Tag: KPK

  • سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ کہا جاتا ہے: سوئس سفیر تھامس کولے

    سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ کہا جاتا ہے: سوئس سفیر تھامس کولے

    سوات: پاکستان میں تعینات سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولے نے ضلع سوات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات کو دوسرا سوئٹزرلینڈ بھی کہا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئس سفیر تھامس کولے نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات آ کر گھر کی طرح محسوس کر رہا ہوں۔

    سوئس سفیر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اور سوئٹزر لینڈ حکومت گزشتہ 50 سال سے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ بھی کہا جاتا ہے، مجھے بھی یہاں آ کر گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا ٹور ازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

     

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی منظوری کابینہ دے چکی ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں رعایت دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس خطے کے لوگ ترقی اور امن کا فروغ چاہتے ہیں۔

    وزیرِ سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ چترال اور ہزارہ میں سکی ریزارٹ بنائے جائیں گے۔

  • کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس ضلع خیبر میں ہوا۔ اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سابق فاٹا میں کابینہ کا اجلاس کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبائلیوں کے لیے خوشخبری ہے ہم نے منصوبہ بندی کرلی ہے، قبائلیوں کو صحت کارڈ، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے وزیرستان تک کابینہ کے مزید اجلاس ہوں گے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع کو ترقی دیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا انضمام سے متعلق ششماہی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلاحی اداروں کی رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن بل 2018 کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں قبائلی اضلاع میں ماتحت عدالتوں کے فوری قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے لیے ایک ارب جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

    صوبائی کابینہ نے پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری بھی دے دی۔ سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ پالیسی کے ذریعے اسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم مضبوط کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو ضروری، معیاری، منصفانہ اور پائیدار طبی سہولتیں دی جائیں گی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کا طریقہ بنایا جائے گا۔

    پالیسی میں 3 سال سے کم عمر بچوں اور خواتین میں غذائی کمی پر پروگرام بھی شامل ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی ششماہی بنیادوں پر رپورٹس کی منظوری دے گی اور کمیٹی کو پالیسی میں تبدیلی یا قانون سازی سے متعلق اختیار حاصل ہوگا۔

    اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ایبٹ آباد بائی پاس کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، پشاور سے طور خم تک ریلوے ٹریک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔

    شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پشاور سے طور خم تک سفاری بس شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاق، پنجاب، پختونخواہ این ایف سی میں 3 فیصد حصہ فاٹا کو دینے پر متفق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں صوبے کی پہلی صحت پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ میں کوئلہ کان شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ 6 ماہ میں پاک افغان سرحد طور خم 24 گھنٹے کے لیے کھول دی جائے گی۔

  • خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا، فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع خیبر پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا۔ کابینہ کا اجلاس 31 جنوری کو ضلع خیبر میں ہوگا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کابینہ اجلاس کا ایجنڈا مرتب کر لیا ہے۔ اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں سیشن کورٹس قیام سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔

    قبائلی ضلع میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ ماہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اگلے 5 سال کے لیے ترقیاتی منصوبہ بندی مکمل کرلی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردہ منصوبوں میں دیہی علاقوں کے لیے ایمبولنس سروس، مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی اور ایک سال کے اندر 24 گھنٹے فعال ثانوی مراکز صحت کا قیام شامل تھا۔

    منصوبوں میں صحت کے شعبے میں 4 ہزار ایل ایچ ڈبلیوز کی بھرتیاں اور لائیو اسٹاک کی 5500 ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانا بھی شامل ہے۔

    5 سالہ منصوبہ بندی میں محکمہ پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں 4 گنا اضافہ، مزید 13 ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور 30ہزار خواتین کو ہنر و تربیت دے کر ان کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔

    پختونخواہ حکومت 3 ماہ میں 100 فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے، تشدد کی روک تھام کے لیے ریجنل وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر کے قیام، سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی ریسٹ ہاؤس عوامی استعمال کے لیے کھولنے اور 3 ہائیکنگ ٹریلز کے قیام کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

  • عمران خان پر یقین ہے وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، پرویزخٹک

    عمران خان پر یقین ہے وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، پرویزخٹک

    نوشہرہ : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان پر پورا یقین ہے کہ وہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، جس ملک کا لیڈر ایماندار ہو وہ ملک خود ترقی کرتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ میں نادرا آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ وزیردفاع کا کہنا تھا کہ دوسروں صوبوں کی نسبت کے پی کے میں ترقیاتی کام زیادہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں اسپتال، اسکول اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا گیا، میرے دورمیں سب سے زیادہ کام نوشہرہ میں ہوا، ہماری کوشش ہے کہ بنیادی مسائل حل کئے جائیں۔

    پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کسی نے کام نہیں کیا، دو سال کے اندر کارخانے لگیں گے، مہنگائی ختم ہوگی، وزیراعظم عمران خان پر پورا یقین ہے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایماندار لیڈر نہیں آیا اس لئے ملک ترقی نہ کر سکا، جس ملک کا لیڈر ایماندار ہو وہ ملک خود ترقی کرتا ہے، آئیں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ملک کو کرپشن فری بنایا جائے۔

  • اگلے 20 سال میں پاکستان کو 81 ہزار 200 اسکول درکار ہوں گے ، رپورٹ

    اگلے 20 سال میں پاکستان کو 81 ہزار 200 اسکول درکار ہوں گے ، رپورٹ

    اسلام آباد :  اقوامِ متحدہ آبادی فنڈ سروے میں کہاگیا ہے کہ اگلے 20 سال میں پاکستان کو 81 ہزار 200 اسکولوں کی ضرورت ہوگی جبکہ صوبہ بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتِ حال انتہائی ابتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ آبادی فنڈ اور دیگر اداروں کے اشتراک سے ہونے والے سروے کی چاروں صوبوں کی تعلیمی رپورٹ جاری کر دی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں آئندہ بیس سال میں مزید 35000 ، سندھ میں 25000، خیبر پختونخوا میں 14000 اوربلوچستان میں 7200 اسکول درکار ہوں گے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا پنجاب میں 5 سے 16 سال کی عمر کے چار بچوں میں سے ایک بچہ اسکول داخل نہیں ہوپاتا اور یہاں 22 فیصد لڑکے اور 31 فیصد لڑکیاں پرائمری تعلیم تک حاصل نہیں کر پاتیں۔

    بلوچستان میں لڑکیوںکی آدھی سے زیادہ آبادی کو اسکول تک رسائی میسر نہیں

    سروے رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتِ حال انتہائی ابتر ہے، جہاں بچیوں کی آدھی سے زیادہ آبادی کو اسکول تک رسائی میسر نہیں جبکہ سندھ میں 5 سے 16 سال کی عمر کی 46فیصدلڑکیاں پرائمری اسکول تک نہیں جا پاتیں۔

     خیبر پختونخوا میں اسکول نا جانے والی بچیوں کی تعداد آبادی کا 40 فیصد ہے

    رپورٹ میں مزید کہا گیا خیبر پختونخوا میں اسکول نا جانے والی بچیوں کی تعداد آبادی کا 40 فیصد ہے، اگر حکومت نے تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیاد پر کام نہ کیاتو اگلے بیس سال میں بچوں کے لئے پرائمری تک تعلیم حاصل کرنا مزید محال ہو جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز خیبر پختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے صوبے میں اسکولوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ صوبے میں مجموعی طور پر لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال ہیں۔

    مزید پڑھیں : خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال

    محکمہ تعلیم کے مطابق کوہستان کے 142 میں سے 62 اسکول غیر فعال ہیں، کوہستان میں گزشتہ 4 سال میں غیر فعال اسکولوں کی تعداد 15 سے بڑھ 62 ہوئی، اسی طرح لکی مروت میں 3، مالا کنڈ اور مردان میں 1، 1 پرائمری اسکول، بنوں میں 11، بٹگرام میں 10، بونیر میں 2، ہنگو میں 17 اور کرک میں لڑکیوں کا ایک اسکول غیر فعال ہے۔

    ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کے بعض اسکول گزشتہ 7 سال سے غیر فعال ہیں، غیر فعال اسکولز میں اساتذہ تعینات ہیں اور تنخواہ لے رہے ہیں۔

  • خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال

    خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، بعض اسکول گزشتہ 7 سال سے غیر فعال ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے صوبے میں اسکولوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر لڑکیوں کے 114 اسکول غیر فعال ہیں۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق کوہستان کے 142 میں سے 62 اسکول غیر فعال ہیں، کوہستان میں گزشتہ 4 سال میں غیر فعال اسکولوں کی تعداد 15 سے بڑھ 62 ہوئی۔

    اسی طرح لکی مروت میں 3، مالا کنڈ اور مردان میں 1، 1 پرائمری اسکول، بنوں میں 11، بٹگرام میں 10، بونیر میں 2، ہنگو میں 17 اور کرک میں لڑکیوں کا ایک اسکول غیر فعال ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پشاور اور سوات میں لڑکیوں کے 3، 3 اسکول غیر فعال ہیں۔

    ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کے بعض اسکول گزشتہ 7 سال سے غیر فعال ہیں، غیر فعال اسکولز میں اساتذہ تعینات ہیں اور تنخواہ لے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں صوبہ گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو نذر آتش کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    شدت پسندانہ کارروائی میں 2 پرائمری اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے بھی تباہ کیا گیا۔

    واقعے کے بعد دیامیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی تھی جس میں 17 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک ماہ بعد ان اسکولوں کی تعمیر نو کے بعد انہیں دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔

  • اب کے پی کے سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی، شوکت یوسف زئی

    اب کے پی کے سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی، شوکت یوسف زئی

    پشاور : صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اب کے پی سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی، فضل الرحمان کرپٹ سیاست دانوں کو اکٹھا کرکے قوم کی کیا خدمت کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شوکت یوسف زئی نے احتساب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف پنجاب اور سندھ میں لوگ چیخ رہے تھے اور اب کے پی سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب صرف احتساب ہوگا شور مچانے والے جتنی بھی چیخیں ماریں لیکن اب کرپشن کرنے والوں کو بدلے میں جیل جانا ہوگا، ہمیں کٹھ پتلیاں کہنے والوں کے اپنے دور اقتدار میں ملکی خزانے کی لوٹ مار عروج پر تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی ہے، جو بھی کرپشن میں پکڑا جاتا ہے تو جواب میں عمران خان پر حملہ کرتا ہے، الزام تراشی کرنے والوں کو چیلنج کیا کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ فضل الرحمان کرپٹ سیاست دانوں کو اکٹھا کرکے قوم کی کیا خدمت کریں گے، اور اسفند یارولی 18ویں ترمیم پر سیاست نہ کریں۔

  • پشاور: آئس فیکٹری پر پولیس کا چھاپا، کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد

    پشاور: آئس فیکٹری پر پولیس کا چھاپا، کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد

    پشاور: خیبر پختونخوا کی پولیس نے ایک گاؤں میں آئس نشہ بنانے والی فیکٹری پر چھاپا مار کر چار ملزمان گرفتار کر لیے، جب کہ کروڑوں کی مالیت کی منشیات بھی بر آمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے ایک گاؤں قاضی کلے میں پولیس نے آئس نشہ بنانے والی فیکٹری پر چھاپا مارا، جہاں سے بڑی مقدار میں آس نشہ قبضے میں لیا گیا۔

    [bs-quote quote=”تیار شدہ منشیات اندرون و بیرون ممالک اسمگل کی جاتی تھی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”پولیس”][/bs-quote]

    ایس ایس پی پشاور جاوید اقبال نے پریس کانفرنس میں کہا فیکٹری میں آئس اور دیگر منشیات تیار کر کے اسمگل کی جاتی تھی۔

    پولیس کے مطابق 15 کلو آئس نشہ کروڑوں کی مالیت کا ہے، 50 ہزار ایچ ٹی سی گولیاں، نشہ آور انجکشن اور چرس بھی بر آمد کی گئی۔

    پشاور کے ایس ایس پی آپریشن نے بتایا فیکٹری سے منشیات بنانے والے آلات بھی بر آمد کیے گئے، تیار شدہ منشیات اندرون و بیرون ممالک اسمگل کی جاتی تھی۔

    ایس ایس پی آپریشن نے بتایا کہ ملزمان نے 2 مہینے سے گھر کرائے پر لیا ہوا تھا، بر وقت کارروائی کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی لڑکیوں کے آئس نشے کی لت میں مبتلا ہونے کا انکشاف


    خیال رہے کہ 18 دسمبر 2018 کو وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے انکشاف کیا تھا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات بڑے پیمانے پر آئس نشے کی لت میں گرفتار ہیں۔

    دو ہفتے قبل وفاقی دار الحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں آئس سپلائی کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا۔

    بیس دسمبر کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’ذمہ دارکون‘‘ کی ٹیم نے بھی ایک اسٹنگ آپریشن میں کراچی کے کالجز اور یونی ورسٹیوں میں آئس نشہ سپلائی کرنے والے ایک ریکٹ کو پکڑوایا۔

  • خیبرپختونخواہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ

    خیبرپختونخواہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے قبائلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مقامات کو ازسر نوبحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں موجود تاریخی مقامات کو ازسر نوبحال کیا جائے گا تاکہ سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جاسکے۔

    خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان نے قبائلی ضلع خیبر کا دورہ کیا اور وہاں پر سیاحت، کھیل، ثقافت، امور نوجوانان اور آثار قدیمہ کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ سینئر وزیر نے جمرود میں واقع دوہزارسال پرانے بدھ مت کے شپولہ سٹوپہ کا دورہ بھی کیا۔

    کے پی کے میں بدھا کے مجسمے کی دریافت سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا، عمران خان

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے سے مقامی سطح پر لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    خیال رہے کہ نومبر 2017 میں خیبر پختونخواہ میں بدھ مت  کے بانی ’بدھا‘ کا 1700 سال پرانا مجسمہ دریافت ہوا تھا۔

    اُس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بدھا کے طویل القامت مجسمے کے علاوہ بدھا اوربدھ مت سے جڑی دیگر 500 اشیاء بھی دریافت ہوئی ہیں جو کہ بہت اہم دریافت ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان اشیا کوجلد سیاحوں کے لیے پیش کیا جائے گا جس سے خیبرپختونخواہ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور دوسرے ممالک سے بھی لوگ یہاں آئیں گے۔

  • خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    پشاور: خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ میں بتایا کہ صوبے بھر میں آپریشنز کے دوران کیے جانے والے جرمانوں کی مد میں 8 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ فود سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

    کارکردگی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مختلف آپریشنز کے دوران جعلسازوں اور ملاوٹ کا گھنونا کاروبار کرنے والوں پر کیے جانے والے جرمانوں کی مد میں 8 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہزاروں لیٹر مضر صحت دودھ ضائع کیا گیا، مردان میں کارروائی کرکے 2 لاکھ گندے انڈے تلف کیے گئے۔

    خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی کے مطابق 7لاکھ کلو سے زائد غیر معیاری خوراک کوتلف کیا گیا، ہوٹلز، ریسٹورنٹ اوربیکریزکی وقتا ًفوقتاً چیکنگ کی گئی جبکہ فوڈ لائسنس کےعوض 54 ملین روپے وصول کیے گئے۔

    خیبرپختونخواہ فود سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کومعیاری اور صاف خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

    پشاور میں فوڈ اتھارتی کی کارروائی ‘ 10 ہزار کلو گرام غیرمعیاری مصالحہ جات تلف

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے دس ہزار کلو گرام غیرمعیاری مصالحہ جات کو تلف کیا تھا۔