوں کے انتخابات میں بھرپور  انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں حکمت عملی پر کام شروع کر دیا گیا۔

    اسلام آباد میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلہ کیے گئے.

    پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی حکمت عملی اور  انتخابی مہم کے معاملات زیر غور آئے، ساتھ فاٹا انضمام کی عملی شکل میں حائل مشکلات پر بھی تبادلہ خیال ہوا.

    اس اجلاس میں‌ فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور خورشید شاہ نے شرکت کی. ہمایوں خان، اخوندزادہ چٹان، فیصل کریم کنڈی ،ساجد طوری، رضاربانی، نویدقمر اور شیری رحمان بھی اس اجلاس میں شریک ہوئیں.

    مزید پڑھیں: قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 2 جولائی کو ہوگی

    خیال رہے کہ کے پی میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہورہے ہیں.

    صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، ان سولہ حلقوں میں پولنگ دوجولائی کو ہوگی۔ اس ضمن میں‌ریٹرننگ افسر 7 مئی کو پبلک نوٹس جاری کرےگا۔

  • خیبر پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا

    خیبر پختونخواہ میں ایک اور پولیو کیس سامنے آگیا

    اسلام آباد: گزشتہ 2 دن میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے متواتر 2 پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد آج خیبر پختونخواہ سے بھی پولیو کیس سامنے آگیا۔ رواں برس ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 11 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، ذرائع وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں کی ایک سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یہ ملک میں پولیو کیسز کے سامنے آنے کا متواتر تیسرا روز ہے۔ گزشتہ دو دن میں لاہور سے 2 پولیو کیسز سامنے آئے، اقبال ٹاؤن کے 10 سالہ بچے اور اگلے ہی روز داتا گنج بخش ٹاؤن کی 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد لاہور میں کل پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی۔

    حالیہ کیس سامنے آنے کے بعد اب رواں برس ملک میں مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 11 ہوگئی ہے، جن میں سے خیبر پختونخواہ میں 4، قبائلی علاقوں اور پنجاب میں 3، 3 اور سندھ میں 1 کیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ چند روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

  • خیبر پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے

    خیبر پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے

    اسلام آباد: ملک میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں برس سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 8 ہوگئی۔

    انسداد پولیو پروگرام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کے 22 ماہ کے حمزہ اور شمالی وزیرستان کی 2 سالہ رضیہ میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق متاثرہ بچوں کے والدین معمول کی پولیو ویکسینیشن سے انکاری تھے۔

    یاد رہے کہ ملک میں نئے پولیو کیسز اس وقت سامنے آئے ہیں جب ایک روز قبل ہی پشاور میں انسداد پولیو مہم کے پہلے دن پولیو ویکسین کے ری ایکشن کی شکایت پر چند بچوں کو اسپتال لایا گیا تھا تاہم بعد ازاں پولیو کے قطروں کے خلاف کیا جانے والا مذموم پروپیگنڈہ سامنے آگیا۔

    خیبر پختونخواہ میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش اس وقت بے نقاب ہوگئی جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈرامہ طشت از بام کر دیا۔

    ویڈیو میں ایک شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈرامہ کرواتا دکھائی دیا جبکہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

    اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ چند روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔

    دو روز قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

  • عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں: وزیرصحت کے پی

    عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں: وزیرصحت کے پی

    پشاور: وزیر صحت کے پی، ہشام خان نے درخواست کی ہے کہ عوام  جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں انسداد پولیو مہم سے متعلق خبروں‌ پر  ردعمل دیتے ہوئے کیا. انھوں نے کہا کہ الحمدللہ پشاور کے تمام بچے صحت مند ہیں.

    [bs-quote quote=”بچوں سے بھی خود ملاقات کی، ان کی طبیعت ٹھیک ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”صوبائی وزیر صحت”][/bs-quote]

    وزیر  صحت کے پی ہشام خان نے کہا کہ رپورٹ آئی تھی، ایک دو اسکولوں میں بچوں کو ڈراپس کا ری ایکشن ہوا، متاثرہ بچوں کو اسپتال لایا گیا، والدین اور ڈاکٹرز سے بھی ملا.

    ہشام خان نے کہا کہ بچوں سے بھی خود ملاقات کی، ان کی طبیعت ٹھیک ہے، مساجدمیں اعلانات ہوئے کہ جن بچوں کوقطرے پلائے گئے ہیں، وہ اسپتال جائیں، ایسی کوئی بات نہیں، والدین بچوں کو اپنے گھروں میں رکھیں.

    وزیر صحت کے پی ہشام خان کا کہنا تھا کہ صبح سے لے کر اب تک کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا، نہ تو کسی بچے کو جان کا خطرہ ہے، نہ ہی کسی کی طبیعت خراب ہوئی.

    مزید پڑھیں: پشاور میں پولیو ویکسی نیشن سے بچوں کی طبیعت خراب

    وزیر صحت کے پی نے مزید کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے معیاری ہیں، کچھ لوگ سیاسی رنگ دے رہے ہیں، پولیو سے بچاؤ کے قطرے کے ٹیسٹ کرائے، وہ بالکل ٹھیک ہیں.

    خیال رہے کہ بڈھ پیر ماشو خیل میں پولیو کے قطرے پینے سے 700 سے زائد بچوں کی طبعیت خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جنھیں‌ اسپتال منتقل کردیا گیا، مشتعل افراد نے مرکز صحت نذر آتش کردیا۔

  • آندھی اورطوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    آندھی اورطوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    پشاور/ صوابی / راولپنڈی / بھکر / کوئٹہ :ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے، خیبر پختونخو میں چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں تین افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، پشاور میں تین افراد جاں بحق اور42زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں سے بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔

    طوفانی بارش کے سبب کئی علاقوں میں بجلی غائب، نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آندھی اور بارشوں سے تباہی مچ گئی، معمولات زندگی درہم درہم ہوگئے،مختلف شہروں میں کئی حادثات بھی ہوئے۔

    پشاور میں تیز ہوائیں، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے فقیرکلے میں گھرکی دیوار گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    اس کے علاوہ پیربالا میں چھت گرگئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دب جانے والے تین بچوں کو نکال لیا، تیز ہواؤں اور طوفانی بارش سے بی آرٹی بس اسٹیشن کی سیلنگ گرگئی، کئی چھتیں اکھڑ گئیں، جان بچانے کے لیے مزدور بھاگ کھڑے ہوئے۔

    صوابی میں بھی طوفانی بارش ہوئی، اللہ داد خیل میں گھر کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر دو خواتین جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی اس کے علاوہ دین پور میں گھر کی دیوارگرنے سے پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، مردان میں آندھی اور بارش کے باعث حادثات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال پہنچادیا گیا۔

    لوئر دیر میں بھی طوفانی بارش نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا، چوک اعظم اورگرد و نواح میں آندھی اور موسلادھار بارش کے دوران کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کے کئی پول گرگئے۔ بھکر میں بھی طوفانی ہواؤں اوربارش سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔

    فیصل آباد میں بھی تیز آندھی چلی، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاورمیں چھ، پاراچنار میں چار اور کوئٹہ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج بھی ملاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ،راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

  • مردان: خواتین کی سہولت کے لیے پنک بس سروس کا آغاز

    مردان: خواتین کی سہولت کے لیے پنک بس سروس کا آغاز

    مردان: کے پی کے حکومت کی جانب سے خواتین کی سہولت کے لیے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے اور سہولیات دینے کے نظریے کو پیش نظر رکھتے ہوئے مردان میں خواتین کے لئے پنک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا۔

    اس سروس کے تحت چلنے والے بسیں اے سی ہوں گے، کنڈکٹر کے فرائض خواتین سر انجام دیں گی۔ بس کے اندر کیمرے میں بھی نصف ہوں گے۔

    گو ڈرائیور مرد حضرات ہوں گے، البتہ کنڈیکٹر کے طور پر خواتین کو ذمے داری سونپے گئی ہے۔

    بس کا کرایہ بیس روپے مقرر کیا گیا ہے، اس میں معذور خواتین کے بھی سفر کی سہولت موجود ہے۔

  • خیبر پختونخواہ کے سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

    خیبر پختونخواہ کے سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی اور متبادل کے طور پر کاغذ یا کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی جس کے لیے صوبائی محکمہ امداد، بحالی اور آباد کاری نے مراسلہ جاری کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دفاتر کے احاطے میں پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اور متبادل کے طور پر کاغذ یا کپڑے کے تھیلے استعمال کیے جائیں۔

    دو روز قبل خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بھی پلاسٹک شاپنگ بیگز اور پانی کی پلاسٹک بوتل پر پابندی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

    وزیر بلدیات شہرام ترکئی کو پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی جبکہ کمیٹی ارکان میں عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ارکان شامل تھے۔

    اسمبلی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی سے متعلق ایشو زیر غور لایا جائے گا۔

    اس سے قبل وزارت کلائمٹ چینج نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی کیا تھا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

    وزیر مملکت برائے کلائمٹ چینج زرتاج گل کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں پر جلد ٹیکس عائد کردیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک تھیلی پر 1 سے 2 روپے کا ٹیکس زیر غور ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں صوبوں سے رابطہ کیا جارہا ہے اور مشاورت کے بعد ٹیکس کو ملک بھر میں لاگو کردیا جائے گا۔

  • قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

    قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا

    لاہور: قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، وزیر خزانہ اسد عمر صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے اجلاس میں چاروں وزراء اعلیٰ اور سیکریٹری خزانہ شریک ہوں گے، مرکز سے صوبوں کو وسائل کی تقسیم کے بارے میں غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ اجلاس میں چھے سب گروپس بنائے گئے تھے، پنجاب کو میکرو اکنامک فریم ورک اینڈ ڈیزائن بنچ مارک کے لیے سب ورکنگ گروپ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

    این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کی جانب سے پریزنٹیشن دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نےمطالبہ کیا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ بڑھایا جائے۔

    یاد رہے کہ صوبوں کو آخری این ایف سی ایوارڈ کا اجراء دسمبر 2014 میں ہوا تھا ، ذرائع کےمطابق وفاق ڈیویزایبل پول میں سےصوبوں کے حصے میں کمی کا مطالبہ کرسکتاہے، سیکیورٹی اور فاٹا اخراجات کے لیے وفاق اپنا حصہ سات فیصد بڑھانا چاہتا ہے۔

    این ایف سی ایوارڈ: بلوچستان کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو سندھ اور بلوچستان کی جانب مخالفت کا سامنا ہے کیونکہ دونوں صوبے این ایف سی کی مد میں ملنے والی رقم سے کٹوتی نہیں چاہتے۔