Tag: KPK

  • خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کا کاری وار، 15 افراد ہلاک

    خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کا کاری وار، 15 افراد ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی وائرس نے خطرناک طریقے سے اپنے پنجے گاڑ لیے اور اب تک 15 افراد اس مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 2 ماہ سے ڈینگی کا وائرس سینکڑوں افراد کو اپنا نشانہ بنا چکا ہے اور اب تک 15 افراد اس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    صوبے بھر کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ 400 سے زائد افراد زیر علاج ہیں۔

    مزید پڑھیں: ڈینگی کی علامات سے باخبر رہیں

    ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق 1500 سے زائد افراد کے ڈینگی وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 300 کے قریب میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

    خیبر پختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں ایوب ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج 2 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوئے جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور کا علاقہ تہکال سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

    ڈینگی کے دیگر مریض ایبٹ آباد، صوابی اور مردان سے آرہے ہیں۔

    ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پشاور میں گھر گھر اسپرے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: مچھروں سے بچنے کے طریقے

    اس سے قبل پنجاب کی صوبائی حکومت نے ڈینگی سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی خیبر پختونخواہ روانہ کی تھیں جنہوں نے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس لگا رکھے ہیں۔


    ڈینگی کے علاج کے لیے آنے والا ڈاکٹر بھی ڈینگی کا شکار

    دوسری جانب میانوالی سے پشاور آنے والے ایک ڈاکٹر، ڈاکٹر عابد خود بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے۔ ڈاکٹر عابد کو پشاور کے علاقے تہکال میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ خود بھی ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں واپس میانوالی بھجوا دیا گیا۔

    تاہم ان کے ساتھ کام کرنے والے دیگر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عابد ڈینگی نہیں ملیریا کا شکار ہوئے ہیں۔

    ڈینگی کے خطرناک پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضلعی و صوبائی انتظامیہ کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کانگو وائرس: علامات اور احتیاطی تدابیر

    کراچی / لاہور / کوئٹہ: عید الاضحیٰ کی آمد قریب آتے ہی گانگو وائرس نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے، طبی ماہرین نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں کی منڈیاں سجتے ہی موذی مرض کانگو وائرس کے خطرات بھی بہت بڑھ گئے ہیں ایک طرف ڈاکٹرز نے مویشی منڈی جانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مارکیٹ پہنچنے سے قبل اور وہاں گھومنے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    دوسری جانب صوبائی حکومتوں کو منڈی انتظامیہ کی جانب سے انسداد کانگو کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، صوبائی حکومتوں کی جانب سے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے گئے جبکہ کانگو وائرس ختم کرنے کے لیے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔

    کانگو وائرس کیا ہے؟

    کانگو وائرس کوئی نئی بیماری نہیں۔ پاکستان میں سال 2002 میں کانگو وائرس سے ایک لیڈی ڈاکٹر اور 4 بچوں سمیت 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ یہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبائی بیماری ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق کانگو نامی کیڑا بھیڑ، بکری، گائے، بھینس اور اونٹ کی جلد پر پایا جاتا ہے جو جانور کی کھال سے چپک کر خون چوستا رہتا ہے۔ یہ کیڑا اگر انسان کو کاٹ لے یا متاثرہ جانور ذبح کرتے ہوئے انسان کو کٹ لگ جائے تو اس بات کے امکانات کافی حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ یہ وائرس انسان میں منتقل ہوجائے۔

    اس کیڑے کے کاٹنے کے بعد وائرس انسانی جسم میں داخل ہوکر تیزی سے سرایت کرجاتا ہے جس کے باعث متاثرہ شخص پھیپھڑے متاثر ہوجاتے ہیں۔ بعد ازاں جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور مریض موت کے منہ میں چلاجاتا ہے۔

    کانگو وائرس کی علامات:

    کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

    اسے سر درد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری اور غنودگی، منہ میں چھالے، اور آنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے۔

    تیز بخار سے جسم میں سفید خلیوں کی تعداد انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ شخص کے جسم کے مختلف حصوں سے خون نکلنے لگتا ہے، جگر اور گردے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر مرض کا بروقت علاج کروا لیا جائے تو متاثرہ شخص دوبارہ صحت مند ہوسکتا ہے تاہم علاج کے لیے پابندی ضروری ہے۔

    احتیاطی تدابیر:

    کانگو سے بچاؤ اور اس پر قابو پانا تھوڑا مشکل ہے کیوں کہ جانوروں میں اس کی علامات بظاہر نظر نہیں آتیں تاہم ان میں چیچڑیوں کو ختم کرنے کے لیے کیمیائی ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

    کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں۔

    مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں۔

    مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔

    لمبی آستینوں والی اور ہلکے کپڑے کی قمیض پہنیں۔

    مویشی منڈی میں بچوں کو نہ لے کر جائیں۔

    مویشی منڈی میں موجود جانوروں کے فضلے سے اٹھنے والا تعفن بھی اس مرض میں مبتلا کر سکتا ہے لہٰذا اس سے بھی دور رہیں۔

    کپڑوں اور جلد پر چیچڑیوں سے بچاؤ کا لوشن لگائیں۔

    جانوروں کی خریداری کے لیے فل آستین کپڑے پہن کر جائیں کیونکہ بیمار جانوروں کی کھال اورمنہ سے مختلف اقسام کے حشرت الارض چپکے ہوئے ہوتے ہیں جن کے کاٹنے سے مختلف انسان مختلف امراض میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

    جانوروں کی نقل و حمل کے وقت دستانے اور دیگر حفاظتی لباس پہنیں۔ خصوصاً مذبح خانوں، قصائی اور گھر میں ذبیحہ کرنے والے افراد لازمی احتیاطی تدابیراختیار کریں۔

    مذبح خانوں میں جانوروں کے طبی معائنہ کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کا ہونا بہت ضروری ہے جو ایسے جانوروں کی نشاندہی کر سکیں۔

  • بلین ٹری سونامی پاکستان میں سب سے بڑی ماحول دوست سرمایہ کاری

    بلین ٹری سونامی پاکستان میں سب سے بڑی ماحول دوست سرمایہ کاری

    عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں شجر کاری کی وسیع ترین مہم بلین ٹری سونامی کی کامیابی کا اعتراف کرلیا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے پر کامیاب عملدر آمد کے بعد خیبر پختونخواہ کا شمار دنیا کے ان علاقوں میں ہونے لگا ہے جس نے عالمی معاہدے ’بون چیلنج‘ کو پورا کرتے ہوئے 35 لاکھ ایکڑ زمین پر جنگلات قائم کیے۔

    رپورٹ کے مطابق منصوبے کے بعد خیبر پختونخواہ پاکستان کا واحد صوبہ بن گیا ہے جہاں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے ذریعے 35 لاکھ ایکڑ جنگلات کو بحال کیا گیا ہے۔

    اب ورلڈ اکنامک فورم نے بھی اس منصوبے کی کامیابی کا اعتراف کرلیا ہے۔

    عالمی اقتصادی فورم نے آئی یو سی این ہی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر 12 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم خرچ کی گئی جس کے بعد یہ ملک کی سب سے بڑی ماحول دوست سرمایہ کاری بن گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلین ٹری سونامی کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور اب تک صوبے بھر میں 94 کروڑ درخت کامیابی سے لگائے جاچکے ہیں۔

    منصوبے کے تحت صوبے میں مجموعی طور پر ایک ارب درخت لگائے جانے تھے اور منصوبہ اب اپنے اختتامی مراحل میں ہے۔

    مزید پڑھیں: ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ تکمیل کے قریب

    ماہرین کے مطابق یہ دنیا کا تیز رفتار ترین منصوبہ ہے اور پوری دنیا میں 3 سال کے عرصے میں کسی بھی ملک نے شجر کاری کا اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بلین ٹری سونامی: خیبر پختونخواہ کا منفرد اعزاز

    بلین ٹری سونامی: خیبر پختونخواہ کا منفرد اعزاز

    پشاور: عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این کا کہنا ہے کہ پاکستان کا صوبہ خیبر پختونخواہ واحد صوبہ ہے جہاں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے ذریعے 35 لاکھ ایکڑ جنگلات کو بحال کیا گیا ہے۔

    حال ہی میں آئی یو سی این کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق بلین ٹری سونامی منصوبے پر کامیاب عملدر آمد کے بعد خیبر پختونخواہ کا شمار دنیا کے ان علاقوں میں ہونے لگا ہے جس نے عالمی معاہدے ’بون چیلنج‘ کو پورا کرتے ہوئے 35 لاکھ ایکڑ زمین پر جنگلات قائم کیے۔

    یاد رہے کہ بون چیلنج ایک عالمی معاہدہ ہے جس کے تحت دنیا کے درجنوں ممالک سنہ 2020 تک 15 کروڑ ایکڑ رقبے پر جنگلات میں اضافہ کریں گے۔

    آئی یو سی این نے خیبر پختونخواہ حکومت کو اس اہم سنگ میل کی تکمیل پر مبارک باد بھی دی۔

    دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں جاری شجر کاری کی مہم ’بلین ٹری سونامی‘ کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

    اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں مجموعی طور پر ایک ارب درخت لگائے جانے تھے اور رپورٹ کے مطابق اب تک 94 کروڑ درخت کامیابی سے لگائے جاچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ تکمیل کے قریب

    اب تک متعدد عالمی اداروں بشمول آئی یو سی این اور عالمی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی جانب سے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کی نگرانی کی جاچکی ہے اور اسے کامیاب قرار دیا جاچکا ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ دنیا کا تیز رفتار ترین منصوبہ ہے اور پوری دنیا میں 3 سال کے عرصے میں کسی بھی ملک نے شجر کاری کا اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب اور کے پی کے میں زلزلے کے جھٹکے

    پنجاب اور کے پی کے میں زلزلے کے جھٹکے

    ایبٹ آباد: پنجاب اور خیبر پختون خوا کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دوپہر کو سوات، مینگورہ، مانسہرہ، بٹ گرام اور ایبٹ آباد سمیت گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ویڈیو دیکھیں:

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کاغان کے قریب 13 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

    جھٹکے محسوس ہونے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد علاقوں میں لوگ کچھ دیر کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
    زلزلے کے نتیجے میں ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

  • حکومت جاتی ہے جائے، عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کروں گا، عمران خان

    حکومت جاتی ہے جائے، عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کروں گا، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جاتی ہے تو جائے،کے پی کے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کرونگا، ینگ ڈاکٹرز دوسروں کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں، ان سے صرف جائزمطالبات پر ہی بات ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے خیبرپختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹرز کے نام اپنے پیغام میں کہی، عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے لوگوں سے وعدہ کیاتھا کہ تعلیم، صحت کے نظام میں تبدیلی لاکر ان کو نیا کےپی کے دوں گا، امید کرتاہوں ہڑتالی ڈاکٹرز نیا کے پی کے بنانے میں میرے شانہ بشانہ ہونگے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہڑتال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کرپٹ سیاسی ٹولے کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں، ڈاکٹرز کی دل سےعزت کرتا ہوں،صرف جائز مطالبات پر ہی ان سے بات ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں پالیسیاں بنانا ڈاکٹرز کا کام نہیں حکومت وقت کا کام ہوتا ہے، وزیرصحت کو آپ کے جائزمطالبات پربات کرنے کاحکم جاری کردیا گیا ہے۔

    اگر ڈاکٹرزاپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں تو یہ ہم سب کے لئے انتہائی افسوسناک ہے ،تحریک انصاف کے ینگ ڈاکٹرز شہرام ترکئی اوردیگر مل کربیٹھیں اوردیکھیں کہاں چیزیں ٹھیک ہوسکتی ہیں۔


    مزید پڑھیں: پشاور: پولیس اور ینگ ڈاکٹرز میں تصادم، تین گرفتار


    انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سےجن وعدوں پرووٹ لیا ہے اسے ہرقیمت میں پوراکریں گے اورتعلیم وصحت کا نظام بہتر بنا کر دم لیں گے، حکومت جاتی ہے توجائے،کے پی کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کروں گا۔

    یاد رہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں ینگ ڈاکٹرز نے اپنے حقوق کیلئے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، جس کے سبب شہر کے بیشتر اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کو بھی دو گھنٹے علامتی طور پر بند کیا گیا۔

  • شیریں مزاری کا ظفراقبال جھگڑا سے جھگڑا ہوگیا

    شیریں مزاری کا ظفراقبال جھگڑا سے جھگڑا ہوگیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کا گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑا سے جھگڑا ہوگیا۔ پی ٹی آئی کی خاتون رہنما گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا پر برس پڑیں۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گاڑی کو پارک کرنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوگئی، شیریں مزاری نے اقبال ظفر جھگڑا سے کہا کہ آپ کے اسکواڈ نے میری گاڑی کو ٹکر ماری ہے۔

    اپنے لوگوں کو کچھ تمیز سکھائیں۔ شیریں مزاری نے اونچی آواز میں کہا کہ آپ کی گاڑی پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی جو بہت ہی غلط بات ہے ،یہ بد تمیزی ہے اگر آپ گورنر ہیں تو دوسروں کی گاڑیوں کو ٹکریں ماریں گے؟ اپنے ڈرائیورز کو تمیز سکھائیں،۔

    جواب میں گورنر خیبرپختونخوا ’’سنیے تو سنیے تو ‘‘کرتے رہ گئے۔ اس موقع پر اقبال ظفر جھگڑا نے وہاں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طریقہ کار دیکھو، بعد ازاں شیریں مزاری بولتی ہوئی وہاں سے چلی گئیں۔

  • کوہاٹ میں پولیس مقابلہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں‌ بحق

    کوہاٹ میں پولیس مقابلہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں‌ بحق

    کوہاٹ :خیبر پختون خوا کے شہر کوہاٹ میں پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کوہاٹ کے علاقے لاچی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے موبائل پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے نتیجے میں ایس ایچ او خان اللہ وزیر،ایڈیشنل ایس ایچ اوطاہر خان،حوالدار تنویر، ڈرائیور اور گن مین جاں بحق ہوگئے۔

    اطلاعات ہیں کہ یہ پولیس پارٹی کچھ ملزمان کو پکڑنے کے لیے گیے تھے وہاں ملزمان نے ان پر حملہ کردیا اور فائرنگ کردی نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

    سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اطلاعات ہیں کہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ابھی بھی جاری ہے۔

  • نیا پاکستان دیکھنے والے کے پی کے کا حشر دیکھ لیں، نوازشریف

    نیا پاکستان دیکھنے والے کے پی کے کا حشر دیکھ لیں، نوازشریف

    چیچہ وطنی : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے وہ خیبر پختونخواہ جاکر وہاں کی سڑکیں دیکھ لیں، ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو کیااور2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں چیچہ وطنی کو موٹروے سے ملانے ،شہر کے لئے 25کروڑ کی گرانٹ، شہر کی سڑکوں کے لئے 25کروڑ، حلقہ 162کی بجلی کے لئے 10کروڑ، چیچہ وطنی کے ٹینکیکل کالج اور ووکیشنل ٹرینگ انسٹیوٹ کو اپ گریڈکرنے ،ڈگری کالج فار بوائز کے لئے ایم اے کی کلاسز کا اجراء، طالبات کے لئے بھی ایم اے کلاسز کا اجراء، ، حلقہ163, 162کے لئے سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے۔

    جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی اور یہاں کے لوگوں سے میرا پرانا تعلق ہے، میں آج محبت کا رشتہ مزید مضبوط کرنے آیا ہوں اور میں محبت کے اس رشتے کو ہمیشہ نبھاؤں گا۔

    انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روز نت نئے بیانات اورالزام لگانے والوں کو پاکستان کے کلچرکا پتہ ہی نہیں ہے، الزام لگانے والے نہیں جانتے کہ احترام اور پیار کا رشتہ کیا ہوتا ہے، پاکستان میں بڑوں کا احترام اور بچوں سے پیار کیا جاتا ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آپ کو بھی حساب دینا ہوگا، ہم بھی پانچ سال بعد اپنا حساب دیں گے، اللہ نے آپ کو صوبہ دیا ہے، لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں ترقی ہورہی ہے، پنجاب میں میٹرو چل رہی ہے، بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔

     انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں اسکول، اسپتال، سٹرکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، نیا پاکستان دیکھنا ہے تو پشاور دیکھیں، خوشحالی دیکھنی ہے تو باقی سارا پاکستان دیکھیں،سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہی ہیں، جو دھرنے دینے آتے ہیں ان کے صوبے میں بھی ہم سٹرکیں بنارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 1800روپے میں ملنے والی کھاد آج 1400میں دستیاب ہے، 4ہزار والی ڈی اے پی اب 2500روپے میں ملتی ہے، ٹیوب ویل کافی یونٹ 5روپے 25پیسے کا ہوگیا ہے، ہم سے بھی عوام پانچ سال کے بعد پوچھیں گے۔

    آج سٹرکیں بن رہی ہیں، موٹروے آپکے قریب سے گزررہا ہے۔ موٹروے آپ کو ڈیڑھ گھنٹے میں لاہور پہنچائے گی، چیچہ وطنی سے کراچی کا سفر 7سے 8گھنٹے کا رہ جائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ میں خالی ہاتھ نہیں آیا، یہاں دھرنے،جھوٹ بولنے،الزام تراشی کیلئے نہیں آیا،الٹی سیدھی زبان بولنے نہیں آپ کی خدمت کے لئے آیا ہوں۔

    نوازشریف نے بتایا کہ قادرآباد میں بجلی کا بہت بڑا کارخارنہ لگ رہا ہے، جس کا افتتاح اسی ماہ ہوگا، اس کے علاوہ ملک میں بجلی کے لئے درجنوں کارخانے لگ رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جوعذاب چھوڑ کرگئے ہیں ہم اسےختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے چلی جائے گی پھر واپس نہیں آئے گی، آپ کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔

    وزئؤیر اعظم نے چیچہ وطنی کی عوام سے کہا کہ ہم آپ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کرتے ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے چیچہ وطنی کے لئے گیس فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس منصوبے کی بنیاد رکھنے دوبارہ آپ کے پاس آؤں گا۔

  • کے پی کے کا گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول بیروٹ ایبٹ آباد کیپٹن عمیر شہید کے نام سے منسوب

    کے پی کے کا گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول بیروٹ ایبٹ آباد کیپٹن عمیر شہید کے نام سے منسوب

    ایبٹ آباد : کے پی کے حکومت نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول بیروٹ ایبٹ آباد کا نام تبدیل کر کے کیپٹن عمیر شہید ہائیر سیکنڈری اسکول کے نام سے منسوب کر دیا۔
    تفصیلات کے مطابق  کے پی کے حکومت نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بیروٹ ایبٹ آباد کو کیپٹن عمیر شہید کے نام سے منسوب کردیا ، نام کی منسوبی کا نوٹفکیشن سیکرٹری تعلیم کے پی کے نے جاری کیا۔

    پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کی جانب سے وزیر اعلی پرویز خٹک کو اسکول کے نام کی تبدیلی کیلئے خط لکھا گیا تھا، جس کی روشنی میں ممبر قومی اسمبلی نے سیکر ٹری تعلیم سے ملاقات کی، ملاقات میں اسکول کا نام کپٹن عمیر شہید ہائیر سیکنڈری سکول رکھنے کا نوٹفیکیشن جاری کیا گیا۔

    بیروٹ سے تعلق رکھنے والے کپٹن عمیر عباسی شہید نے گزشتہ سال ضرب عضب آپریشن میں جام شہادت نوش فرمائی تھی۔

    شہید کیپٹن عمیر عباسی کا تعلق (چودہ فرنٹیئر فورس ) اور  121 لانگ کورس سے تھا۔


    مزید پڑھیں : کیپٹن عمیر شہید کا آخری ویڈیو پیغام


    دریں اثناء شہید کیپٹن عمیر عبداللہ کا آخری ویڈیو پیغام بھی منظر عام پر آ گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ قوم حوصلہ رکھے، زیادہ علاقہ کلیئر کرا لیا ہے، جلد آپریشن کے آخری مرحلے میں بھی کامیاب ہونگے۔