Tag: KPK

  • نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    نوشہرہ: کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

    اکبر پورہ: خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں کار پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی اور تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں 2 خواتین اور بچی شامل ہے، جبکہ فائرنگ کا واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں کو پشاور کے ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

    نوشہرہ میں فائرنگ‘ماں اپنے2بچوں سمیت جاں بحق

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    خیال رہے کہ نوشہرہ کےعلاقے ڈاگ بیسود میں کرکٹ کھیلنے کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے تھے بعد ازاں ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس سے ماں اپنے 2 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں جائیداد کے تنازع کے علاوہ معمولی جھگڑوں پر بھی فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں،جن میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔

  • خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان کر دیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ محمود خان وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے، نہ ہی پروٹوکول لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں بند نہیں ہوں گی، وہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں بھی نہیں رہیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں سادگی اختیار کی جائے گی، اور وزیرِ اعلیٰ کے زیرِ استعمال جتنی گاڑیاں ہیں ان کی تعداد میں کمی لائی جائے گی۔

    ترجمان شوکت یوسف زئی نے وزیرِ اعلیٰ کے شیڈول کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ محمود خان صبح 9 بجے دفتر میں اپنی حاضری یقینی بنائیں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ محمود خان دوپہر 2 سے سہ پہر 5 بجے تک اسمبلی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے، اور عید کا پہلا دن پشاور میں گزاریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے 17 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، کے پی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    تحریکِ انصاف کے محمود خان نے پولنگ میں میاں نثار گل کے 33 ووٹوں کے مقابلے میں 77 ووٹ حاصل کیے اور کے پی کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبر پختونخواہ نے وزیر اعلیٰ محمود خان سے عہدے کا حلف لیا۔

    خیال رہے کہ محمود خان کا انتخاب کل پختونخواہ اسمبلی میں ہوا۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    پولنگ کے بعد محمود خان 77 ووٹ حاصل کر کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔


    محمود خان کون ہیں؟

    نو منتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل مٹہ سے ہے جہاں وہ اکتوبر 1972 میں پیدا ہوئے۔

    ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری اسکول مٹہ سے حاصل کی جبکہ ثانوی تعلیم پشاور پبلک اسکول سے حاصل کی۔ انہوں نے شعبہ زراعت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

    محمود خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ تھے تاہم سنہ 2012 میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، کچھ عرصے بعد انہیں صدر تحریک انصاف مالا کنڈ بنایا گیا۔

    سنہ 2013 کے انتخابات میں بھی انہوں نے سوات سے کامیابی حاصل کی تھی، انہیں صوبائی وزیر داخلہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں اس منصب سے ہٹا دیا گیا تھا۔

    اس کے بعد محمود خان کو کھیل، آب پاشی اور سیاحت کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا۔

    محمود خان 2005 میں مٹہ تحصیل کی یونین کونسل خیریرئی کے ناظم منتخب ہوئے، اور 2008 کے بلدیاتی انتخاب میں بھی وہ اس نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔

  • تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں نثار گل سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کی گئی۔

    انتخاب شروع ہوتے ہی ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے۔ وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    محمود خان نے77 اور میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

    گزشتہ روز خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا تھا جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

    پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے۔

    تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے۔

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے محمود جان اور مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند مدمقابل تھے۔

    پولنگ کے بعد محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا تھا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

    پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔

    اسمبلی میں تحریک انصاف کی 84، متحدہ مجلس عمل کی 13، عوامی نیشنل پارٹی کی 9، پاکستان مسلم لیگ ن کی 6، پاکستان پیپلز پارٹی کی 5، پاکستان مسلم لیگ ق کی 1 اور 3 آزاد امیدواروں کی نشستیں موجود ہیں۔

  • کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ کی وضاحت

    کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ کی وضاحت

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے کرپشن سے متعلق وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ الزامات بے بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ پر بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے تھے، محمود خان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ لاکھ کا چیک غلطی سے میرے نام پر کاٹا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رقم جن کھلاڑیوں کا حق تھی انہیں مل گئی، مجھ پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، غلطی سے میرے نام پر چیک کاٹا گیا تھا۔

    قبل ازیں 2014 میں محمود خان خیبرپختونخواہ کی صوبائی کابینہ میں کھیل، سیاحت، میوزیم اور ثقافت کے وزیر تھے، 2013 میں انہوں نے اپنی وزارت کا حلف اٹھایا اور 2014 میں ان پر کرپشن کے الزامات لگے تھے۔


    میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، محمود خان


    ان پر 18 لاکھ روپے اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام تھا جس کے بعد ان سے وزارت واپس لے لی گئی، تاہم اس کے بعد پھر انکوائری میں وہ کلئیر ہو گئے اور انکی وزارت میں کام کرنے والے کچھ بیوروکریٹ اس میں ملوث تھے۔

    بعد ازاں انہیں ایک بار پھر وزارت دے دی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان پر الزامات کلئیر ہو گئے تھے، جون 2014 میں ان کو ابلاغیات کا اور بعد میں داخلہ اور قبائلی امور کا وزیر بنادیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ آج محمود خان نے بنی گالہ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں ، انھوں نے مجھ پر اعتماد کرکے عہدے کے لئے نامزد کیا۔

  • پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    لاہور/پشاور: خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جبکہ نالہ ڈیک کے بند میں شگاف پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں رم جھم اور تیز بارشیں ہوئیں، جبکہ نالہ ڈیک میں سیلاب سے بند میں شگاف پڑگیا۔

    دوسری جانب مری میں شدید بارشوں کے باعث تین مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئیں، اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر دکھائی دی۔

    علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مانسہرہ میں دریائے کنہار میں سیلاب اور طغیانی کے باعث درخت اکھڑ گئے۔


    پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارشیں اور آندھی، 7 افراد ہلاک


    قبل ازیں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دو ماہ قبل باشیں ہوئی تھیں جس کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب میں دو روز سے مسلسل جاری رہنے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تھی، مختلف حادثات و واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے تھے۔

    مذکورہ بارش کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش کررہی تھیں، گھروں میں بھی تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا تھا اور نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • عمران خان نے محمود خان  کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا

    عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعلیٰ‌ کے پی کا نام سامنے آگیا، پارٹی چیئرمین کی جانب سے محمود خان کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے.

    محمود خان پی کے9 سوات سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ اس سےپہلےوزیرکھیل رہ چکےہیں۔

    نامزدوزیراعلیٰ محمودخان کاتعلق سوات کی تحصیل مٹہ سےہے ، وہ 2005میں یونین کونسل مٹہ سےیونین کونسل ناظم رہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ‌ کے پی سے متعلق کئی افواہیں گردش کر رہی تھیں. اس ضمن میں عاطف خان فیورٹ امیدوار قرار دیے جارہے تھے.


    عمران خان نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے محمود خان سے متعلق سینئر قیادت سے رائے مانگ لی


    بعد ازاں پرویز خٹک بھی اس دوڑ میں شامل ہوگئے اور پارٹی میں اختلافات کی خبریں‌گردش کرنے لگیں. البتہ بعد میں‌پرویز خٹک نے واضح اعلان کیا کہ اختلافات کی خبریں‌جھوٹ ہیں. انھیں عمران خان فیصلہ قبول ہوگیا. پرویز خٹک ہی نے عمران خان کے سامنے محمود خان کا نام پیش کیا تھا۔

    اب عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کیا ہے.

  • اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    اب وقت آگیا ہے کہ اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں: نگراں وزیر اعلیٰ کے پی

    پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ دوست محمد خان نے کہا ہے کہ اب وہ وقت آگیا جب ہم اس پرائی جنگ سے باہر نکلیں، پولیس کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کم وسائل میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان کی قربانیوں پر ہم فخر کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، پرائی جنگ میں ہمارے ملک نے بہت نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے قربانیاں دیں۔

    دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ سفارتکاری کے ساتھ اب اس جنگ سے جان چھڑانی ہے، دوسروں کی جنگ میں ہم نے اپنی قربانیاں دی ہیں۔


    ملک بھرمیں یوم شہدائے پولیس آج منایا جارہا ہے


    خیال رہے کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا گیا۔

    یوم شہدائے پولیس کے موقع پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شہید پولیس اہلکاروں کے لیے قرآن خوانی اورتقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پرچیف ٹریفک آفیسرلیاقت ملک نے کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین شہید کی قبرپرپھول چڑھائے اور فاتح خوانی کی۔

  • انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر پرویز خٹک نے معافی مانگ لی

    انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر پرویز خٹک نے معافی مانگ لی

    پشاور: سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما پرویز خٹک نے انتخابی مہم کے دوران نامناسب بیان پر قوم سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم میں جو بیان دیا اس پر عدالت میں معذرت کرچکا ہوں، بیان سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے تو معذرت خواہ ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرے بیان کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں معاشرتی خرابی کی نشاندہی تھا، میرے الفاظ سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے تو میں اس پر معذرت کرتا ہوں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں ووٹ کی خریدوفروخت معاشرتی خرابیوں کا حصہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، ہمارا مقصد قوم کی خدمت کرنا ہے۔


    عمران خان جو فیصلہ کریں گے، اسے تسلیم کروں گا: پرویز خٹک


    خیال رہے کہ انتخابات سے قبل پرویز خٹک کے بیان کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پشتو زبان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو نامناسب انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    یاد رہے کہ پرویز خٹک کے اس بیان پر صحافیوں، عام عوام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا جس پر انہوں نے معافی مانگ لی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر از خود نوٹس بھی لیا تھا۔

  • خیبر پختونخوا: اسٹیج گلو کارہ ریشم خان کو شوہر نے گولی مار دی

    خیبر پختونخوا: اسٹیج گلو کارہ ریشم خان کو شوہر نے گولی مار دی

    نوشہرہ: خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پشتو کی اسٹیج اداکارہ اور گلو کارہ ریشم خان کو ان کے شوہر نے گولی مار دی، گلو کارہ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے ضلع نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی اسٹیج گلو کارہ ریشم خان گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں، گولی مارنے والا شوہر فرار ہو گیا، مقتولہ اسٹیج پر اداکاری بھی کرتی تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 35 سالہ جواں سال گلوکارہ ریشم خان کو ایک گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں شوہر فائدہ خان نے پستول نکال کر گولی ماری، پولیس نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    مقامی تھانے میں مقتولہ کے بھائی عبید اللہ کی رپورٹ پر درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق میاں بیوی کے درمیان ناچاقی تھی، راضی نامہ بھی ہوا تھا، ملزم فائدہ خان حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آیا تھا۔

    گلوکارہ کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ رحیم آباد کا رہائشی فائدہ خان بیوی کے ساتھ جھگڑے کی وجہ سے بیرون ملک کام کرنے چلا گیا تھا، حال ہی میں واپس آ کر شوہر نے اپنی بیوی کو بیمار باپ کی عیادت کے لیے جانے پر راضی کیا، جب وہ واپس نہیں آئے تو بھائی نے پولیس میں رپورٹ درج کرادی۔

    ریشم خان مقبول اسٹیج گلو کارہ اور اداکارہ تھیں، ریشم نے نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرون ملک بھی اسٹیج پرفارمنس میں نام کمایا۔

    علاقے میں کام کرنے والی ایک این جی او کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ 2018 میں خیبر پختونخوا میں عورتوں کے خلاف ہونے والی بیسویں پُر تشدد کاروائی ہے۔

    مردان: اسٹیج اداکارہ سنبل خان قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں مردان میں بھی ایک گلو کارہ کو ایک نجی تقریب میں شرکت سے انکار کرنے پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

    یہ نہایت افسوس ناک امر ہے کہ خیبر پختونخوا میں خاتون گلو کاراؤں اور اداکاراؤں پر قاتلانہ حملے تسلسل کے ساتھ ہو رہے ہیں اور حالیہ واقعہ بھی انھی میں سے ایک ہے۔

    اسٹیج گلوکارہ کا قتل: اہل خانہ کا لاش سمیت لاڑکانہ پریس کلب پرمظاہرہ

    2009 میں پشاور میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایمن اداس نامی ابھرتی ہوئی خاتون صدا کار کو اس کے بھائیوں نے گھر میں قتل کر دیا تھا۔

    خیبر پختونخوا میں فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کی زندگی ہر وقت خطرے سے دوچار رہتی ہے، تاہم مقامی انتظامیہ نے اس سلسلے کو روکنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔