Tag: KPK

  • سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی: عمران خان

    سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی: عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو بولی لگانے والوں کے ہاتھوں بکتے دیکھا، سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ سے اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت سامنے آئی، یہ ہماری سیاست کے اخلاقی زوال کی علامت ہے، ضمیر کی ایسی تجارت دنیا کی کسی جمہوریت میں دیکھنے میں نہیں آئی۔

    سینیٹ انتخابات: ن لیگ کے حمایت یافتہ 15، پیپلزپارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 6 امیدوار کامیاب

    انہوں نے کہا کہ ہم نے براہ راست یا پارٹی فہرست سے انتخابات کے طریقہ کار تجویز کئے، متنبہ کیا تھا کہ انتخابات کا طریقہ کار نہ بدلا تو ہارس ٹریڈنگ نہیں رکے گی، بدقسمتی سے انتخابی اصلاحات کمیٹی نے بھی ہماری تجاویز مسترد کر دیں۔

    پیپلز پارٹی کی خیبر پختون خواہ سے نشستیں حال کرنے سے متعلق سے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی پی کے صوبے میں صرف سات اراکین ہیں لیکن انہوں نے ہارس ٹریڈنگ سے دو نشستیں حاصل کیں، اس قسم کی صورت حال ہماری اخلاقیات پر سوالیہ نشان ہے۔

    شریفوں کی کرپشن سے پردہ اٹھتے ہی فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا: عمران خان

    خیال رہے سینیٹ انتخابات میں 52 سینیٹ نشستوں پر غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا سلسلہ آنا شروع ہوچکا ہے۔

    اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق سینیٹ کی 15 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب رہے۔ (ن) لیگ پنجاب سے 11، اسلام آباد سے 2، کے پی سے 2 امیدواروں نے میدان مارا۔ پیپلز پارٹی نے 12 نشستیں اپنے نام کیے۔ پی پی کے سندھ سے 10 اور خیبر پختونخواہ سے 2 امیدوار کامیاب قرار پائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عوام کا نواز شریف سے پیار دیکھ کر عمران خان پریشان ہیں، مریم اورنگزیب

    عوام کا نواز شریف سے پیار دیکھ کر عمران خان پریشان ہیں، مریم اورنگزیب

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کا نواز شریف سے پیار دیکھ کر عمران خان پریشان ہیں، عمران خان کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے سے پہلے توانائی کے منصوبے لگا کر دکھائیں، تنقید کرنے والے پنجاب جیسی فرانزک لیب بنا کر دکھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹ بولتے نہیں تھکتے لیکن اب عوام تھک چکی ہے، تنقید کرنے والوں سڑکوں کا جال بچھا کر دکھاؤ تب ہی عوام مانے گی۔

    مریم اورنگزیب نے  ن لیگ کے حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی، عوام انہیں جان چکی ہے، عوام نوازشریف کو دوبارہ منتخب کریں گے اور وہ ووٹ کے تقدس کا احترام کرتے ہوئے عوام سے کیا وعدہ پورا کریں گے۔

    یہ کون سا قانون ہےکہ نامکمل ریفرنس پرکارروائی شروع کردیں‘ مریم اورنگزیب

    مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان چار سال میں خیبر پختونخواہ کے عوام کو ایک منصوبہ بھی نہ دے سکے، عام انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ مسلم لیگ (ن) کا مقدر بنے گا۔

     ایک طرف سی پیک اوردوسری طرف کنٹینرسیاست جاری ہے‘ مریم اورنگزیب

    دوسری جانب گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ کوئی مشکل ترقیاتی اہداف کےحصول سےنہیں روک سکتی، پاکستان میں جمہوریت توانا ہے اور پارلیمانی نظام مضبوط ہورہاہے، ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہے،ادارے بااختیار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عوامی عدالت نے طلال اور دانیال کے حق میں فیصلہ سنا دیا، نوازشریف

    عوامی عدالت نے طلال اور دانیال کے حق میں فیصلہ سنا دیا، نوازشریف

    پشاور: سابق نااہل وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے کہا ہے کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز پر توہین عدالت کا الزام لگا کر طلب کرلیا گیا مگر عوامی عدالت نے میری نااہلی سمیت تمام نوٹسس کا فیصلہ سنا دیا، انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ پارلیمنٹ کو مضبوط کر کے عدالتی فیصلہ ختم کرسکیں۔

    پشاور میں مسلم لیگ ن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ اس بات پر نااہل قرار دےدیا گیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، یہ کھیل گزشتہ 70 سالوں سے جاری ہے، طلال چوہدری اور دانیال عزیز پر توہین عدالت لگا کر انہیں طلب کرلیا گیا، جو لوگ یہ فیصلے کررہے ہیں وہ سوچیں کہ انہیں اللہ کی عدالت میں بھی جاکر جواب دینا ہے۔

    اُن کا کہناتھا کہ ’مجھے ہمیشہ کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔ کیا آپ کو یہ فیصلہ منظور ہے؟ کیا اس طرح کے فیصلے  سے آپ کا اور میرا تعلق ختم ہوسکتا ہے؟‘، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ پارلیمنٹ میں قوانین بناکر عدالتی فیصلے کو ختم کیا جائے۔

    سابق نااہل وزیر اعظم نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوالات کیے کہ ’کہاں ہیں وہ درخت، ڈیم، اسپتال، اسکولز جن کا وعدہ کیا تھا، پشاور کے عوام اچھی طرح سے لوگوں کا چہرہ پہنچان چکے اس لیے اب کہتا ہوں کہ مسلم لیگ ن آرہی ہے اور لاڈلے کی چھٹی ہونے والی ہے‘۔

    نوازشریف نے سوات میں دہشت گردی کےنتیجے میں شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ان لوگوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میں شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘۔

    خیبرپختونخواہ کی پولیس نااہل نہیں عمران خان نااہل ہیں، مریم نواز

    مریم نواز نے تقریر کے آغاز پر سوات میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی اور فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سلام تحسین پیش کیا۔

    اُن کاکہنا تھا کہ آج ہر طرف مسلم لیگ(ن) کا سیلاب آیا ہوا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ خیبرپختونخواہ کے عوام جرات مند اور بہادر ہیں اسی طرح آپ کا لیڈر بھی بہادر ہونا چاہیے ناکہ 5 سال سازشیں کرنے والا آپ کا لیڈر ہو۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشاور کے لوگوں نے 2013 میں عمران خان کو ووٹ دیے مگر انہوں نے عوام کی خدمت نہیں کی اور کنٹینر پر چڑھ کر حکومت کے خلاف سازشیں کرتے رہے، خیبرپختونخواہ میں یکساں تعلیمی نظام بنانے اور بہترین اسپتال بنانے کا وعدہ کیا مگر ایسا کچھ نظر نہیں آیا بلکہ یہاں کے لوگ پنجاب کے اسپتالوں میں علاج کروانے آرہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما نے سوال کیا کہ عمران خان نے اپنے صوبے میں کوئی کام نہیں کیا اور اب چار سال گزر جانے کے بعد انہیں ہوش آیا تو نوازشریف ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرچکے، عوام کو میٹرو بس کا تحفہ دے چکے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان جہاں جاتے ہیں پنجاب پولیس کی برائی کرتے نظر آتے ہیں مگر ہم کے پی کے کی پولیس کو اپنا سمجھتے ہیں اس لیے یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ یہاں کی پولیس نااہل نہیں بلکہ عمران خان خود نااہل ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ پوچھ رہا ہے کہ پاکستانی کی بیٹی عاصمہ ، اسماں اور شریفہ بی بی کے قاتل کہاں ہیں؟ عمران خان کو اتنی بھی زحمت نہ ہوئی کہ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی ہو۔

    انہوں نے پنڈال میں موجود لوگوں سے وعدہ لیا کہ وہ 2018 میں اپنے ووٹ کی توہین کا بدلہ لیتے ہوئے مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ ڈالیں گے اور نوازشریف کو انصاف دلوائیں گے، مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں آپ کی محبت کا جواب الیکشن کے بعد خدمت کر کے دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کا استعمال، کے پی کے حکومت کی وضاحت

    عمران خان کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کا استعمال، کے پی کے حکومت کی وضاحت

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا سرکاری ہیلی کاپٹرز کے غیر قانونی  استعمال کرنے سے متعلق نیب کے نوٹس لینے کے بعد خیبر پختونخواہ حکام نے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔

    سرکاری حکام کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹرز کبھی جلسوں کے لیے استعمال نہیں کیا، سرکاری ہیلی کاپٹرز کبھی بھی ذاتی استعمال کے لیے نہیں دیے گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سرکاری دوروں کے لیے چار سال میں 39 بار ہیلی کاپٹرز استعمال کیے جن کے ساتھ وزراء بھی تھے، میڈیا پر جن دوروں کا ذکر کیا گیا ہے وہ سرکاری دورے ہیں۔

    عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کرنے پرنیب کا نوٹس

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 39 سرکاری دوروں پر ہیلی کاپٹرز کا استعمال 75 گھنٹے کیا گیا، جبکہ ساڑھے چار سال میں ہیلی کاپٹرز کی مد میں 21 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    مذکورہ اعلامیے میں مزید کہنا تھا کہ سرکاری دوروں جن میں ہیلی کاپٹرز کا زیادہ استعمال ہوا ان میں بلین ٹری منصوبوں کی بنیاد رکھنے اور جامعات کے قیام کے افتتاح کے موقع پر ہوا۔

    واضح رہے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پر نیب کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ واجد اقبال  نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کوانکوائری کاحکم دیا تھا۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ چیئر مین عمران خان نے 74 گھنٹے میں سرکاری ہیلی کاپٹرز غیر قانونی سرکاری دوروں کے لیے استعمال کیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • خیبرپختونخواہ: سرکاری اسکولوں میں اخلاقیات سکھانے کا خصوصی اہتمام

    خیبرپختونخواہ: سرکاری اسکولوں میں اخلاقیات سکھانے کا خصوصی اہتمام

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کی اخلاقی تربیت میں بہتری کے لیے خصوصی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں باقاعدگی سے اسمبلی میں شرکت ممکن بنانے کے ساتھ بچوں کی اخلاقی تربیت کے لیے اب خصوصی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔

    خیبر پختونخواہ اسکول بورڈ کے مطابق بچوں کی اخلاقی تربیت میں بڑوں کی عزت کرنا، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، حفظان صحت کی آگاہی سمیت مخلتف بہتر اخلاقی عادات کی تشکیل شامل ہے۔

    اس حوالے سے خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر جنرل سیکنڈری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ رفیق خٹک کا کہنا ہے کہ ہم بچوں میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کر رہے ہیں، اس سے نہ صرف بچوں میں شعور آئے گا بلکہ ان کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کی ذہنی آبیاری کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اسکولوں میں بحث و مباحثے ہوں گے جن میں بچے مختلف موضوعات پر موافقت و مخالفت میں اپنے دلائل دے سکیں گے۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی میدان میں کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے سرکاری اسکول والدین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پرائیویٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کا رخ کرتے ہیں۔

    ایک حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تعلیم کا معیار نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ اس نے پرائیویٹ اسکولوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ

    خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ

    پشاور : خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ ہو گیا، سال2018 کے آغاز میں ہی 8 جوڑوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے کیلئے عدالت کا راستہ اختیار کیا، شادی کیلئے گواہ بھی سستے داموں ملنے لگے۔

    پشاور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عثمان علی کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے، رواں سال کے ابتدائی دنوں میں 8 جوڑوں نے کورٹ میرج کی۔

    گذشتہ سال پشاور میں کورٹ میرج کرنے والوں کی تعداد پانچ سو سے زائد رہی جبکہ رواں ماہ کے تین ہفتوں میں آٹھ جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے۔

     عدالتی نکاح جس کو عرف عام میں کورٹ میرج کہا جاتا ہے، زیادہ ترنوجوانوں نے اب یہ ہی راستہ اپنا لیا، پشاور میں ہر سال کورٹ میرج کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔

    شہرمیں گزشتہ سال2017 میں کورٹ میرج کرنے والوں کی تعداد 500 سے زائد تھی جبکہ رواں سال 2018 کے پہلے ماہ 3 ہفتوں میں کورٹ میرج کیلئے 8 جوڑوں نے عدالت کا رخ کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کیلئے سارے انتظامات نکاح رجسٹرار کرتا ہے، نکاح خواں تو ہے ہی اگر جوڑے کو گواہ میسر نہ تو وہ بھی صرف دو ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے لیکن یہ سستی شادی دیرپا ثابت نہیں ہوتی اور اکثر ایسی شادیوں کا انجام طلاق پر ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ کورٹ میرج کے بڑھتے ہوئے رجحان کی پہلی وجہ تو معاشرے میں جہیز کی لعنت ہے اور دوسرا بچوں پر والدین کی اپنی مرضی مسلط کرنا ہے، اس کے علاوہ مختلف حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا کو بھی اس کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

  • پشاور: خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم

    پشاور: خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں خواجہ سراؤں کو صحت کارڈ تقسیم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صحت اور مفت علاج معالجے کے حوالے سے بہتر سہولیات پہنچانے کی خاطر خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے خواجہ سراؤں کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے ان میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے گئے۔

    پروگرام کے پہلے مرحلے میں محکمہ صحت کی جانب سے 270 خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیے گئے، پشاور پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈی جی ہیلتھ کے پی کے نے خواجہ سراؤں کو صحت سہولت کارڈ دیئے۔

    اطلاعات کے مطابق صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے خواجہ سراؤں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی، کارڈ سے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کا مفت علاج کرایا جاسکے گا۔

    علاج معالجے کی یہ مفت سہولیات نامزد کردہ سرکاری اورنجی ہسپتالوں سے حاصل کی جاسکتی ہیں، اس پروگرام کے ذریعے صوبے کے خواجہ سراؤں کو مفت طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ صوبے میں غربت کی شرح میں خاطر خواہ کمی کو بھی لایا جا سکے گا۔

    تقریب کے موقع پر خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے اس اقدام پر ہم اس کے شکر گزار ہیں، خواجہ سراء برادری کو پہلی بار کسی نے اہمیت دی جو خوش آئند ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

     

  • عمران خان اورچوروزراء نےعوام کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا، عابد شیرعلی

    عمران خان اورچوروزراء نےعوام کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا، عابد شیرعلی

    ایبٹ آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے عمران خان اور چور وزراء نے خیبر پختون خواہ میں عوام کو کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد کے واپڈا ریسٹ ہاؤس میں کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عابد شیر علی نے خیبر پختونخواہ کے وزیر ہائر ایجوکیشن مشتاق غنی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چور مشتاق غنی کی جانب سے اپنی رہائش گاہ جانے والے راستے پر تاحال ریٹینگ وال نہ لگا کر عوام کو مشکلات میں مبتلا کیا ہے۔

    واپڈا حکام ریٹننگ وال مکمل نہ ہونے تک تمام پی ٹی آئی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے فنڈز منجمد کردیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مشتاق غنی کو ان کی کرپشن پر نیب کے حوالے کرنا چائیے، عابد شیر علی نے کہا کہ طاہر القادی کی احتجاجی تحریک فلاپ ہو گئی ہے، عوام اب ان کو جوتے ماریں گے۔


    مزید پڑھیں: عمران خان پر تنقید،عابد شیرعلی نے ٹوئٹرپرغلط تصویرشیئرکردی


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • جہانگیر ترین کو صادق اور امین سمجھتا ہوں: پرویز خٹک

    جہانگیر ترین کو صادق اور امین سمجھتا ہوں: پرویز خٹک

    پشاور: وزیر اعلیٰ‌ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف بدنیت لوگوں نے کیس کیا، خان نے کسی قسم کی کرپشن نہیں کی، بلکہ وہ باہر سے پیسہ کما کر پاکستان لائے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری نظرمیں جہانگیرترین صادق وامین ہیں، ہم فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائرکریں گے، جہانگیرترین کے خلاف کرپشن اورمنی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ میدان میں رہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عمران خان 2018 میں وزیراعظم ہوں گے، پرویز خٹک

    ایک سوال کے جواب میں‌ پرویز خٹک نے کہا کہ کے پی کےحکومت کی کارکردگی ملک میں سب سے بہترہے، تعلیمی حوالے سے دس بہترین اضلاع میں سے نو خیبر پختون خوا میں ہیں، ہم نے ہر بچے کو اسکول بھیجنے کا قانون پاس کرلیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے نے کئی مدارس کو قومی دھارے میں لانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پی ٹی آئی خیبرپختون خوا میں آئندہ انتخابات میں مولانا سمیع الحق سے اتحاد کرے گی۔

    انھوں‌ نے کہا کہ عمران خان میٹرو منصوبے کے خلاف نہیں، کرپشن کے خلاف ہیں، پشاورمیں میٹرو منصوبے کی ضرورت تھی، ہماری منصوبہ ساری دنیاکوحیران کردے گا۔

    انھوں‌ نے تسلیم کیا کہ رواں‌ برس ڈینگی کی روک تھام میں‌ تھوڑی بے پرواہی ہوئی، مگر اگلے برس اس پر قابو پالیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب اورکے پی کےمیں اسموگ، بجلی کا نظام بری طرح متاثر

    پنجاب اورکے پی کےمیں اسموگ، بجلی کا نظام بری طرح متاثر

    لاہور : پنجاب اور کے پی کے میں اسموگ کے باعث معمولات زندگی کے علاوہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، سسٹم کوٹرپنگ سے بچانے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں آلودہ دھند کے باعث جہاں‌ کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے وہیں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے، گزشتہ روز گیارہ مین لائنز ٹرپ کر گئیں، ان میں پانچ سو اور دو سو بیس کے وی کی لائنز شامل تھیں تاہم مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرپنگ سے بچنے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

    بریک ڈاون کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بجلی فراہمی کی صورتحال خراب رہی، لاہورمیں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جس نے شہریوں کو دہری اذیت کا سامنا ہے۔

    لیسکو کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے، ملک میں بجلی کی طلب 12 ہزار میگا واٹ جبکہ پیداوار 10 ہزار میگاواٹ ہے۔

    حکومت کی جانب سے فرنس آئل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹس بند کئے جانے کے باعث طلب و رسد کا نظام عدم توازن کا شکار ہوا۔


    مزید پڑھیں :  بجلی کی پیداوار میں کمی، لوڈشیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ


    دوسری جانب سندھ کے کئی شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس کو دو سو ایم ایم سی ایف گیس بند کر دی، جس سے چشمہ پاور پلانٹ ایک ، دو اور تین نے کام چھوڑ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈیزل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹ سے بھی پیداوار نہیں ہو رہی، تربیلا اور منگلا ڈیم سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہائیڈل پیداوار صرف ستائیس سو میگاواٹ رہ گئی ہے۔

    ، خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کےمختلف علاقےشدید دھند اوراسموگ کی لپیٹ میں ہیں، گرد آلود غبار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ آلودہ دھند بیماریوں کا سبب بن رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔